پنجاب میں 1228 نئے متاثرین، ’سال کے آخر تک کورونا ویکسین تیار ہونے کی امید‘

دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار سے زیادہ ہے۔ دوسری طرف امریکہ کے ڈائریکٹر آف دی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایلرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیزز ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے منگل کو کہا کہ وہ بڑے محتاط ہو کر یہ امید کرتے ہیں کہ 2020 کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی۔

لائیو کوریج

  1. انٹرنیٹ پر بچوں کی حفاظت کریں: اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کی نئی ہدایات, اموجن فولکس، بی بی سی نیوز، جینیوا

    بچے

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    کووڈ۔19 کی وبا اور سکولوں کے بند ہونے کا مطلب ہے کہ لاکھوں بچے اب زیادہ وقت آن لائن گزار رہے ہیں۔

    اب اقوامِ متحدہ کی انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جو بقول اس کے اس بات میں مدد کریں گی کہ بچوں کا انٹرنیٹ کا تجربہ تعلیمی، پرمزہ اور محفوظ ہو۔

    اس کے مطابق ہدایات مخصوص گروہوں، والدین سے لے کر اساتذہ، صنعت اور خود بچوں کو ایک خاکہ مہیا کرتی ہیں کہ بچوں کو سائبر جرائم اور جنسی استحصال سے کیسے بچانا ہے۔

    بچے اب بہت ہی چھوٹی عمر میں آن لائن چلے جاتے ہیں، اور والدین کو ان پر نظر رکھنے میں بہت دشواری ہوتی ہے۔ جہاں پہلے کبھی پورا خاندان ایک کمپیوٹر استعمال کرتا تھا، اب وہاں ہر کسی کا اپنا سمارٹ فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ ہے۔

    آئی ٹی یو کی نئی ہدایات اساتذہ اور والدین کو فائروال اور فلٹرنگ کی معلومات مہیا کرتی ہیں، اور بچوں کو بتاتی ہیں کہ اگر آن لائن پہ کچھ چیزیں انھیں بے چین یا پریشان کرتی ہیں تو انھیں کیا کرنا ہے، اور آن لائن صنعت کو بھی بتاتی ہیں کہ انھیں بچوں کے حقوق اور بچوں کے تحفظ کو کمپنی کے تمام آپریشنز میں ضروری طور پر شامل کرنا ہے۔

  2. کورونا کے سائے میں روس میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی یادگاری پریڈ

    Russia Parade

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    روس میں 24 جون کو کورونا وائرس کے سائے میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی یاد میں پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    اس یادگاری پریڈ کو نو مئی کو کیا جانا تھا تاہم اس وقت کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اسے ملتوی کر دیا تھا۔

    دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر روس کے دارالحکومت ماسکو میں اس فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ٹینکوں اور دور تک مار کرنے والے میزائلوں کی نمائش کی جائے گی۔

    واضح رہے روس کے دارالحکومت ماسکو میں رواں ماہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی۔

    دوسری جنگ عظیم میں 20 ملین کے قریب سویت شہریوں کی اموات ہوئی تھیں۔

    دوسری جنگ عظیم کی فتح کی یاد میں اس پریڈ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ہوگا۔

    یاد رہے کہ نازی جرمنی نے آٹھ مئی 1945 کو امریکہ، برطانیہ اور سویت کے اتحادی افواج کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ہتھیار ڈال دیے تھے تاہم سابقہ سویت اقوام نو مئی کو نازی جرمنی کے خلاف فتح کا دن مناتے ہیں۔

  3. ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک نواک جوکوچ بھی کورونا کا شکار ہو گئے

    Novak

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک نواک جوکوچ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس پر ’افسوس‘ ہے۔

    اس سے قبل کروشیا میں ان کے منعقد کردہ ادریہ ٹینس ٹورنامنٹ میں دو دیگر ٹینس کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

    33 سالہ نواک جوکوچ کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’ٹورنامنٹ کا انقعاد کرنا قبل از وقت تھا میں انتہائی معافی چاہتا ہوں کہ ہمارے ٹورنامنٹ نے نقصان پہنچایا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’اس ٹورنامنٹ کا انعقاد بہت نیک نیتی اور دلجمی سے کیا گیا تھا اور ہمارے خیال میں اس میں صحت کے تمام حفاظتی اصولوں اور احتیاطی اقدامات پرعمل کیا گیا تھا۔ ہم غلط تھے اس کا انعقاد قبل از وقت تھا۔‘

  4. روسی صدر نے امیر شہریوں کی آمدن پر ٹیکس بڑھا دیا

    روسی صدر نے امیر شہریوں کی آمدن پر ٹیکس بڑھا دیا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ امیر روسی شہریوں کی آمدن پر ٹیکس بڑھایا جارہا ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔

    قوم سے خطاب کے موقع پر صدر پوتن کا کہنا تھا کہ آمدن پر سالانہ ٹیکس 13 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس کا اطلاق صرف ان افراد پر ہوگا جن کی سالانہ آمدن 72 ہزار 833 ڈالر سے زیادہ ہے۔

    یہ ٹیکس سنہ 2001 میں متعارف کروایا گیا تھا اور اسے پہلی متربہ بڑھایا گیا ہے۔

    صدر کا کہنا ہے کہ اس کا اطلاق یکم جنوری 2021 سے ہوگا اور اس سے ملک کے سالانہ بجٹ میں اضافہ ہوگا۔

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق روس میں کورونا سے تاحال تقریباً چھ لاکھ متاثرین ہیں جبکہ 8349 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

  5. کیا کورونا وائرس کے باعث مذاہب میں تبدیلیاں آئیں گی؟

    کیا کورونا وائرس کے باعث مذاہب میں تبدیلیاں آئیں گی؟

    ،تصویر کا ذریعہPUNEET BARNALA/BBC

    کورونا وائرس جب انڈیا پہنچا تو ایک جانب مندر اور مساجد بند کر دیے گئے وہیں دوسری جانب رامائن جیسا ٹی وی سیریل بہت مقبول شو بن گیا۔

    ایسے میں لوگ کیا مایوس تھے یا پھر ان کا عقیدہ زیادہ مضبوط ہو گیا۔

    رامائن سیریل میں سیتا کا کردار نبھانے والی اداکارہ دہیکا چکالیہ ٹوپی والا کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے بعد کی دنیا زیادہ ہی روحانی ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے دوران آبادی کے ایک بڑے حصے کا رحجان قدرت اور روحانیت کی جانب بڑھے گا۔

    اجمیر میں صوفی خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے نگراں سید گوہر اس وائرس کو خدا کا عذاب کہتے ہیں۔

    گوہر اور ان کے جیسے کئی لوگوں کا خیال ہے کہ خدا کے فرشتے کورونا وائرس کو مسجد میں نہیں آنے دیں گے۔

    جبکہ کچھ لوگوں نے گائے کے پیشاب کو کورونا وائرس کا علاج بتایا۔

  6. ’سال کے آخر تک شاید ویکسین تیار ہو جائے‘

    ڈاکٹر فاؤچی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے ڈائریکٹر آف دی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایلرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیزز ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے منگل کو کانگریس کے سامنے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

    انھوں نے کانگریس کو بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے امریکہ کا ردِ عمل قوم کے تنوع کی وجہ سے ملا جلا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ بڑے محتاط ہو کے امید کرتے ہیں کہ 2020 کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ویکسین کی تیاری کا معاملہ صرف ’کب کا ہے اگر‘ کا نہیں، لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

    ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ ادویات کی کمپنی ماڈرنا کا جولائی 2020 کے آغاز تک کلینیکل ٹرائل کے تیسرے دور کو لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ بہت زیادہ ضروری ہے کہ امریکی اس سال فلو جیب لیں۔

  7. بریکنگ, پنجاب میں 1228 نئے متاثرین، 21 مزید ہلاکتیں

    Figures

    ،تصویر کا ذریعہBB

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1228 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 21 مزید افراد کووڈ 19 کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔

    پنجاب کے محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے نئے متاثرین کے اضافے کے ساتھ صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 69536 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں کل ہلاکتیں 1516 تک پہنچ گئی ہیں۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 10152 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ صوبےبھر میں اب تک کیے جانے والے کل ٹیسٹوں کی تعداد 435187 ہے۔

    صوبے میں 19935 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ پنجاب کے اعداد و شمار کے بعد پاکستان میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 187907 ہو گئی ہے جبکہ 3741 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں 75238 افراد مجموعی طور ہر کورونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  8. متحدہ عرب امارات میں پھنسے افراد کو لے کر پہلی پرواز کوئٹہ پہنچ گئی

    کورونا وائرس کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں پھنسے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو پہلی خصوصی پرواز وطن واپس لے کر پہنچ گئی ہے۔

    ائیرعربیہ کی پرواز نمبر G9 -568 شارجہ سے 165 افراد کو لے کر کوئٹہ ایئرپورٹ پہنچی ہے۔ اس پرواز میں جہاز کے عملے کے چھ اراکین بھی شامل تھے۔

    ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، صوبائی محکمہ صحت اور دوسرے متعلقہ اداروں نے ایس او پیز کے مطابق مکمل انتظامات کر رکھے تھے۔

    ان مسافروں کی مکمل تھرمل اسکرینگ اور ان کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے۔ جبکہ جہاز اور ایئرپورٹ کو مکمل طور پر جراثیم کش سپرے سے صاف کیا گیا۔

    بیرون ملک پھنسے ہوئے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی واپسی کے لیے اقدامات کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وفاقی حکومت سے خصوصی درخواست کی تھی۔

  9. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر: گذشتہ ایک روز کے دوران 23 نئے متاثرین

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر

    ،تصویر کا ذریعہMA JARRAL

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث ایک خاتون ہلاک جبکہ 11 خواتین سمیت 23 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    اس وقت خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 892 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں دو ڈاکٹر بھی موجود ہیں۔

    کمشنر میرپور محمد رقیب خان کے مطابق کورونا کے باعث میرپور کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ایک ‍خاتون چل بسی جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

    ان کے مطابق متاثر ہونے والی سات خواتین سمیت 13 افراد کا تعلق میرپور، ایک خاتون سمیت تین افراد کا تعلق بھمبر اور دو افراد کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد 4 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع راولاکوٹ کے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد جرال کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولاکوٹ میں بھی ایک شخص متاثر ہوا ہے۔

    حکام کے مطابق مزید 16 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب افراد کی تعداد 366 ہے۔ حکام کے مطابق اب تک اس خطے میں 13915 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

  10. گلگت بلتستان میں کل متاثرین کی تعداد 1337 ہوگئی

    گلگت بلتستان میں کل متاثرین کی تعداد 1337 ہوگئی

    ،تصویر کا ذریعہHealth Department, GB

    گلگت بلتستان کے محکمہ صحت کے مطابق خطے میں کورونا وائرس کے کل متاثرین کی تعداد 1337 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 23 لوگ وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔ اس وقت مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 961 ہوچکی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 353 ہے۔

    زیرِ علاج مریضوں میں 254 مرد اور 99 خواتین شامل ہیں۔

  11. پشاور: بلور پلازہ اور شاد موبائل مارکیٹ سیل

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ’حکومتی ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی‘ پر بلور پلازہ اور شاد موبائل مارکیٹ سیل کر دیں ہیں۔

    ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی کے ایک بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے صدر اور ہشتنگری پھاٹک میں کارروائیاں کی ہیں۔ ’بلور پلازہ اور شاد موبائل مارکیٹ میں ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں۔ بار بار خلاف ورزیوں پر ان کو سیل کر دیا گیا۔‘

    ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا ہے کہ ’دکاندار اور عوام حفاظتی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ دکاندار اور عوام حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سےعمل درآمد کریں۔‘

    ’خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

  12. انتھونی فاؤچی: صدر ٹرمپ نے ٹیسٹنگ کی رفتار کم کرنے کا نہیں کہا

    انتھونی فاؤچی: صدر ٹرمپ نے ٹیسٹنگ کی رفتار کم کرنے کا نہیں کہا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ میں محکمہ صحت کے چار اہلکاروں نے کانگریس کے اجلاس میں شرکت کر کے وضاحت کی ہے کہ انھیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹیسٹنگ کی رفتار کم‘ کرنے کا نہیں کہا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے ریاست اوکلاہوما میں ایک ریلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے وائرس کے پھیلاؤ کو کم رکھنے کے لیے ٹیسٹنگ کی رفتار کم کرنے کا حکم دیا تھا۔

    ڈاکٹر انتھونی فاؤچی ان چار اہلکاروں میں سے ہیں جو کانگریس میں پیش ہوئے۔ وہ امریکہ میں وبائی امراض کے قومی ادارے کے سربراہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم میں تنوع ہونے کی وجہ سے امریکہ کا ردعمل افراتفری کا شکار رہا ہے۔

    انھوں نے نیویارک میں ہونے والے اقدامات کی تعریف کی لیکن کہا کہ کچھ ریاستوں میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    ’ایک روز تو 30 ہزار نئے متاثرین سامنے آئے۔ یہ میرے لیے پریشان کن ہے۔‘

    ’ٹیکساس، فلوریڈا، ایریزونا اور کچھ دوسری ریاستوں کے لیے آنے والے چند ہفتے اہم ہوں گے۔‘

  13. بلوچستان میں 47 نئے متاثرین، کل تعداد 9634 ہوگئی

    بلوچستان میں 47 نئے متاثرین، کل تعداد 9634 ہوگئی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بلوچستان کے حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 47 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے اور اب کل متاثرین کی تعداد 9634 ہوگئی ہے۔

    جبکہ صوبے بھر میں مزید دو اموات کووڈ 19 کی وجہ سے پیش آئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 106 ہوگئی ہے۔

    حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 23 جون 2020 کو کورونا کے 580 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 47 کے نتائج مثبت آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 44474 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 34840 ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 3694 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  14. انگلینڈ: دو ممکن نہیں تو ایک، لیکن دوری بہت ضروری

    چڑیا گھر کے باہر

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    انگلینڈ میں حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے متعلق ہونے والی روزانہ کی بریفنگ کا آج آخری دور تھا۔ حکومت نے اب کہا ہے کہ وہ صرف اسی وقت بریفنگ کا انعقاد کرے گی جب کوئی اعلان کرنا ہو گا۔

    آج کی پریس کانفرنس میں وزیرِ اعظم بورس جانسن، چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر وہٹی اور چیف سائنٹیفک مشیر سر پیٹرک ویلنس شامل تھے۔

    جن اہم باتوں کا ذکر ہوا وہ مندرجہ ذیل ہیں:

    • جہاں دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ممکن نہ ہو تو وہاں لوگ ایک دوسرے سے ایک میٹر کی دوری اختیار کر سکتے ہیں، لیکن انھیں ساتھ ساتھ یہ احتیاط بھی کرنی ہے کہ درمیان میں پلاسٹک سکرین ہو، ایک دوسرے کے رو برو نہ ہوں، اور ماسک پہنا ہو۔
    • جیسا کہ پہلے ہی منصوبہ تھا، 4 جولائی سے ہوٹل، پبز، بارز، سینیما اور کئی دوسرے کاروبار کووڈ۔19 کی محفوظ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کھل سکتے ہیں۔
    • 4 جولائی سے دو مختلف گھروں کے افراد گھروں کے اندر بھی مل سکتے ہیں، رہ سکتے ہیں، لیکن سماجی دوری ضروری ہے۔
    • برطانیہ میں اموات کی شرح معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، لیکن ابھی بیماری ختم نہیں ہوئی ہے اور دنیا کے کئی حصوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔
    • اگر لوگوں نے احتیاط نہ برتی تو انفیکشن کی شرح پھر بڑھ سکتی ہے۔
    • لاک ڈاؤن اور سماجی دوری کے قوانین کو بدلنا خطرے سے خالی نہیں ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ان کو دوبارہ بھی بدلا جا سکتا ہے۔
    • پروفیسر وہٹی کا خیال ہے کہ موجودہ حالات، جہاں کورونا وائرس بہت بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے، 2021 میں بھی جاری رہیں گے۔
    بورس جانسن

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  15. بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے مراعات، تجاویز پہ غور

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاکستان رقوم بھیجنے کے ضمن میں مراعات دینے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

    حکومتی بیان کے مطابق اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں بھیجی جانے والی ترسیلات زر کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے ان کو مزید مراعات دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ گذشتہ اٹھارہ ماہ میں تقریباً دس لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوایا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے باوجود خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ترسیلات زر میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔

    ’گذشتہ سال مئی میں ترسیلات زر 20.1 ارب ڈالر تھیں جبکہ کورونا کے چار ماہ کے باوجود اس سال مئی میں ترسیلات زر 20.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔‘

    یاد رہے کہ رواں ماہ اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی ترسیلات زر بھی متاثر ہوں گی کیونکہ جو لوگ خلیجی ممالک، امریکہ اور برطانیہ میں کام کرتے ہیں، ان کی آمدنی کم ہو گی، یا وہ بیروزگار ہوں گے۔

  16. پاکستان: مزید سات کرکٹرز کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت

    پاکستان: مزید 7 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مزید 7 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے منگل کی شام ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین، فخر زمان، عمران خان اور کاشف بھٹی کے کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سپورٹنگ سٹاف میں شامل ملنگ علی کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    یاد رہے کہ پیر کو تین کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف اور حیدر علی کے کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے تھے۔ اس طرح انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ 29 رکنی سکواڈ میں سے دس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔

  17. برازیل میں اموات 51 ہزار سے زیادہ ہوگئیں

    برازیل میں اموات 51 ہزار سے زیادہ ہوگئیں

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    لاطینی امریکہ میں کووڈ 19 کے نئے متاثرین اور اموات میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    میکسیکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 759 اموات ہوئی ہیں۔ کل اموات کی تعداد اب 22500 ہوگئی ہے۔

    میکسیکو شہر وائرس سے کافی متاثرہ ہے اور یہاں کاروبار کھولنے کے منصوبے میں تاخیر کی گئی ہے۔

    لاطینی امریکہ میں برازیل کے بعد پیرو میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔ لیکن یہاں 42 روز بعد ایک دن میں سب سے کم متاثرین کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تین ماہ بعد ملک کے کچھ حصوں میں شاپنگ مالز کھول دیے گئے ہیں۔

    برازیل میں کووڈ 19 سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ یہاں کچھ علاقوں میں انتہائی نگہداشت کے وارڈز پر بوجھ محسوس کیا گیا ہے۔ برازیل میں 51,271 اموات کورونا کی وجہ سے ہوئی ہیں۔

  18. وہ خاتون جو انڈیا میں ’کورونا کی آواز بنی‘

    وہ خاتون جو انڈیا میں ’کورونا کی آواز بنی‘

    ،تصویر کا ذریعہCOURTESY: JASLEEN BHALLA

    لاکھوں انڈینز کے لیے جیسلین بھلا ایک جانی پہچانی آواز ہیں۔

    جب آپ کسی کو فون کرتے ہیں اور دوسری جانب کوئی فون نہیں اٹھاتا ہے تو اس دوران آپ کو ایک رنگ ٹون نہیں سنائی دیتی، بلکہ بسا اوقات اس کی جگہ کوئی ایک موسیقی یا کوئی پیغام سنائی دیتا ہے، اِسے مقامی طور پر 'کالر ٹیون' کہا جاتا ہے۔

    اور پچھلے ڈھائی ماہ سے آپ جب بھی لوگ فون کالز کرتے ہیں تو جو آواز وہ سب سے پہلے سنتے ہیں وہ اُس کی گرمجوش اور نرم آواز ہوتی ہے۔

    دوسروں کے لیے آوازیں ریکارڈ کروانے والی 'وائس اوور آرٹسٹ' (صدا کار) انڈیا کے شہریوں کو ہدایات دیتی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران کس طرح رہیں، یہ آواز اب ملک بھر میں 'کورونا وائس' بن چکی ہیں۔

  19. پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے محدود حج کے اعلان کا خیرمقدم

    پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے محدود حج کے اعلان کا خیرمقدم

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے محدود حج کے اعلان پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہمیں علم ہے کہ غیر معمولی حالات میں مسلمانوں کا سب سے مقدس اجتماع منعقد کرنا ایک مشکل عمل ہوسکتا ہے۔‘

    وزارت نے فیصلہ کیا ہے کہ حجاج کو ضروری اقدامات کے بعد ان کی ادائیگیاں واپس کر دی جائیں گی۔

    پاکستان کے حکام نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ کچھ عرصے کے دوران حج کے لیے دونوں مقدس مساجد میں انتظامات اور سہولیات میں اضافہ کیا ہے۔