آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
حضرت اللہ ززئی: ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنانے والے ’خوش خوراک‘ افغان کرکٹر
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
ایک ایسے وقت میں جب ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، کرس گیل، گلین میکسویل اور چند دوسرے بیٹسمین اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بولرز پر غضب ڈھا رہے تھے افغانستان کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حضرت اللہ ززئی یہ سوچ کر میدان میں آئے کہ وہ بھلا کیسے ان سے پیچھے رہ سکتے ہیں؟ اور پھر وہ وقت بھی آیا جب ززئی جارحانہ بیٹنگ کا ٹریڈ مارک بن گئے اور ہر جانب انہی کا ذکر ہونے لگا۔
حضرت اللہ ززئی نے آئرلینڈ کے خلاف اپنے دوسرے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 74 رنز سکور کیے اور پھر اسی ٹیم کے خلاف اگلے ہی میچ میں 82 رنز کی ایک اور تیز رفتار اننگز کھیل ڈالی، جس میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
حضرت اللہ ززئی اس وقت پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن کھیل رہے ہیں۔
حضرت اللہ ززئی کو صحیح معنوں میں شہرت اس وقت ملی جب انھوں نے فروری 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف دہرادون میں 162 رنز کی نہ بھولنے والی اننگز کھیلی جس میں سولہ چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔
یہ سولہ چھکے کسی بھی بیٹسمین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ تھا۔ اس کے علاوہ انھوں نے مجموعی طور پر 140 رنز باؤنڈریز کی مدد سے بنائے تھے یہ بھی عالمی ریکارڈ ہے ۔
’ویل پلیڈ ززئی فار 100‘ کا ٹویٹ
حضرت اللہ ززئی بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’اس میچ سے پہلے میں صرف گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا تھا۔ میچ سے پہلے رات کو میں نے راشد خان کو کہا تھا کہ آپ تیار ہو جاؤ یہ ٹویٹ کرنے کے لیے کہ ویل پلیڈ حضرت اللہ ززئی فار 100۔ میں سنچری کا سوچ کر ہی بیٹنگ کے لیے گیا تھا اور 162 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہا۔‘
حضرت اللہ ززئی اپنی جارحانہ بیٹنگ کے بارے میں کہتے ہیںʹمیں جب فارم میں ہوتا ہوں اور رنز بن رہے ہوتے ہیں تو میں خود اپنی بیٹنگ انجوائے کر رہا ہوتا ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حضرت اللہ ززئی کا کہنا ہے کہ ’چھکا مارنا بہت آسان کام نہیں ہے لیکن میں نیٹ پر اس کی خوب پریکٹس کرتا ہوں۔ʹ
وہ کہتے ہیں کہ ’یہ میرا نیچرل سٹائل ہے۔ میں پاور ہٹنگ کی بہت زیادہ پریکٹس کرتا ہوں لہذا مجھے چھکے مارنے میں مشکل نہیں ہوتی۔ʹ
ززئی خشک میوے اور پھلوں کے شیدائی
یہ جون 2021 کی بات ہے جب حضرت اللہ ززئی نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی طرف سے کراچی کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے صرف 38گیندوں پر77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں انھوں نے دس چوکے اور پانچ چھکے لگائے تھے۔
ان کے دیرینہ دوست راشد خان جب کمنٹیٹر رمیز راجہ سے بات کرنے آئے تو انھوں نے بذلہ سنجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ حضرت اللہ ززئی کے زوردار چھکوں کا راز ان کی خوش خوراکی میں ُچھپا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے
راشد خان نے اس کے بعد اپنے دلچسپ ٹویٹ میں یہ راز کھولا: ʹپانچ کیلے، اسٹرابیریز، آدھا کلو خشک میوہ جات، شہد، دودھ اور پروٹین۔ یہ دن میں دو بار ایک صبح اور ایک رات دو بجے۔ʹ
انھوں نے ززئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ʹکیا میں ٹھیک کہہ رہا ہوں یا کوئی چیز رہ گئی ہے۔ʹ
حضرت اللہ ززئی کا کہنا ہے کہ ʹراشد خان ورلڈ کلاس سپنر ہیں جنھیں کھیلنا آسان نہیں ہے۔ کافی عرصے سے کسی میچ میں ہمارا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے۔ ابھی صرف نیٹ پر کھیلتے رہے ہیں۔ جب میچ میں مقابلہ ہوگا تو دیکھیں گے۔ʹ
پشاور زلمی سے تعلق
حضرت اللہ ززئی کا پاکستان سپر لیگ میں یہ دوسرا سیزن ہے۔ گزشتہ سیزن میں انھوں نے صرف پانچ میچ کھیلے تھے جن میں انھوں نے تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ ان کا سٹرائیک ریٹ تقریباً ایک سو چھیانوے رہا تھا اور انھوں نے مجموعی طور پر چودہ چھکے اور چوبیس چوکے مارے تھے۔