آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر ایران کو ’مکمل تباہ‘ کرنے کی دھمکی: ’وہ رات شاید کل کی رات ہو‘

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنی سابقہ دھمکیوں کو دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ ’پورے ملک کو ایک ہی رات میں تباہ کیا جا سکتا ہے، اور وہ رات شاید کل کی رات ہو۔‘ دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے لیے امریکہ کی تجویز مسترد کر دی ہے، تاہم ساتھ ہی جنگ کے ’واضح اور حتمی‘ خاتمے کا مطالبہ کیا ہے اور اپنے مطالبات کی ایک فہرست بھی پیش کی ہے۔

خلاصہ

  • جنگ کا مستقل خاتمہ ضروری، وقفے سے امریکہ اور اسرائیل کو دوبارہ منظم ہو کر حملے کی ’مہلت‘ مل جائے گی: ایران
  • ایرانی حکومت میں موجود ’معقول لوگوں‘ سے مذاکرات جاری ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ
  • ڈیڈ لائن کے خاتمے سے قبل ایران کی اہم پیٹروکیمیکل تنصیب پر اسرائیل کا حملہ
  • اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگ کے خاتمے کی تجاویز پر جواب تیار کر لیا: ایران
  • پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف ماجد خادمی کی ہلاکت کی تصدیق

لائیو کوریج

  1. امریکی فوج کے حملے میں ایران میں دو مختلف مقامات پر متعدد افراد ہلاک ہوئے: ایرانی انتظامیہ, غنچہ حبیبزاد، بی بی سی فارسی

    ایران کے جنوبی صوبے کہگیلویہ و بویراحمد کے ایک گورنر کی جانب سے جاری بیان مںی کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کے حملوں میں متعدد شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

    ایرانی ذرائع کے مطابق بویراحمد کاؤنٹی کے گورنر عباس بہشتی نے بتایا کہ صوبے کے علاقے کوہِ سیاہ پر حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

    بہشتی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کو بتایا کہ اسی صوبے کے دو علاقے کاکان اور وزگ گزشتہ رات ’دشمن کے ڈرون حملوں‘ کی زد میں رہے۔

    ان کے مطابق کاکان پر حملے میں دو افراد جبکہ وزگ پر حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

  2. امریکی ائیرمین کے لیے ہونے والا آپریشن اور مشرقِ وسطی میں جاری حملے

    متحدہ عرب امارات: ابو ظہبی کے حکام کے مطابق بوروج پیٹروکیمیکلز پلانٹ میں ’متعدد مقامات پر آگ‘ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پلانٹ میں آگ فضا میں ناکارہ بنائے جانے والے میزائل اور ڈرونز کا ملبہ اس پر گرنے سے لگی۔ گزشتہ روز بھی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مُلکی دفاعی نظام کی جانب سے مبینہ طور پر ایران سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنانے کے لیے ہونے والی کارروائیاں جاری ہیں۔

    بحرین: گلف پیٹروکیمیکل انڈسٹریز کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ایک تنصیب ڈرون حملے کی زد میں آئی، تاہم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس تنصیب کی ایک جانب لگنے والی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے باپکو انرجیز میں ایک ٹینک میں لگنے والی آگ کی بھی اطلاع دی۔

    لبنان: لبنان سے موصول ہونے والے چند نئی تصاویر میں مُلک کے جنوبی علاقے کفر حتیٰ میں اسرائیلی حملے کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے گزشتہ رات اس علاقے میں انخلا کی وارننگ جاری کی تھی۔

    ایران: اسرائیلی دفاعی افواج نے آج صبح کہا ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی اور مغربی ایران میں پاسدارانِ انقلاب کی چند اہم میزائل تنصیبات سمیت 120 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیل: آئی ڈی ایف نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ رات بھر اور آج صبح ایران کی جانب سے مزید میزائل حملے کیے گئے اور اب کہا جا رہا ہے کہ مُلک کا دفاعی نظام میزائل اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے لیے فعال ہے۔

  3. درجنوں جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز اور سینکڑوں کمانڈوز، امریکہ اپنے فوجی افسر کو ایران سے نکالنے میں کیسے کامیاب ہوا؟

    یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ ایران میں تباہ ہونے والے ایف-15 طیارے کے لاپتہ رُکن کی تلاش کے لیے امریکہ نے اپنے کتنے فوجی وسائل استعمال کیے۔ ان میں سینکڑوں کمانڈوز، کئی درجن جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز کو تلاش کا کام سونپا گیا۔

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق اب تفصیلات سامنے آ رہی ہیں کہ کس طرح ایئر مین، ویپنز سسٹم آفیسر (ّWSO) جو ایف-15 سٹرائیک ایگل کی دوسری سیٹ پر بیٹھتا ہے، جنوبی ایران میں ریسکیو کیے جانے کے دوران زخمی ہوا۔

    ریسکیو کیے گئے کرنل کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم علامتی طور پر اسے یہاں ’ویزو‘ لکھا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ’ویزو‘ کو کچھ زخم آئے ہیں، لیکن بتایا جاتا ہے کہ 24 گھنٹے سے زائد عرصے تک پکڑے جانے سے بچنے کے لیے کوشاں رہے اور اس دوران ان کے پاس صرف ایک ہینڈ گن تھی۔

    اطلاعات کے مطابق امریکی افواج نے ایرانی فوجیوں کو افسر کے مقام سے دور رکھنے کے لیے بموں اور ہتھیاروں کا استعمال کیا اور امریکہ اور ایران کی فوج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

    ریسکیو میں استعمال ہونے والے پانچ امریکی ٹرانسپورٹ طیاروں میں سے دو ایران کے اندر سے ٹیک آف کرنے کے قابل نہیں تھے۔ انھیں پکڑے جانے سے روکنے کے لیے تباہ کر دیا گیا۔

    امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کا کردار

    سی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق، سی آئی اے نے ریسکیو آپریشن میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

    اطلاعات کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک پہاڑی شگاف میں ایئر مین کا سراغ لگایا اور ایئر مین کی صحیح جگہ پینٹاگون تک پہنچا دی۔

    اس دوران سی آئی اے کی جانب سے ایران کے اندر یہ معلومات پھیلائی گئیں کہ ایئرمین پہلے ہی مل چکا ہے اور اب اسے ایران سے نکالا جا رہا ہے۔ حالانکہ اس وقت تلاش کی کوششیں جاری تھیں۔

    سی بی ایس نے وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے فوری طور پر ریسکیو کا حکم دیا تھا۔

    ٹرمپ نے بعد میں ٹروتھ سوشل پر کہا: ’میری ہدایت پر، امریکی فوج نے ریسکیو کرنے کے لیے درجنوں طیارے بھیجے، جو دنیا کے سب سے مہلک ہتھیاروں سے لیس تھے۔ انھیں (ریسکیو کیے گئے افسر) چوٹیں آئیں، لیکن وہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گے۔‘

  4. امریکی تاریخ کا سب سے ’جرات مندانہ‘ مشن, لورنا گورڈن

    یہ امریکہ کے لیے بڑے بحران کا سبب بن سکتا تھا۔

    ایران نے امریکی لڑاکا طیارے کے عملے کے رُکن کو تلاش کرنے کے لیے انعام کی پیشکش کی تھی اور خدشہ تھا کہ ایران اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتا تھا۔

    امریکی کمانڈر ان چیف کے لیے یہ راحت کا لمحہ ہو گا کہ یہ لاپتہ کریو ممبر مل گیا ہے، انھوں نے اسے امریکی تاریخ کا سب سے ’جرات مندانہ‘ ریسکیو مشن قرار دیا ہے۔

    صدر ٹرمپ اس آپریشن کو ایک عظیم فتح قرار دے رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ نے ایرانی آسمانوں پر فضائی تسلط حاصل کر لیا ہے۔

    دوسری جانب خلیجی ممالک میں ایران کے حملے جاری ہیں۔ بحرین، متحدہ عرب امارات اور کویت میں حملوں کی اطلاعات ہیں، جہاں ایک سرکاری عمارت اور ایک آئل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔

    کویت کے حکام کے مطابق ایرانی ڈرون حملوں سے بجلی پیدا کرنے اور پانی صاف کرنے کے دو پلانٹ بھی متاثر ہوئے ہیں۔

  5. واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری رابطے ختم ہونے کی اطلاعات ہیں: اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی

    اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی نے ایک نامعلوم اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ایران کے ساتھ لڑائی کم از کم ایک اور ہفتے تک تیز رفتاری سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اتھارٹی کے مطابق اسرائیل کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جنگ بندی تک پہنچنے کے حوالے سے واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری رابطے ’ختم ہو چکے ہیں۔‘

    اتھارٹی کے مطابق اگر کشیدگی برقرار رہتی ہے تو امریکہ ’ایران کے اندر نیشنل انفراسٹرکچر‘ کو نشانہ سکتا ہے۔

  6. ایران میں تباہ ہونے والے امریکی طیارے کے لاپتا رُکن ریسکیو، اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    • امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں تباہ ہونے والے امریکی طیارے کے لاپتا کریو ممبر کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
    • سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے 'قابلِ احترام کرنل' کو چوٹیں آئی ہیں، تاہم وہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ریسکیو مشن کے لیے درجنوں امریکی طیارے بھیجے گئے تھے۔
    • بی بی سی کے وائٹ ہاؤس نامہ نگار برینڈ ڈیبسمین کو بتایا گیا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران امریکہ اور ایرانی فورسز کا آمنا سامنا بھی ہوا۔
    • ایرانی میڈیا کے مطابق جس جگہ سے کریو ممبر کو تلاش کیا گیا، اس مقام پر امریکی بمباری سے چار افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
    • ریسکیو کیے گئے عملے کے رُکن ہتھیاروں کے نظام کے افسر تھے اور اُس امریکی ایف-15 طیارے میں سوار تھے جسے جنوبی ایران میں مار گرایا گیا تھا۔
    • امریکہ اور ایران دونوں کے مابین اس لاپتا رُکن کی تلاش کے لیے دوڑ جاری تھی، ایرانی حکومت نے اس رُکن کی تلاش میں مدد دینے پر 66 ہزار امریکی ڈالرز انعام بھی رکھا تھا۔
    • دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کریو ممبر کو تلاش کرنے والے ایک ڈرون طیارے کو اصفہان میں مار گرایا گیا ہے۔
  7. ٹرمپ نے ایران میں تباہ ہونے والے طیارے میں سوار دوسرے رُکن کے ریسکیو کی تصدیق کردی

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں تباہ ہونے والے طیارے کے لاپتہ رُکن کو ریسکیو کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے ’قابلِ احترام کرنل‘ کو چوٹیں آئی ہیں، تاہم وہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ریسکیو مشن کے لیے درجنوں امریکی طیارے بھیجے گئے تھے۔

    صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ معجزانہ مشن پائلٹ کو ریسکیو کرنے کے بعد کیا گیا ہے، ہم اس کی فوری تصدیق نہیں کرنا چاہ رہے تھے، کیونکہ ہم اپنے دوسرے ریسکیو مشن کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے تھے۔‘

  8. کویت میں پاور پلانٹس، وزارت تیل کی عمارت اور پانی کے کارخانے پر حملہ

    کویت کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کی وجہ سے دو پاور پلانٹس، وزارت تیل کی عمارت اور پانی صاف کرنے والے کارخانے کو نقصان پہنچا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی حملوں کے باعث ایک سرکاری دفتر کے کمپیکس کو نقصان پہنچا تھا جبکہ کویت کی وزارت تیل کے دفتر میں بھی آگ لگ گئی تھی۔

    اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی طرف سے میزائل داغے گئے تھے، لیکن فوج نے انھیں روک دیا ہے۔

  9. عالمی تنازعات پر بے حسی کا مظاہرہ نہ کیا جائے: پوپ لیو کا ایسٹر کے موقع پر پیغام

    کیتھولک مسیحی افراد کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ دُنیا بھر میں پھیلے ہوئے تنازعات پر بے حسی نہ دکھائیں اور امن کے لیے کام کریں۔

    سنیچر کی شام سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب میں پوپ نے کہا کہ بداعتمادی اور خوف نے ہمارے درمیان تعلقات کو جنگ اور ناانصافی کی وجہ سے متاثر کیا ہے۔

    پوپ نے اپنے خطاب کے دوران کسی تنازعہ کا نام لے کر ذکر نہیں کیا، تاہم وہ اس سے قبل صدر ٹرمپ اور عالمی رہنماؤں پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ تنازعات کو پھیلنے سے روکیں۔

  10. پاسدارانِ انقلاب کا اصفہان میں ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    ایران کے پاسداران انقلاب نے اصفہان میں ایک ایم-کیو 9 جاسوس ڈرون طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کو ’آئی آر جی سی کے جدید ایرو سپیس ڈیفنس سسٹم اور ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے ذریعے مار گرایا گیا ہے۔

    دو روز پہلے بھی آئی جی آر سی نے اصفہان میں ہی دو MQ9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

    جمعے کے روز ایرانی فوج کے محکمہ دفاع نے جنوبی ایران میں ایک ایف-15 اے طیارے اور آبنائے ہرمز پر A-10 وارتھوگ لڑاکا طیارہ گرانے کا اعلان کیا تھا۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان ایف 15 طیارے کی تباہی کے بعد اس کے ایک کریو ممبر کی تلاش کے لیے دوڑ جاری ہے۔

  11. ڈونلڈ ٹرمپ کا تہران پر حملے میں ’متعدد‘ ایرانی فوجی کمانڈرز کی ہلاکت کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ایران کے دارالحکومت تہران پر ہونے والے ایک ’بڑے حملے‘ کی ہے۔

    صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں ’ایران کے بہت سے فوجی رہنما جنھوں نے ملک کی ناقص اور غیر دانشمندانہ قیادت کی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔۔۔۔‘

    ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں رات کے وقت میں بڑے دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ویڈیو کہاں اور کب ریکارڈ کی گئی ہے۔

    امریکی حکام کی جانب سے اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے جبکہ تہران نے بھی تاحال ٹرمپ کے دعووں پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔

  12. پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، اسحاق ڈار کا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر زور

    پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

    گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

    وزیرِ اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی سے متعلق تمام کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

    گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ حالات کے پیشِ نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

  13. اسرائیل کا ’مستقبل قریب‘ میں لبنان اور شام کے درمیان واقع مسنا سرحدی کراسنگ کو نشانہ بنانے کا اعلان

    اسرائیل نے لبنان اور شام کے درمیان مسنا سرحدی کراسنگ کے نزدیک رہنے والے شہریوں کے لیے انخلا کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’مستقبل قریب‘ میں اس سرحدی کراسنگ کے قریب حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان اویخائے ادرعی نے الزام لگایا کہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اس کراسنگ کو ’فوجی مقاصد‘ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

    شام کے ساتھ لبنان کی مشرقی سرحد پر واقع کراسنگ دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے ایک اہم راستہ ہے۔

    رواں ہفتے کے آغاز میں، اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے کہا تھا کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے دو لاکھ سے زیادہ افراد لبنان سے شام میں داخل ہو چکے ہیں۔

    مسنا دونوں ملکوں کے درمین ایک مصروف ترین سرکاری کراسنگ ہے جو ’24 گھنٹے‘ کھلی رہتی ہے۔

  14. کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو پورے خطے کو امریکہ اور اسرائیل کے لیے ’جہنم‘ بنا دیں گے: ایران کی دھمکی

    ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو پورا خطہ ان کے لیے ’جہنم‘ بن جائے گا۔

    ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ ’اگر دشمنی میں اضافہ ہوا تو پورا خطہ آپ کے لیے جہنم بن جائے گا؛ ایران کو شکست دینے کا وہم ایک دلدل میں تبدیل ہو جائے گا جس میں آپ دھنس جائیں گے۔‘

    دوسری جانب خاتم الانبیا کے کمانڈر علی عبداللهی نے بھی دھمکی دی کہ امریکہ اور اسرائیل کے لیے ’جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے‘۔

    یہ بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کے پاس اب 48 گھنٹے ہیں کسی معاہدے پر پہنچنے یا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ورنہ ان پر ’قیامت ٹوٹ پڑے‘ گی۔

  15. ایران میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ، پانچ افراد ہلاک آور 170 زخمی: ایرانی سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایک ایرانی پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کمپلیکس میں ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے لیے ’اہم جز‘ تیار کیے جاتے تھے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جنوب مغربی ایران کے شہر مشہر میں سنیچر کے روز کیا گیا تھا۔

    ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ان دو مرکزی تنصیبات میں سے ایک ہے جو ایران میں دھماکا خیز مواد اور دیگر اسلحے کی تیاری کے لیے خام مال پیدا کرتی ہیں۔

    پاسدارانِ انقلاب سے منسلک خبر رساں ایجنسی فارس نے ایک ایرانی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں پانچ افراد مارے گئے ہیں جبکہ مزید 170 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

  16. جنوبی لبنان میں جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں جھڑپ کے دوران اس کا ایک فوجی مارا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یووالیم کے رہائشی 21 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس گائے لودر میگلان یونٹ، کمانڈو بریگیڈ میں شامل تھے۔ وہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔‘

    یاد رہے کہ دو مارچ کو اسرائیل نے جنوبی لبنان میں زمینی فوج اتاری تھی اور تب سے پورے ملک میں وسیع فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  17. پاسدارانِ انقلاب کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور نواسی امریکہ میں گرفتار

    امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے مقتول کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور نواسی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی کا گرین کارڈ منسوخ کر دیا ہے۔

    مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں خواتین اس وقت امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئس) کی تحویل میں ہیں اور ملک سے بے دخلی کے عمل کا انتظار کر رہی ہیں۔

    ایران کے سب سے طاقتور فوجی کمانڈروں میں سے ایک جنرل قاسم سلیمانی 2020 میں عراق میں ایک امریکی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔ یہ حملہ اُس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کیا گیا تھا۔

    امریکی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حمیدہ سلیمانی افشار ’ایران کی آمرانہ اور دہشت گرد حکومت کی کھل کر حمایت کرتی ہیں۔‘

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سلیمانی افشار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ’ایرانی حکومت کا پروپیگنڈا پھیلایا۔‘

    وزارتِ خارجہ کے مطابق سلیمانی افشار کے شوہر پر بھی امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم بیان میں نہ ان کی بیٹی اور نہ ہی شوہر کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔

    مارکو روبیو نے ایکس پر جاری بیان میں یہ بھی کہا کہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی ’گرین کارڈ ہولڈرز تھیں جو امریکہ میں عیش و آرام کی زندگی گزار رہی تھیں۔‘

  18. خانہ بدوش قبائل نے دو امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنایا، ایران کا دعویٰ, غنچے حبیبی آزاد، بی بی سی فارسی

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں کے دو خانہ بدوش قبائل نے امریکی افواج کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صوبہ کہگیلویہ و بویراحمد کے خانہ بدوش اور ’بختیاری‘ قبائل نے مشکل رسائی والے پہاڑی علاقوں میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔‘ بیان کے مطابق اس علاقے میں ایرانی مسلح افواج موجود نہیں تھیں۔

    بی بی سی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے امریکی سینٹ کام سے رابطہ کیا ہے۔

    خانہ بدوش اور بختیاری ایران کے قبائلی افراد کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ یہ قبائل عام طور پر دور دراز پہاڑی علاقوں میں اپنی بھیڑ بکریوں اور کیمپوں کو جنگلی جانوروں اور چوری سے بچانے کے لیے بندوقیں ساتھ رکھتے ہیں۔

    بی بی سی ویریفائی نے جمعے کو ایک ویڈیو کی تصدیق کی تھی جس میں بظاہر تین مسلح افراد کو کم از کم دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کی سمت فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر سی بی ایس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر کو چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے نشانہ بنا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان زخمی ہو گئے تاہم ہیلی کاپٹر بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔ اس ہیلی کاپٹر میں ایف۔15 ای طیارے کے ریسکیو کیے گئے پائلٹ کو منتقل کیا جا رہا تھا۔

  19. تہران یونیورسٹی پر حملے کے بعد تباہی کے مناظر

    ایران سے موصول ہونے والی تصاویر میں جمعہ کے روز ہونے والے فضائی حملوں کے نتیجے میں تہران کی شہید بہشتی یونیورسٹی میں ہونے والے نقصان کی شدت دیکھی جا سکتی ہے۔

    ایران کے وزیرِ سائنس حسین سیمعی سراف نے آج اس مقام کا دورہ کیا۔

  20. ایران کے بوشہر جوہری پلانٹ کے نزدیک حملہ: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    ایران کا کہنا ہے کہ اس کے بوشہر جوہری پلانٹ کے نزدیک حملہ کیا گیا ہے۔

    اس واقعے کے متعلق اب تک ہم کیا جانتے ہیں:

    • سنیچر کی صبح ایرانی سرکاری میڈیا نے خبر دی تھی کہ بوشہر جوہری پلانٹ کے نردیک حملہ ہوا ہے جس میں پلانٹ پر کام کرنے والا ایک ملازم ہلاک ہوگیا۔
    • ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ واقعے سے پلانٹ کے اہم حصوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
    • بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا کہنا ہے کہ علاقے میں تابکاری کی سطح میں کسی اضافے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
    • روسی خبر رساں ایجنسی ’تاس‘ کے مطابق اس پلانٹ پر کام کرنے والی روسی جوہری کمپنی روس آٹوم نے اپنے 198 ملازمین کو وہاں سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
    • ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جوہری تنصیب پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر تابکاری پھیلتی ہے تو اس کے اثرات صرف تہران نہیں خلیجی ممالک کے دارالحکومتوں تک بھی پہنچیں گے۔
    • اب سے کچھ دیر قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ امریکہ ’جوہری ایران سے چھٹکارا پا رہا ہے۔‘