اٹلی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھل گیا
جیسے جیسے یورپ لاک ڈاؤن اور پابندیوں میں نرمی لا رہا ہے، اٹلی بھی یورپ کے زیادہ تر ممالک کے سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے جا رہا ہے۔
اٹلی کے اندرعائد پابندیاں بھی ختم کر دی جائیں گی جس کے بعد لوگ آزادانہ طور پر ملک کے اندر مخلتف علاقوں کا سفر کر سکیں گے۔
نئے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے اٹلی کے وزیر اعظم جیوسپی کونٹے کا کہنا تھا کہ ہم ایک سوچا سمجھا خطرہ مول لے رہے ہیں کیونکہ اس سے وائرس کا گراف بڑھ بھی سکتا ہے۔
ان کے مطابق ہمیں اسے تسلیم کرنا ہو گا وگرنہ ہم دوبارہ کاروبار زندگی شروع نہیں کر سکیں گے۔
اگرچہ اٹلی کی معیشت میں سیاحت ایک کلیدی حیثیت کا درجہ رکھتی ہے مگر کورونا وائرس بحران کی وجہ سے یہ صنعت بالکل ٹھپ ہو کر رہ گئی تھی۔
خیال رہے کہ اٹلی یورپ کا کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں 230،000 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 33،500 ہلاکتیں ہوئیں۔