کورونا کا تیل پیدا کرنے والے ممالک پر اثر، معیشت 7.6 فیصد تک گِر سکتی ہے

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں اب تک دو لاکھ بارہ ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ’کووڈ 19 کے معاملے میں ہرڈ امیونیٹی ایک خوش فہمی ہے‘ جبکہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار کی حکومت نے آکسیجن گیس کا پلانٹ لگانے کا حکم دیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. پاکستان میں کورونا وائرس طبی عملے کے 89 افراد کی جان لے چکا ہے, عزیزاللہ خان، پشاور

    ssf

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود طبی عملہ بھی اس وائرس سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور اب تک 89 ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کے ارکان انتقال کر چکے ہیں۔

    صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے پاکستان کے تمام شہروں سے اعدادوشمار حاصل کیے ہیں اور جب سے کورونا وائرس پاکستان میں آیا ہے تب سے اب تک پاکستان میں طبی عملے کے 89 افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان میں 72 ڈاکٹر، 17 نرسز، ٹیکنیشنز، ڈسپنسرز، فارماسسٹ اور کلاس فور کے ملازمین شامل ہیں۔

    محکمہ صحت کے ایک ایمبولینس ڈرائیور بھی اس وائرس سے وفات پا گئے ہیں جو متاثرہ مریضوں یا میتوں کو منتقل کرتے تھے۔

    پی ڈی اے کے مطابق اس وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور اس بارے میں وہ تمام فہرستیں مرتب کر رہے ہیں۔

    پی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا میں 600 ڈاکٹرز اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر صحتیاب ہو گئے ہیں۔

  2. بلوچستان: ٹیسٹنگ میں بتدریج کمی، 28 جون کو صرف 459 ٹیسٹ کیے گئے, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    فشفش

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بلوچستان میں گزشتہ دس روز کے دوران پہلے کے مقابلے کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی آئی ہے اور ان کی تعداد ہزار تک بھی نہیں پہنچ پائی۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی رپورٹس کے مطابق 18جون کو 14سو سے زائد ٹیسٹ کیے گئے تاہم اس کے بعد ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی آتی رہی جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا کہ 28 جون کو ٹیسٹوں کی کل تعداد 459 تھی۔

    بلوچستان میں گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 50 ہزار تک بھی نہیں پہنچی سکی ہے۔

    محکمہ صحت کی رپورٹس کے مطابق 28 جون تک ان کی تعداد 48194 تھی۔ جہاں ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی آئی ہے وہاں تصدیق شدہ کورونا کیسز کی تعداد میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔

    حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق کورونا کے کیسز میں کمی لوگوں کی احتیاطی تدابیر کے رحجان میں اضافے کی وجہ سے آرہی ہے۔

    تاہم ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان نے عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کے مزید آٹھ مقامات پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے سمپل لینے کی سہولت مہیا کر دی ہے۔

  3. ڈیکسا میتھازون دوا کن مریضوں کو دی جائے گی؟

    ڈیکسا میتھازون دوا کن مریضوں کو اور کن حالات میں دی جائے گی ۔ اس بارے میں ہماری ساتھی عالیہ نازکی نے این ایچ ایس لندن سے وابستہ ماہر امراض تنفس ڈاکٹر سلیم انور سے بات کی ۔۔ انھوں نے کیا کہا ۔۔جانتے ہیں اس پوڈکاسٹ میں ۔۔

  4. کورونا وائرس کے متعلق غلط تصورات کو ختم کیا جائے، میڈیا سیشن میں ڈاکٹروں کی ہدایت

    دشگد

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پنجاب کےڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی سربراہی میں کورونا وائرس کے ماہر ایڈوائزری ڈاکٹرز گروپس نے عیدالضحی کے حوالے سے پالیسی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے میڈیا سیشن منعقد کیا۔

    میڈیا سیشن کے دوران مختلف سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں نےعوام میں پھیلے وہموں کے خاتمے کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں:

    • گرم موسم سے وائرس کے خاتمے کا قطعی تعلق نہیں ہے البتہ 70 درجہ حرارت پر وائرس کے خاتمے کا امکان بڑھ جاتا ہے
    • ہمارا محتاط رویہ شرح اموات میں کمی کے لیے بہت اہم ہے
    • سنا مکی اور اس طرح کی جڑی بوٹیاں کورونا کے خاتمے کے لیے بالکل مفید نہیں ہیں بلکہ یہ بہت سے امراض جیسے بلڈ پریشر اور ڈایریا میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں
    • کسی بھی طرح کے وٹامنز کا استعمال اس وائرس کے خاتمے کے لیے بالکل مفید نہیں ہے، وائرل بیماری میں ان کا استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے
    • متوازن خوراک ہر طرح کی بیماری بالخصوص کورونا کیلے بھی بہت مفید ہے۔ زیادہ سے زیادہ تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں
    • ماسک کا درست استعمال بہت ضروری ہے ، خود بھی استعمال کریں اور دوسروں کو بھی تاکید کریں
    • این-95 ماسک کا استعمال صرف ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے لیے ہے اس کا استعمال عام افراد نہ کریں
    • سماجی فاصلہ، احتیاطی تدابیر اور ماسک کا درست استعمال اس بیماری سے بچاؤ کے لیے بہت ضروری ہے
    • بیماری کے خاتمے کے لیے پلازمہ کی منتقلی، اینٹی بایئوٹیکس، وٹامن اور سٹیرایئڈز کا استعمال ابھی تحقیقات کے مرحلے میں ہے، اس کا ابھی کوئی حتمی علاج دریافت نہیں ہو سکا
    • عید الاضحی کے متعلق ایس او پی پر لازمی عمل کریں
    • مذہبی تہواروں پر اجتماع سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں
    • عید پر گلے ملنے سے اجتناب کریں اور سماجی فاصلے پر عمل کریں
    • عید سے 15 دن پہلے مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، شہر اور گنجان علاقے میں منڈی لگانے کی اجازت نہیں ہے، ان میں داخلی اور خارجی راستے پر ماسک کا استعمال کیا جاے گا
    • ہر مویشی منڈی میں میڈیکل کیمپ لازم ہوگا، تمام ایس او پیز کی تشہیر ہر جگہ کی لوکل زبان میں کی جائیں گی اور داخلی راستوں پر ہر فرد کا ٹمپریچرچیک کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اس میں مشترکہ ذمہ داریا ں ادا کریں گی
    • جانورں پر کورونا کا ٹیسٹ صرف تحقیقی طور پر کیا جا رہا ہے ابھی ان سے وائرس کے پھیلاؤ کے کوئی شواہد نہیں ہیں
    • زیادہ عمر کے افراد اور بچوں کی مویشی منڈی میں داخلے پر سخت پابندی ہو گی
    • ٹیسٹوں میں بظاہر کمی اس لیے محسوس ہو رہی ہے کیونکہ فلائیٹ کی ٹیسٹنگ نہیں کی جا رہی ہے
    • والڈسٹی میں کم مریضوں کے باوجود لاک ڈاون اس کے گنجان آباد ہونے کی وجہ سے کیا گیا
    • ہماری ٹیسٹنگ کی صلاحیت روزبروز بڑھ رہی ہے۔ 12000 ٹیسٹنگ کی صلاحیت ہے اور اس میں 1000 کا فوری اضافہ کیا جا رہا ہے
    • مویشی منڈیاں لگانے کے لیے محتاط فاصلہ طے کیا گیا ہے، شہر سے 5 کلو میٹردور مویشی منڈیاں لگائی جایئں گی اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اس کا تعین کرے گی
    • کونٹیکٹ ٹریسنگ میں کورونا وائرس کی علامات والوں کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، فلایئٹ لوڈ کی کمی کی وجہ سے اس میں بظاہر کمی آرہی ہے ،اس کے ساتھ ہم نے سمارٹ سامپلنگ، رینڈم سامپلنگ میں اضافہ کیا ہے
    • مارکیٹس اور دیگر گنجان آباد جگہ کی سیمپلنگ کی جا رہی ہے تاکہ وائرس سے مشتبہ افراد کی نشاندہی کی جا سکے
    • قربانی سے متعلق تمام ایس او پیز کو عید سے پہلے عوام کو بتا دیا جائے گا جن پر عمل درآمد کر کے اس وبا کے خاتمے میں مدد ملے گی
  5. لاک ڈاؤن کی واپسی کے پیشِ نظر تیل کی قیمتیں دباؤ کی شکار

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافے سے جہاں لاک ڈاؤن کی واپسی کے خدشات پیدا ہوئے ہیں، وہیں ان کا اثر تیل کی عالمی قیمتوں پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں 84 سینٹ یا 2 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی اور اسے 40.18 ڈالر فی بیرل پر دیکھا گیا۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 72 سینٹ کمی ہوئی اور اسے 37.77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر دیکھا گیا۔

    جے بی سی اینرجی کے مطابق ’دونوں سودوں پر دباؤ لاک ڈاؤن کی واپسی کے امکانات کے پیشِ نظر دیکھا جا رہا ہے۔‘

    اتوار کو کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق تیل کی قیمتیں ریفائننگ کے مارجن میں کمی، ذخیرہ کرنے کی لاگت میں اضافے، اور امریکہ کی جانب سے پیداوار کی بحالی کی وجہ سے بھی دباؤ کی شکار ہیں۔

  6. چمن احتجاج: پاکستان اور افغانستان کے درمیان مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت چھٹے روز بھی معطل, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    Abdul Basit Achakzai

    ،تصویر کا ذریعہAbdul Basit Achakzai

    بلوچستان کے سرحدی شہر چمن کے مقامی تاجروں اور مزدوروں کو روزانہ کی بنیاد پر کاروبار اور محنت مزدوری کے لیے افغانستان آمدورفت کی اجازت نہ ملنے کے خلاف احتجاج کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان گاڑیوں کی آمد و رفت پیر کو چھٹے روز بھی بند رہی۔

    کورونا کے باعث سرحد کی بندش کے نتیجے میں جو پابندیاں عائد کی گئی تھیں ان میں سے متعدد نرم کردی گئیں لیکن مقامی تاجروں اور محنت کشوں کی روزانہ آمد ورفت پر پابندی اب بھی برقرار ہے۔

    چمن کے تاجر رہنما صادق اچکزئی کے مطابق چمن میں لوگوں کے معاش اور روزگار کا انحصار سرحدی تجارت پر ہے جس پر پابندی نہ ہٹانے کے خلاف تاجر اور مزدور احتجاج پر ہیں۔

    اگرچہ اس حوالے سے احتجاج کا آغاز 25 روز قبل شروع ہوا تھا لیکن چھ روز قبل دونوں ممالک کے درمیان شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اس کو بند کر دیا گیا تھا۔

    شاہراہ کی بندش سے دونوں مالک کے درمیان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، نیٹو سپلائی اور دو طرفہ تجارت کی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔

    Abdul Basit Achakzai

    ،تصویر کا ذریعہAbdul Basit Achakzai

    Abdul Basit Achakzai

    ،تصویر کا ذریعہAbdul Basit Achakzai

  7. لیسٹر: لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں تک توسیع کی جاسکتی ہے

    ,khjh

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    لیسٹر کے مئیر کا کہنا ہے کہ شہر میں پب اور ریستوران کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کی وجہ سے مزید دو ہفتوں کے لیے بند رہ سکتے ہیں۔

    سر پیٹر سولسبی نے بی بی سی ریڈیو 4 کے پروگرام میں بتایا کہ حکومت نے حالیہ پابندیوں کو مزید پندرہ دن برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔

    گذشتہ دو ہفتوں سے لے کر 23 جون تک شہر میں 866 متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ وبائی مرض شروع ہونے کے بعد سے 2987 افراد میں سے 29 فیصد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اتوار کے روز ہوم سکریٹری پریتی پٹیل نے کہا تھا کہ شہر کو ممکنہ طور پر مقامی لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے ساتھ مل کر لیسٹر میں کونسل اور مقامی افراد کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ وائرس کی مزید منتقلی کو روکنے میں مدد ملے۔‘

  8. ڈیکسا میتھازون اور پلازمہ کا استعمال کب کرنا چاہیے؟

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے علاج کے بارے میں جاننے کی تگ و دو جاری ہے۔جہاں ایک طرف ڈیکسامیتھازون دوا کو علاج کے لیے ایک اہم پیشرفت کا خطاب ملنے کے بعد وہ اب مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے وہیں دوسری جانب پلازمہ ڈونیٹ کرنے کے بارے میں جیسے ہی اطلاع عام ہوئی تو لوگوں نے ایک لاکھ کی رقم کے عوض اپنے پلازمہ لوگوں میں بانٹے۔لیکن ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ تمام طریقہ اور ادویات اس وقت انڈر ٹرائل ہیں۔ اور ان کو کورونا وائرس کا مکمل علاج سمجھنا غلط ہے۔

    اس بارے میں بی بی سی نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے شعبہ وبائی امراض کے سیکشن ہیڈ ڈاکٹر فیصل سے بات کی، انھوں نے اس تمام تر صورتحال کے بارے میں کہا دیکھیے اس ویڈیو میں

  9. کرناٹک: متاثرین کو گھروں میں رکھنے کے لیے الیکٹرانک ٹیگ منگوانے کا فیصلہ

    sfsf

    انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک میں ایسے افراد کے لیے الیکٹرانک ٹیگ منگوائے جا رہے ہیں جنھیں گھروں میں سخت قرنطینہ کی ہدایات ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ دارالحکومت بنگلور میں ایک ہزار سے زیادہ نئے مریضوں اور سات اموات کے بعد کیا گیا ہے۔

    متاثرین کی تعداد میں حالیہ اضافے ریاست کے عہدیداروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جو مہاراشٹر اور تمل ناڈو کے مقابلے میں اب تک انفیکشن پھیلنے کی شرح کم رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

    ایک سرکاری عہدیدار نے بنگلور مرر اخبار کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے 13،000 افراد نے اپنے گھر پر قرنطینہ ہدایات کی خلاف ورزی کی تھی۔

    مبینہ طور پر عہدیدار ٹیگ تیار کرنے کے لیے کسی فرم سے بات کر رہے ہیں جو کلائی کے گرد پہنا جائے گا۔ اگر ٹیگ پہنے شخص نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی تو حکام کو مطلع کیا جائے گا۔

    کرناٹک میں اب تک 13،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے۔ انڈیا دنیا میں وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چبتھے نمبر پر ہے اور ملک میں 530،000 سے زیادہ متاثرین اور 16،475 اموات ہو چکی ہیں۔

  10. بورس جانسن: کورونا وائرس برطانیہ کے لیے 'آفت' ہے، 'درست وقت' پر انکوائری کا عزم

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کو ملک کے لیے 'آفت' قرار دیا ہے مگر اصرار کیا ہے کہ یہ مبینہ غلطیوں کی انکوائری کا درست وقت نہیں ہے۔

    ٹائمز ریڈیو سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ 'یہ ایک آفت ہے۔ ہمیں لگی لپٹی رکھے بغیر کہنا چاہیے۔ میرا مطلب ہے کہ یہ اس ملک کے لیے ایک برا خواب ہے اور ملک ایک بدترین صدمے سے گزرا ہے۔'

    بورس جانسن جنھوں نے خود بھی کووڈ 19 کے باعث انتہائی نگہداشت میں وقت گزارا تھا، نے کہا کہ حکومت پر تمام ہلاک شدگان اور متاثرہ افراد کی طرف سے یہ پتا چلانے کی ذمہ داری ہے کہ 'کب کیا غلط ہوا۔'

    'میں اس چیز کو سمجھتا ہوں اور ہم ایسا کریں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس کے لیے یہ درست وقت نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس وقت اتنی بڑی تعداد میں سرکاری وقت اس پر صرف کرنے کا درست وقت ہے۔'

    'لیکن ہم مسلسل نئے سبق سیکھ رہے ہیں۔'

  11. نئے متاثرین کی تعداد میں کمی، سری لنکا نے کرفیو اٹھا لیا

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سری لنکا نے ملک سے کرفیو مکمل طور پر اٹھا لیا ہے جسے مارچ میں نافذ کیا گیا تھا۔

    اپریل میں حکام نے اس کرفیو کو صرف رات کے وقت تک کے لیے محدود کر دیا تھا۔

    اتوار کو جب کرفیو ہٹایا گیا تو حکام کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

    ملک میں متاثرین کی سب سے بڑی تعداد مئی کے اواخر میں سامنے آئی تھی جب ایک روز میں 150 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    تب سے اب تک نئے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے کمی ہوئی ہے۔ سنیچر کو 19 لوگوں میں وائرس پایا گیا تھا۔

    سری لنکا میں اب تک 2000 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ یہاں 11 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

  12. یورپی یونین: منگل تک کورونا سے ’محفوظ ممالک‘ کی فہرست تیار ہو جائے گی

    ع

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ہسپانوی وزیر خارجہ ارانچا گونزالاز لیا کا کہنا ہے کہ یورپی یونین ممالک میں سفر کے لیے کورونا وائرس سے محفوظ ممالک کی فہرست منگل تک تیار ہو جائے گی۔

    انھوں نے مقامی ریڈیو کڈینا ایس آر کو بتایا کہ بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد، یورپی یونین کے عہدیداروں نے 15 ممالک کی ایک فہرست تیار کی ہے جہاں سے آنے والے مسافروں کے لیے سرحدیں کھولنا محفوظ ہیں۔

  13. روس میں دو مہینوں بعد کووڈ 19 انفیکشن کی کم ترین تعداد سامنے آئی

    تعتع

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    روس میں پیر کو ناول کورونا وائرس کے 6719 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ 29 اپریل کے بعد یہ یومیہ متاثرین کی سب سے کم ایک روزہ اضافہ ہوا ،تعداد ہے۔

    ملک میں مجموعی طور پر 641،156 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

    نیشنل کورونا وائرس ٹاسک فورس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد ہلاک ہو گیے ، جس کے بعد سرکاری سطح پر اموات کی تعداد 9،166 ہوگئی ہے۔

    امریکہ اور برازیل کے بعد روس کورونا وائرس سے متاثرہ ممال ک میں تیسرے نمبر پر ہے۔

  14. نیویارک: 15 مارچ کے بعد پہلی مرتبہ یومیہ اموات کی سب سے کم تعداد رپورٹ

    گعت

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ میں ریاست نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق نیویارک میں کووڈ 19 کے باعث 30،000 سے زیادہ اموات ہوئیں، جو کسی بھی دوسری ریاست سے دوگنی تعداد بنتی ہے۔

    لیکن مہنیوں بعد صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

    اتوار کے روز گورنر اینڈریو کوومو نے کہا کہ وائرس کا شکار صرف پانچ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، جو 15 مارچ کے بعد یومیہ اموات کی سب سے کم تعداد ہے۔

    انھوں نے کہا ’بھر کی ریاستیں دوبارہ کھلنے کے بعد وائرس کی نئی لہر سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہی ہیں لیکن نیو یارک میں متاثرین کی تعداد مسلسل نیچے جارہی ہے۔‘

  15. کورونا وائرس آپ کے جسم کے ساتھ کرتا کیا ہے؟

    فدافا

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    کورونا وائرس گذشتہ برس دسمبر میں سامنے آیا لیکن اب کوویڈ-19 عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

    اس بیماری میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر افراد میں اس بیماری کا اتنا اثر نہیں ہوتا اور وہ صحت یاب بھی ہو رہے ہیں، تاہم کچھ افراد اس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

    تو سوال یہ ہے کہ یہ وائرس جسم پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں کچھ افراد ہلاک کیوں ہو رہے ہیں اور اس بیماری کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟ اس بارے میں جاننے کے لیے مزید پڑھیے

  16. کورونا وائرس کہاں پھیل رہا ہے اور کہاں کم ہو رہا ہے؟

  17. آئرلینڈ میں شراب خانے، ریستوران اور حجاموں کی دکانیں کھل گئیں

    فشفش

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    آئرلینڈ میں ریستوران، کیفے، ہیئر ڈریسر اورکھانا سرو کرنے والے شراب خانے اور بار پھر سے کھل رہے ہیں۔

    کووڈ 19 پر قابو پانے کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے لیکن انھیں جگہوں پر معاشرتی دوری کے قواعد پر عمل کرنا لازم ہوگا۔

    یہ اقدام ملک کو چار مراحل میں دوبارہ کھولنے والے منصوبے کے فیز تین کا ایک حصہ ہے۔

  18. سکاٹ لینڈ: لاک ڈاؤن میں نرمی، دکانیں اور کاروبار کھل گئے

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سکاٹ لینڈ میں لاک ڈاؤن اقدامات میں نرمی کے بعد فیکٹریاں اور ایسی دکانیں جن تک سڑک سے رسائی آسان ہے، دوبارہ کھل رہی ہیں۔

    چھوٹے پیمانے پر شادیاں اور تقریبات اب گھر کے باہر ہوسکتی ہیں اور چڑیا گھر اور سفاری پارکس دوبارہ کھل سکتے ہیں، لیکن صرف آس پاس رہنے والوں کے لیے۔

    23 مارچ کو سکاٹش حکومت کی لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بہت سے سٹورز صارفین کے لیے کھلے ہوں گے۔

    یہ اقدامات سکاٹش حکومت کے لاک ڈاؤن سے باہر آنے والے ’روٹ میپ‘ کے فیز ٹو کا حصہ ہیں۔ مزید پابندیاں اس ہفتے کے آخر میں ختم کی جانے والی ہیں۔

  19. سرکاری حج سکیم کے پیسے واپس کیے جائیں گے

    etere

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور جمعرات سے سرکاری حج سکیم کے تحت حاصل کی گئی فیس لوٹانی شروع کرے گی۔

    ریڈیو پاکستان نے وزارت کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ پیسے مخصوص بینکوں کی برانچوں کے ذریعے ریفنڈ کیے جائیں گے۔

    وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ سرکاری سکیم کے تمام کامیاب درخواست گزاروں کو ان کے موبائل فونز پر پیغام کے ذریعے ان کے پیسوں کی واپسی کے بارے میں مطلع کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ وزارت کی جانب سے یہ فیصلہ سعودی حکومت کے اس اعلان کے بعد کیا گیا ہے کہ رواں سال سعودی عرب کے باہر سے کورونا کے باعث کسی بھی حاجی کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور صرف مملکت میں موجود لوگ ہی حج ادا کر سکیں گے۔

  20. کیا چمگادڑ کورونا وائرس پھیلاتے ہیں؟

    سائنسدان کووڈ 19 کے نقطہ آغاز سے متعلق تحقیقات میں مصروف ہیں اور ایسے میں اس بات کا خوف بڑھ رہا ہے کہ چمگادڑ اس وبا کو پھیلا رہے ہیں۔ چمگادڑوں کی بحالی کا کام کرنے والے ان الزامات کو رد کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ چمگاذڑ کس طرح انسانوں کی مدد کرتے ہیں۔