آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کیئو کے قریب روسی بمباری میں شہریوں کی ہلاکتیں، پولینڈ میں 10 لاکھ سے زیادہ پناہ گزین داخل

اطلاعات کے مطابق یوکرینی دارالحکومت کے قریب ایک علاقے میں روسی افواج کی شیلنگ سے ’ایک ہی خاندان کے تین افراد‘ ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھر ماریوپل کی سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ اس جنگ زدہ شہر میں سیزفائر اور شہریوں کے انخلا کا عمل معطل ہوگیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. ‘پوتن روس نہیں ہے‘، روسی اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی کی روزانہ مظاہروں کال

    جیل میں قید روسی اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں روس اور دنیا بھر میں روزانہ کی بنیادوں پر مظاہروں کا مطالبہ کیا ہے۔

    الیکسی نوالنی کو ماضی میں زہر دیا تھا تاہم وہ اس حملے میں بچ گئے تھے اور کریملن کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ اس کے بعد وہ ایک سال سے جیل میں قید ہیں۔

    گذشتہ ماہ ان پر ایک نیا مقدمہ شروع کیا گیا ہے جس میں انھیں مزید ایک دہائی تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ‘ہم ۔۔ روس ۔۔ ایک پرامن ملک ہونا چاہتے ہیں۔ افسوس کے اب شاید ہی کوئی ہمیں وہ (پرامن) پکارے۔‘

    مگر روسیوں کو ‘کم از کم ایک خوفزدہ خاموش قوم نہیں بننا چاہیے جو کہ ایک جنگ کو نوٹس ہی نہ کرنے کا ڈرامہ کریں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ‘یہ 21ویں صدی کی تیسری دہائی ہے اور ہم ٹینکوں تلے اور بمباری کا نشانہ بننے گھروں میں لوگوں کی خبریں سن رہے ہیں۔ ہم اپنے ٹی وی پر ایک جوہری جنگ کے حقیقی خطرات دیکھ سکتے ہیں۔‘

  2. بریکنگ, ہم نے اب تک 5840 روسی فوجی مار دیے ہیں: یوکرین کا دعویٰ

    یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس حملے کے آغاز سے اب تک انھوں نے 5840 روسی فوجی مار دیے ہیں۔ بی بی سی ان دعؤوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکتا تاہم برطانوی وزارتِ دفاع کا ماننا ہے کہ روسی فوج کو اس حملے کے دوران بھاری نقصان ہوا ہے۔

    یوکرین کا دعویٰ ہے کہ اب تک اس نے روس کو مندرجہ ذیل نقصان پہنچایا ہے:

    • 30 طیارے
    • 31 ہیلی کاپٹر
    • 211 ٹینک
    • 862 بکتر بند گاڑیاں
    • 85 آرٹلری سسٹم
    • 9 طیارہ شکن نظام
    • 60 فیول ٹینک
    • 355 گاڑیاں
    • 40 ایم ایل آر ایس راکٹ لانچر
  3. یوکرین کیسے وجود میں آیا اور روس کے ساتھ اس کا تنازع کتنا قدیم ہے؟

  4. بریکنگ, عالمی منڈییوں میں تیل کی تیزی سے بڑھتی قیمت، برینٹ 113 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

    منڈیوں میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے متعدد نئے اقدامات کے باوجود، یوکرین میں جاری جنگ کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو کہ جون 2014 کے بعد سے بلند ترین ہے۔

    انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی جانب سے 60 ملین بیرل ریلیز کیے جانے کے اعلان کے باوجود تیل کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے۔

    روس دنیا میں تیل کی پیداوار کے حوالے سے اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے اور شرمایہ کاروں کو فکر ہے کہ جنگ کی وجہ سے تیل اور گیس کی رسد میں خلل پڑ سکتا ہے۔

  5. بریکنگ, کسی ملک پر حملہ کرنا اور کنٹرول برقرار رکھنا دو مختلف چیزیں ہیں: برطانوی وزیر دفاع

    برطانوی وزیر دفاع بن والس نے کہا ہے کہ یوکرین کے بڑے شہروں میں داخل ہو کر روس کو ایک بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، کیونکہ یوکرینی فوج اور شہری دونوں کوئی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کو بھگانے کی کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کا محاصرہ کر کے بلاامتیاز بمباری کرنا روس کے عسکری ڈوکٹرین کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا تاہم یوکرین کا جغرافیائی حجم اور اس کی آبادی روسی قبضے کو برقرار رکھنا انہتائی مشکل کر دے گا۔

    بی بی سی بریک فاسٹ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے روس کا چیچنیا میں، سویت یونین کا افغانستان میں، اور مغربی ممالک کا عراق میں حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل جانی نقصان اس وقت شروع ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘کسی ملک پر بھاری طاقت کے ساتھ حملہ کرنا ایک چیز ہے، مگر 44 ملین ایسے لوگ جو اپ کو وہاں نہیں چاہتے، ان پر کنٹرول برقرار رکھنا ایک اور چیز ہے۔‘

    انھوں نے نیٹو کی جانب سے ایک نو فلائی زون کے قیام کے امکان کو مسترد کیا کیونکہ اس کی کوئی بھی خلاف ورزی پورے یورپ میں جنگ بھڑکا دے گا۔

  6. خاموشی نازی ازم کو جنم دیتی ہے: صدر ولادی میر زیلنکسی

    صدر ولادی میر زیلنکسی نے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ کے دوران خاموش نہ رہیں۔

    دو مارچ کو فیس بک پر شائع ہونے والے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ‘ہم نے یورپ کو متحد کر لیا ہے، یورپی یونین کو نئی سطح پر متحد کیا ہے، جو کہ رسمی سے زیادہ اونچا ہے، عالمی سطح سے زیادہ اونچا ہے، اور وہ ہے عام لوگوں کی سطح پر۔‘

    انھوں نے کہا کہ غیر جانبدار سوئٹزرلینڈ بھی روسی اشرافیہ، حکام، اور ریاست کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کی حمایت کرتا ہے۔ انھوں نے پوچھا ‘تو پھر دیگر ممالک کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ نازی ازم خاموشی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ‘ایک ہفتہ پہلے تک جن ممالک پر روس انحصار کر رہا تھا، آج وہ ہمارے جنگ مخالف اتحاد میں شامل ہو گئے ہیں۔ یہ ایک اچھی چیز ہے اور اب آپ غیر جانبدار نہیں رہ سکتے۔‘

  7. تجزیہ: روس روکے گا نہیں!, بی بی سی کے سیکیورٹی نامہ نگار فرینک گارڈنر

    صدر پوتن یوکرین کو مغربی کیمپ میں جانے سے پہلے تباہ کر دینے کو ترجیح دیں گے۔

    روس نے اب تک اپنے تباہ کن ترین ہتھیاروں کو استعمال کرنے سے گریز کیا ہے تاہم حملے کے دوسرے مرحلے میں یہ معتدل رویہ ختم ہوتا نظٌر آ رہا ہے۔

    مغربی کے لیے مشکل بیلنسنگ کا عمل یہ ہے کہ وہ پوتن پر اتنا دباؤ ڈالیں کہ وہ یہ جنگ روک دے، مگر اتنا دباؤ نہ ڈالیں کہ وہ شدید ردعمل دیکھائے اور کچھ انتہائی افسوس ناک کر دے۔

    اس کے علاوہ اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ پوتن کے قریبی ساتھیوں میں سے کوئی بھی انھیں محتاط رہنے کا مشورہ دے رہا ہوگا۔

    صدر پوتن نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنے مشیران کے ساتھ مل کر اس حملے کی منصوبہ بندی تھی اور اس وقت انھوں نے تمام تر طاقت اور اختیارات اپنی مٹھی میں بند کر رکھے ہیں۔

  8. روس اس وقت یوکرین کے کتنے حصہ کا کنٹرول حاصل کر چکا ہے؟

  9. بریکنگ, روس کا خيرسون پر قبضے کا دعویٰ

    روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ان کے فوجیوں نے یوکرین کا جنوبی شہر خيرسون پر قبضہ کر لیا ہے۔

    اگر یہ شہر روسی کنٹرول میں آ گیا ہے تو یہ یوکرین میں روسی کنٹرول میں آنا والا سب سے بڑا شہر ہوگا۔

    گذشتہ شب شہر کی کچھ گلیوں میں روسی فوج دیکھے گئے تھے اور شہر کے میئر نے کہا تھا کہ خيرسون کا ٹرین سٹیشن اور بندرگاہ روسی کنٹرول میں جا چکی تھی۔

  10. ایئر لائن ویز ائیر کی جانب سے یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے ایک لاکھ مفت سیٹیں

    کم قیمت کی ٹکٹیں بیچنے والی یورپی ایئر لائن ویز ایئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے ایک لاکھ مفت سیٹیں اپنی قلیل مدت والی پروازوں پر فراہم کریں گے۔

    ہنگری کی اس ایئر لائن نے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ یوکرینی پناہ گزینوں کو ان کی منزل تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ مفت سیٹیں پولینڈ، سلواکیا، ہنگری، اور رومینیا جانے والی پروازوں پر مارچ کے مہینے میں دیں جائیں گی۔

  11. بریکنگ, خارخیو پر بمباری میں کم از کم 21 افراد ہلاک

    یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارخیو پر روسی شیلنگ سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوگئے ہیں۔

    تاہم خارخیو کی علاقائی ریاستی انتظامیہ کے گورنر کا کہنا ہے کہ تمام روسی حملوں کو پسپا کر دیا گیا اور تمام مقامات ان کے کنٹرول میں ہیں۔ یاد رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب خارخیو پر روس کی شدید بمباری جاری رہی۔

  12. روس کا سب سے بڑا بینک یورپ میں بند

    روس کے سب سے بڑے بینک سبر بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی منڈیوں کو خیر آباد کہہ رہا ہے کیونکہ وہاں پر موجود اس کی ذیلی کمپنیوں اور شاخوں سے بڑی مقداد میں کیش نکالا جا رہا ہے۔

    بینک کا کہنا ہے کہ یہ وہ اپنی ذیلی یورپی شاخوں کو لیکوئیڈیٹی فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تاہم ان کے اثاثاجات اور کیپیٹل کو ملا کر ان کے پاس اپنے تمام تر صارفین کو مکمل ادائیگیوں کی صلاحیت موجود ہے۔

    منگل کے روز بینک کے یورپی جز کو یورپی سنٹرل بینک کی جانب سے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا کیونکہ انھیں ‘رن آن ڈیپوزٹ‘ یعنی صارفین کی جانب سے کیش کے مطالبے کا سامنا ہو سکتا تھا۔

  13. جاپان آئندہ ہفتے بیلاروس پر پابندیاں لگائے گا

    جاپانی وزیراعظم فومیو کشیڈہ نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے میں ملوث ہونے کے باعث ٹوکیو اس ہفتے بیلاروس پر معاشی پابندیاں لگائے گا۔

    خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق وزیراعظم کشیڈہ نے دو مارچ کو جاپانی پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ ‘بیلاروس کے یوکرین پر روسی حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم بیلاروس کے صدر ایلکزینڈر لوکاشنکو سمیت متعدد افراد پر پابندیاں لگائیں گے اور برآمدات کو منٹرول کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

    تاہم انھوں نے سابق وزیراعظم شنژو آبے کی اس تجویز کو مسترد کر دیا کہ اس حملے کے بعد جاپان کو امریکہ کے ساتھ جوہری اشتراک کے معاہدے پر غور کرنا چاہیے۔

  14. بریکنگ, اقوامِ متحدہ کی روسی حملوں میں 136 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

    اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین پر گذشتہ جمعرات سے شروع ہونے والے روسی حملے میں اب تک کم از کم 136 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

    ہلاک شدگان میں 13 بچے بھی شامل ہیں۔

    تاہم یو این ایچ سی آر کی ترجمان لز تھروسل نے کہا ہے کہ مرنے والوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ہلاکتیں گولہ باری، فضائی حملوں اور بڑے بم حملوں میں ہوئی ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اب تک کی لڑائی میں 400 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    تاہم یوکرین کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک 352 شہری ہلاک اور 1684 زخمی ہو چکے ہیں۔

  15. ویکیوم بم: کیا روس نے انسانی جسم کو تحلیل کرنے والا ہتھیار یوکرین میں استعمال کیا؟

  16. ’کیئو کا ارب پتی شہزادہ‘: پاکستانی لڑکا جو یوکرین کا ’سٹیل کنگ‘ بنا

  17. بریکنگ, ماسکو کی سٹاک مارکیٹ متواتر تیسرے روز بند

    روس کے سنٹرل بینک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماسکو کی ایکسچینج میں سٹاک مارکیٹ میں تجارت بدھ کو متواتر تیسرے روز بھی بند رہے گی۔

    تاہم انھوں نے آپریشنز کی ایک محدود رینج کی اجازت دینے کا فیصل کیا ہے۔

    یاد رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد روسی کرنسی روبل انتہائی کم سطح تک گر گیا ہے اور بیرونِ ملک لسٹڈ روسی کمپنیوں کے حصص کی قیمت تیزی سے گری ہے۔

  18. یوکرین میں گذشتہ رات کیا ہوا ہے؟

    یوکرین میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات روسی فوجوں نے ملک کے دو اہم شہر کیئو اور خارخیو کی جانب پیشقدمی کی ہے۔

    ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے گذشتہ شب اپنے سٹیٹ آف دی یونین خطاب کا بیشتر حصہ یوکرین کی صورتحال پر ہی وقف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ

    • گذشتہ ایک گھنٹے میں خارخیو کے شہر میں روسی چھاتہ بردار فوجی اترے ہیں۔ شہر پر منگل کو ہونے والی گولہ باری میں درجنوں عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
    • یوکرینی حکام کے مطابق جنوب میں شہر خيرسون پر روسی فوج نے قبضہ کر لیا ہے
    • امریکی صدر بائیڈن نے روسی طیاروں کے امریکی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے
    • سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں امریکہ میں یوکرینی سفیر اوکسانا مارکروا کو سٹینڈنگ اویشن دیا گیا۔ انھوں نے اس ہفتے امریکی قانون سازوں کو اہم معلومات فراہم کی ہیں جن میں یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ روس نے یوکرین میں ویکیوم بم استعمال کیے ہیں۔
    • اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً چھ لاکھ لوگ یوکرین سے فرار ہو چکے ہیں۔
    • مغربی کمپنیوں بوئنگ اور ایگزون موبل نے روس سے اپنے تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔
    • روس کے حامی ملک بیلاروس نے یوکرین کے ساتھ اپنی سرحد پر اپنی فوج دو گنی کر دی ہے۔
  19. بریکنگ, خارخیو پر فضائی حملے کی یوکرینی فوج کی جانب سے تصدیق

    یوکرین کی فوج نے سے کچھ دیر پہلے آنے والی ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے کہ روسی پیراٹروپر فوجی خارخیو میں اتر آئے ہیں۔ روسی فوج کی کوشش ہے اس زیرِ محاصرہ شہر پر قبضہ کر لیں۔

    یوکرینی فوج کے مطابق یہ فضائی کارروائی اس وقت شروع ہوئی جس وقت خارخیو اور اس کے گردونواح میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی فوجیوں نے ایک مقامی عسکعی ہسپتال پر حملہ کیا اور یہ کہ لڑائی اس وقت جاری ہے۔

    خارخیو کی زیادہ تر آبادی روسی زبان بولتی ہے۔ اس وقت شہر میں مقامی وقت تقریباً صبح کے سات بجے ہیں۔

    خارخیو کا شہر یوکرین میں گذشتہ چند روز میں ہونے والی لڑائی کا مرکز رہا ہے۔

    منگل کے روز شہر میں ایک حکومتی عمارت کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد آس پاس کھڑی گاڑیاں جل گئیں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ خارخیو یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے۔

    شہر میں ایک اور حملے میں مبینہ طور پر خارخیو کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا اور اس حملے کو یوکرینی صدر نے جنگی جرائم قرار دیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

    کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے عام شہریوں کے علاقوں کو نشانہ بنانے کا مقصد یوکرین میں عام شہریوں کی جانب سے مزاحمت کی خواہش کو ٹھیس پہنچانا ہو سکتا ہے۔

  20. روسی شہری اب ملک سے باہر جاتے ہوئے دس ہزار ڈالر سے زیادہ نہیں لے جا سکتے!

    روسی شہری اب ملک سے باہر جاتے ہوئے اپنے ساتھ 10 ہزار ڈالر سے زیادہ نہیں لے کر جا سکتے۔ یہ اعلان صدر پوتن نے ایک صدارتی حکم نامے میں کیا ہے اور یہ بدھ کے روز سے لاگو ہوگا۔

    یاد رہے کہ مغربی ممالک کی مراشی پابندیوں کی وجہ سے روسی معیشت کو کافی نقصان پہنچا ہے اور روسی کرنسی روبل کی قیمت کافی گر گئی ہے۔