آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 89 لاکھ سے زیادہ

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 89 لاکھ سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 67 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ جبکہ اموات کی کُل تعداد 3587 ہے۔ برازیل، میکسیکو اور انڈیا کے بعد پاکستان ایسا ملک ہے جہاں اموات اور متاثرین کی تعداد کی شرح میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان متاثرین کی عالمی فہرست میں 14ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. کوروناوائرس: یہ آخری وبا نہیں ہے

    سائنسدان خبردار کرتے رہے ہیں کہ ہم نے امراض کے جنگلی حیات سے انسانوں میں منتقلی اور پھر ان کے دنیا بھر میں پھیلنے کے لیے ماحول کو سازگار بنا کر رکھا ہے۔

    قدرتی ماحول میں انسانی دخل اندازی اس عمل کو مزید تیز کر دیتی ہیں۔

    یہ نقطۂ نظر ان ماہرین صحت کا ہے جو وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہیں۔

    اپنی ان کوشش کے نتیجے میں انھوں نے نشاندہی کا ایک ایسا نظام وضع کیا ہے جو جنگلی حیات سے انسانوں کے اندر امراض کی منتقلی کی پیشین گوئی کر سکتا ہے۔

  2. برطانوی وزیراعظم بورس جانسن منگل کو بتائیں گے کہ کونسے کاروبار کھولے جا سکتے ہیں

    برطانوی وزیراعظم کے دفتر ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو وزیر اعظم یہ اعلان کریں گے کہ چار جولائی سے کون کون سے کاروبار دوبارہ کھولے جا سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ 2 میٹر کے فاصلے کی سماجی دوری کے ضابطے کا بھی دوبارہ سے جائزہ لیا جائے گا اور اس سے متعلق فیصلے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

  3. ویلز میں شادی ہو سکتی ہے لیکن بڑی تقریب کے بغیر

    پیر سے ویلز میں شادیوں اور سول پارٹنر شپ پر عائد پابندیاں ہٹا دی جائیں گی لیکن بڑی سطح پر تقریب کی اجازت نہیں ہو گی۔

    دوسری جانب شادی کی مختصر تقریب تو ہو سکتی ہے لیکن سماجی تقریبات پر اب بھی پابندی عائد ہے یعنی مکینوں کو اب بھی سماجی دوری پر عمل کرنا ہو گا۔

    جن مہمانوں کو شادی پر مدعو کیا جائے گا ان کے حوالے سے سفر کے فاصلے سے متعلق حدود کی پابندی نہیں ہو گی لیکن حفاظت کے لیے تقریب کا مختصر ہونا ضروری ہو گا۔

    اب شادی پر عائد پابندی اٹھانے کا مطلب یہ ہے کہ پیر سے ضروری اشیا کے علاہ دیگر دکانیں بھی کھول دی جائیں گی۔

  4. ڈیکسا میتھازون دوا کن مریضوں کو دی جائے گی؟

    ڈیکسا میتھازون دوا کن مریضوں کو اور کن حالات میں دی جائے گی؟

    اس بارے میں ہماری ساتھی عالیہ نازکی نے این ایچ ایس لندن سے وابستہ ماہر امراض تنفس ڈاکٹر سلیم انور سے بات کی ۔۔ انھوں نے کیا کہا، جانتے ہیں اس پوڈکاسٹ میں۔

  5. پنجاب میں مزید 1204 افراد میں کورونا کی تشخیص اور 28 ہلاکتیں

    صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1204 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 66943 ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اتوار کے روز پنجاب میں کورونا کے 28 مریض ہلاک ہوئے ہیں اور اب صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1435 ہو چکی ہے۔

    صوبے میں اس مرض سے صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 19100 ہو گئی ہے۔ آج صوبے بھر میں کورونا کے 9598 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

    پنجاب میں نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد پاکستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 180838 جبکہ اموات کی کُل تعداد 3587 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 71157 ہو گئی ہے۔

  6. صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کورونا کی تفصیلی صورتحال چارٹ میں

    صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2275 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کی تفصیلی صورتحال کے لیے مندرجہ ذیل چارٹ دیکھیے۔

  7. دبئی میں پیر سے رہائشیوں کو واپسی کی اجازت

    دبئی نے اعلان کیا ہے کہ پیر سے رہائشیوں کو واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔

    مشرقِ وسطیٰ کی اس ریاست میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے نافذ اقدامات میں نرمی کی جا رہی ہے۔

    تمام مسافروں کو دبئی آمد پر ٹیسٹ کیا جائے گا اور متاثرہ افراد کے لیے 14 روزہ قرنطینہ لازم ہوگا۔

    سیاحوں کو 7 جولائی سے آنے کی اجازت دی جائے گی تاہم انھیں یا تو کورونا منفی ہونے کی سند دکھانی پڑے گی یا دبئی کے ایئرپورٹ پر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔

    وہ سیاح جن کا ٹیسٹ مثبت آئے گا انھیں بھی 14 روزہ قرنطینے میں جانا ہوگا۔

  8. ڈاکٹرز کی ہدایت کے بغیر کورونا کی ادویات استعمال کرنا نقصان دہ کیوں ہے؟

    برطانیہ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مہلک وائرس کے خلاف جنگ میں کم مقدار والی سٹیرائڈ دوا ڈیکسامیتھازون سے کامیاب علاج ایک ’زبردست پیش رفت‘ ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ یہ دوا خریدیں اور استعمال کرنا شروع کر دیں۔

    ادویات کو بنا نسخے کے استعمال کرنے کے خطرات کیا کیا ہیں، یہ جاننے کے لیے ہم نے بات کی اسلام آباد میں ڈاکٹر زعیم سے۔

  9. وفاقی دارالحکومت میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن جاری

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے 21 جون کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو مجموعی طور پر 4100 روپے کا جرمانہ کیا ہے۔

    احتیاطی تدابیر نہ اختیار کرنے والے دو ہوٹلوں، 21 دکانوں اور دو صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔

    دکانداروں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر شہریوں کو ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد کے جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ دکانداروں کو ہونے والے جرمانوں کی رقم دس لاکھ 21 ہزار سے زائد ہے۔

    مجموعی طور پر 82 ہوٹلز، 340 دکانوں، 26 ورکشاپوں اور نو صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔

  10. کیا آپ کو برطانیہ کے قرنطینہ قوانین کا علم ہے؟

    برطانیہ میں داخل ہونے والے تمام افراد کے لیے دو ہفتے کا لازمی قرنطینہ متعارف کروایا جا رہا ہے۔

    ہوائی جہاز، کشتی یا ٹرین کے ذریعے آنے والے شہریوں اور غیر ملکی افراد کو ایسا پتا فراہم کرنے کے لیے کہا جائے گا جہاں وہ خود کو 14 روز کے لیے خود ساختہ تنہائی میں رکھیں گے۔

    اگر مسافر یہ تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے تو ان پر 100 پاؤنڈ تک کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ حکام کی جانب سے اچانک دورے کر کے دیکھا جائے گا کہ وہ قواعد کی پابندی کر رہے ہیں یا نہیں۔

    انگلینڈ میں موجود لوگوں کو خود ساختہ تنہائی اختیار نہ کرنے پر 1000 پاؤنڈ تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  11. گلگت بلتستان میں مزید 10 افراد میں کورونا کی تشخیص، ایک ہلاکت

    محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1288 ہوگئی ہے۔

    ایک اور مریض کی ہلاکت کےبعد گلگت بلتستان میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے متاثرین کی کُل تعداد 865 ہوگئی ہے۔

    گلگت بلتستان میں نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد پاکستان میں مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 179634 جبکہ اموات کی کُل تعداد 3559 ہو چکی ہے۔

  12. لندن سٹی ایئرپورٹ سے کمرشل پروازوں کی بحالی

    لندن سٹی ایئرپورٹ کورونا وائرس کے باعث تقریباً تین ماہ تک بند رہنے کے بعد آج کھولا جا رہا ہے۔

    25 مارچ کو یہاں سے سفری پابندیوں اور طلب میں کمی کے باعث کمرشل اور نجی پروازیں بند ہوگئی تھیں۔

    لیکن اس دوران سرکاری ادارے اور فوج یہ ہوائی اڈہ استعمال کرتے رہے ہیں۔

    ابتدا میں فضائی آپریشن آئرلینڈ اور برطانیہ کے اندر تک کی ہی پروازوں تک محدود رکھا جائے گا۔

  13. بلوچستان: گذشتہ 24 گھنٹوں میں 147 نئے متاثرین، دو اموات

    صوبہ بلوچستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 147 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہاں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 9475 ہوگئی ہے۔

    اسی دورانیے میں دو افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں اور اب بلوچستان میں ہلاکتوں کی کُل تعداد 102 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان داکٹر وسیم بیگ کے مطابق 21 جون 2020 کو کورونا کے707 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 147 مثبت آئے ہیں۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 43104 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے33629 کے نتائج منفی آئے ہیں۔

    بلوچستان میں مجموعی طور پر 92494 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 3650 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  14. چین نے امریکی کمپنی سے منجمد مرغیوں کی درآمد پر پابندی عائد کر دی

    چین نے پولٹری پیدا کرنے والے امریکی ادارے ٹائسن فوڈز سے درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے اور بیجنگ میں پیپسی کے کارخانے کی بندش کا حکم جاری کیا ہے۔

    دارالحکومت میں وبا کی تازہ لہر کو روکنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے غذائی صنعت متاثر ہو رہی ہے۔

    طبی حکام نے 22 نئے متاثرین کی تصدیق کی ہے اور ایک تھوک بازار سے منسلک نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد 20 لاکھ لوگوں کی ٹیسٹنگ کی ہے۔

    کسٹم حکام نے کہا ہے کہ ٹائسن فوڈز کی منجمد مرغیوں کی درآمد عارضی طور پر معطل کی جا رہی ہے کیونکہ کمپنی کے امریکہ میں موجود ایک کارخانے میں وائرس کا پھیلاؤ سامنے آیا تھا۔

    کسٹم حکام نے کہا ہے کہ اس کمپنی کی جو پیداوار پہلے ہی چین میں موجود ہے، اسے بھی ضبط کر لیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ پیپسی کے بیجنگ میں موجود ایک سنیکس بنانے والے کارخانے کی بندش کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    یہاں پر اب تک 220 لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ نئے متاثرہ کلسٹرز کا تعلق شہر می ژینفادی مارکیٹ میں درآمد شدہ سالمن مچھلی کی کٹائی میں استعمال ہونے والے تختوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

  15. کورونا سے صحت مند ہونے والوں کو پلازمہ عطیہ کرنے کا کیا فائدہ ہوتا ہے؟

    پاکستان میں پلازمہ کے عطیہ سے کورونا وائرس کے مریضوں کو خاصی مدد ملتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق پلازمہ کا عطیہ دینا بے حد ضروری ہے لیکن لوگوں میں اس بارے میں اب بھی بہت سے خدشات پائے جاتے ہیں۔

    پلازمہ کا عطیہ کیا ہے، یہ کیوں ضروری ہے اور یہ ہوتا کیسے ہے، ان تمام سوالات کے جواب دے رہے ہیں ڈاکٹر طاہر شمسی اس ویڈیو میں۔

  16. سعودی عرب سے 500 سے زائد مسافروں کو لے کر تین پروازیں پاکستان روانہ

    آج سعودی عرب سے پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی تین خصوصی پروازیں سینکڑوں پاکستانیوں کو لے کر وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق دو پروازیں کُل 280 مسافروں کو لے کر دمام سے سیالکوٹ کے لیے جبکہ ایک خصوصی پرواز 250 مسافروں اور 20 میتوں کو لے کر ریاض سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی۔

    حکام کے مطابق یکم مئی 2020 سے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کی ابتدا ہوئی ہے، اور تب سے اب تک ایسی 30 پروازوں کے ذریعے 5174 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

  17. خیبرپختونخوا: گذشتہ 24 گھنٹوں میں 553 نئے متاثرین، 13 ہلاکتیں

    صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 553 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ متاثرین کی کُل تعداد 21997 ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق اسی دورانیے میں مزید 13 افراد وبا کے باعث ہلاک بھی ہوئے ہیں اور اب یہاں مجموعی اموات کی تعداد 821 ہو گئی ہے۔

    ہلاک ہونے والے 13 افراد میں آٹھ کا تعلق پشاور، دو کا کوہاٹ جبکہ ایک، ایک کا خیبر، لوئر دیر اور ڈی آئی خان سے ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 473 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں اور اب خیبرپختونخوا میں صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 6536 ہو گئی ہے۔

    خیبرپختونخوا میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 179477 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اموات کی کُل تعداد 3556 ہو چکی ہے۔

    پاکستان میں صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 70543 ہو گئی ہے۔

  18. برطانیہ کے ہسپتالوں میں داخل جنوبی ایشیائی مریضوں کی موت کا خطرہ زیادہ کیوں ہے؟

    برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق برطانیہ کے ہسپتالوں میں داخل ہونے کے بعد جنوبی ایشیائی افراد کا کورونا وائرس سے مرنے کا امکان زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

    یہ واحد نسلی گروہ ہے جس کی موت کا خطرہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد بڑھ جاتا ہے اور اس کی ایک وجہ ان کے خون میں ذیابیطس کی زیادہ مقدار ہے۔

    یہ تحقیق بہت اہم ہے کیونکہ اس میں ان 10 میں سے چار ہسپتالوں کے اعداد و شمار لیے گئے ہیں جہاں کووڈ 19 مریضوں کا علاج ہو رہا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ کام کی جگہوں پر لوگوں کی حفاظت کرنے اور اس بات کا فیصلہ کرنے کہ کسے ویکسین ملے گی، ان پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

    اس تحقیق میں یونیورسٹیوں اور 260 ہسپتالوں سمیت، برطانیہ میں صحت عامہ کے 27 ادارے شامل تھے۔

    اس تحقیق میں صرف یہی بتایا گیا ہے کہ جب کسی کو ہسپتال میں داخل کرایا جاتا ہے تو کیا ہوتا ہے، لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ جنوبی ایشیائی افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ کتنا ہے۔

  19. کیا کورونا کی دوسری لہر آ سکتی ہے؟

    جہاں دنیا کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی ہو رہی ہے وہیں اس امر پر بھی توجہ مرکوز ہے کہ اس وبا کی دوسری لہر سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔

  20. پاکستان متاثرین کی عالمی فہرست میں 14ویں نمبر پر آ گیا

    کورونا وائرس کے متاثرین کی عالمی فہرست میں پاکستان میکسیکو کو نیچے دھکیلتے ہوئے 14ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

    امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے متاثرین کی تعداد میں آج صوبہ سندھ میں سامنے آنے والے 2275 متاثرین شامل نہیں ہیں۔

    اس عالمی فہرست میں امریکہ 22 لاکھ 55 ہزار متاثرین کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب برازیل، روس، انڈیا، برطانیہ، پیرو، سپین، اٹلی، چلی، ایران، فرانس، جرمنی، ترکی اور پاکستان ہیں۔

    انڈیا چار لاکھ دس ہزار سے زائد متاثرین کے ساتھ متاثرین کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

    اگر بات ہلاکتوں کی کی جائے تو اس فہرست میں 3501 ہلاکتوں کے ساتھ پاکستان کا 21ویں نمبر ہے۔ یاد رہے ان ہلاکتوں میں آج ملک بھر میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔

    ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ امریکہ اموات کی عالمی فہرست میں بھی ٹاپ پر ہے۔ اس کے بعد سرفہرست ممالک میں برازیل، برطانیہ، اٹلی، فرانس، سپین، میکسیکو، انڈیا، بلجیئم اور ایران شامل ہیں۔