پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق اس خطے میں 12 خواتین سمیت 20 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 132 ہوگی ہے۔
ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 18 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جس میں 12 خواتین شامل ہیں۔
ان کے مطابق یہ تمام افراد اپنے خاندان کے ایک فرد سے متاثر ہوئے ہیں جو میڈیکل سٹور چلاتے ہیں اور کچھ روز قبل ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ان کے مطابق اس خاندان کے اب تک بیس افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق ان افراد کا رہائشی علاقہ سیل کر دیا گیا۔
صحافی ایم اے جرال کے مطابق ڈاکٹر سعید نے بتایا کہ مظفرآباد میں لاک ڈاون میں نرمی سے قبل چھ سو کے قریب مشتبہ افراد ٹیسٹ کے کیے گے جن میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی مگر لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تین سو کے قریب ٹیسٹ کیے گئے جس میں 46 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان کے مطابق اس خطے میں دارالحکومت مظفرآباد سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر جہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے۔
دوسری جانب ضلع راولاکوٹ کے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد جرال کے مطابق راولاکوٹ میں کورونا وائرس سے مزید دو افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ان دونوں افراد نے رواں ماہ کراچی سے راولاکوٹ کا سفر کیا اور رولاکوٹ پہنچنے پر ان کو قرنطینہ کر دیا گیا جہاں ان کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔
حکام کے مطابق گٰذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی سامنے آنے والی تعداد کسی بھی دن سے زیادہ ہے۔