آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: دو کروڑ سے زائد امریکیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ، مظفرآباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن

دنیا بھر میں اب تک 96 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں اگر ملک یہ مہینہ گزار لے تو ہم وبا کے عروج سے بچ سکتے ہیں جبکہ ملک میں گذشتہ روز کورونا کے باعث 148 اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. خواجہ سرا برادری کی مشکلات میں وبا کے دوران کیسے اضافہ ہوا ہے؟

    جیسے جیسے پورے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے، ویسے ہی خواجہ سرا برادری کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ خواجہ سرا برادری کے لیے ترقی پسند قوانین ہونے کے باوجود یہ برادری سمجھتی ہے کہ ان کو بااختیار نہیں بنایا جا رہا۔ مزید دیکھیے شمائلہ جعفری اور فاخر منیر کی اس رپورٹ میں۔۔۔

  2. نیویارک سٹی کے ساحل تیراکی کے لیے کھولنے کا اعلان

    امریکہ میں نیوریارک سٹی کے میئر بل ڈی بلاسیو نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے ساحل تیراکی کے لیے یکم جولائی سے کھول دیے جائیں گے۔

    انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہمیں محتاط رہنا ہو گا، سماجی فاصلہ اور چہرے کو ڈھانپنے کا عمل ساحل سمندر پر بھی باقاعدگی سے اپنانا ہو گا۔‘

    شہر کے ساحلوں کو دھوپ سیکنے والوں کے لیے پہلے ہی کھولا جا چکا ہے جبکہ تیرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

  3. آسٹریلیا میں ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

    آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں ایک عمر رسیدہ شخص کی ہلاکت کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 103 ہو گئی ہے۔

    یہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے جبکہ میلبورن کی ریاست میں بھی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

    حکام کے مطابق نئے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ گھریلو تقریبات ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کا گڑھ وہ علاقے بھی ہیں جہاں غیرملکی افراد بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔

    تام حکام انگریزی نہ بولنے والی کمیونٹیز کے لیے کی جانی والی آگاہی مہم کا دفاع کرتے دکھائی دیتے ہیں حالانکہ اکثر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے یہ کہا جا چکا ہے کہ دوسری زبانوں میں دیے جانے والے پیغامات انتہائی کم ہیں۔

    گذشتہ روز مزید آٹھ مقامی منتقلی کے کیسز سامنے آئے جو کہ گذشتہ ہفتے کی اوسط سے تھوڑے کم تھے۔

    تاہم ریاست کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے اقدامات لیے جانے کا امکان ہے۔

  4. سعودی عرب کا محدود حج کا اعلان، تاریخ میں حج کب کب منسوخ ہوا؟

    سعودی عرب کی حکومت نے رواں برس کورونا وائرس کے پیش نظر حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھنے اور صرف سلطنت میں مقیم افراد کو حج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 22 جون کی شب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر محدود تعداد میں سلطنت میں مقیم مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔‘

  5. ’کورونا وائرس نے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے‘

    امریکہ میں متعدی امراض سے بچاؤ کے ادارے کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس نے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی کئی ریاستوں میں وائرس کے باعث کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

    انھوں نے یہ بات کانگریس کے سامنے منگل کے روز کہی۔ خیال رہے کہ امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ 23 لاکھ کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔

    ریڈفیلڈ نے کہا کہ ’ہم اس وائرس کا مقابلہ جس حد تک کر سکتے تھے ہم نے کیا اور اب اس نے ہمیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ہمیں اس چھوٹے سے وائرس کے لیے شاید سات کھرب ڈالر خرچ کرنے پڑیں۔

  6. کورونا کی وبا کے دوران مویشی منڈی جانا محفوظ ہے؟

  7. ڈیکسامیتھازون اور پلازمہ کا استعمال کب کرنا چاہیے؟

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے علاج کے بارے میں جاننے کی تگ و دو جاری ہے۔

    جہاں ایک طرف ڈیکسامیتھازون دوا کو علاج کے لیے ایک اہم پیشرفت کا خطاب ملنے کے بعد وہ اب مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے وہیں دوسری جانب پلازمہ ڈونیٹ کرنے کے بارے میں جیسے ہی اطلاع عام ہوئی تو لوگوں نے ایک لاکھ کی رقم کے عوض اپنے پلازمہ لوگوں میں بانٹے۔

    تاہم ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ تمام طریقہ اور ادویات اس وقت انڈر ٹرائل ہیں۔ اور ان کو کورونا وائرس کا مکمل علاج سمجھنا غلط ہے۔

    اس بارے میں بی بی سی نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے شعبہ وبائی امراض کے سیکشن ہیڈ ڈاکٹر فیصل سے بات کی، انھوں نے اس تمام تر صورتحال کے بارے میں کہا دیکھیے اس ویڈیو میں۔

  8. کووڈ 19 کے مریضوں کی جان بچانے والی دوا ’ڈیکسامیتھازون‘ ماہرین کی نظر میں کیسے آئی؟

    یہ ایک غیر معمولی اور خوش آئند لمحہ ہے کہ ہم کووڈ 19 کے علاج کے بارے میں کچھ مثبت کہنے کے قابل ہوئے ہیں۔

    ایک ہفتے پہلے تک جان بچانے والی کسی بھی دوا کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی لیکن اب ہمارے پاس ڈیکسامیتھازون ہے، جس سے وینٹیلیٹر پر موجود ایک تہائی مریضوں میں موت کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے اور جو مریض آکسیجن پر ہوں ان میں سے 20 فیصد کو بچایا سکتا ہے۔

    میں ’اہم پیشرفت‘ جیسی اصطلاح کا استعمال کم ہی کرتا ہوں لیکن اس معاملے میں واقعی ایسا ہی ہوا ہے۔

    ایسا آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک چھوٹی سی ٹیم کی استقامت اور یک جہتی اور برطانیہ بھر کے ہسپتالوں کے تعاون اور ہزاروں مریضوں اور ان کے اہلخانہ کی رضامندی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

  9. بریکنگ, گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 60 افراد ہلاک، 3892 نئے متاثرین کی شناخت

    پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق ملک بھر میں 23 جون کو 60 افراد کی ہلاکت کے بعد کووڈ 19 سے اموات کی تعداد اب بڑھ کر 3755 ہو گئی ہے۔

    دوسری جانب پاکستان بھر میں ٹیسٹنگ کی تعداد میں دوبارہ کمی دیکھنے میں آئی ہے اور 24 گھنٹوں میں 23 ہزار سے کچھ زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 3892 متاثرہ افراد کی تشخیص ہوئی ہے۔

    پاکستان میں اب تک کل 188926 افراد میں کووڈ 19 کی شناخت ہوئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 77754 ہے۔

    مزید تفصیلات کے مطابق ملک میں کووڈ مریضوں کے لیے 1539 وینٹی لیٹرز مختص ہیں جس میں سے 549 اس وقت زیر استعمال ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جولائی کے اختتام تک مزید 1895 وینٹی لیٹرز سسٹم میں شامل کیے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے لیے آکسیجن کے 200 سلنڈرز بھی فراہم کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 250 بستروں پر مشتمل وبائی امراض کا نیا ہسپتال ریکارڈ 35 دنوں میں تیار کیا گیا ہے اور بہت جلد وہ مریضوں کو داخلہ دینا شروع کر دے گا۔

    تاہم دلچسپ بات یہ نظر آئی کہ 21 جون کو این سی او سی کی جانب سے دیے گئے اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں کووڈ 19 کے لیے 810 ہسپتالوں سہولیات ہیں جبکہ 23 اور 24 جون کو یہ تعداد اچانک گھٹ کر 769 تک گر گئی۔

  10. ڈاکٹر فاؤچی: ’سال کے آخر تک شاید ویکسین تیار ہو جائے‘

    امریکہ کے ڈائریکٹر آف دی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایلرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیزز ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے منگل کو کانگریس کے سامنے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

    انھوں نے کانگریس کو بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے امریکہ کا ردِ عمل قوم کے تنوع کی وجہ سے ملا جلا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ بڑے محتاط ہو کے امید کرتے ہیں کہ 2020 کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ویکسین کی تیاری کا معاملہ صرف ’کب کا ہے اگر‘ کا نہیں، لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

    ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ ادویات کی کمپنی ماڈرنا کا جولائی 2020 کے آغاز تک کلینیکل ٹرائل کے تیسرے دور کو لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ بہت زیادہ ضروری ہے کہ امریکی اس سال فلو جیب لیں۔

  11. ٹینس: مردوں کے عالمی نمبر ون کھلاڑی کورونا کا شکار

    ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک نواک جوکوچ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس پر ’افسوس‘ ہے۔

    اس سے قبل کروشیا میں ان کے منعقد کردہ ادریہ ٹینس ٹورنامنٹ میں دو دیگر ٹینس کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

    33 سالہ نواک جوکوچ کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’ٹورنامنٹ کا انقعاد کرنا قبل از وقت تھا میں انتہائی معافی چاہتا ہوں کہ ہمارے ٹورنامنٹ نے نقصان پہنچایا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’اس ٹورنامنٹ کا انعقاد بہت نیک نیتی اور دلجمی سے کیا گیا تھا اور ہمارے خیال میں اس میں صحت کے تمام حفاظتی اصولوں اور احتیاطی اقدامات پرعمل کیا گیا تھا۔ ہم غلط تھے اس کا انعقاد قبل از وقت تھا۔‘

  12. روس: کورونا کے سائے تلے دوسری عالمی جنگ کی فتح کی یاد میں پریڈ

    روس میں 24 جون کو کورونا وائرس کے سائے میں دوسری عالمی جنگ کی فتح کی یاد میں پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    اس یادگاری پریڈ کو نو مئی کو کیا جانا تھا تاہم اس وقت کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اسے ملتوی کر دیا تھا۔

    دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر روس کے دارالحکومت ماسکو میں اس فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ٹینکوں اور دور تک مار کرنے والے میزائلوں کی نمائش کی جائے گی۔

    واضح رہے روس کے دارالحکومت ماسکو میں رواں ماہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی۔

    دوسری جنگ عظیم میں 20 ملین کے قریب سویت شہریوں کی اموات ہوئی تھیں۔

    دوسری جنگ عظیم کی فتح کی یاد میں اس پریڈ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ہوگا۔

    یاد رہے کہ نازی جرمنی نے آٹھ مئی 1945 کو امریکہ، برطانیہ اور سویت کے اتحادی افواج کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ہتھیار ڈال دیے تھے تاہم سابقہ سویت اقوام نو مئی کو نازی جرمنی کے خلاف فتح کا دن مناتے ہیں۔

  13. بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے!

    کورونا وائرس اور اس سے جڑی تازہ ترین خبروں کے ساتھ بی بی سی اردو کا تازہ لائیو پیج حاضر ہے۔

    گذشتہ چند دنوں میں دنیا میں کیا ہوتا رہا؟ جاننے کے لیے کلک کیجیے۔