انڈیا میں 10 ہزار سے زیادہ اموات، برازیل میں ایک دن میں تقریباً 35 ہزار نئے کیس
دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں میں لگاتار دوسرے روز بھی اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہیں۔ منگل کو دنیا کے دوسری سب سے متاثرہ ملک برازیل میں وائرس کے تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ انڈیا چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں مزید دو ہزار اموات ہوئی ہیں۔
لائیو کوریج
کورونا کی وجہ سے سماجی دوری، یہ دو میٹر ہوتا کتنا ہے؟
تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رہنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔
پاکستان: پنجاب کے کل 387 وینٹیلیٹرز میں سے اب صرف 154 دستیاب
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کووڈ 19 کے لیے 1400 وینٹیلیٹرز مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 420 پر تشویش حالت کے مریض موجود ہیں اور باقی دستیاب ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں کورونا کا ایک بھی مریض وینٹیلیٹر پر نہیں ہے۔
ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کے لیے 820 ہسپتالوں میں 8559 مریض زیر علاج ہیں۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں 18، خیبر پختونخوا میں 85، پنجاب میں 233 اور سندھ میں 83 افراد فی الحال وینٹیلیٹر پر ہیں۔
پنجاب میں کل 387 مختص کردہ وینٹیلیٹرز میں سے اس وقت 154 دستیاب ہیں جن پر کوئی مریض نہیں ہے۔
کورونا وائرس: برازیل میں اموات کی تعداد برطانیہ سے تجاوز کر گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
برازیل میں اموات کی تعداد برطانیہ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے برازیل دوسرا متاثرہ ترین ملک ہے۔
گذشتہ روز ہونے والی 843 اموات کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 41،901 ہوگئی ہے۔
برطانوی حکومت کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے نتیجے میں جنوری کے آخر سے اب تک 41،481 اموات ہو چکی ہیں۔
دنیا میں ہلاکتوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں یہ تعداد 114613 ہے۔
کورونا وائرس: امریکہ میں مزید 839 ہلاکتوں کی تصدیق
،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 839 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں ہلاکتوں کی کل تعداد 114,613 ہو گئی ہے جبکہ اب تک متاثرین کی کل تعداد 2,044,572 ہے۔
بریکنگ, پاکستان کی موجودہ صورتحال
بریکنگ, گذشتہ ایک روز کے دوران پاکستان میں 6472 نئے متاثرین
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک روز کے دوران ملک میں کورونا کے 6472 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ ملک میں ایک دن میں آنے والے نئے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس طرح ملک میں اس وقت 132,405 کل مصدقہ متاثرین موجود ہیں۔ یاد رہے کہ 11 جون کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک روز میں 6397 نئے متاثرین کا اضافہ ہوا تھا۔
جبکہ گذشتہ روز 88 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد کووڈ 19 سے کل ہلاکتوں کی تعداد 2551 ہوچکی ہے۔
اب تک پاکستان میں کورونا سے 50,056 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پچھلے ایک دن میں پاکستان میں 29,850 ٹیسٹ کیے گئے جو حکام کے مطابق ملک میں سب سے بڑی ایک روزہ تعداد ہے۔
بریکنگ, کورونا وائرس: دنیا بھر میں ہلاکتیں 425,330، متاثرین7,629,227
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 425,330 ہو گئی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 7,629,227 ہو چکی ہے۔
امریکہ میں اب بھی ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور ان کی تعداد 114,672 ہو چکی ہے۔
دیگر ممالک میں صورتحال کچھ یوں ہے۔
برازیل: 41,828
برطانیہ: 41,566
اٹلی: 41,566
فرانس: 29,377
سپین: 27,136
میکسیکو: 16,448
بیلجیئم: 9,646
جرمنی: 8,783
ایران: 8,659
کورونا وائرس کا شکار مائیں بچوں کو دودھ پلائیں: ڈبلیو ایچ او کا پیغام
،تصویر کا ذریعہGetty Images
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اگر کورونا وائرس کا شکار ہیں تو بھی اپنے بچوں کو دودھ پلاتی رہیں۔
ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانم کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے تحقیق کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ بچے کووڈ 19 سے نسبتاً کم خطرے میں ہیں لیکن وہ دیگر بے شمار بیماریوں کے زیادہ خطرے میں ہیں جن سے ماں کا دودھ ملنے کی صورت میں بچا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ جو میسر شواہد ہیں ان کی روشنی میں ڈبلیو ایچ او نے تجویز دی ہے کہ دودھ پلانے کے فوائد کووڈ 19 کی منتقلی کے کسی بھی ممکنہ خطرے سے کہیں زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ماں جو کورونا کی مصدقہ یا مشتبہ مریضوں میں شامل ہیں کی اس پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو دودھ پلاتی رہیں اور جب تک ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب نہ ہو اپنے بچوں سے الگ نہ ہوں۔
کیلی فورنیا میں اب فلم اور ٹی وی کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کیلی فورنیا میں حکام کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے باعث عائد کردہ ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے ٹی وی اور فلم پروڈکشن کا کام آج سے ہی دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔
لیکن یہ ممکن دکھائی نہیں دے رہا کہ پروڈکشن کا کام فوری طور پر شروع ہو جائے۔
ہالی وڈ کے رپورٹر کہنا ہے کہ توقع کی جا رہی ہے کہ کرئیو جولائی یا اگست تک کام پر واپس آئیں گے۔ لیکن اب کووڈ 19 کے بعد کام کی جگہ کیسی لگے گی؟
اب نئے ضابطوں کے تحت انڈسٹری نے یونینز کے پروٹوکولز پر عمل کرنے کی حامی بھری ہے۔ اس میں ماسک کا استعمال، کورونا کا ٹیسٹ، کھانے کے اوقات وغیرہ شامل ہیں۔
رپورٹر کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ٹیلر پیرے نے اس سے پہلے جو تجاویز دی تھیں ان میں یہ بھی شامل تھا کہ کاسٹ میں شامل افراد سیٹ پر لوٹنے سے پہلے خود ساختہ تنہائی میں جائیں اور نجی طیاروں پر سفر کریں تاکہ کورونا کا خطرہ کم کیا جا سکے اور ہر سفر کے بعد کورونا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کروائیں۔
سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی کورونا وائرس میں مبتلا
،تصویر کا ذریعہTWITTER/MUSHTAQ GHANI
سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
,ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے اس کی تصدیق کی۔
سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کی بیٹی اور داماد میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
دل کے عارضے اور کورونا سے کامیابی سے لڑنے والا ننھا رئیس
،تصویر کا ذریعہNHS
برطانیہ میں پیدا ہونے والے رئیس حسنین کا دل پیدائش کے بعد معمول کے مطابق کام نہیں کر رہا تھا۔ ان کے خاندان کے لیے دوہرا صدمہ تب بنا جب یہ پتہ چلا کہ وہ کورونا وائرس کا بھی شکار ہو گئے ہیں۔
لیکن پانچ ہفتوں تک ہسپتال میں بھاگ دوڑ کرنے کے بعد اب رئیس اپنے گھر واپس لوٹ گئے ہیں اور تین سالہ بھائی آیان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
ان کی والدہ فرح جو اپنے بیٹے کو چھو بھی نہیں سکتی تھیں کہتی ہیں کہ یہ موت اور زندگی کی کشمکش جیسی صورتحال تھی۔ حتٰی کہ ڈاکٹر کہتے تھے کہ صورتحال ان کے مخالف ہے۔
پھر رئیس نہ صرف کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے بلکہ چھ گھنٹے تک دل کے آپریشن سے بھی کامیابی سے گزرے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی یونیورسٹی میں 17 جون سے امتحانات کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گا, ایم اے جرال، صحافی
،تصویر کا ذریعہM A JARRAL
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قائم جامعہ کوٹلی آزاد جموں و کشمیر نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے نتیجے میں امتحانات روک لیے تھے تاہم اب بقیہ امتحانات 17 جون سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جامعہ کوٹلی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دلنواز گردیزی نے بتایا جامعہ کوٹلی آزاد جموں و کشمیر نے امتحانات اور آن لائن کلاسز کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کر لی ہے، نئی پالیسی کرونا وائرس کے تدراک اور طلبہ کے قیمتی وقت کے ضیاع کو بچانے کی غرض سے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مرتب کی گئی ہے۔
پالیسی کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث بقیہ رہ جانے والے امتحانات، جن کا تدریسی عمل مکمل ہو چکا ہے 17 جون 2020 سے شروع ہوں گے۔
اوپن بک طرز کا ہر پیپر دن دو بجے شروع ہوا کرے گا جبکہ ڈیٹ شیٹ متعلقہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ جاری کریں گے۔
امتحان کے حوالے سے مکمل تفصیلات اور دیگر ہدایات جامعہ کوٹلی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز پر اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جامعہ کوٹلی کے طلبہ رہنمائی کے لیے متعلقہ ٹیچر یا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ جبکہ جامعہ کوٹلی سے الحاق شدہ کالجز کے طلبہ متعلقہ فوکل پرسن یا جامعہ کوٹلی کے کنٹرولر امتحانات سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
نئی پالیسی کے مطابق طلبہ کو پیپرز ایل ایم ایس، واٹس ایپ یا ای میل کے ذریعہ بھیجنے کیساتھ جامعہ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیے جائیں گے، طلبہ نیلی سیاہی اور ہاتھ سے حل شدہ پرچہ جات 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ ٹیچر کو واٹس ایپ یا ای میل کریں گے۔
جو طلبہ کسی مجبوری کے باعث آن لائن طریقہ کار سے مستفید نہیں ہو سکتے وہ اپنا سمسٹر منجمند بھی کرا سکتے ہیں۔
جامعہ کوٹلی کیساتھ الحاق شدہ کالجز کے بی ایس پروگرامز (چار سالہ) پر بھی یہی پالیسی لاگو ہو گی، اس ضمن میں جامعہ کوٹلی سے الحاق شدہ کالجز کے سربراہان اور فوکل پرسنز کو آن لائن کلاسز کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی گئی ہے اور نئی پالیسی کے ہر پہلو کے بارے میں مکمل آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔
آن لائن کلاسز کیساتھ نئے سمسٹر کا آغازجولائی سے عمل میں لایا جائے گا۔
ڈاکٹر دلنواز گردیزی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے معیشت کیساتھ تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، مہلک وبائی مرض کے منڈلاتے سائے نے طلبہ کا تعلیمی سال خطرے میں ڈال دیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے شروع ہی سے بغیر امتحان کے طلبہ کی اگلے سمسٹرز میں منتقلی کی تجویز کو رد کر دیا تھا۔
امریکہ میں فضائی سفر میں اضافہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں وبا کے پھیلنے کے بعد یہ پہلا ہفتہ ہے جب فضائی سفر پر جانے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
امریکہ کی ٹرانسپورٹ سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق اپریل میں ایک دن میں 87 ہزار مسافر فضائی راستے سے سفر پر گئے تاہم اگر اس کا موازنہ گذشتہ برس سے کیا گیا تو اسی عرصے میں یہ تعداد 20 لاکھ تھی۔
مگر پیر کو 430,000 افراد ٹرانسپورٹ سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے چیک پوائنٹس سے گزرے۔ اور گذشتہ روز یہ تعداد پانچ لاکھ تک پہنچ گئی اور مارچ کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے۔
امریکہ میں فضائی سفر میں تو اضافہ ہوا ہے تاہم وہاں کورونا کے کیسرز میں بھی مختلف ریاستوں میں اضافہ ہوا ہے۔
بیماریوں سے بچاؤ اور ان پر کنٹرول کے لیے قائم ادارے کی جانب سے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر پر رہیں اور سفر کو محدود کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
, اقوامِ متحدہ: یمن میں زندگی بچانے والے پروگراموں کو خطرہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی یمن کی جنگ نہیں رکی ہے اور اب اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اہم انسانی پروگرام بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ بڑھ رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کولویل نے بتایا کہ اگر فنڈز نہ ملے تو یمن میں اقوامِ متحدہ کے 41 میں 30 سے زیادہ پروگرام آنے والے ہفتوں میں بند ہو جائیں گے۔
کورونا وائرس یمن میں پھیل رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کا نظام تقریباً تباہ ہو چکا ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں امداد کے لیے ایک فنڈ ریزر میں تقریباً ایک ارب ڈالر کم اکٹھے ہوئے تھے، اور اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ جس کا وعدہ کیا گیا تھا اس میں سے بھی ابھی تک آدھے سے کم ملے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اگراس ماہ یونیسیف کو تین کروڑ ڈالر نہیں ملتے تو پانی، صحت اور صفائی اکی سہولیات بند ہونا شروع ہو جائیں گی۔
پی آئی اے پلازما کی ترسیل بلا معاوضہ کرے گی
،تصویر کا ذریعہPIA
پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی
اے نے کورونا وائرس کے پلازما سے علاج کے لیے ہونے والی کوششوں میں شامل ہونے کا اعلان کرنے ہوئے پیش کش کی ہے کہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک پلازما کی ترسیل پی آئی اے بلا معاوضہ کرے گے۔
ائیر مارشل ارشد ملک
پی آئی اے پاکستان کا قومی پرچم بردار ادارہ ہے اور اس مشکل وقت میں اپنے عوام کی مدد کرنے کےلیے این آئی بی ڈی کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔
ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والا پی آئی اے کا عملہ رضاکارانہ طور پر این آئی بی ڈی اور اس کے متعلقہ اداروں میں پلازما عطیہ کرے گا۔
فرانس میں مزید 28 اموات
،تصویر کا ذریعہGetty Images
جمعے کو فرانس میں کورونا وائرس سے مزید 28 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد وبا کے نتیجے میں ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 29,374 ہو گئی ہے۔
فرانس دنیا میں سب سے زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنے والا پانچواں ملک ہے۔
لیکن اب مسلسل 10واں دن تھا جب فرانس میں یومیہ 100 سے کم اموات ہوئیں۔
بریکنگ, برازیل کو مدد کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ برازیل کے کچھ حصوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ وہاں کورونا وائرس کے بہت زیادہ مریض موجود ہیں۔
برازیل دنیا میں انسانی جانوں کے نقصان کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے یہاں اب تک 40 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
مائیکل ریان جو کہ ڈبلیو ایچ او میں ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں نے بتایا ہے کہ برازیل میں کورونا وائرس کے بہت سے مراکز ہیں خاص طور پر زیادہ آبادی والے علاقے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں بہت سے آئی سی یو ایسے ہیں جو 80 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
انھوں نے تنبیہ کی کہ برازیل کو نمایاں طور پر مدد کی ضرورت ہے تاکہ وہ وائرس سے نمٹ سکے۔
اٹلی میں فٹبال کی واپسی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اٹلی میں 96 روز پہلے ٹاپ لیول کا آخری فٹ بال میچ ہوا تھا، لیکن آج یہ کھیل بالآخر اٹلی کی گراؤنڈ میں واپس آ گیا۔ چاہے بند دروازوں کے اندر ہی سہی۔
9 مارچ کو اے سی میلان اور یووینٹس کے درمیان ہونے والے دوسری لیگ کے سیمی فائنل میچ کے دوران ہی اسے روک دیا گیا تھا۔ آج وہ میچ مکمل ہونے جا رہا ہے۔
کوپا اٹالیا کا دوسرا سیمی فائنل سنیچر کو نیپولی اور انٹر کے درمیان کھیلا جائے گا اور 20 جون کو سیری اے لیگ شروع ہو جائے گی۔
اٹلی میں فٹ بال کی واپسی گذشتہ ماہ جرمنی میں اس کھیل کی واپسی کے بعد ہوئی ہے۔ اگلے ہفتے سپین میں میچ شروع ہوں گے اور بدھ سے انگلش پریمیئر لیگ شروع ہو جائے گی۔
بریکنگ, پنجاب میں مزید 48 اموات، 2,705 نئے مریض
صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی وجہ سے کل ہلاکتوں کی تعداد 938 ہو گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 50087 ہے۔
جمعے کی شب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بارے میں کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صوبہ پنجاب میں شب دس بجے تک مزید 48 اموات ہوئیں اور 2,705 نئے مریض سامنے آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 17560 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور مزید 10226 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
ہجوم کی وجہ سے ویتنام میں فٹبال میچ روک دیا گیا
ویتنام پہلا ملک ہے جس نے فٹبال کے مداحوں کو سٹیڈیمز میں میچ دیکھنے کے لیے آنے کی اجازت دی ہے۔ اور اس کے سٹیڈیمز مداحوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔
اور ایک میچ میں تو رش اتنا بڑھ گیا کہ ہجوم کی وجہ سے میچ روکنا پڑ گیا۔ یہ میچ ہا ٹنہ اور ہا نوئی کی ٹیموں کے درمیان ہو رہا تھا۔
ویتنام کے فٹبال کے ماہر بل جیورج کہتے ہیں کہ شکر ہے کہ کوئی زخمی نہیں ہوا اور کھیل شروع کرنے کے لیے مداحوں کو گراؤنڈ میں پچ کے گرد کھڑا کیا گیا۔
ویتنام میں کووڈ۔19 کے 333 تصدیق شدہ مریض ہیں جبکہ وہاں ابھی کوئی بھی اس وائرس سے ہلاک نہیں ہوا ہے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔