انڈیا میں 10 ہزار سے زیادہ اموات، برازیل میں ایک دن میں تقریباً 35 ہزار نئے کیس

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں میں لگاتار دوسرے روز بھی اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہیں۔ منگل کو دنیا کے دوسری سب سے متاثرہ ملک برازیل میں وائرس کے تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ انڈیا چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں مزید دو ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. یورپ کو اس سال کے آخر تک ’کورونا ویکسین کی 40 کروڑ خوراکیں‘ مل سکتی ہیں

    r

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    یورپ میں کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے ویکم الائنس نے ادوایات تیار کرنے والی والی کمپنی آسٹرا زینیکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس اتحاد میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔

    جرمن حکومت نے سنیچر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت کمپنی ویکسین بنتے ہی یورپ کو 40 کروڑ خوراکیں دے گی۔ یہ ویکسین یورپی یونین کے ممبر ممالک کو دی جائے گی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ویکسین کی پیداوار بڑھانے اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے اور وہ یہ ویکسین بغیر منافع کے فراہم کرے گی۔

    کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ ویکسین کی فراہمی اس سال کے اختتام سے پہلے ہی شروع ہوجائے گی۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریو کا کہنا ہے کہ ’اگر سب کچھ صحیح چلتا رہا تو یورپ میں رہنے والے لاکھوں افراد کو یہ ویکسین مل سکے گی۔ اور ہمیں اس بارے میں موسمِ گرما کے اختتام تک معلوم ہو جائے گا۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویکسین بنانے سے متعلق ابتدائی اعداد و شمار کی بنیاد پر وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ویکسین کارآمد ثابت ہوگی۔

    r

    ،تصویر کا ذریعہEPA

  2. بریکنگ, پاکستان: گذشتہ ایک روز کے دوران کورونا کے 6825 نئے متاثرین، 81 اموات

    پاکستان: گذشتہ ایک روز کے دوران کورونا کے 6825 نئے متاثرین، 81 اموات

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نئے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 29546 ٹیسٹ کیے گئے۔

    اب تک کووڈ 19 سے 51735 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں کوئی بھی کورونا کا مریض وینٹیلیٹر پر نہیں ہے۔

    ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 139230 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 84863 افراد زیر علاج ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6825 نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے جو ایک دن میں سب سے بڑی تعداد ہے۔ اسی دوران 81 اموات کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔

    کووڈ 19 سے اموات کی کل تعداد اب 2632 ہوگئی ہے۔

    ملک میں لگاتار پانچویں روز سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔

  3. کورونا کی وجہ سے سماجی دوری، یہ دو میٹر ہوتا کتنا ہے؟

    تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رہنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔

  4. وفاقی وزیر شیخ رشید احمد ہسپتال منتقل

    وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انھیں ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق شیخ رشید کے ترجمان نے بتایا کہ ان کی طبعیت شام سے ناساز تھی جس کے باعث انھیں ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

    شیخ رشید کا کورونا ٹیسٹ چند روز قبل مثبت آیا تھا۔

    شیخ رشید کے قریبی ساتھی سید عاصم کا آج انتقال ہو گیا تھا ۔ ترجمان کے مطابق شیخ رشید کی طبیعت بہتر ہے۔

  5. بریکنگ, پنجاب: 24 گھنٹے میں 2514 نئے متاثرین، 31 مزید ہلاکتیں

    کورونا

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 13 جون کی رات 10 بجے تک کورونا وائرس کے 2514 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس صوبے میں متاثرین کی کُل تعداد 52 ہزار 601 ہوگئی ہے۔

    پراونشل ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں، یوں صوبے میں اب تک 969 ہلاک ہوچکے ہیں۔

    محکمے کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں صحتیاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 17 ہزار 650 ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صرف صوبائی دار الحکومت لاہور میں ہی 26 ہزار 429 متاثرین موجود ہیں جن میں سے 1331 گذشتہ 24 گھنٹے کے اندر سامنے آئے ہیں جبکہ شہر میں اب تک 330 لوگ ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے پانچ ہلاکتیں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئی ہیں۔

  6. روس: ہلاکتوں کی درجہ بندی کے طریقے پر نظرثانی، اپریل میں اموات کی تعداد میں دگنا اضافہ

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ملک میں ہلاکتوں کی درجہ بندی کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کے بعد اپریل میں روس میں سرکاری ہلاکتوں کی تعداد دوگنا سے بڑھ کر دو ہزار 712 ہوگئی ہے۔

    اب حکام خبردار کر رہے ہیں کہ مئی میں ہونے والی اموات کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں کیونکہ گذشتہ ماہ وسط سے ملک میں کورنا وائرس میں تیزی آئی تھی۔

    روس میں اس وائرس سے ابھی تک اموات کی تعداد 6800 سے زائد بتائی جاتی ہے، لیکن اس ہفتے کے آغاز میں نئے طریقے سے اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ صرف ماسکو میں مئی کے مہینے میں 5260 ہلاکتیں ہوئیں۔

    اس سے قبل صرف ان لوگوں کو گنا جاتا تھا جن کے بارے میں لکھا تھا کہ ان کی موت کی بنیادی وجہ وائرس تھی۔

    اب نئے طریقے سے روس ایسے ہلاک ہونے والوں کا شمار بھی کر رہا ہے جن کا ہلاکت سے قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس طریقے میں اگر مرنے کی بنیادی وجہ کوئی اور بھی تھی، تو بھی اسے وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

  7. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 30 نئے مریض، مجموعی تعداد 604 ہوگئی, ایم اے جرال، صحافی

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہMA Jarral

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق آج سنیچر کے روز مزید 30 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 604 تک پہنچ گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کا ایک مریض ہلاک ہوا ہے جس کے بعد اس خطے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

    ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق آئیسولیشن ہسپتال مظفرآباد میں زیرِ علاج مریض ہلاک ہوا ہے۔

    ان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے نو افراد کا تعلق دارالحکومت مظفرآباد جبکہ، دو کا وادی نیلم اور ایک کا وادی جہلم سے ہے۔

    کمشنر میرپور محمد رقیب خان کے مطابق میرپور ڈویژن میں نو مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں سے چار افراد کا تعلق بھمبر، تین کا میرپور اور دو افراد کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سدھنوتی ندیم احمد جنجوعہ کے مطابق سدھنوتی میں 24 گھنٹوں کے دوران پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    ضلع راولاکوٹ کے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد جرال کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے 3 افراد کا تعلق رولاکوٹ سے ہے۔

    حکام کے مطابق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید آٹھ مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 250 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک 10 ہزار 578 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن میں سے 53 کے نتائج آنے کا انتظار ہے۔

    کورونا
  8. گلگت بلتستان کے ڈاکٹروں، طبی عملے کا ’رسک الاؤنس‘ کے لیے احتجاج

    کورونا، گلگت بلتستان، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہDr Mehboob

    گلگت بلتستان میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں کے ’گرینڈ ہیلتھ الائنس‘ نے اپنے مطالبات کے حق میں گلگت کے پروونشل ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    گرینڈ ہیلتھ الائنس گلگت بلتستان کے طبی شعبے سے تعلق رکھنے والی مختلف پیشہ ور تنظیموں کا اتحاد ہے جس میں ڈاکٹر، نرسنگ سٹاف، پیرا میڈیکس اور دیگر ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔

    اس دوران ہسپتال میں مکمل ہڑتال رہی اور مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔

    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر ڈاکٹر اعجاز ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ طب کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر، نرسنگ، پیرا میڈیکس سٹاف کو بلا تفریق چاہے وہ ہسپتال کے جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، خطرے کا الاؤنس دیا جائے۔

    ڈاکٹر اعجاز ایوب کا کہنا تھا کہ جب سے وبائی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس وقت سے اب تک گلگت بلتستان میں ہسپتالوں اور ڈاکٹروں وغیرہ پر کم از کم پانچ بڑے حملے ہوچکے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حملے کورونا مریضوں کے لواحقین کرتے ہیں جن میں نہ صرف ہستالوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے، بلکہ طبی عملے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومتوں سے کہتے ہیں کہ وہ کورونا کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرے کیونکہ عوام میں حکومتوں کی جانب سے غیر واضح پالیسی کے باعث بڑے پیمانے پر غلط فہمیاں ہیں۔

    ڈاکٹر اعجاز ایوب نے مطالبہ کیا کہ طبی عملے اور ہسپتالوں کی حفاظت کے لیے نیم فوجی دستے تعینات کیے جائیں اور طبی عملے کی حفاظت سے متعلق قانون پاس کیا جائے۔

    ڈاکٹر اعجاز ایوب نے دعویٰ کیا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں ہسپتالوں اور کورونا سینٹرز میں کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی وسائل موجود نہیں ہیں۔ ’نہ تو مشینری ہے اور نہ ہی سٹاف اور جو سٹاف ہے وہ تربیت یافتہ نہیں ہیں، اس لیے گلگت بلتستان کی تین رینج دیامیر، بلتستان اور گلگت میں فی الفور سہولتیں فراہم کر کے کورونا سینٹرز قائم کیے جائیں۔

    کورونا، گلگت بلتستان، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہDr Mehboob

    کورونا، گلگت بلتستان، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہDr Mehboob

  9. نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فاصلے سے کیڈٹس سے خطاب

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کی ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی میں کیڈٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کیا۔

    وبا کی وجہ سے اس بار یہ تقریب مختلف نظر آئی۔ کیڈٹس نے ماسک پہن رکھے تھے اور ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے نظر آئے۔

    ریاست نیویارک میں بڑے اجتماعات پر پابندی کے باوجود یہ تقریب منعقد کی گئی۔

    امریکہ میں نیویارک میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جبکہ امریکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کے اعتبار سے دنیا میں سرِفہرست ہے۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  10. بریکنگ, پاکستان: بلوچستان میں کورونا کے 162 نئے کیس، متاثرین کی تعداد 8028 ہو گئی

    چارٹ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کورونا کے 162 نئے کیس آنے کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 8028 ہو گئی ہے۔

    کورونا سے مزید تین اموات کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 83 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 13جون 2020 کو کورونا کے 682 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 162 کا نتیجہ پازیٹو آیا۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 36959 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 28931 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طوپر پر 83344 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 37209 ہے۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 2795 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  11. لاک ڈاؤن کے بعد بچھڑا خاندان دوبارہ مل گیا

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہbbc

    کینسر میں مبتلا ایک چار برس کا بچہ اپنے والد کے ساتھ ہسپتال میں زیر علاج تھا مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنے خاندان سے بچھڑ گیا تھا۔ باپ بیٹا سات ہفتوں بعد اپنے خاندان والوں سے ملے ہیں۔

    اولیور سٹیفن کو جنوری میں آخری درجے کے ہڈیوں کے کینسر کی تشخیص کے بعد لیڈز کے ایک ہسپتال میں کیمیو تھراپی کے لیے 27 اپریل کو داخل کیا گیا تھا۔

    ان کے والد جیمز جن کی عمر 32 برس ہے، ان کے ساتھ تھے مگر ان کی ماں لاؤرا اور بھائی ایلفی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کی طرف نہ جا سکے۔

    جیمز سٹیفنسن کا کہنا ہے کہ گھر آنے کے لیے یہ کسی ذہنی تشدد سے کم نہ تھا۔ اب خاندان والوں سے مل کر بہت خوش ہوں۔

  12. بریکنگ, گلگت بلتستان: کورونا کے 49 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 1093, محمد زبیر خان، صحافی

    کورونا

    محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق خطے میں 49 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1093 تک پہنچ چکی ہے۔

    13جون کو سب سے زیادہ مریض ہنزہ سے سامنے آئے جہاں ان کی تعداد 20 تھی، جبکہ استور میں 13،دیا میر میں دو، غذر میں چھ، گلگت میں چار اور سکردو میں چار افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

    اس خطے میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہے۔

    15 مریض مزید صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت مند مریضوں کی تعداد 691 ہوچکی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 388 ہے۔

  13. برطانیہ میں مزید 80 ہلاکتیں

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 80 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    این ایچ ایس انگلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ ہسپتالوں میں گذشتہ روز 67 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں اس وقت کل اموات 27 ہزار 926 اموات ہو چکی ہیں۔

    ویلز میں چھ نئی اموات ہوئی ہیں، جس سے کل اموات 1141 ہو گئی ہیں۔ سکاٹ لینڈ میں پانچ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور کل ہلاکتیں 2447 ہو چکی ہیں۔

    شمالی آئرلینڈ میں دو اموات ہوئی ہیں، جہاں اب کل ہلاکتیں 541 ہو چکی ہیں۔

    برطانیہ کے صحت کے محکمے کے مطابق وہ اپنے تمام اعداد و شمار بعد میں جاری کرے گا۔

  14. ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا سیکٹر جی نائن کا دورہ

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہICT Administration

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے سیکٹر جی نائن کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کورونا وائرس کے باعث سیل کردہ علاقے کا جائزہ لیا۔

    انھوں نے سیل کردہ علاقے میں تعینات پولیس اور رینجرز اہلکاروں میں حفاظتی کٹس تقسیم کیں۔

    اس موقع پر انھوں نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیل کردہ علاقوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ساتھ ہی ساتھ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کے جوان اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور حکومت کی جانب سے ڈیوٹی پر مامور فورس کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہICT Administration

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہICT Administration

  15. کورونا وائرس: یورپی ممالک کا ویکسین کے لیے دوا ساز کمپنی سے معاہدہ

    ویکسین

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    اٹلی، جرمنی، فرانس اور آئرلینڈ نے دوا ساز کمپنی استرازنیکا سے کورونا وائرس ویکسین بنانے سے متعلق معاہدہ کر لیا ہے۔

    اٹلی کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت یہ دوا ساز کمپنی یورپی شہریوں کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

    یہ معاہدہ نئی ویکسین کی 40 کروڑ خوراکوں کا ہے۔ یہ ویکسین برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کی جائے گی۔ ابھی یہ تجرباتی مراحل میں ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ خزاں کے آخر تک اسے تیار کر لیا جائے گا۔

    اس معاہدے سے متعلق فیس بک پوسٹ کے ذریعے مطلع کرتے ہوئے اٹلی کے وزیر صحت روبرٹو سپرانزا کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کی پہلی کھیپ اس سال کے آخر تک دستیاب ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کا یہ معاہدہ اٹلی اور یورپ کے لیے ایک اہم یقین دہانی ہے کہ اس حوالے سے ہم نے پہلا قدم آگے بڑھایا ہے۔ ان کے مطابق اس وائرس کا واحد علاج ایک ویکسین ہی سے ممکن ہے۔

  16. کورونا وائرس: دنیا بھر کی تازہ ترین صورتحال

    دنیا

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کچھ یوں ہے:

    • چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک ہول سیل مارکیٹ میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد یہاں وبا کی دوسری لہر سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ کئی روز کے وقفے کے بعد شہر میں اس وائرس کے 45 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ مقامی علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے
    • برازیل میں کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ سے بھی زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ امریکہ کے بعد اب برازیل ہلاکتوں میں دنیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ برازیل میں کل اموات 41 ہزار سے زائد ہو گئیں۔ تاہم اس سب کے باوجود انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ملک کے صدر جیئر بولسونارو ابھی بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے پڑنے والے معاشی اثرات پر زور دے رہے ہیں
    • آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ہزار سے زائد فوجی کیڈٹس کی گریجوایشن تقریب سے خطاب کریں گے۔ ماہرین ایسے تقریبات کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب قرار دیتے ہیں۔ امریکہ کی دو مغربی ریاستوں اوریگون اور اوٹا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
    • انڈیا میں یومیہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس وقت انڈیا کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا چوتھا ملک بن چکا ہے
    • برطانیہ میں سرکاری طور پر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ منائی گئی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس باریہ تقریب سادگی سے منعقد کی گئی اور ونڈسر محل کے اندر سماجی فاصلے کا خصوصی اہتمام کیا گیا
  17. گذشتہ ایک ہفتے میں سپین میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

    سپین

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    تقریباً ایک ہفتہ ہو گیا ہے کہ سپین میں کورونا وائرس سے کوئی نئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔ اس وقت سپین میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27136 ہے۔

    وزارت صحت کے ایمرجنسی کوآرڈینیٹر فرنینڈو سمن نے گذشتہ ہفتے تسلیم کیا تھا کہ ملکی سطح پر ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں تضادات کی وجہ سے نئی اموات کی معلومات جاری نہیں کی جا رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ اموات کے اعدادوشمار میں تکنیکی غلطی مقامی حکام سے ہوئی تھی۔

    سپین نے 25 مئی سے اعدادوشمار اکھٹا کرنے کا ایک نیا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ نئے طریقہ کار اپنانے کے بعد اب اموات کی تعداد میں زیادہ اضافہ سامنے نہیں آ رہا ہے۔

  18. برطانیہ میں کن مقامات پر ماسک پہننا ضروری ہو گا؟

    برطانیہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نئے قواعد کے مطابق آئندہ سوموار سے برطانیہ میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی ہو جائے گا۔ ہسپتال کے عملے، شعبہ بیرونی مریضاں اور ہسپتال آنے والوں کے لیے بھی ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

    یہ احتیاطتی تدابیر عالمی ادارہ صحت کی نئی حفاظتی تدابیر کے عین مطابق ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ جہاں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہ ہو وہاں چہرے کا ڈھانپنا ضروری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی اسی وجہ سے اس کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔

    پیر سے اوبر کے ڈرائیورز اور مسافروں کے لیے بھی ماسک پہننا ضروری ہو گا۔

  19. بریکنگ, پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 1035 نئے متاثرین، مزید 19 ہلاکتیں

    چارٹ

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختنونخوا میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کے 1035 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 19 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    اس وقت خیبرپختنونخوا میں متاثرین کی کل تعداد 17450 ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی کل تعداد 661 ہے۔ صوبے میں اس وائرس سے 4291 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

  20. کورونا کا ٹیسٹ کیسے ہوتا ہے؟

    دنیا بھر میں مختلف ممالک الگ الگ طریقوں سے لوگوں کی ٹیسٹنگ کر رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکے اور متاثرین کی تعداد کے بارے میں معلوم ہو سکے۔

    اس ڈیجیٹل ویڈیو میں آپ جان سکتے ہیں کہ ٹیسٹنگ کیا ہے اور یہ کیوں ضروری ہے۔

    YouTube پوسٹ نظرانداز کریں
    Google YouTube کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Google YouTube کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Google YouTube ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔ YouTube کے مواد میں اشتہارات ہو سکتے ہیں۔

    YouTube پوسٹ کا اختتام