انڈرویئر والا وعدہ پورا کریں: ڈیوڈ کیمرون

،تصویر کا ذریعہ
برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بی بی سی کے سپورٹس پروگرام ’میچ آف دا ڈے‘ کے پریزینٹر گیری لنیکر سے کہا ہے کہ وہ لیسٹر سٹی کے پریمئیر لیگ جیتنے پر اپنے وعدے کے مطابق انڈرویئر پہن کر پروگرام کریں۔
انگلینڈ کے سابق فٹبالر اور میچ آف دا ڈے کے پریزینٹر گیری لنیکر نےگذشتہ برس دسمبر میں ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اگر لیسٹر سٹی نے پریمیئر لیگ جیت لی تو وہ اپنا میچ آف دا ڈے کا ایک پروگرام انڈرویئر پہن کر کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہ
لیسٹر سٹی فٹبال کلب نے اپنی 132سالہ تاریخ میں پہلی بار پریمئیر لیگ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ ماہرین کے مطابق لیسٹر سٹی کی جیت کھیل کی دنیا کی سب سے حیران کن جیت ہے۔
فٹبال سیزن کی ابتدا میں بک میکروں نے لیسٹر سٹی کی فتح پر ایک پاؤنڈ کے بدلے پانچ ہزار کی پیشکش تھی۔

،تصویر کا ذریعہ
گذشتہ روز برطانوی دارلعوام میں لیسٹر ایسٹ سے ممبر اسمبلی کیتھ ویز نے وقفۂ سوالات کے دوران کہا کہ گیری لنیکر سمجھتے تھے کہ لیسٹر سٹی کے جیتنے کا امکانات نہیں ہیں۔ انھوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ کیا وہ لیسٹر سٹی کی شاندار کارکردگی پر انھیں مبارک باد دیں گے اور کیا وہ اس کی حمایت کریں گے کہ گیری لنیکر کو اپنا وعدہ وفا کرتے ہوئے انڈرویئر پہن کر پروگرام پیش کریں۔
وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے جواباً کہا کہ یقیناً میں چاہوں گا کہ گیری لینکر اپنا وعدہ پورا کریں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’میں دیکھ رہا ہوں کہ گیری لینکر اب واضح جواب دینے سے کترا رہے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہ
وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے بیان کے بعد گیری لینکر نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم مجھے انڈرویئر میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ کیا وزیر اعظم کی یہی منشا ہے؟‘
گیری لینکر نے ایک ریڈیو پروگرام میں کہا تھا کہ جب انھوں نے انڈرویئر پہن کر پروگرام کرنے کا وعدہ کیا تھا تو اس وقت ان کا خیال تھا کہ لیسٹر سٹی کے ٹائٹل جیتنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہ
سوشل میڈیا پر پہلے ہی لوگ گیری لنیکر کی انڈرویئر پہنے تصاویر اپ لوڈ کر رہے ہیں اور ان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا وعدہ نبھائیں۔















