کورونا کا تیل پیدا کرنے والے ممالک پر اثر، معیشت 7.6 فیصد تک گِر سکتی ہے

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں اب تک دو لاکھ بارہ ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ’کووڈ 19 کے معاملے میں ہرڈ امیونیٹی ایک خوش فہمی ہے‘ جبکہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار کی حکومت نے آکسیجن گیس کا پلانٹ لگانے کا حکم دیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, پنجاب میں آکسیجن گیس کے لیے حکومت کا خود پلانٹ لگانے کا فیصلہ

    corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار نے پنجاب میں آکسیجن گیس کے لیے حکومت کا خود پلانٹ لگانے کا حکم دیا ہے۔

    وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دی دی۔

    اس پراجیکٹ کے لیے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی کے نام تجویز کیے گئے۔ تاہم انھوں لاہورمیں پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دی۔

    سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کو دو ہفتے کے اندر پائلٹ پراجیکٹ کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پنجاب حکومت سالانہ 32 کروڑ روپے مالیت کے آکسیجن سلنڈر ہسپتالوں کے لیے خریدتی ہے۔

    وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکسیجن گیس کا بڑا پلانٹ 80 ملین میں جبکہ درمیانہ پلانٹ 60 ملین میں لگ سکتاہے۔

    حکومت پنجاب نے بازار سے آکسیجن سلنڈر خریدنے کے بجائے خود پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    حکومت پنجاب کے مطابق اگر پائلٹ پراجیکٹ کامیاب ہوا تودیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر بھی پلانٹ لگانے کی منظوری دی جائے گی۔

  2. انڈیا: ہسپتال کی تلاش میں 52 سالہ شخص کی ہلاکت

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کے جنوبی شہر بنگلور میں علاج کی تلاش میں 18 ہسپتالوں تک جانے اور 32 ہسپتالوں میں کالیں کرنے کے بعد بالآخر ایک 52 سالہ شخص کی ہلاکت ہو گئی ہے۔

    ان شخص کو سانس میں رکاوٹ کی شکایت تھی اور انھیں تیز بخار بھی تھا۔

    ان کے ایک رشتے دار نے اخبار ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ 36 گھنٹوں تک مختلف ہسپتالوں تک جانے اور انھیں کالیں کرنے کے بعد آخرِکار ایک ہسپتال نے انھیں داخل کرنے کی ہامی بھری، تاہم اس سے پہلے کہ وہ انھیں داخل کر سکتے، ان کی ہسپتال کے دروازے پر ہی ہلاکت ہوگئی۔

    ان کا خاندان ابھی بھی ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کر رہا ہے۔

    ان کے رشتے دار نے بتایا: 'ہمیں نہیں معلوم کہ انھیں کووڈ 19 تھا یا نہیں، یا پھر وہ وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے خوف کے ماحول کے شکار ہوئے۔'

    بنگلور میں حالیہ دنوں میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے یہ خبروں میں ہے۔ یہاں دلی، ممبئی اور چنئی کی طرح متاثرین شروع میں تیزی سے نہیں بڑھے مگر ہفتے کے اختتام پر یہاں 1000 سے زائد متاثرین سامنے آئے۔

  3. امریکہ کے یوم آزادی پر لاس اینجلیس کے ساحل بند رکھنے کا فیصلہ

    CORONA

    امریکی شہر لاس اینجلس میں حکام کا کہنا ہے کہ 4 جولائی کو امریکہ کی یومِ آزادی اور اس کے ساتھ ہفتے کے اختتام کے موقع پر ساحل سمندر کو بند رکھا جائے گا تاکہ لوگوں کے ہجوم کو اکھٹا ہونے سے روکا جا سکے۔

    تین جولائی کی رات سے امریکہ کی سب سے بڑے کاؤنٹی میں تمام ساحل سمندر، کار پاکٹس ، موٹر سائیکلز کے راستے اور ساحل سمندر تک جانے والی تمام راستوں کو بند کر دیا جائے گا۔ یہ پابندی 6 جولائی کی شام تک رہے گی۔

    یہ فیصلہ پیر کو صرف ایک دن میں 2900 متاثرین سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ امریکہ میں وبا کے آغاز کے بعد سے ایک دن میں متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    امریکی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

    محکمہ صحت کے اندازے کے مطابق آنے والے ہفتوں میں ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ریاست کیلیفورنیا میں بھی گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا کے متاثرین میں اضافہ ہوا ہے۔ 24 جون کو 7149 نئے انفیکشنز ریکارڈ ہوئے اور مجموعی طور پر یہاں 216000 متاثرین ہیں۔ یہ نیویارک کے بعد امریکہ کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔

  4. سکاٹ لینڈ: سکول کے کلینرز خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے

    سکاٹ لینڈ میں سکولوں کے 1700 سے زائد کلینرز اور دیگر عملے نے سکاٹش کابینہ کی سربراہ فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجیون کو خط میں لکھا ہے کہ وہ خود کو ملازمت پر محفوظ نہیں محسوس کر رہے، اور انھیں روزانہ خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

    یہ خط سکاٹ لینڈ کی پارلیمان کو فراہم کیا جائے گا اور اس پر ان سٹاف کے دستخط ہوں گے جو خود کو ‘بھلا دیے گئے کارکن’ کہلوا رہے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ‘ہم دیگر اہم کارکنان کے بچوں اور خطرے کی زد میں موجود بچوں کا خیال رکھتے رہے ہیں، انھیں کھانا کھلایا ہے، ان کا خیال رکھا ہے، ان کی صفائی کی ہے، اور یقینی بنایا ہے کہ ان کا ماحول محفوظ ہو۔ ہم نے یہ سب محبت سے کیا ہے اور اپنی صحت اور تحفظ کا کم ہی خیال رکھا ہے۔’

    خط میں کہا گیا ہے کہ انھیں بہتر ذاتی حفاظتی سامان (پی پی ای)، بہتر تنخواہ فراہم کی جائے جبکہ زیادہ مؤثر گائیڈ لائنز جاری کی جائیں۔

  5. کورونا وائرس: بیماری کے خوف سے کیسے نمٹیں؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہEmma Russell

    کورونا وائرس نے دنیا کو غیر یقینی کی صورتِ حال میں ڈال دیا ہے اور اس وبا کے متعلق مسلسل خبریں بڑی بے رحم لگ سکتی ہیں۔ یہ سب لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً ان افراد کی صحت پر جن میں پہلے ہی اضطراب پایہ جاتا ہے یا انھیں او سی ڈی ہے۔ سو ہم کس طرح اپنی ضہنی صحت کا تحفظ کر سکتے ہیں۔

    خبروں کے متعلق پرتشویش رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن کئی لوگوں میں یہ پہلے سے جاری مسائل کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

    خود کو اس خوف سے کیسے محفوظ رکھا جائے، اس حوالے سے تفصیلی مضمون یہاں پڑھیے۔

  6. دنیا کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث پانچ لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
    • دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 25 لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک سوا لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
    • عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وبا کا بدترین مرحلہ ابھی آنا ہو۔ادارے نے کہا ہے کہ اگر حکومتوں نے درست پالیسیاں نہیں اپنائیں تو کئی گنا اور لوگ اس مرض کا شکار ہو جائیں گے۔
    • امریکہ اور انڈیا کی کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلوں کو یا واپس لے لیا ہے یا ان پر عملدرآمد ملتوی کر دیا ہے اور اس کی وجہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
    • آسٹریلیا کی دو ریاستوں کوئینز لینڈ اور جنوبی آسٹریلیا نے اپنی ریاستی سرحدیں مزید چند ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کوئینزلینڈ سرحدیں کھولنے پر بھی ریاست وکٹوریا کے شہریوں کے لیے اپنی سرحدیں بند رکھیں گے۔
  7. انڈیا میں مقامی طور پر تیار کی گئی ویکسین کے عنقریب انسانوں پر تجربات

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا میں جولائی سے مقامی طور پر تیار کی گئی ایک کورونا وائرس ویکسین کے انسانی تجربات شروع کیے جائیں گے۔

    حیدرآباد میں قائم بھارت بائیوٹیک نامی فرم رضاکاروں کی ایک نامعلوم تعداد کو اگلے ماہ یہ ویکسین لگائے گی۔

    جانوروں پر کیے گئے تجربات کے مطابق یہ ویکسین محفوظ ہے اور مدافعتی نظام میں ایک مثبت ردِعمل کو فروغ دیتی ہے۔

    یہ آزمائش دنیا کے کئی حصوں میں جاری آزمائشوں میں سے ایک ہے۔

    اب تک دنیا بھر میں 120 ایسے ویکسین تجربات جاری ہیں جبکہ انڈیا کی نصف درجن کمپنیاں اس تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    یہ انڈیا میں بنائی گئی پہلی ویکسین ہے اور اسے وائرس کی ایسی قسم سے تیار کیا گیا ہے جسے مقامی طور پر لیبارٹری میں علیحدہ کرکے کمزور کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل یہ کمپنی ایچ ون این ون وائرس اور روٹا وائرس سمیت کئی دیگر امراض کے لیے ویکسین بنا چکی ہے۔

  8. پنجاب میں کورونا کے 723 نئے کیسز

    corona

    پنجاب میں کورونا وائرس کے 723 نئے کیس، تعداد 75,501 ہو گئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق ان نئے کیسز میں لاہورمیں 301، ننکانہ 1، راولپنڈی 90، اٹک 2، چکوال 95 اورگوجرانوالہ میں 70 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے 46 مزید اموات کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی کل تعداد 1727 ہو چکی ہیں۔

    اب تک صوبے میں 493,225 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    صوبے میں کورونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 27,147 ہو چکی ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراََ 1033 پر رابطہ کریں۔

  9. آسٹریلیا: کوئینز لینڈ اور جنوبی آسٹریلیا نے ریاستی سرحدیں بند رکھنے کا اعلان کر دیا

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اب سے کچھ دیر قبل ہم نے آپ کو خبر دی تھی کہ امریکہ اور انڈیا کی کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کے فیصلوں کو مؤخر کر دیا ہے۔

    اب آسٹریلیا سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ جنوبی آسٹریلیا اور کوئینزلینڈ کی ریاستوں نے تمام آسٹریلوی شہریوں کے لیے اپنی ریاستی سرحدیں کھولنے کے منصوبے منسوخ کر دیے ہیں کیونکہ ریاست وکٹوریا میں وبا زور پکڑ رہی ہے۔

    وکٹوریا میں گذشتہ دو ہفتوں سے روزانہ متاثرین کی یومیہ تعداد دو ہندسوں میں ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں یہاں 64 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

    ان نئے متاثرین کی بڑی تعداد میلبرن کے متعدد علاقوں میں موجود ہے، اور یہ تین ماہ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی تشویش بن چکے ہیں۔

    خدشات ہیں کہ وبا دیگر ریاستوں تک بھی پھیل سکتی ہے جہاں فی الوقت بہت کم یا صفر متاثرین ہیں۔

    آج کیے گئے اعلانات میں جنوبی آسٹریلیا نے ریاستی سرحدیں کھولنے کو 20 جولائی تک مؤخر کر دیا جبکہ کوئینز لینڈ نے ایسا 10 جولائی تک کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم کوئینز لینڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ وکٹوریا کے رہائشیوں کے لیے سرحدیں نہیں کھولیں گے۔

    آسٹریلیا میں اب تک 7500 سے زائد متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ 104 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  10. متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے مسافروں کی آمد پر پابندی کیوں لگائی

  11. جنگ سے متاثرہ افغانستان کے ہسپتالوں پر وائرس کا اضافی بوجھ

    corona

    افغانستان میں کورونا کے پھیلنے کے بعد دہائیوں سے جاری جنگ کے باعث پہلے سے کمزور نظام صحت مزید بدحالی کا شکار ہو رہا ہے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار سکندر کرمانی کے مطابق ملک میں آکسیجن کی فراہمی اور دیگر وسائل کے حوالے سےخدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    کابل میں ایک ڈاکٹر نے نے بتایا کہ جب بھی آکسیجن کے سیلنڈرز آتے ہیں تو انتہائی نگہداشت تک پہنچتے پہنچے ان کے لیے مریضوں کے خاندانوں میں اس کے لیے لڑائی ہوتی ہے۔

    ایک دوسرے ڈاکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ حتی کہ نجی ہسپتالوں میں عملے کے لوگ بھی اپننے رشتہ داروں کا علاج نہیں کروا پا رہے۔

    ایک ڈاکٹر نے فون کیا اور کہا کہ ’میرے ایک رشتہ دار کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا میں نے کہا کہ میں اسے بھیج رہا ہوں انہیں وہاں داخل کر لیجیے تو انھوں نے معذرت کر لی۔ تو سوچیں ایک عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔‘

  12. کورونا وائرس سے جڑی اصطلاحات کے معنی کیا ہیں؟

    corona

    کورونا وائرس کی عالمی وبا نے ہماری روزمرہ کی زندگی میں کئی نئے الفاظ اور اصطلاحات متعارف کرائی ہیں، چاہے بات قرنطینہ، وائرس، مدافعت یا سماجی فاصلے کی ہو۔ لیکن آخر ان سب اصطلاحات کا مطلب کیا ہے؟

  13. انڈیا میں مزید دو ریاستوں کا لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا اب 'ان لاک' یعنی لاک ڈاؤن کھولنے کے دوسرے مرحلے میں باضابطہ طور پر داخل ہو چکا ہے تاہم دو ریاستوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کریں گی۔

    تامل ناڈو اور مہاراشٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ 31 جولائی تک کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کریں گے۔

    آسام، ناگالینڈ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کی ریاستیں پہلے ہی لاک ڈاؤن اقدامات کا اعلان کر چکی ہیں۔

    انڈیا میں متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، چنانچہ ریاستیں ہائی الرٹ پر ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں کورونا کے ایک لاکھ نئے متاثرین سامنے آئے۔

    اس کے علاوہ نئے متاثرین کی یومیہ تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے اور ہر روز گذشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ متاثرین سامنے آ رہے ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں کورونا کے 18 ہزار نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد پانچ لاکھ 65 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اب تک 16 ہزار 893 افراد اس وائرس کے سبب ہلاک ہوچکے ہیں۔

  14. موت کے منھ سے معجزانہ واپسی، محمد عظیم کی کورونا کہانی

  15. لاس اینجلس: تھیٹر دوبارہ کھولے جانے کا فیصلہ ملتوی

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ شہر میں فلم تھیٹر دوبارہ کب کھلیں گے اس پر انھوں نے فیصلہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

    لاس اینجلس امریکہ میں فلم تھیٹرز کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک نیوز بریفنگ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: 'ہم نے مزید کاروبار مثلاً فلم تھیٹر، باؤلنگ ایلیز، کھیل کے میدان، کنسرٹ ہال، تھیم پارک اور تفریح کے دیگر مقامات کھولنے کا فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔'

    انھوں نے اس حوالے سے کوئی تاریخ نہیں دی کہ لاس اینجلس میں فلم تھیٹر دوبارہ کب کھلیں گے۔

    تھیٹر کا کاروبار مارچ کے وسط میں شروع ہونے والے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے بربادی کا شکار ہے۔ دسیوں ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا چکا ہے جبکہ تھیٹر اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہیں۔

  16. کورونا وائرس: جرمنی میں 498 نئے متاثرین، مزید 12 ہلاکتیں

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    جرمنی میں کورونا وائرس کے 498 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 259 ہوگئی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے روبرٹ کوک انسٹیٹیوٹ کے حوالے سے بتایا کہ متاثرین کی تعداد کے ساتھ ساتھ یہاں 12 مزید افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد یہاں ہلاکتیں 8973 تک پہنچ گئی ہیں۔

    یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپ کے کئی ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے اور عوام پر عائد پابندیوں کو بتدریج نرم کیا جا رہا ہے۔

    اس کے علاوہ یورپی یونین نے یکم جولائی سے 14 ممالک کے شہریوں کو یونین میں داخلے کی اجازت بھی دے دی ہے اور اس فہرست میں مزید ممالک کی شمولیت متوقع ہے۔

  17. پاکستان میں اب تک کورونا کے متاثرین کی تعداد دو لاکھ نو ہزارسے زائد

    کورونا

    29 جون کو مجموعی پاکستان بھر میں مزید 2846 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ ان 24 گھنٹوں میں 118 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک بھی میں پیر کے روز 20930 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    جن میں سے سندھ میں 8464، پنجاب میں 7729، خیبر پختونخوا میں 1877، اسلام آباد میں 2180، بلوچستان میں 328، گلگت بلستستان میں 94 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 258 ٹیسٹ کیے گئے۔

    گلگت بلتستان میں اس وقت کوئی بھی مریض وینٹیلیٹر پر نہیں ہے۔ باقی میں اس وقت 505 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔ کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے کل 1562 وینٹیلیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

    پاکستان میں اس وقت بھی کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 106530 ہے۔

    اب تک پاکستان بھر میں 209337 افراد میں وبا کی تصدیق ہو چکی ہے۔ جن میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 1065، سندھ میں 81985، پنجاب میں 75501، خیبر پختونخوا میں 26115، اسلام آباد میں 12775، بلوچستان میں 10426، گلگت بلستستان میں 1470 کیسز شامل ہیں۔

    اب تک ملک بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4304 ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں سندھ میں 1343 اس کے بعد پنجاب میں 1727 ہیں۔

    corona

    ،تصویر کا ذریعہEPA

  18. چین میں کورونا کے 19 نئے متاثرین سامنے آ گئے، سات کا تعلق بیجنگ سے

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    چین میں 29 جون کو کورونا وائرس کے 19 نئے متاثرین سامنے آئے جو کہ اس سے ایک دن پہلے سامنے آنے والے 12 متاثرین سے نسبتاً زیادہ ہے، تاہم محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کوئی نئی اموات نہیں ہوئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیشنل ہیلتھ کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئے متاثرین میں سے سات بیجنگ سے سامنے آئے۔

    یاد رہے کہ وبا کی نئی لہر کے شکار دارالحکومت میں 28 جون کو بھی سات متاثرین سامنے آئے تھے۔

    چین میں بغیر علامات کے چار مریض سامنے آئے جن میں کووڈ 19 کی تشخیص تو ہوئی تاہم ان میں بخار وغیرہ جیسی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔ ایسے مریضوں کی تعداد گذشتہ روز چھ تھی۔

    چین میں اب تک کورونا وائرس کے 83 ہزار 531 متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ وہاں اموات کی تعداد 4634 ہے۔

  19. کورونا وائرس: یورپی یونین 14 'محفوظ' ممالک کے شہریوں کو داخلے کی اجازت دے گی

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    یورپی یونین نے ان 14 ممالک کی فہرست جاری کر دی ہے جن کے شہریوں کو یکم جولائی سے یونین کے ممالک میں داخلے کی اجازت ہوگی، تاہم امریکہ، برازیل اور چین اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

    ان ممالک میں آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، مراکش اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

    یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ چین کو اس فہرست میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ چینی حکومت یورپی مسافروں کے لیے بھی بدلے میں ایسی اجازت دے۔

    یورپی یونین کے شہریوں کے لیے یونین کے اندر سرحدی کنٹرول ختم کر دیے گئے ہیں، جبکہ برطانوی مسافروں کے لیے قواعد بریگزٹ مذاکرات میں الگ سے درج ہیں۔

    برطانوی شہریوں کو بریگزٹ مرحلے کے اختتام یعنی 31 دسمبر کے خاتمے تک یورپی یونین کے شہریوں کی ہی طرح تصور کیا جائے گا۔ اس دوران برطانیہ کے شہری اور ان کے خاندان کے افراد عارضی سفری پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔

    اس فہرست میں ترمیم کا امکان اب بھی موجود ہے، اور اس میں الجیریا، آسٹریلیا، کینیڈا، جارجیا، جاپان، مونٹینیگرو، مراکش، نیوزی لینڈ، روانڈا، سربیا، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، تیونس اور یوروگوائے شامل ہیں۔

  20. امریکہ: ایریزونا میں متاثرین کی ریکارڈ یومیہ تعداد، کاروبار کھولنے کا فیصلہ واپس

    کورونا، امریکہ، ایریزونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ کی ریاست ایریزونا نے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر اچانک اپنے کاروبار کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

    ریاست کے گورنر نے شراب خانوں، نائٹ کلبز، جمز، سنیما گھروں اور واٹر پارکس کی بندش کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    اس سے قبل فلوریڈا اور ٹیکساس نے بھی پابندیوں میں نرمی کے احکامات واپس لے لیے ہیں کیونکہ جنوب مشرقی سے لے کر جنوب مغربی ریاستوں تک پھلا ہوا سن بیلٹ خطہ اب امریکہ میں وبا کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

    گورنر کے جاری کردہ احکامات جو کم از کم 27 جولائی تک نافذ رہیں گے، ان کے تحت ایریزونا میں 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہے۔

    یہ پابندیاں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 3858 متاثرین سامنے آنے پر لگائی گئی۔