لیسٹر سٹی پہلی مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بن گیا

،تصویر کا ذریعہAP
انگلش فٹبال کلب لیسٹر سٹی نے اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
لیسٹر کی ٹیم نے اس سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف تین میچ ہارے۔
اتوار کو لیسٹر کو چیمپیئن بننے کا موقع ملا تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ سے اس کا میچ برابر رہا تھا۔
اس برابری کے بعد لیسٹر کا لیگ کے خاتمے سے قبل ہی یقینی طور پر چیمپیئن بننا اس بات پر منحصر ہوگیا کہ پیر کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ٹوٹنہم کی ٹیم کے چیلسی سے ہونے والے میچ کا نتیجہ کیا رہتا ہے۔
ٹوٹہنم کو ای پی ایل کا چیمپیئن بننے کے لیے اپنے آخری تینوں میچ جیتنا لازمی تھے تاہم پیر کی شب ٹوٹنہم اور چیلسی کا میچ برابر رہا اور یوں چیمپیئن کا تاج لیسٹر سٹی کے سر پر سج گیا۔
لیسٹر کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار اس کے فارورڈ جیمی وارڈی کا رہا ہے جنھوں نے اس سیزن میں 22 گول کیے۔
اس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر سٹی کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کےلیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے کیونکہ گذشتہ برس کلب کی کارکردگی کافی مایوس کن تھی اور عام خیال کیا جا رہا تھا کہ کلب پریمیئر لیگ سے نکل جائےگا۔
لیسٹر سٹی کے سابق مڈ فیلڈر روبی سیویج کا کہنا تھا ’ڈومیسٹک فٹ بال میں لیسٹر سٹی کا پریمیئر لیگ جیتنا بہت بڑی کامیابی ہے میرا خیال ہے کہ اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہوگی۔ یہ لاجواب ہے۔ یہ پریمیئر لیگ کی تاریخ بدل دینے والا موڑ ہے۔‘
لیسٹر کے سابق سٹرائکر گیری لینیکر نے اس جیت کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ لیسٹر کا شمار پریمیئر لیگ کے بڑے اور مہنگے کلبوں میں نہیں ہوتا۔
ایک اندازے کے مطابق لیسٹر سٹی کی ٹیم میں شامل 11 کھلاڑیوں کی کل مالیت 22 ملین پاؤنڈ بنتی ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کے کئی کھلاڑیوں کی انفرادی مالیت اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
















