بریکنگ, چین: بیجنگ کے قریب ’ہیبی‘ میں سخت لاک ڈاؤن نافذ، چار لاکھ افراد محصور

،تصویر کا ذریعہReuters
کورونا وائرس کے بڑھتے متاثرین کے پیش نظر چین نے دارالحکومت بیجنگ کے قریب صوبہ ہیبی میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
اس لاک ڈاؤن سے تقریباً چار لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔
گذشتہ سال کے آخر میں کورونا انفیکشن چین سے شروع ہوا تھا ، لیکن اس کے بعد سے چین میں کووڈ 19 متاثرین کی تعداد بہت کم رہی ہے۔
لیکن انفیکشن کی ایک اور لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور حکومت کچھ نئے متاثرین کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
ہیبی میں کیا ہو رہا ہے؟
اتوار کے روز عہدیداروں نے اعلان کیا کہ اینسائن کاؤنٹی کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کر لیا گیا ہے اور یہاں ہر چیز پر قابو پالیا جائے گا۔ صرف ضروری خدمات سے وابستہ افراد کو گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ صرف ایک شخص دن میں باہر خریداری کرنے جا سکے گا۔
کسی بھی عمارت ،کمیونٹی اور گاؤں میں کسی بھی بیرونی شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عہدیداروں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر قوانین کی خلاف ورزی ہوئی تو پولیس انھیں سزا دے گی۔ اینسائن دارالحکومت بیجنگ سے 150 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
بیجنگ میں دو ہفتے قبل کورونا کے نئے مریض رپورٹ ہونا شروع ہونے کے بعد اینسائن کاؤنٹی میں بھی 18متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین کے دیگر شہروں کے مقابلے میں اس علاقے میں زیادہ بھیڑ نہیں ہے۔ لہذا مقامی ماہرین صحت کو امید ہے کہ یہاں انفیکشن پھیلنے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔













