وائٹ ہأؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران میں مار گرائے گئے امریکی طیارے کے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔
اس سے قبل ایران کی فضائی حدود میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد تہران نے طیارے کے پائلٹ کے متعلق اطلاع دینے والے کو انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز، نیویارک ٹائمز اور ایگزیوز کو بتایا ہے کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا تھا۔
اہلکار کے مطابق عملے کے ایک رکن کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب وال سٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ امریکہ عملے کے لیے ریسکیو آپریشن کر رہا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ خبر رساں ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا تھا ایران میں مبینہ طور پر ایک امریکی جیٹ مار گرایا گیا ہے اور پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کی تردید کی تھی کہ آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم کے اوپر ایک لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو مار گرایا گیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ بیان حالیہ ایرانی رپورٹس کا حوالہ دیتا ہے۔ بی بی سی نے مزید تفصیلات کے لیے سینٹ کام سے رابطہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کا کہنا ہے امریکی ہیلی کاپٹر، طیارے اور جاسوس ڈرون پائلٹ کی تلاش کر رہے ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹی وی سے وابستہ چینل کے نیوز ریڈر نے اطلاع دی ہے کہ جو بھی پائلٹ کو زندہ پکڑے گا اسے انعامات دیے جائیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن سے وابستہ چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی لڑاکا طیارے کا پائلٹ جنوب مغربی ایران کے اوپر طیارے سے ایجکٹ کر گیا ہے۔