امریکہ ویزے کے حکم پہ نظر ثانی کرے، انڈیا کا مطالبہ
انڈیا نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ ویزے کے اس حکم نامے پر دوبارہ غور کرے جس کے تحت انڈین طالب علموں کی ایک بڑی تعداد کو امریکہ چھوڑ کر انڈیا واپس آنا پڑے گا۔
امریکی امیگریشن سروسز نے اس ہفتے کہا ہے کہ اگر یونیورسٹیاں اس موسمِ خزاں میں اپنی کلاسز آن لائن لیتی ہیں تو غیر ملکی طالب علموں کو ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھیں صرف رہنے کی اس وقت اجازت ہو گی کہ اگر وہ بذات خود ٹیوشن والا کوئی کورس لیں۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان انوراگ سرواستوا نے جمعرات کو کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو یہ ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ تعلیمی تبادلے اور لوگوں کے لوگوں سے رشتوں نے ہمارے تعلقات کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔