آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

انڈیا میں 10 ہزار سے زیادہ اموات، برازیل میں ایک دن میں تقریباً 35 ہزار نئے کیس

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں میں لگاتار دوسرے روز بھی اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہیں۔ منگل کو دنیا کے دوسری سب سے متاثرہ ملک برازیل میں وائرس کے تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ انڈیا چوتھے نمبر پر ہے اور وہاں مزید دو ہزار اموات ہوئی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, پاکستان میں یومیہ متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ 6397 افراد کا اضافہ، مزید 107 ہلاکتیں

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 6397 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ اسی دورانیے میں مزید 107 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

    جمعرات کو سامنے آنے والے نئے مریضوں اور ہلاکتوں کے بعد اب پاکستان میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 125933 جبکہ اموات کی کُل تعداد 2463 ہو گئی ہے۔

    47382 متاثرین کے ساتھ پنجاب بدستور سرِفہرست ہے جبکہ سندھ میں مصدقہ متاثرین کی تعداد 46828، خیبر پختونخوا میں 15787، اسلام آباد میں 6699، گلگت بلتستان میں 1030، بلوچستان میں 7673 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 534 ہو چکی ہے۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ریکارڈ 28,344 ٹیسٹ کیے گئے۔

    جمعرات کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 776 ہے جبکہ پنجاب میں 890، صوبہ خیبر پختونخوا میں 632، دارالحکومت اسلام آباد میں 65، بلوچستان میں 75 ، گلگت بلتستان میں 15 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اموات کی کُل تعداد 10 ہو چکی ہے۔

    اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 40247 متاثرین صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

  2. بریکنگ, دنیا بھر سے تازہ ترین صورتحال

    دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 420,993 ہو گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 7,500,777 بتائی جاتی ہے۔

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 113,803 ہے۔

    دیگر ممالک میں صورتحال کچھ یوں ہے۔

    برطانیہ: 41,364

    برازیل: 40,919

    اٹلی: 40,919

    فرانس: 29,349

    سپین: 27,136

    میکسیکو:15,944

    بیلجیئم: 9,636

    جرمنی: 8,772

    ایران: 8,584

    انڈیا: 8,102

    روس: 6,522

  3. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اب کورونا کے مریض گھر میں تنہائی اختیار کر سکتے ہیں

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکومت نے رضاکارانہ بنیادوں پر کورونا سے متاثرہ افراد کو اپنے گھروں میں تنہائی اختیار کرنے کی اجازت دے دی۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ نے یہ اجازت موجودہ حالات کے تناظر میں دی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے کورونا کے مریض جن کی تصدیق مجاز لیبارٹری کے ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوئی ہو کو علحیدہ خانگی قیام برائے صحت کے اجازت دی جائے گی۔

    ایسے مریض جن میں کورونا کی علامات ظاہر نہ ہوں ان کا طبّی نقطہ نگاہ سے ہسپتال میں رکھا جانا ضروری نہ ہو اور متعلقہ معالج کی جانب سے مریض کی جانب سے مریض کی طبّی معائنہ کے بعد خانگی قیام برائے صحت اجازت ہوگی۔

    اس سلسلے میں خاندان کا سرابرہ گھر پر قیام کے حوالے سے رضاکارانہ طور پر تحریری رضامندی دے گا اور متعلقہ فرد کومحکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تمام اصول و ضوابط کو یقینی بنانا ہوگا۔

    دوسری جانب اس خطے کے محکمہ سروسز نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق جمعے سے دارالحکومت مظفرآباد میں شروع ہونے والے لاک ڈاون کے پیشں نظر سول سیکرٹریٹ چھتر کے احاطہ میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر غیر معینہ مدت تک پابندی عائد کی ہے جبکہ احاطہ میں صرف مختلف سرکاری محکمہ جات کے وہ ہی چند ملازمین داخل ہوں گے جن کو ڈیوٹی پر آنے کو کہا گیا ہے۔

    دارلحکومت مظفرآباد میں قائم جامعہ کشمیر کے ترجمان طائر عظیم راٹھور نے بتایا کہ لاک ڈاون کے پیش نظر جاری دفتری امور کو اٹھارہ جون تک معطل کر دیا ہے. دریں اثنا شروع ہونے والے لاک ڈاون کے پیش نظر انتظامیہ نے سکیورٹی اداروں سمیت شہر بھر فلیگ مارچ بھی کیا۔

  4. کیا ایران کو کووِڈ 19 کی دوسری بڑی لہر کا سامنا ہے؟

    حالیہ دنوں میں ایران میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کورونا کیسز میں حالیہ اضافے نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ آیا ایران کو اس وبا کی دوسری بڑی لہر کا سامنا تو نہیں؟

  5. برطانیہ نے یورپی یونین کی ’مکمل سرحدی چیکنگ‘ کا منصوبہ ترک کر دیا: فنانشل ٹائمز

    فنانشل ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے یکم جنوری کو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے دباؤ پر یورپی یونین کے ساتھ مکمل سرحدی چیکنگ کے لیے بنائے گئے منصوبوں کو ترک کردیا ہے۔

    فنانشل ٹائمز کے مطابق وزیر مائیکل گوف نے تسلیم کیا ہے کہ کاروبار وبا کے پھیلنے سے پیدا ہونے والی پریشانیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں۔ اور اسی عرصے میں سرحد پر بریگزیٹ کے بعد سے ہونے والی رکاوٹوں سے نمٹنے کا معاملہ بھی ہے۔

    اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کے بجائے ، بندرگاہوں پر حکومت عارضی طور پر لائٹ ٹچ سسٹم لائے گی۔

  6. کورونا وائرس: مرنے والوں کی علامتی قبروں پر توڑ پھوڑ

    برازیل میں موجود سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ برازیل میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی یادگار پر ملک کے صدر کے حامیوں نے توڑ پھوڑ کی ہے۔

    سول سوسائٹی کے گروپ ریو ڈی پاز کے ممبران نے علامتی طور پر ریو ڈی جنیرو میں کوپاکابانا کے ساحل پر 100 علامتی قبریں بنائیں تھی ان کی یاد میں جو وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ہر قبر پر صلیب کا نشان بنایا گیا تھا۔

    برازیل میں اب تک ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد دوسرے نمبر پر ہے اور 40 ہزار سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    ایک دوسرے گروہ نے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں کی جانے والے سرگرمیوں کا مذاق اڑایا۔

    پھر ایک گروہ نے ان صلیبوں کو ہٹانا شروع کر دیا۔

    ملک کے صدر نے وبا کے آغاز میں لاک ڈاؤن کے اقدامات کی مخالفت کی تھی اور وائرس کو عام فلو قرار دیا تھا۔

  7. برطانیہ میں فضائی سفر کے لیے رہنما اصول

    برطانوی حکام نے فضائی سفر کرنے والوں کے لیے رہنما اصول وضع کیے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔

    ان تجاویز کے مطابق

    • تمام سامان کی چیکنگ کی جانی چاہیے۔
    • سٹاف کا براہ راست کم سے کم رابطہ ہونا چاہیے۔
    • ائیر پورٹ پر تمام مسافر اپنے چہروں کو ڈھک کر رکھنا چاہیے۔
    • مسافروں کو کسی سطح کو چھونے کے بعد اپنے ہاتھ دھونے چاہیے۔
    • فلائٹس میں مسافروں کو جس قدر ممکن ہو اپنی مخصوص سیٹس پر ہی بیٹھنا چاہیے۔

    ان تجاویز کے ساتھ ساتھ محکمہ ٹرانسپورٹ نے لوگوں سے کہا ہے کہ انھیں غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنا چاہیے۔

    ان گائیڈ لائنز ائیر لائنز انڈسٹری کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو پہلے ہی وبا کی وجہ سے شدید خسارے کا سامنا کر رہی ہے۔

  8. آئی ایم ایف کے سربراہ کی وارننگ: 10 کروڑ انتہائی غربت کے دہانے پر, اینڈریو واکر، بی بی سی ورلڈ سروس

    انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالنگا جیورجیوا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر میں حکومتوں نے 10 ہزار ارب ڈالرخرچ کیے ہیں۔

    آئی ایم کی سربراہ نے کہا کہ انھیں اس سے بھی زیادہ کرنے کی ضرورت تھی۔ لیکن ساتھ ہی انھوں نے خبردار کیا کہ 10 کروڑ لوگ انتہائی غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    اپنے بلاگ میں انھوں نے کہا کہ یہ اچھی خبر ہے کہ حکومتوں نے زندگیاں اور روز گار بچانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا بحران ان لوگوں پر زیادہ اثر انداز ہو رہا ہے جو پہلے ہی زیادہ غیر محفوظ ہیں۔

    انھوں نے یہ بھی دہرایا کہ بحالی کے دوران حکومتوں کی طرف سے مزید امداد کی ضرورت پڑے گی، جس میں پیلتھ کیئر بھی شامل ہے تاکہ مستقبل کی وباؤں کو روکا جا سکے۔

  9. برازیل: دکانیں کھولنا غیر معقول ہے، ڈاکٹر کا انتباہ

    برازیل کے کچھ حصوں میں لاک ڈاون کے اقدامات میں نرمی لائی جا رہی ہے، اور ساؤ پاؤلو اور ریو ڈی جنیرو میں سٹورز اور شاپنگ سینٹرز کھولے جا رہے ہیں۔

    برازیل کورونا وائرس کے متاثرین کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جس میں اب تک سات لاکھ سے زیادہ تصدیق شدہ متاثرین ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ لیکن یہ نمبر اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے کیونکہ ٹیسٹ کرنے کی کٹس اتنی زیادہ نہیں جتنی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر گیرسون سالویڈور ساؤ پاؤلو یونیورسٹی ہسپتال کے ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کام کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ دکانیں کھولنا ایک غیر معقول عمل ہے اور وہ اس کی حمایت نہیں کر سکتے۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس ہر روز بہت سے لوگ شدید علامات کے ساتھ آتے ہیں۔ ہمارے ہسپتال کے پاس تو ذرائع ہیں لیکن پورے برازیل کی یہ حقیقت نہیں ہے۔‘

    وہ وائرس کے پھیلاؤ کو صدر بولسونارو کے رویے سے جوڑتے ہیں، جنھوں نے وائرس کے خطرے کو رد کر دیا تھا اور پہلے اسے ایک ’معمولی سا نزلہ‘ بھی کہا تھا۔

    وہ کہتے ہیں کہ دنیا میں کسی بھی ڈاکٹر کے لیے مشکل ہے کہ وہ کووڈ۔19 کے مریضوں کی دیکھ بھال کرے، لیکن برازیل میں یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔ لوگوں کو یہ پتہ نہیں کہ صدر کی بات سنیں یا صحت کے اہلکاروں کی۔ وہ ہمارے مشوروں کی قدر نہیں کرتے۔‘

  10. بریکنگ, پاکستان میں جمعرات کو ایک بار پھر ریکارڈ مریض اور 100 سے زیادہ ہلاکتیں

    پاکستان میں جمعرات کو ریکارڈ 5934 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 104 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

    اب تک ملک میں یہ ایک دن میں سامنے آنے والے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    خیال رہے کہ اوپر دیے گئے اعداد شمار میں ابھی اسلام آباد کے اعداد و شمار اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے۔ اس لیے صبح میں حتمی رپورٹ آنے کے بعد یہ تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

    گذشتہ روز صوبہ سندھ میں ایک دن کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ 3038 نئے مریض سامنے آئے۔

    جبکہ صوبہ پنجاب میں 49 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    مجموعی طور پر اب تک ملک میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2460 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اب تک اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 40247 ہے۔

  11. کورونا کی وبا اور پاکستان میں ایچ آئی وی متاثرہ افراد کی مشکلات

  12. بریکنگ, کورونا وائرس: صوبہ پنجاب میں 1919 نئے مریض، مزید 49 ہلاکتیں

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1919 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 49 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    اس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 47382 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی کل تعداد 890 ہو گئی ہے۔

    اب تک صوبے میں 9546 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  13. آرمی چیف کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی: مسلم لیگ (ن)

  14. بریکنگ, اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز میں کورونا وائرس کے تصدیق

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ اس کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  15. بریکنگ, کورونا وائرس: گلگت بلتستان میں 12 نئے مریض، مزید ایک ہلاکت

    محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق خطے میں کورونا کا ایک اور مریض ہلاک ہو گیا ہے جس کے بعد خطے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے جبکہ 12 نئے مریضوں کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1030 تک پہنچ گئی ہے۔

    صحافی محمد زبیر کے مطابق نئے مریضوں میں سے پانچ کا تعلق گلگت، استور چار، غذر ایک، ایک اور سکردو سے دو شامل ہیں۔

    گذشتہ روز 40 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس میں گللگت سے 25، استور سے 12، غذر سے دو جبکہ دیامیر سے ایک مریض شامل ہے۔

    مجموعی طور پر صحت یاب مریضوں کی تعداد 673 ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں اب تک 10465 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ جس میں سے 329 کا اب بھی انتظار ہے۔

  16. بریکنگ, کورونا وائرس: بلوچستان میں 338 نئے مریض، مزید دو ہلاکتیں

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 338 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 7673 ہو گئی ہے۔

    کوئٹہ سے ہمارے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق کورونا وائرس سے مزید دو افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 75 ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 11 جون 2020 کو کورونا کے1259 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 338 مثبت آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 35412 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

    جن میں سے 27739 کے نتائج منفی آئے۔ بلوچستان میں مجموعی طوپر پر78301 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔

    مشتبہ مریضوں کی تعداد 32969 ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 2673 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  17. برطانیہ: کئی ایک میں بیماری آئی اور بغیر علامات کے نکل گئی

    برطانیہ میں آج کی کورونا وائرس وزیرِ صحت میٹ ہینکوک اور انگلینڈ کے این ایچ ایس ٹیسٹ اینڈ ٹریس پروگرام کے سربراہ ڈیڈو ہارڈنگ نے حصہ لیا۔

    بریفنگ میں مندرجہ زیل امور پر بات ہوئی:

    • جس کسی کو بھی کورونا وائرس کی علامات ہوں گی وہ 119 پر فون کر کے ٹیسٹ کروا سکتا ہے۔ ٹیسٹ اینڈ ٹریس سکیم لوگوں پر انحصار کرتی ہے کہ وہ اپنی علامات بتائیں اور این ایچ ایس کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔
    • ٹیسٹ اینڈ ٹریس کے پہلے ہفتے میں آٹھ ہزار سے زیادہ افراد کے کونٹیکٹس یا رابطوں کو ٹریس کیا گیا۔31 ہزار سے زیادہ کونٹیکٹس کو ٹریس کیا گیا اور ان میں سے تقریباً 27 ہزار افراد نے حامی بھری کہ وہ قرنطینہ میں چلیں جائیں گے۔ ابھی تک حکومت ان لوگوں کے خلاف کوئی ایسا طریقہ نہیں لا رہی جو لوگوں کو زبردستی مجبور کرے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں لیکن یہ بھی نہیں کہہ رہی کہ ایسا نہیں ہو گا۔
    • اگر کاروبار حکومت کی کووڈ۔19 سے محفوظ رہنے کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں تو پھر اگر کوئی ایک ملازم کا ٹیسٹ مثبت بھی آئے تو باقی لوگوں کو سیلف آئیسولیشن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
    • او این ایس کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ 70 سے 80 فیصد لوگ جن میں کورونا وائرس کی اینٹی باڈیز موجود ہیں ان میں یہ بیماری آئی تھی لیکن اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔ اسی لیے لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ 14 دن تک تنہائی میں رہیں۔
  18. بریکنگ, اسلام آباد: سیکٹر جی-2/9، جی-3/9 36 گھنٹوں بعد سیل کرنے کا اعلان

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اعلان کیا ہے کہ ڈسرکٹ ہیلتھ آفیسر کی تجویز پر سیکٹر جی 9 کے علاقے جی 2/9، جی 3/9 اور کراچی کمپنی میں 200 سے زائد کورونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد انھیں سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان علاقوں کو 36 گھنٹوں کے بعد سیل کیا جائے گا اور اس دوران وہاں کے مکین راشن خرید سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ علاقے سنیچر، اتوار اور پیر تک سیل رہیں گے جس کے بعد یہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اس کے بعد آئی 1/10، آئی 8، جی 8، جی 2/7 اور جی 3/7، لوئی بھیر میں بھی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد انھیں بھی سیل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان علاقوں میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ضروری اشیا کی خرید و فروخت کے لیے دکانیں کھلی رہیں گی، تاہم مساجد اجتماعت پر پابندی ہو گی۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، اور اسلام آباد پولیس وہاں تعینات ہوں گے۔

  19. کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ، امریکی سٹاکس گر گئے

    امریکہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہرکے خطرے کے پیشِ نظر حصص بازار میں تیزی سے کمی آئی ہے اور فیڈرل ریزرو نے بھی امریکی اقتصادی صورتِ حال کی تشویشناک پیشن گوئی کی ہے۔

    بدھ کو فیڈرل ریزرو نے اشارہ دیا تھا کہ شاید وہ برسوں تک معیشت کو سہارا دیتا رہے۔ فیڈ چیئرمین جیروم پاول نے خبردار کیا ایسی ’لمبی مدت‘ بھی آئے گی جب بہت سے لوگوں کے لیے کام تلاش کرنا مشکل ہو جائے گا۔‘

    امریکہ کے بے روز گاری کے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ ہفتے میں مزید 15 لاکھ افراد کی نوکریاں ختم ہو گئیں۔ ابھی تک چار کروڑ 42 لاکھ سے زیادہ افراد بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دے چکے ہیں۔

    سرمایہ داروں کے لیے یہ بھی پریشانی کی خبر ہے کہ 20 امریکی ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔

  20. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر: وزیر احمد رضا قادری کورونا وائرس سے متاثر

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر ڈیزاسٹر منجمنٹ و شہری دفاع احمد رضا قادری کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔

    صحافی ایم اے جرال کے مطابق انھوں نے فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اتوار سے شروع ہونی والی معمولی نوعیت کی علامات پر منگل کو ٹیسٹ کروایا جو کہ نیگیٹو تھا، چکھنے اور سونگھنے کی حس متاثر ہونے کی بنا پر آج دوبارہ ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا جس کے بعد مروجہ طریقہ کار کے مطابق گھر پر تنہائی اختیار کر لی ہے۔‘