لیسٹر سٹی، چھوٹے کلب کا بڑا کام

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 2 منٹ

اس سیزن کے آغاز پر کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس بار پریمیئر لیگ لیسٹر سٹی کلب جیتے گا۔

شاید یہ ہی وجہ تھی کہ بکیز یعنی میچوں پر شرط لگانے کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں لیسٹر کے جیتنے پر شرط لگانے والوں کو ایک پاؤنڈ کی شرط پر پانچ ہزار پاؤنڈ دینے کا وعدہ کر رہی تھیں۔

لیسٹر کی اس تاریخی جیت کے بارے میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پریمیئر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے۔

خیال رہے کہ لیسٹر سٹی نے اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی بار پریمیئر لیگ یعنی برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

اب سے کچھ سیزن پیچھے جایا جائے تو لیسٹر کی ٹیم تیسری درجے کی فٹبال لیگ کھیل رہی تھی۔

کیا پیسے سے کامیابی خریدی جا سکتی ہے؟

ایک اندازے کے مطابق لیسٹر سٹی کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت صرف چند ملین پاؤنڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاؤنڈ ہے۔

پریمیئر لیگ کے بڑے کلب جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ ، چیلسی، مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم شامل ہیں،سالانہ کئی سو ملین پاؤنڈ اپنی ٹیموں پر خرچ کرتے ہیں جبکہ اس کے برعکس لیسٹر سٹی کا سالانہ بجٹ صرف چند ملین پاؤنڈ ہے۔

گزشتہ دو دہاییوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ آرسنل ، چیلسی، مانچسٹر سٹی یا مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ کسی اور کلب نے برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ جیتی ہو۔

آج کے دور میں جہاں فٹبال کلب سالانہ کئی ارب پاؤنڈ خرچ کرتے ہیں یہ سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا کہ ایک ایسا کلب جس کے پاس محدود فنڈز ہیں وہ پریمیئر لیگ جیت جائے گا۔

لیکن اس عام خیال کے برعکس لیسٹر نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے

لیسٹر کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار اس کے فارورڈ جیمی وارڈی کا رہا ہے جنھوں نے اس سیزن میں 22 گول کیے۔

لیسٹر کی جیت میں ریاض محاریز نے جنھیں اس برس کے بہترین فٹبالر کا اعزاز بھی ملا ہے، بھی بہت اہم کردار رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے لیسٹر کے منیجر کلاڈیو رانییاری نے ٹیم کی جیت میں جو کلیدی کردار ادا کیا ہے اسے بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔