حکومتِ سندھ نے ڈیجیٹل کلاسوں کے لیے ایپ متعارف کروا دی
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے سکولوں کی بندش کے دوران ڈیجیٹل لرننگ کے لیے ایک موبائل ایپلی کیشن شروع کی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ایپ میں کنڈرگارٹن سے لیکر پانچویں جماعت تک کے طلبا کے لیے سائنس، ریاضی اور دیگر مضامین کے اسباق اور مشقیں شامل ہیں۔
یہ اسباق انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں دستیاب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کچھ سکول پہلے ہی اس ایپ کو استعمال کرنے کا ایک پائلٹ پروگرام چلا رہے ہیں۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایک یوٹیوب چینل بھی چلا رہی ہے جہاں کالج کے طلبا کے لیے لیکچرز اپلوڈ کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس چینل پر تقریباً 14000 صارفین موجود ہیں۔