ٹرمپ کا ایران سے ’غیر مشروط سرینڈر‘ کا مطالبہ، ایرانی صدر کا روسی حمایت پر پوتن کا شکریہ

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ’غیر مشروط سرینڈر‘ کے سوا کوئی ڈیل نہیں ہوگی جبکہ ’ایک قابل قبول رہنما کے انتخاب کے بعد ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کو تباہی کے دہانے سے واپس لائیں گے۔‘ ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روس کی حمایت پر پوتن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے جاری ہیں جبکہ اسرائیل نے ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلاصہ

  • امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس نے ایران میں تین ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کے مطابق گذشتہ سنیچر سے اب تک اسرائیلی و امریکی حملوں میں 1300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں
  • امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ’غیر مشروط سرینڈر‘ کے سوا کوئی ڈیل نہیں ہوگی
  • ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پوتن سے گفتگو کرتے ہوئے روس کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے
  • فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے لبنان میں اقوامِ متحدہ کی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے
  • اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں لڑائی بے قابو ہو سکتی ہے

لائیو کوریج

  1. گزشتہ روز کی چند اہم خبریں

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    آج کے دن میں آگے بڑھنے سے پہلے گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • دبئی کے سرکاری میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق آگ پر کامیابی سے قابو پا لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ایمرجنسی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں۔ کسی قسم کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔‘
    • قم شہر میں بنائی گئی دو ویڈیوز میں مجلسِ خبرگانِ رہبری کے سیکرٹریٹ کی عمارت پر حملے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ یہ ایران کا مرکزی قیادت کا نگران ادارہ ہے۔ بی بی سی ویریفائی کے مطابق یہ ویڈیوز قم کے بسیج سکوائر کے قریب فلمائی گئی ہیں اور ان میں دکھایا گیا ہے کہ سیکرٹریٹ کی عمارت تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ قریب کی ایک اور عمارت بھی شدید نقصان کا شکار ہوئی ہے۔
    • فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے کہا ہے کہ وہ جرمنی اور برطانیہ کے رہنماؤں سے متفق ہیں کہ ایران میں جاری تنازع کا فوری حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں امید ہے کہ ایرانی عوام اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کر سکیں گے۔
    • امریکی حکام کے مطابق سنیچر کو ایران میں فضائی حملے شروع کرنے کے بعد سے امریکہ نے 1,700 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ تفصیلات امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جاری کی ہیں۔