لائیو, اسرائیل اور حزب الله نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، امریکی عہدیدار کی تصدیق

ایک امریکی عہدیدار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور حزب الله نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق 16:00 بجے نافذ العمل ہو گئی۔

خلاصہ

  • اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے 'سیکیورٹی بفر زون' سے پیچھے نہیں ہٹے گی: نیتن یاہو
  • ایرانی رہبرِ اعلیٰ نے ایرانی حکام کو امریکہ سے براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی
  • سینٹکام کا ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان
  • امریکہ چھ ماہ میں یورپ میں اپنی افواج کی موجودگی کے متعلق جائزہ لے گا: پیٹ ہیگستھ
  • مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد آبنائے ہرمز سے 12.5 ملین بیرل تیل گزرا: امریکی نائب صدر
  • ایران نے اپنی عزت اور خودمختاری کا سودا نہیں کیا: پزشکیان
  • وزیر اعظم شہباز شریف کا دورۂ سوئٹزر لینڈ ملتوی، اسحاق ڈار کی تصدیق

لائیو کوریج

  1. جنگ بندی کی خبر لبنان میں 18 ہلاکتوں اور چار اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی

    جنگ بندی کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان میں گذشتہ شب اسرائیلی فضائی حملوں کے ایک سلسلے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے چار فوجی بھی مارے گئے ہیں۔

    اسرائیل ڈیفنس فورسز نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران کی حمایت یافتہ مسلح گروہ حزب الله سے منسلک 80 اہداف کو نشانہ بنایا اور اس کے ’درجنوں‘ ارکان کو ہلاک کیا۔

    یہ پیش رفت اس کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں تنازع کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے، جس میں لبنان میں مستقل جنگ بندی بھی شامل ہے۔

  2. بریکنگ, اسرائیل اور حزب الله نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، امریکی عہدیدار کی تصدیق

    اسرائیل اور حزب الله نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، امریکی عہدیدار کی تصدیق

    ایک امریکی عہدیدار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور حزب الله نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق 16:00 بجے نافذ العمل ہو گئی۔

  3. اسرائیل نے جنگ بندی کے کسی معاہدے کی پاسداری نہیں کی: حزب اللہ کا الزام

    bbc

    لبنان کی حزب اللہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کے خلاف لبنان کی سرزمین اور عوام کا دفاع کرے گی۔

    گروپ نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

    حزب اللہ نے جمعے کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ’اسلامی مزاحمت کسی بھی جارحیت کے خلاف چوکس رہے گی۔ اس کے جنگجو اپنی سرزمین اور اپنے لوگوں کا دفاع کریں گے۔‘

    اعلان میں کہا گیا کہ ’دشمن نے کبھی بھی جنگ بندی کے کسی معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔‘

    اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گروپ کی طرف سے ’جنگ بندی کی خلاف ورزی‘ کے جواب میں لبنان میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ’80 سے زائد اہداف‘ کو نشانہ بنایا، جس میں اس کے درجنوں ارکان ہلاک ہو گئے۔

    حزب اللہ نے اسرائیل کے ’خلاف ورزی‘ کرنے کے الزام کی تردید کی ہے۔

  4. بریکنگ, حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 74 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

    gettyimages

    ،تصویر کا ذریعہgettyimages

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔

    وزیراعظم کے مطابق خطے میں کشیدگی کے خاتمے، معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت اس کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور حکومت ان کے تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے ذریعے حاصل ہونے والی 129 ارب روپے کی بچت استعمال کرتے ہوئے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کی کوشش کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، نہ ایندھن کی قلت ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    انھوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے معیشت کو مستحکم رکھا گیا اور عالمی مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جتنی کمی آئے گی، وہ مکمل طور پر عوام کو منتقل کی جائے گی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے، مہنگائی میں مزید کمی لانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔ انھوں نے بتایا کہ بحران کے دوران حکومتی سطح پر کفایت شعاری اپنائی گئی جبکہ کم آمدنی والے طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔

  5. حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد میں نے فوج کو تمام تر طاقت کے ساتھ حملہ کرنے کا حکم دیا: نیتن یاہو

    reuters

    ،تصویر کا ذریعہreuters

    52ویں آرمرڈ بٹالین کے کمانڈر اور ملکی فوج کے تین سپاہیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر امید ظاہر کی کہ ان کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

    نیتن یاہو نے حزب اللہ کے حملے کو جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی کہا اور لکھا: ’پچھلی رات میں نے اسرائیلی فوج کو حکم دیا کہ وہ اپنی تمام تر طاقت کے ساتھ حزب اللہ پر حملہ کرے۔‘

    نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے 80 سے زیادہ ٹھکانوں پر حملہ کر کے تنظیم کے درجنوں ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔

    انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل اپنے فوجیوں یا سرزمین پر حملوں کو برداشت نہیں کرے گا اور ان حملوں کی قیمت حزب اللہ کو بہت بھاری پڑے گی۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ آج صبح انھوں نے اپنے ملک کے وزیر دفاع اور چیف آف جنرل سٹاف کے ساتھ جنوبی لبنان میں کارروائیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ’جب تک شمالی بستیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہو، اسرائیل جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون میں رہے گا۔‘

  6. مصر کی میزبانی میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اتوار کو ہو گا

    foreignofficepk

    ،تصویر کا ذریعہforeignofficepk

    مصری وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے وزیر خارجہ بدر عبدالعطی اتوار کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اپنے ہم منصبوں کی میزبانی کریں گے۔

    مصری وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، ’عبدالبتی اتوار کو سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ فیصل بن فرحان، ہاکان فیدان، اور اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔‘

    بیان میں بات چیت کے موضوع کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم چاروں ممالک مشرق وسطیٰ کی جنگ سے متعلق ثالثی کی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔

    ان چار ممالک کے وزرائے خارجہ کی آخری ملاقات اپریل میں (تین ماہ قبل) ترکی کے شہر انتالیہ میں ایک سفارتی میٹنگ کے موقع پر ہوئی تھی۔

    سوئس وزارت خارجہ کے مطابق، کل کی ملاقات سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان طے شدہ مذاکرات کے بعد ہوئی ہے، جو جنگ کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے معاہدے پر عمل کرنے کے لیے آج ہونے والے تھے، ملتوی کر دیے گئے تھے۔

    وائٹ ہاؤس نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    ایران اور امریکہ کے صدور کی جانب سے آن لائن دستخط کیے گئے ہیں۔ امریکہ ایران معاہدے کا مقصد تنازع کو ختم کرنا، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت وسیع تر مسائل پر 60 دن کی بات چیت کا آغاز کرنا ہے۔

    اس معاہدے کے تحت لبنان میں لڑائی کا خاتمہ بھی ہونا تھا تاہم اسرائیلی افواج اور حزب اللہ گروپ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

  7. ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے: شہباز شریف

    شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہPTV

    وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ ’ایرانی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ان کو پاکستان جلد آنے کی دعوت دی ہے اور انھیں بتایا ہے کہ پوری قوم ان کا والہانہ استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

    شہباز شریف نےجمعے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں ایوان کو بتایا کہ گزشتہ روز ان کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں انھوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔

    شہباز شریف کے مطابق ’ایرانی صدر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان ایران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔ انھوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ڈپٹی پرائم منسٹر، وزیر داخلہ اور پوری پاکستانی قوم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔‘

    شہباز شریف کے مطابق ’دنیا کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ ایران اور پاکستان صرف ہمسایہ نہیں بلکہ برادر ممالک ہیں، جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان اور ایران مستقبل میں مزید قربت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اور اس جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی کو فروغ ملے گا۔‘

  8. اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے اب تک کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

    • پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ’خاطر خواہ کمی‘ کا اعلان کیا جائے گا
    • لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔
    • اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے سیکیورٹی بفر زون سے نہیں نکلے گی۔
    • سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ برگن سٹاخ میں جمعے کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت اب نہیں ہو گی۔ تاہم سوئس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ اس بات چیت کے انعقاد میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
    • ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ وہ رہبر اعلیٰ کے ’حکم کے پابند‘ ہیں جنھوں نے انھیں اس بات کی ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ معاہدے کی شرائط و دفعات پر عمل درآمد کویقینی بنائیں۔
    • امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے بعض امریکی نیٹو اتحادیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے یورپ میں امریکی افواج کی موجودگی کے بارے میں چھ ماہ میں جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
    • پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔
    • ایران کی ایک عدالت نے گلوکارہ پرستو احمدی اور کاروان سرائے کنسرٹ کے مزید آٹھ ارکان کو 74 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔
    • نائجر کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔
  9. جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے لڑائی، اسرائیل کی چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں جمعرات کی شب کارروائیوں کے دوران ہوئیں۔

    اسرائیلی فوج کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمعے کی صبح ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے ایک ریزرو افسر شدید زخمی جبکہ تین ریزرو نان کمیشنڈ افسران اور ایک نان کمیشنڈ افسر معمولی زخمی بھی ہوئے۔

    لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بھی جمعے کو بتایا ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع قصبوں شرقیا، حروف، کفر رمان، کفر جوز اور کفر صیر پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی متعدد کھلی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ ’حزب اللہ نے بارہا یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی پابند نہیں بلکہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘

    اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گیور نے جمعے کے روز لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد کہا کہ ’پورے لبنان کو جلا دینا چاہیے۔‘

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’امریکیوں کے احترام کے ساتھ، اسرائیل کو پوری دنیا پر یہ واضح کر دینا چاہیے کہ ہمارے بچوں کے خون اور ہمارے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پورے لبنان کو جلا دینا چاہیے۔‘

  10. چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے نو سالہ بچی کی ہلاکت: لاہور ہائی کورٹ کا ایف آئی اے سربراہ کو کارروائی کا حکم

    ہانیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اُن کی موت متعدد گولیاں (فائر آرم انجریز) لگنے کے باعث ہوئی

    ،تصویر کا ذریعہAhmed Family

    ،تصویر کا کیپشنہانیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اُن کی موت متعدد گولیاں (فائر آرم انجریز) لگنے کے باعث ہوئی

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے چکوال میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اہلکار کی فائرنگ سے نو سالہ بچی کی ہلاکت سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سربراہ کو حکم دیا ہے کہ وہ اس درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے یہ حکم میاں آصف محمود ایڈووکیٹ کی درخواست پر دیا ہے۔

    اس درخواست کی سماعت کے دوران سی سی ڈی اور پولیس کے افسران بھی عدالت پیش ہوئے۔

    دورانِ سماعت سی سی ڈی کے افسر نے عدالت کو بتایا کہ نو سالہ ہانیہ عدیل کے قتل واقعہ کا مقدمہ درج ہے اور اس ضمن میں ملزم بھی گرفتار ہے۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ اگر پولیس کی تحویل کے دوران کوئی شخص ہلاک ہو جائے تو ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کرتا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے بلکہ ایف آئی اے بھی اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

    عدالت نے رٹ پٹیشن نمٹاتے ہوئے اس معاملے کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی کو بھجوا دیا اور حکم دیا کہ اس درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے سی سی ڈی کے اہلکار نے فائرنگ کرنے ایک نو سالہ بچی کو قتل کیا ہے اور سی سی ڈی ہی اس واقعہ کی تحقیات کررے۔

    انھوں نے کہا کہ کسٹوڈیل کلنگ کے واقعہ کی تحقیقات ایف آئی اے ہی کرتی ہے اس لیے عدالت نے ان کی درخواست پر قانونی کارروائی کرنے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ چکوال واقعہ کے بعد جن دو افراد کو مبینہ ڈاکو بتا کر ہلاک کیا گیا ہے، ان کے بارے میں بھی کوئی معلومات نہیں کہ وہ کن مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    دوسری جانب کرائم کنڑول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے بی بی سی کو بتایا کہ چکوال واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سی سی ڈی کے اہلکار کی طرف سے فائرنگ کے دوران مروجہ طریقہ کار اختیار نہ کرنے کے علاوہ اس واقعہ کے پیچھے دیگر محرکات تو نہیں۔

  11. ’امریکی ہتھیاروں نے اسرائیل کو بچایا‘: جے ڈی وینس کی اسرائیلی وزرا پر تنقید اور ’احسانات‘ کا ذکر

    جے ڈی وینس

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    ایران جنگ کے معاملے پر امریکی صدر اور پھر امریکی نائب صدر کی اسرائیل پر تنقید کو بعض ماہرین دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج قرار دے رہے ہیں۔

    28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے اور جنگ بندی تک دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی تھی، تاہم اپریل میں جنگ بندی اور اس دوران مذاکرات اور اب 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر اسرائیل نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

  12. آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کی جائے گی: شہباز شریف

    پیٹرول

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ’خاطر خواہ کمی‘ کا اعلان کیا جائے گا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور یقیناً اس میں مزید کمی آئی گی۔

    انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ جب تیل کی قیمتوں میں کمی آئی گی تو ایک ایک پائی قوم کو لٹائیں گے، تو آج خاطرخواہ کمی کی جائے گی۔

    پاکستانی وفد آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کرے گا

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات انھیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی کال آئی جنھوں نے انھیں اگلے ماہ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد تین اور چار جولائی کو سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ایران جائے گا۔ ’پاکستانی وفد وہاں موجود ہوگا کہ دنیا کو بتائیں کہ ہمارے دلوں میں ان کا کتنا احترام ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے ایرانی صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر نے انھیں یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں پاکستان آئیں گے اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔

  13. جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک: لبنانی میڈیا

    لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع قصبوں شرقیا، حروف، کفر رمان، کفر جوز اور کفر صیر پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    مقامی لبنانی میڈیا کے مطابق آج صبح کے ابتدائی اوقات سے نباطیہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر اسرائیلی فوج توپ خانے کی مدد سے بمباری کر رہی ہے۔

    یہ حملے ایران-امریکہ مفاہمتی یادداشت کے پہلے پیراگراف میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کی ضمانت کے باوجود جاری ہیں۔

    لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے روکنے کے معاملے پر امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں۔

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پوری دنیا میں واحد سربراہ مملکت ہیں جو اس وقت ریاست اسرائیل کے ہمدرد اور حامی ہیں، اور وہ دنیا کے سب سے طاقتور ملک کے رہنما بھی ہیں۔ وینس کا کہنا ہے کہ ’اگر میں اسرائیلی کابینہ کا رکن ہوتا تو شاید میں پوری دنیا میں اپنے واحد طاقتور اتحادی پر زبانی حملے نہ کرتا۔‘

    اسرائیل کے داخلی سلامتی کے اتامیر بن گویر نے ایک گھنٹہ قبل مسٹر وینس کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ’جو کوئی ہماری حمایت کرے گا وہ فائدہ اٹھائے گا اور جو ہم سے منہ موڑے گا وہ نقصان اٹھائے گا۔ لہٰذا ہمیں دھمکی نہ دیں۔‘

    اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک بیان میں میں اس بات پر زور دیا تھا کہ جب تک اسرائیل کی سکیورٹی ضروریات اس کا تقاضا کرتی ہیں تب تک اسرائیلی فوج جنوبی لبنان اور سکیورٹی بفر زون سے اس وقت تک نہیں نکلیں گی۔

  14. معاہدہ شکنی کی صورت میں ایران تباہ کن جواب دینے میں نہیں ہچکچائے گا: باقر قالیباف

    قالیباف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ وہ رہبر اعلیٰ کے ’حکم کے پابند‘ ہیں۔

    قالیباف کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ نے انھیں اس بات کی ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاہدے کی شرائط و دفعات پر عمل درآمد ہو۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایرانی رہبرِ اعلیٰ سے منسوب ایک پیغام نشر ہوا تھا جس کے مطابق انھوں ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی تھی۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مسعود پزشکیان نے انھیں بتایا ہے کہ اگر امریکہ حد سے زیادہ مطالبات کرے گا تو وہ اسے تسلیم نہیں کریں گے۔

    قالیباف کا کہنا ہے کہ ’دوسرے فریق کی جانب سے ’معاہدہ شکنی اور حد سے زیادہ مطالبات کی صورت میں‘ ایران تباہ کن جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔

    انھوں نے امریکہ کے ساتھ جنگ میں فتح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’اگر وہ دوبارہ اسی راستے پر چلنا چاہتے ہیں تو انھیں اس سے زیادہ سخت طمانچہ پڑے گا۔‘

  15. ایران اور امریکہ کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں جمعے کو ہونے والے مذاکرات ملتوی, عمر دراز ننگیانہ، بی بی سی اردو سوئٹزرلینڈ

    سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ برگن سٹاخ میں جمعے کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت اب نہیں ہو گی۔

    تاہم سوئس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ اس بات چیت کے انعقاد میں تعاون کے لیے تیار ہے

    سوئٹزرلینڈ کے وفاقی محکمہ برائے اُمور خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برگن شٹاخ میں اس حوالے سے تیاری کی گئی ہے تاہم فی الحال اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں۔

    اس سے پہلے وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی تھی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی حکام سے مذاکرات کے لیے جمعے کو سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے تاہم اُن کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مزید تفصیلات ملنے پر ہی کیا جائے گا۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے جمعرات کی شام صحافیوں کو بتایا کہ جیسا کہ ’نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ تکنیکی مذاکرات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی اور امریکی وفد کو جلد از جلد روانہ ہونے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاہم ان مذاکرات کے آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ لہذا انھی وجوہات کی بنا پر نائب صدر جمعے کو سوئٹزر لینڈ نہیں جا سکیں گے۔‘

    یاد رہے کہ اس سے قبل جمعرات کے روز ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا تھا کہ وہ سوئٹزرلینڈ جانے کے لیے تیار ہیں لیکن ابھی تک صحیح تفصیلات معلوم نہیں اور یہ دورہ ہفتے یا اتوار کو ہو سکتا ہے۔

  16. وفاقی حکومت سٹریٹیجک اخراجات کی مد میں بلوچستان سے 97 ارب کی جگہ 58 ارب روپے لینے پر آمادہ: صوبائی وزیرِ داخلہ, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ کوششوں کے بعد وفاق کو اس بات پر آمادہ کر لیا گیا کہ وہ اپنے سٹریٹیجک اخراجات کی مد میں بلوچستان کا حصہ کم رکھے۔

    جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کیا کہ وفاقی حکومت اپنے سٹریٹیجک اختیارات کے لیے صوبوں سے جس شرح سے رقم طلب کر رہی تھی اس حاسب سے پہلے بلوچستان کا حصہ 97 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

    وزیرِ داخلہ نے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت کی اہم شخصیات سے رابطہ کیا اور انھیں بتایا کہ بلوچستان اتنی رقم دینے کی پوزیشن میں نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں سے وفاق بلوچستان کے حصے کو کم کر کے 58 ارب روپے کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔

    ضیا اللہ لانگو نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کے سٹریٹیجک اخراجات کے لیے پنجاب کا حصہ 550 ارب روپے، سندھ کا حصہ 263ارب روپے جبکہ خیبر پشتونخوا کا حصہ 157ارب روپے ہے۔

    خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے اخراجات کے لیے صوبوں سے رقم طلب کی ہے۔

  17. نوشکی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا افسر ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔

    نوشکی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جمعرات کے روز سی ٹی ڈی کے افسر کو نوشکی شہر کے علاقے احمدوال سٹاپ پر نشانہ بنایا۔

    ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت محمد افضل محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے سی ٹی ڈی کے اہلکار کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صوبے میں امن و امان کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

    شاہد رند کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

  18. امریکہ چھ ماہ میں یورپ میں اپنی افواج کی موجودگی کے متعلق جائزہ لے گا: پیٹ ہیگستھ

    پیٹ ہیگسٹح

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ،تصویر کا کیپشنہیگستھ نے ان نیٹو رکن ممالک پر بھی سخت تنقید کی جنھوں نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی افواج کی مدد پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے بعض امریکی نیٹو اتحادیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے یورپ میں امریکی افواج کی موجودگی کے بارے میں چھ ماہہ جائزے کا اعلان کیا ہے۔

    برسلز میں نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ایسا جائزہ ہے جس میں کچھ ممالک ناکام ہوں گے جبکہ دوسرے نمایاں طور پر کامیاب ہوں گے۔‘ انھوں کچھ اتحادیوں پر ’مفت میں فائدہ اٹھانے‘ کا الزام لگایا۔

    ہیگستھ نے ان نیٹو رکن ممالک پر بھی سخت تنقید کی جنھوں نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی افواج کی مدد پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    ہیگستھ نے اس جائزے کو نیٹو 3.0 کا نام دیا ہے۔ ان کے مطابق اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نیٹو تیزی سے اس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے کہ اب سے یورپ کی سلامتی کی قیادت خود کرے۔ تاہم ایک امریکی عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی تک کچھ بھی پہلے سے طے نہیں۔

    امریکہ چاہتا ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک یورپ میں دفاعی اخراجات میں زیادہ حصہ ڈالیں اور اس کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک نے یہ نہیں بتایا کہ وہ متفقہ ہدف جو کہ قومی معیشت کی پیداوار (جی ڈی پی) کا پانچ فیصد ہے کیسے حاصل کریں گے۔

  19. نائجر کے ہوئی اڈے پر مسلح افراد کا حملہ، 35 افراد ہلاک

    نائجر

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    نائجر کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔

    اس سے قبل رواں برس جنوری میں ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 20 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔

    مسلم اکثریت کے اس ملک کے رہائشیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی صبح کی نماز ابھی ختم ہی کر رہے تھے کہ دارالحکومت نیامی میں واقع دیوری ہامانی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

    نائجر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چار حملہ آور زخمی بھی ہیں جبکہ 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ آر پی جی-7 لانچرز، اے کے-47 رائفلیں، دھماکہ خیز مواد، گرینیڈ، مواصلاتی آلات اور ہزاروں راؤنڈ گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

    جمعرات کی شام القاعدہ سے منسلک جماعت نصرت الاسلام والمسلمین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

  20. بغیر حجاب گانا گانے پر ایرانی گلوکارہ کو 74 کوڑوں کی سزا

    احمدی

    ،تصویر کا ذریعہyoutube.com/@ParastooAhmadii

    ایران کی ایک عدالت نے گلوکارہ پرستو احمدی اور کاروان سرائے کنسرٹ کے مزید آٹھ ارکان کو 74 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔

    بی بی سی ہندی کے مطابق ان پر دو سال کے لیے ملک چھوڑنے اور فن سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یہ فیصلہ ایران کے صوبہ قم کی ایک عدالت نے سنایا۔ اسلامی قانون کی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے ہر رکن کو یکساں سزا سنائی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ قومی میڈیا میں شائع کیا جائے گا۔

    سزا پانے والوں پر الزام ہے کہ انھوں نے ’انٹرنیٹ پر فحش اور ناشائستہ مواد پوسٹ کر کے عوام کی حیا کو مجروح کیا۔‘

    گلوکارہ پرستو احمدی کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ’کاروان سرائے کنسرٹ‘ کی سےک میں گلوکارہ کچ بغیر حجاب پہنے گانا گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یوٹیوب پر یہ ویڈیو چند گھنٹوں کے اندر ایک لاکھ سے زیادہ بار دیکھی گئی۔ اسے سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔ اب تک اس ویڈیو کو تقریباً 30 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، اور اس کے کلپس آن لائن وائرل ہو چکے ہیں۔