آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک: معاہدہ شکنی کی صورت میں ایران تباہ کن جواب دینے میں نہیں ہچکچائے گا، باقر قالیباف

امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ دوسرے فریق کی جانب سے ’معاہدہ شکنی اور حد سے زیادہ مطالبات کی صورت میں‘ ایران تباہ کن جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ دوسری جانب لبنانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ملک کے جنوبی حصوں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خلاصہ

  • اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے 'سیکیورٹی بفر زون' سے پیچھے نہیں ہٹے گی: نیتن یاہو
  • ایرانی رہبرِ اعلیٰ نے ایرانی حکام کو امریکہ سے براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی
  • سینٹکام کا ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان
  • امریکہ چھ ماہ میں یورپ میں اپنی افواج کی موجودگی کے متعلق جائزہ لے گا: پیٹ ہیگستھ
  • مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد آبنائے ہرمز سے 12.5 ملین بیرل تیل گزرا: امریکی نائب صدر
  • ایران نے اپنی عزت اور خودمختاری کا سودا نہیں کیا: پزشکیان
  • وزیر اعظم شہباز شریف کا دورۂ سوئٹزر لینڈ ملتوی، اسحاق ڈار کی تصدیق

لائیو کوریج

  1. جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے لڑائی، اسرائیل کی چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں جمعرات کی شب کارروائیوں کے دوران ہوئیں۔

    اسرائیلی فوج کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمعے کی صبح ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے ایک ریزرو افسر شدید زخمی جبکہ تین ریزرو نان کمیشنڈ افسران اور ایک نان کمیشنڈ افسر معمولی زخمی بھی ہوئے۔

    لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بھی جمعے کو بتایا ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع قصبوں شرقیا، حروف، کفر رمان، کفر جوز اور کفر صیر پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی متعدد کھلی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ ’حزب اللہ نے بارہا یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی پابند نہیں بلکہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘

    اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گیور نے جمعے کے روز لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد کہا کہ ’پورے لبنان کو جلا دینا چاہیے۔‘

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’امریکیوں کے احترام کے ساتھ، اسرائیل کو پوری دنیا پر یہ واضح کر دینا چاہیے کہ ہمارے بچوں کے خون اور ہمارے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پورے لبنان کو جلا دینا چاہیے۔‘

  2. چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے نو سالہ بچی کی ہلاکت: لاہور ہائی کورٹ کا ایف آئی اے سربراہ کو کارروائی کا حکم

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے چکوال میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اہلکار کی فائرنگ سے نو سالہبچی کی ہلاکت سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سربراہ کو حکم دیا ہے کہ وہ اس درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے یہ حکم میاں آصف محمود ایڈووکیٹ کی درخواست پر دیا ہے۔

    اس درخواست کی سماعت کے دوران سی سی ڈی اور پولیس کے افسران بھی عدالت پیش ہوئے۔

    دورانِ سماعت سی سی ڈی کے افسر نے عدالت کو بتایا کہ نو سالہ ہانیہ عدیل کے قتل واقعہ کا مقدمہ درج ہے اور اس ضمن میں ملزم بھی گرفتار ہے۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ اگر پولیس کی تحویل کے دوران کوئی شخص ہلاک ہو جائے تو ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کرتا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے بلکہ ایف آئی اے بھی اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

    عدالت نے رٹ پٹیشن نمٹاتے ہوئے اس معاملے کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی کو بھجوا دیا اور حکم دیا کہ اس درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے سی سی ڈی کے اہلکار نے فائرنگ کرنے ایک نو سالہ بچی کو قتل کیا ہے اور سی سی ڈی ہی اس واقعہ کی تحقیات کررے۔

    انھوں نے کہا کہ کسٹوڈیل کلنگ کے واقعہ کی تحقیقات ایف آئی اے ہی کرتی ہے اس لیے عدالت نے ان کی درخواست پر قانونی کارروائی کرنے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ چکوال واقعہ کے بعد جن دو افراد کو مبینہ ڈاکو بتا کر ہلاک کیا گیا ہے، ان کے بارے میں بھی کوئی معلومات نہیں کہ وہ کن مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    دوسری جانب کرائم کنڑول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے بی بی سی کو بتایا کہ چکوال واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سی سی ڈی کے اہلکار کی طرف سے فائرنگ کے دوران مروجہ طریقہ کار اختیار نہ کرنے کے علاوہ اس واقعہ کے پیچھے دیگر محرکات تو نہیں۔

  3. ’امریکی ہتھیاروں نے اسرائیل کو بچایا‘: جے ڈی وینس کی اسرائیلی وزرا پر تنقید اور ’احسانات‘ کا ذکر

    ایران جنگ کے معاملے پر امریکی صدر اور پھر امریکی نائب صدر کی اسرائیل پر تنقید کو بعض ماہرین دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج قرار دے رہے ہیں۔

    28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے اور جنگ بندی تک دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی تھی، تاہم اپریل میں جنگ بندی اور اس دوران مذاکرات اور اب 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر اسرائیل نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

  4. آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کی جائے گی: شہباز شریف

    پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ’خاطر خواہ کمی‘ کا اعلان کیا جائے گا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور یقیناً اس میں مزید کمی آئی گی۔

    انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ جب تیل کی قیمتوں میں کمی آئی گی تو ایک ایک پائی قوم کو لٹائیں گے، تو آج خاطرخواہ کمی کی جائے گی۔

    پاکستانی وفد آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کرے گا

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات انھیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی کال آئی جنھوں نے انھیں اگلے ماہ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد تین اور چار جولائی کو سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ایران جائے گا۔ ’پاکستانی وفد وہاں موجود ہوگا کہ دنیا کو بتائیں کہ ہمارے دلوں میں ان کا کتنا احترام ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے ایرانی صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر نے انھیں یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں پاکستان آئیں گے اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔

  5. جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک: لبنانی میڈیا

    لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع قصبوں شرقیا، حروف، کفر رمان، کفر جوز اور کفر صیر پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    مقامی لبنانی میڈیا کے مطابق آج صبح کے ابتدائی اوقات سے نباطیہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر اسرائیلی فوج توپ خانے کی مدد سے بمباری کر رہی ہے۔

    یہ حملے ایران-امریکہ مفاہمتی یادداشت کے پہلے پیراگراف میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کی ضمانت کے باوجود جاری ہیں۔

    لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے روکنے کے معاملے پر امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں۔

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پوری دنیا میں واحد سربراہ مملکت ہیں جو اس وقت ریاست اسرائیل کے ہمدرد اور حامی ہیں، اور وہ دنیا کے سب سے طاقتور ملک کے رہنما بھی ہیں۔ وینس کا کہنا ہے کہ ’اگر میں اسرائیلی کابینہ کا رکن ہوتا تو شاید میں پوری دنیا میں اپنے واحد طاقتور اتحادی پر زبانی حملے نہ کرتا۔‘

    اسرائیل کے داخلی سلامتی کے اتامیر بن گویر نے ایک گھنٹہ قبل مسٹر وینس کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ’جو کوئی ہماری حمایت کرے گا وہ فائدہ اٹھائے گا اور جو ہم سے منہ موڑے گا وہ نقصان اٹھائے گا۔ لہٰذا ہمیں دھمکی نہ دیں۔‘

    اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک بیان میں میں اس بات پر زور دیا تھا کہ جب تک اسرائیل کی سکیورٹی ضروریات اس کا تقاضا کرتی ہیں تب تک اسرائیلی فوج جنوبی لبنان اور سکیورٹی بفر زون سے اس وقت تک نہیں نکلیں گی۔

  6. معاہدہ شکنی کی صورت میں ایران تباہ کن جواب دینے میں نہیں ہچکچائے گا: باقر قالیباف

    ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ وہ رہبر اعلیٰ کے ’حکم کے پابند‘ ہیں۔

    قالیباف کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ نے انھیں اس بات کی ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاہدے کی شرائط و دفعات پر عمل درآمد ہو۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایرانی رہبرِ اعلیٰ سے منسوب ایک پیغام نشر ہوا تھا جس کے مطابق انھوں ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی تھی۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مسعود پزشکیان نے انھیں بتایا ہے کہ اگر امریکہ حد سے زیادہ مطالبات کرے گا تو وہ اسے تسلیم نہیں کریں گے۔

    قالیباف کا کہنا ہے کہ ’دوسرے فریق کی جانب سے ’معاہدہ شکنی اور حد سے زیادہ مطالبات کی صورت میں‘ ایران تباہ کن جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔

    انھوں نے امریکہ کے ساتھ جنگ میں فتح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’اگر وہ دوبارہ اسی راستے پر چلنا چاہتے ہیں تو انھیں اس سے زیادہ سخت طمانچہ پڑے گا۔‘

  7. ایران اور امریکہ کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں جمعے کو ہونے والے مذاکرات ملتوی, عمر دراز ننگیانہ، بی بی سی اردو سوئٹزرلینڈ

    سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ برگن سٹاخ میں جمعے کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت اب نہیں ہو گی۔

    تاہم سوئس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ اس بات چیت کے انعقاد میں تعاون کے لیے تیار ہے

    سوئٹزرلینڈ کے وفاقی محکمہ برائے اُمور خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برگن شٹاخ میں اس حوالے سے تیاری کی گئی ہے تاہم فی الحال اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں۔

    اس سے پہلے وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی تھی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی حکام سے مذاکرات کے لیے جمعے کو سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے تاہم اُن کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مزید تفصیلات ملنے پر ہی کیا جائے گا۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے جمعرات کی شام صحافیوں کو بتایا کہ جیسا کہ ’نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ تکنیکی مذاکرات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی اور امریکی وفد کو جلد از جلد روانہ ہونے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاہم ان مذاکرات کے آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ لہذا انھی وجوہات کی بنا پر نائب صدر جمعے کو سوئٹزر لینڈ نہیں جا سکیں گے۔‘

    یاد رہے کہ اس سے قبل جمعرات کے روز ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا تھا کہ وہ سوئٹزرلینڈ جانے کے لیے تیار ہیں لیکن ابھی تک صحیح تفصیلات معلوم نہیں اور یہ دورہ ہفتے یا اتوار کو ہو سکتا ہے۔

  8. وفاقی حکومت سٹریٹیجک اخراجات کی مد میں بلوچستان سے 97 ارب کی جگہ 58 ارب روپے لینے پر آمادہ: صوبائی وزیرِ داخلہ, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ کوششوں کے بعد وفاق کو اس بات پر آمادہ کر لیا گیا کہ وہ اپنے سٹریٹیجک اخراجات کی مد میں بلوچستان کا حصہ کم رکھے۔

    جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کیا کہ وفاقی حکومت اپنے سٹریٹیجک اختیارات کے لیے صوبوں سے جس شرح سے رقم طلب کر رہی تھی اس حاسب سے پہلے بلوچستان کا حصہ 97 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

    وزیرِ داخلہ نے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت کی اہم شخصیات سے رابطہ کیا اور انھیں بتایا کہ بلوچستان اتنی رقم دینے کی پوزیشن میں نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں سے وفاق بلوچستان کے حصے کو کم کر کے 58 ارب روپے کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔

    ضیا اللہ لانگو نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کے سٹریٹیجک اخراجات کے لیے پنجاب کا حصہ 550 ارب روپے، سندھ کا حصہ 263ارب روپے جبکہ خیبر پشتونخوا کا حصہ 157ارب روپے ہے۔

    خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے اخراجات کے لیے صوبوں سے رقم طلب کی ہے۔

  9. نوشکی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا افسر ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔

    نوشکی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جمعرات کے روز سی ٹی ڈی کے افسر کو نوشکی شہر کے علاقے احمدوال سٹاپ پر نشانہ بنایا۔

    ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت محمد افضل محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے سی ٹی ڈی کے اہلکار کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صوبے میں امن و امان کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

    شاہد رند کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

  10. امریکہ چھ ماہ میں یورپ میں اپنی افواج کی موجودگی کے متعلق جائزہ لے گا: پیٹ ہیگستھ

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے بعض امریکی نیٹو اتحادیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے یورپ میں امریکی افواج کی موجودگی کے بارے میں چھ ماہہ جائزے کا اعلان کیا ہے۔

    برسلز میں نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ایسا جائزہ ہے جس میں کچھ ممالک ناکام ہوں گے جبکہ دوسرے نمایاں طور پر کامیاب ہوں گے۔‘ انھوں کچھ اتحادیوں پر ’مفت میں فائدہ اٹھانے‘ کا الزام لگایا۔

    ہیگستھ نے ان نیٹو رکن ممالک پر بھی سخت تنقید کی جنھوں نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی افواج کی مدد پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    ہیگستھ نے اس جائزے کو نیٹو 3.0 کا نام دیا ہے۔ ان کے مطابق اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نیٹو تیزی سے اس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے کہ اب سے یورپ کی سلامتی کی قیادت خود کرے۔ تاہم ایک امریکی عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی تک کچھ بھی پہلے سے طے نہیں۔

    امریکہ چاہتا ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک یورپ میں دفاعی اخراجات میں زیادہ حصہ ڈالیں اور اس کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک نے یہ نہیں بتایا کہ وہ متفقہ ہدف جو کہ قومی معیشت کی پیداوار (جی ڈی پی) کا پانچ فیصد ہے کیسے حاصل کریں گے۔

  11. نائجر کے ہوئی اڈے پر مسلح افراد کا حملہ، 35 افراد ہلاک

    نائجر کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرز کا دوسرا حملہ ہے۔

    اس سے قبل رواں برس جنوری میں ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 20 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔

    مسلم اکثریت کے اس ملک کے رہائشیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی صبح کی نماز ابھی ختم ہی کر رہے تھے کہ دارالحکومت نیامی میں واقع دیوری ہامانی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

    نائجر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 22 حملہ آور، 11 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چار حملہ آور زخمی بھی ہیں جبکہ 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ آر پی جی-7 لانچرز، اے کے-47 رائفلیں، دھماکہ خیز مواد، گرینیڈ، مواصلاتی آلات اور ہزاروں راؤنڈ گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

    جمعرات کی شام القاعدہ سے منسلک جماعت نصرت الاسلام والمسلمین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

  12. بغیر حجاب گانا گانے پر ایرانی گلوکارہ کو 74 کوڑوں کی سزا

    ایران کی ایک عدالت نے گلوکارہ پرستو احمدی اور کاروان سرائے کنسرٹ کے مزید آٹھ ارکان کو 74 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔

    بی بی سی ہندی کے مطابق ان پر دو سال کے لیے ملک چھوڑنے اور فن سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یہ فیصلہ ایران کے صوبہ قم کی ایک عدالت نے سنایا۔ اسلامی قانون کی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے ہر رکن کو یکساں سزا سنائی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ قومی میڈیا میں شائع کیا جائے گا۔

    سزا پانے والوں پر الزام ہے کہ انھوں نے ’انٹرنیٹ پر فحش اور ناشائستہ مواد پوسٹ کر کے عوام کی حیا کو مجروح کیا۔‘

    گلوکارہ پرستو احمدی کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ’کاروان سرائے کنسرٹ‘ کی سےک میں گلوکارہ کچ بغیر حجاب پہنے گانا گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یوٹیوب پر یہ ویڈیو چند گھنٹوں کے اندر ایک لاکھ سے زیادہ بار دیکھی گئی۔ اسے سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔ اب تک اس ویڈیو کو تقریباً 30 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، اور اس کے کلپس آن لائن وائرل ہو چکے ہیں۔

  13. اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے ’سیکیورٹی بفر زون‘ سے پیچھے نہیں ہٹے گی: اسرائیلی وزیرِ اعظم

    اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے سیکیورٹی بفر زون سے نہیں نکلے گی۔

    جمعرات کی شام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے غزہ سے متصل علاقوں میں سلامتی اور خوشحالی کو بحال کیا، اسی طرح ہم شمالی اسرائیل کے شہروں اور دیہات میں بھی امن یقینی بنائیں گے۔

    اسرائیلی وزیرِ اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی کابینہ کے ارکان کی جانب سے امریکہ، ایران مفاہمتی یادداشت پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسرائیلی وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں سیکیورٹی بفر زون کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اور ہم وہاں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    واضح رہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شق امریکہ، ایران مفاہمتی یادداشت میں شامل ہے اور ایران کا اصرار رہا ہے کہ وہ لبنان کی علاقائی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    صدر ٹرمپ نے بھی ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے چند گھنٹوں بعد کہا تھا کہ وہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لبنان اور دیگر تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی توقع کرتے ہیں۔

    جمعرات کو جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ فورسز کے درمیان مسلسل جھڑپوں کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔

  14. ایرانی رہبرِ اعلیٰ نے ایرانی حکام کو امریکہ سے براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی

    جمعرات کی شام کو ایرانی میڈیا نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر ملک کے رہبرِ اعلی مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک بیان نشر کیا ہے۔

    اس پیغام کے متن کے مطابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ نے اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی تھی، تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مسعود پزشکیان نے انھیں بتایا ہے کہ اگر امریکہ حد سے زیادہ مطالبات کرے گا تو وہ اسے تسلیم نہیں کریں گے۔

    اپنے اس پیغام میں خامنہ ای نے بالواسطہ طور پر ایرانی اور امریکی حکام کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی اجازت بھی دی اور کہا: ’آئندہ ہونے والے براہِ راست مذاکرات کا مقصد دشمن کے مؤقف کو تسلیم کرنا نہیں ہو گا۔‘

  15. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

    • گذشتہ روز کی کچھ اہم خبروں کا خلاصہ
    • امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کی بحری ناکہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سینٹکام نے لکھا کہ ’آج امریکی افواج نے صدر کی ہدایات کے مطابق ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں میں داخل ہونے اور نکلنے والے تمام سمندری جہازوں پر عائد ناکہ بندی کو ختم کر دیا ہے۔
    • امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا اسرائیلی کارروائیوں پر ٹرمپ کی حالیہ تنقید کے متعلق کہنا وہ اسرائیل کے حقِ دفاعِ خود کو محدود نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ’سب کی طرح اس امن عمل کا دفاع کرنے کا پابند ہے۔‘ وینس نے ٹرمپ کی ناراضی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ہم معاہدے میں ایک بڑی پیش رفت کے بالکل قریب پہنچ گئے تھے اور پھر اچانک بیروت کے ایک شہری آبادی والے علاقے میں ایک بڑا دھماکہ ہو گیا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ قابلِ قبول نہیں ہے۔‘
    • لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق ملک میں جمرات کی صبح اسرائیلی حملوں میں کفر تبنیت اور زبدین کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
    • سابق امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے ایران معاہدے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جنگ بندی کی واحد ’کامیابی‘ غالباً آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا ہے جو جنگ شروع ہونے سے پہلے بھی کھلی ہوئی تھی۔ اور بظاہر ہم اس کے لیے ایران کو ادائیگی بھی کریں گے۔‘
    • امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ اگر ایران مفاہمتی یادداشت میں طے کردہ شرائط پر عمل نہیں کرتا تو امریکہ ’ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘