ڈاکٹر انتھونی فاؤچی: ’کم از کم آٹھ ویکسینز کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے‘
امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر، ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ کم از کم آٹھ ویکسینز کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور اگر ان میں سے ایک بھی کامیاب ہو گئی تو یہ اگلے سال سے پہلے استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔
سینٹ کمیٹی کی سماعت میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں موسم خزاں کے آخر اور موسم سرما کے اوائل میں معلوم ہو جائے گا کہ ہم کامیاب ہوئے یا نہیں۔
سینٹ کمیٹی کی اس سماعت کا عنوان ’کووڈ 19: بحفاظت کام اور سکول میں واپسی‘ ہے۔
بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کے ڈائریکٹر (سی ڈی سی) رابرٹ ریڈ فیلڈ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے کہ امریکی اپنی زندگی کے معمولات بحفاظت شروع کرسکیں، ملک میں ’وسیع پیمانے پر تیز رفتار ٹیسٹنگ کی سہولت میسر‘ ہونی چاہیے۔
پیر کے روز صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسے تمام امریکی جو ٹیسٹ کروانا چاہتے ہیں، کروا سکتے ہیں۔
لیکن محکمہ صحت اور ہیومن سروسز کے اسسٹنٹ سیکریٹری بریٹ گیروئر جو کورونا وائرس ٹیسٹنگ کے انچارج ہیں، نے واضح کیا کہ صرف ایسے افراد کی ٹیسٹنگ کی جا سکتی ہے جن میں کوئی علامات موجود ہوں۔
ایسے افراد جن میں کوئی علامات نہیں لیکن وہ کورونا وائرس کے کیریئر ہوسکتے ہیں، انھیں اب بھی باآسانی ٹیسٹ تک رسائی ممکن نہیں۔