ایران، اسرائیل تنازع روس کو کس طرح فائدہ یا نقصان پہنچا سکتا ہے؟, سٹیو روزنبرگ، ایڈیٹر برائے روس

مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع روسی اخبارات کی بھی شہ سرخیوں میں ہے۔
روسی اخبار موسكوفسكی كومسوموليتس کی ایک تحریر میں درج تھا کہ ’یہ شاید سُننے میں تُرش لگے لیکن ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے سبب روس کو کچھ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔‘
ان مبینہ ’فوائد‘ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور یوکرین میں روس کی جنگ سے بین الاقوامی توجہ ہٹنا شامل ہے۔
روسی اخبار کا دعویٰ ہے کہ ’کیئو کو فراموش کر دیا گیا ہے۔‘
اس کے علاوہ ایک اور روسی اخبار کومیرسانت کی ایک تحریر میں لکھا گیا ہے کہ ’روس اصولی طور پر بطور مصالحت کار اپنا کردار نبھا سکتا ہے، شاید وہ یہ بحران حل نہیں کروا سکے لیکن وہ کشیدگی کم کرنے میں ضرور مدد کر سکتا ہے۔ اس سے خطے میں روس کا اثر و رسوخ بھی بڑھے گا۔‘
لیکن اس اخبار کے ایک مضمون میں وارننگ بھی موجود ہے۔
’مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب ماسکو کو خطرات بھی لاحق ہیں اور شاید روس کو اس کی قیمت بھی چُکانی پڑے۔ حقیقت یہ ہے کہ روس ایک ایسے ملک پر اسرائیلی حملوں کو روکنے میں ناکام رہا جس کے ساتھ صرف پانچ مہینے قبل اس نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔‘

















