آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان اب دوبارہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا: وزیر اعظم عمران خان

دنیا میں اس وقت 66 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 90 ہزار کے قریب ہے۔ لاہور میں لوگوں کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر ٹریفک وارڈن کو چالان کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے جبکہ حکام کے مطابق ملک بھر میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں کاروباری مراکز بند کیے جا چکے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. دنیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 63 لاکھ سے بڑھ گئی

    اس وقت دنیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد چھ ملین سے بڑھ گئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس وائرس سے 379،433 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    گذشتہ سال دسمبر میں چین میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آنے کے بعد یہ وائرس اب دنیا کے 210 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    کورونا وائرس سے سب سے متاثرہ دس ممالک میں کل متاثرین اور ہلاکتوں کی تفصیلات یہ ہیں:

    1- امریکہ کل متاثرین کی تعداد 1،838،513، کل ہلاکتیں 106،058

    2- برازیل کل متاثرین 555،383، کل اموات 31،199

    3- روس کل متاثرین 423،741، کل ہلاکتیں 5،037

    4۔ برطانیہ کل متاثرین 277،985، ہلاکتیں 39،369

    5۔ سپین کل متاثرین کی 257،786، ہلاکتیں 27،127

    6- اٹلی کل متاثرین 233،515، کل ہلاکتیں 33،530

    7- انڈیا کل متاثرین 198،706، کل ہلاکتیں 5،598

    8- فرانس کل متاثرین 189،220، ہلاکتیں 28،940

    9- جرمنی کل متاثرین 182،156، ہلاکتیں 8،549

    10- پیرو کل متاثرین 174،884، ہلاکتیں 4،767

  2. سعودی عرب میں کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر

    سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے مزید احتیاطی تدابیر متعارف کرا دی ہیں۔

    3 جون کو مقامی میڈیا نے وزارت داخلہ کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے مسودے کے بارے میں خبریں نشر کی ہیں۔ اس مسودے کا اطلاق فیکٹریوں، ہوا بازی کی صنعت، پبلک ٹرانسپورٹ، مساجد، ہوٹل کی صنعت اور مزید اداروں پربھی ہوتا ہے۔

    سرکاری چینل الاختاریہ اور سعودی عرب کے زیر انتظام العربیہ ٹی وی چینلز نے ان تبدیلیوں پر نشریات کی ہیں۔

    فرض نماز کے لیے 15 منٹ پہلے مساجد کھول دی جائیں گی نماز کے دس منٹ کے بعد بند کر دی جائیں گی۔

    نمازیوں کا آپس میں دو اعشاریہ پانچ میٹر کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مساجد سے عارضی طور پر قرآن کے نسخے ہٹا دیے گئے ہیں۔

    ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا گیا کہ کیا جولائی کے اختتام پر حج ہو گا۔

    جو گھرسے کام کر سکتے ہیں انھیں ایسا کرنے کا کہا جائے گا جبکہ ڈیلیوری کمپنیاں عمارت میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔

    ہر طرح کی تقریبات اور میل جول پر پابندی عائد رہے گی جبکہ ہر وقت ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

    سعودی عرب کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 89،011 بنتی ہے جبکہ اس وائرس سے کل 549 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 65،790 ہے۔

  3. بریکنگ, سندھ: مزید 29 اموات، 367 کی حالت تشویشناک اور 1824 نئے مریض

    وزیراعلیٰ سندھ نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 29 مریضوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اس وقت 367 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صوبے میں کورونا کے 56 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں اور آج سب سے زیادہ 7547 کورونا ٹیسٹ کیے۔

    بتایا گیا ہے کہ بدھ کو سب سے زیادہ 1824 نئے کیسز سامنے آئے اور کورونا کے مزید 487 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔

    ان تازہ ترین اعدادوشمار کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 555 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس وقت 16333 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 15070 مریض گھروں پر زیرعلاج ہیں اور 111 مریض آئسولیشن سینٹرز پر زیرعلاج ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کل 1152 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 1824 نئے کیسز میں سے 1284 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    حیدرآباد میں 73، گھوٹکی 36 اور شکارپور میں 24 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

    اس کے علاوہ جامشورو اور کشمور-کندھ کوٹ میں 13،13 مزید کورونا کیسز سامنے آئے۔

  4. بریکنگ, کورونا وائرس: روس متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے تیسرا بڑا ملک بن گیا

    روس نے بدھ کو کورونا وائرس سے 8،536 نئے متاثرین کی نشاندہی کی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 178 بتائی گئی ہے۔ روس میں اس وقت کل متاثرین کی تعداد 432،277 ہو گئی ہے۔ روس دنیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے۔

    روس میں کورونا وائرس سے کل 5،215 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    ٹیلی گرام چینل میں کورونا وائرس متاثرین کی اکثریت ماسکو میں ہے۔ جہاں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 1842 بنتی ہے۔ ماسکو ریجن میں 736 جبکہ پیٹسبرگ میں متاثرین کی تعداد 380 ہے۔

    ماسکو میں یکم جون کو پابندیوں میں نرمی کے بعد شہریوں کو باہر نکلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ جس میں چہرے پر ماسک اور واک کے لیے مخصوص اوقات میں باہر جانا شامل ہے۔

  5. ’خاموشی‘ سے بیماری پھیلانے والے وبا کو کیسے پیچیدہ بنا رہے ہیں؟

  6. یورپ سے تازہ ترین

    اٹلی نے اپنی سرحدیں کھول دی ہیں اور مختلف خطوں کے لیے عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ اٹلی کی معیشت میں سیاحت اہم درجہ رکھتی ہے۔ ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد اٹلی کو یہ امید ہے کہ سیاح گرمیوں میں ادھر کا رخ کریں گے۔

    اٹلی یورپ کا پہلا ملک تھا جو کورونا وائرس کی وبا سے بری طرح متاثر ہوا، جہاں اس وائرس سے کل اموات 33 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔

    سویڈن کے وبائی امراض کے چیف اینڈرز ٹیگنل اس وبا سے ملک میں بہت ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ سویڈن یورپ کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ نہیں کیا گیا۔ ایک ریڈیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی وبا سے متعلق اگر ہمیں جتنا آج پتا ہے اتنا پتا ہو تو پھر سویڈن اپنے ردعمل میں اعتدال لے آئے۔

    جرمنی کے وزیر صحت ڈائلک کولات کا کہنا ہے کہ جرمنی میں ری پروڈکشن ریٹ ایک اعشاریہ 95 تک ہو چکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایک متاثرہ شخص تقریباً دو لوگوں تک اس وائرس کو منتقل کر رہا ہے، جو اس وبا کی نئے سرے سے بڑھنے کی علامت ہے۔ جرمنی کے شہر گوٹینگنوانٹس میں عیدالفطر کی تقریبات کے بعد رہائشی کمپلیکس کے تمام 700 رہائشیوں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

    25 فٹبال کھلاڑیوں اور عملے میں کورونا کی تشخیص کے بعد کلب کے اگلے دو میچ منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ یوکرائن کے سٹار کھلاڑی کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  7. بریکنگ, وفاقی حکومت کے فیصلے کے باوجود گلگت بلتستان حکومت سیاحت کی اجازت دینے سے گریزاں, ترجمان: ’ہمارے تین افسران کورونا وائرس کا شکار ہوئے سیاحت کی اجازت کیسے دیں؟‘

    گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان کے تین اعلیٰ افسران کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

    بی بی سی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا: ’ایسی صورتحال میں علاقے کو سیاحت کے لیے کیسے کھولا جا سکتا ہے، اس وقت ہماری ترجیح لوگوں کی صحت ہے۔‘

    انھوں نے گلگت بلتستان کے ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر حاجت کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ فوکل پرسن گلگت بلتستان برائے کورونا ڈاکٹر شاہ زمان کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت گلگت بلتستان اعظم خان بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔

    ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ علاقے میں مقامی منتقلی کے بہت سے کیسز سامنے آ رہے ہیں اور اب تک حکومت کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ جس میں کورونا نیگیٹو ہو کے بغیر کسی بھی سیاح کو علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ٹرانسپورٹ کی بھی محدود آمدورفت ہے اور باہر سے آنے والے افراد فقط ضروری کام کے لیے ہی آ جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب حکومت کے سیکریٹری انفارمیشن فدا حسین نے بی بی سی سے گفتگو میں بتایا ہے کہ ابھی خیبر پختونخوا حکومت اور گلگت بلتسان کی حکومت کے درمیان سیاحت کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں جنھیں آج حتمی شکل دے دی جائے گی۔

    انھوں نے تردید کی کہ ابھی حکومتی سطح پر وزیراعظم کی جانب سے سیاحت کھولنے کے اعلان کو مسترد نہیں کیا گیا۔

    مقامی صحافی موسیٰ چلونکھا کے مطابق سول سوسائٹی بلتستان کے سرگرم کارکن نجف علی کے مطابق بلتستان ریجن کے چاروں اضلاع کے لئے کرونا وائرس کی ٹیسٹ کرنے والی پی سی آر مشین نہ ہونے سے مسائل کا سامنا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ سکردو میں صرف آرمی ہسپتال سی ایم ایچ میں ٹیسٹ ہوتا ہیں جو کی نہ کافی کیونکہ وہاں پر پورے بلتستان کے علاوہ پاکستان آرمی کے بھی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اس لئے سول سوسائٹی نے سکردو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں پی سی آر مشین دینے کیلئے اعلیٰ حکام سے کئی بار مطالبات کیا گیا ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔

  8. کورونا وائرس کے علاج کے لیے آئیبوپروفن کا تجربہ, مائیکل رابرٹس، ہیلتھ ایڈیٹر بی بی سی نیوز آن لائن

    سائنسدانوں نے یہ معلوم کرنے کے لیے کہ آئبوپروفن کورونا وائرس سے متاثرہ ایسے مریضوں کے علاج کے لیے کتنی کارگر ثابت ہو سکتی ہے جو ہسپتال میں داخل ہیں پر تجربہ شروع کردیا ہے۔

    لندن کے 'گائز اینڈ سینٹ تھامس‘ ہسپتال اور کنگز کالج کے محققین کو یقین ہے کہ یہ دوا جو اینٹی انفلیمیٹری یعنی سوزش اور درد سے نجات دیتی ہے، سانس میں دشواری جیسے علاج کے لیے موثر ہے۔

    ماہرین کو یہ امید ہے کہ کم خرچ والے اس علاج کے ذریعے مریضوں کو وینٹیلیٹر کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

    اس تجربے کے دوران، جسے لبریٹ کہا جاتا ہے، آدھے مریض معمول کی دیکھ بھال کے علاوہ آئبوپروفن بھی استعمال کر سکیں گے۔

    مویشیوں پر ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ دوا شدید سانس کی تکلیف کے سنڈروم کا علاج کرسکتی ہے، جس کا کورونا وائرس کے مریض کو تشویشناک حالت میں سامنا کرنا ہوتا ہے۔

  9. فیصل آباد: 15 جون تک لاک ڈاؤن کے ضوابط

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے لیے توسیعی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری تحریری بیان میں مختلف شعبہ جات کے لیے مقرر کردہ اوقات کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

    15 جون تک لاگو رہنے والے لاک ڈاؤن والے نوٹفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام کاروباری مراکز ہفتے میں پانچ دن صبح نو سے شام سات بجے تک کھلے رہیں گے۔

    روز مرہ اشیا کے حصول کے لیے گروسری اور کریانہ سٹور ہفتہ بھر کے لیے کھلے رہیں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شادی ہال، ریستوران اور پارکس بدستور بند رہیں گے جبکہ کھیل سمیت سماجی اور مذہبی سرگرمیوں کے لیے بھی لوگوں کے اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔

  10. نیوزی لینڈ میں معمول کی زندگی کی جانب لوٹنے پر غور

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے اپنے الرٹ سسٹم کو نچلی سطح پر لے کر آ سکتا ہے۔

    اس کا مطلب یہ ہو گا کہ چند دنوں بعد نیوزی لینڈ میں سماجی فاصلے کا تصور مٹ جائے گا اور لوگ دوبارہ اپنی معمول کی زندگی کی طرف واپس چلے جائیں گے۔ تاہم بین الاقوامی سفر پر پابندی برقرار رہے گی۔

    نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد اور اموات بہت کم بنتی ہے۔ اس وقت نیوزی لینڈ میں صرف کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض ہے۔ گذشتہ 12 دنوں سے ملک میں کوئی ایک بھی نیا متاثرہ شخص سامنے نہیں آیا ہے۔

    یہ اقدامات کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جیسے سخت اقدامات کے دو ماہ بعد اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس لاک ڈاؤن کے دوران ملک میں تمام کاروبار بند کر دیے گئے تھے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔

    جیسینڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ہفتے یہ اعلان کریں گی کہ آیا ملک میں کورونا وائرس سے متعلق الرٹ سسٹم کو بالکل نچلی ترین سطح پر کر دیا جائے یا نہیں۔

  11. جی سیون ممالک کورونا وائرس کے معاشی اثرات پر غور کریں گے

    جی 7 ممالک کے وزرائے خزانہ بدھ کی شام ایک ٹیلیفونک کانفرنس کریں گے، جس میں وہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے معاشی اثرات اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    حال ہی میں جی 7 سربراہی اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون میں ان سات ممالک کے رہنماؤں کو واشنگٹن میں ایک اجلاس کے لیے مدعو کیا تھا لیکن چند رہنماؤں نے صاف کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر وہ خود اس کانفرنس میں شرکت کے لیے نہیں آسکتے۔

    یہ سربراہی اجلاس اب غیر معینہ مدت کے لیے التوا میں چللی گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور انڈیا کو بھی اس کانفرنس میں خصوصی طور پر مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔

  12. پریمئیر لیگ نے کلبز کو دوستانہ میچز کھیلنے کی اجازت دے دی

    پریمئیر لیگ نے سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ کلبز کو دوستانہ میچز کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان میچز کا آغاز 17 جون سے ہو گا۔

    ٹیلی گراف کے مطابق ٹاپ فلائٹ فریقین نے لیگ کی واپسی کی تیاری میں دوسری ٹیموں کے مقابلے کے لیے درخواست کی تھی، جسے قبول کرلیا گیا۔

    پیر کے روز پریمیر لیگ کے رہنماؤں لیورپول نے انفیلڈ میں 11 ایک طرفہ ٹریننگ گراؤنڈز میں مقابلوں کا انعقاد کیا۔ خیال رہے کہ لیگ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے دوستانہ میچزکسی بھی سٹیڈیم اور ٹریننگ گراؤنڈز میں کھیلے جا سکتے ہیں۔

  13. ممبئی کے قریب سمندری طوفان کی وجہ سے مریض دوسری جگہ منتقل

    ممبئی کے قریب سمندری طوفان کی وجہ سے شہر میں حال ہی میں کوڈ-19 کے مریضوں کے علاج کے لیے تعمیر کیے جانے والے فیلڈ ہسپتال سے 100 سے زائد مریضوں کو سے نکال دیا گیا ہے۔

    یہ ان دس ہزار مریضوں میں سے ہیں جنھیں سمندری طوفان کی وجہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔

    سمندری طوفان نثارگا جو جنوب مغرب سے بحیرہ عرب میں برپا ہو رہا ہے۔ یہ سمندری طوفان سنہ 1891 کے بعد شہر کو متاثر کرنے والا پہلا سنگین طوفان ہوگا۔.

    گنجان آباد ممبئی انڈیا کا معاشی مرکز ہے جہاں دو کروڑ لوگ رہ رہے ہیں۔

    ممبئی کورونا وائرس سے بھی سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے جہاں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 40 ہزار ہے جبکہ ابھی تک 14 سو لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

  14. کورونا وائرس: جنوبی کوریا نے علاج کے لیے ریمڈیسیور کے استعمال کی منظوری دے دی

    جنوبی کوریا نے بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے جلد علاج کوممکن بنانے والی دوا ریمڈیسیور کی درآمد کی منظوری دے دی ہے۔

    دنیا بھر کے ہسپتالوں میں کلینیکل ٹرائلز میں رمڈیسیویر نے کورونا وائرس کی علامات کی مدت 15 دن سے کم کر کے11 تک کردی ہے۔

    یہ دوا پہلے ہی امریکہ، جاپان اور انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔

    دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس متاثرین کے علاج کے لیے ویکسین بنانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔

    ریمڈیسیویر ایک اینٹی وائرل دوا ہے، جو ایبولا کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ سائنسدان کورونا وائرس کے علاج کے لیے جن دیگر ادویات پر تحقیقات کر رہے ہیں ان میں ملیریا اور ایچ آئی وی کے لیے استعمال ہونے والی دوائیں شامل ہیں۔

  15. پابندیوں کی وجہ سے ریپبلکن پارٹی کے کنونشن کی جگہ تبدیل

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ریپبلکن نیشنل کنونشن جو اس سال اگست میں شمالی کیرولینا میں ہونا تھا اب وہاں ریاست کے گورنر کی طرف سے کورونا وائرس کے پیش نظر سماجی فاصلے سے متعلق عائد پابندیوں کی وجہ سے کسی دوسری ریاست میں منعقد کیا جائے گا۔

    ٹرمپ نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا جب کیرولینا ریاست کے گورنر رائے کوپر نے ریپبلکن صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ریپبلکن پارٹی کے بڑے کنونشن کے انعقاد سے متعلق مطالبے کو مسترد کر دیا۔

    ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر رائے کوپر نےاس کنونشن کے منتظمین کو صاف صاف کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس کنونشن کو محدود کیا جائے۔

    اس سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کنونشن نے صدر ٹرمپ کو ان کی دوسری مدت صدارت کے لیے چننا ہے۔

  16. 'آسٹریلین دنیا میں سب سے زیادہ خوف و ہراس طاری کر لیتے ہیں'

    کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے پہلے مرحلے میں خوف طاری کر لینا ایک معمول کی بات تھی، آپ کو یاد ہو گا کہ ٹوائلٹ پیپر، پاستا اور چاول جیسی اشیا کا حصول مشکل بن کر رہ گیا تھا۔

    اس کی وجہ آسٹریلین شہریوں کی طرف سے ہجوم کی صورت میں مارکیٹ کا رخ کر کے ضرورت سے زائد اشیا خریدنا اور پھر ان کی گھروں میں ذخیرہ اندوزی کرنا تھا۔

    لیکن محققین کے خیال میں بظاہر بغیر کسی خاص وجہ کے ہی آسٹریلین شہری سب سے ذیادہ ہجوم بنا لیتے تھے۔

    آسٹریلین شہریوں کے اس رویے کی ہی وجہ سے مارچ کے مہینے میں سپر مارکیٹ میں اشیا کی فروخت میں 20 فیصد تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جو ابھی تک ایک ریکارڈ اضافہ ہے۔

    نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ریسرچ ٹیم نے پتا چلایا ہے کہ آسٹریلیا میں جس انتہائی رفتار سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیلا وہ ایک قابل ذکر بات ہے۔

    دیگر ممالک کے برعکس خوف و ہراس میں اضافہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں کوئی خاص اضافے کا سبب نہیں بنتا۔

    محققین کا کہنا ہے کہ آسٹریلین اس وقت اٹلی اور امریکہ میں پیدا ہونے والے بحران اور دیگر ممالک میں عائد کی جانے والی پابندیوں پر ردعمل دے رہے ہیں۔ آسٹریلیا کی سرحدیں اس وجہ سے بند کی جارہی ہیں۔

    محققین نے 56 ممالک کا یہ 'پینک انڈیکس‘ گوگل سرچ کے زریعے تیار کیا۔

  17. میکسیکو میں کورونا وائرس عروج پر

    میکسیکو میں یومیہ متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کے بعد وزارت صحت کے ڈپٹی وزیر کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس اپنے عروج پر ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق منگل کو 3،891 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ ایک دن میں 470 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس وقت میکسیکو میں کورونا وائرس متاثرین کی کل تعداد 97،326 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 10،637 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی حقیقی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

  18. یمن میں بچے دوہرے خطرات کی زد میں

    دنیا میں جہاں لوگ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کر رہے ہیں وہیں یمن میں 12 ملین سے زائد بچوں کو دوہرے خطرات کا سامنا ہے۔ ایک طرف انھیں وہاں جاری جنگ اور کشیدگی سے بچانا ہے تو دوسری طرف کورونا وائرس کے خطرات ان کے سروں پر منڈلا رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مالی مدد اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارے کے مطابق اس وقت یمن میں کئی ملین بچوں کے زندگیاں خطرات میں گھری ہیں۔

  19. بریکنگ, پاکستان: ایک دن میں سب سے زیادہ ٹیسٹ اور متاثرین کی ریکارڈ تعداد, ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 67 ہلاکتیں، کورونا کیسز کی تعداد 80463 تک پہنچ گئی

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر برائے کووڈ 19 کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں دو جون کو 67 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ ملک میں ایک دن میں پہلی بار چار ہزار سے زیادہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

    اس کے بعد ملک میں کل ہلاکتیں 1688 ہو گئی ہیں۔ جبکہ کورونا کیسز کی تعداد 80463 ہو چکی ہے۔

    دو جون کو ملک میں کورونا کے 4131 نئے کیسز سامنے آئے۔ اب ایکٹو کیسز کی تعداد 49852 ہے۔

    اب تک صوبہ پنجاب 570 اموات کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

    سندھ میں 526، بلوچستان میں 49، اسلام آباد میں 34 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 12 اموات ہو چکی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں کورونا کے 4827 مریض ہیں اور 837 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  20. دنیا سے اہم خبروں کا خلاصہ

    • عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ تاہم روس اور مشرقی یورپ میں اب بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
    • ایک تحقحق کے مطابق برطانیہ میں سیاہ فام اور اشیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو کورونا وائرس سے مرنے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ برطانیہ میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار سے قریب پہنچ چکی ہے۔
    • برازیل میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ لاطینی امریکی ممالک میں برازیل کورونا وائرس سے سب سے ذیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
    • انڈیا میں پابندیوں میں نرمی لانے کے بعد کورونا وائرس متاثرین کی یومیہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔