روس میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم یورپی ممالک کے نسبت یہاں ہلاکتوں کی شرح واضح طور پر کم ہے۔
حکام کے مطابق بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کیے جانے کا یہ فائدہ ہوا کہ ایسے افراد کی نشاندہی ہوگئی جن میں ابھی بہت کم علامات تھیں۔ تاہم کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تضاد ہلاکتوں کو گننے کے طریقہ کار کی وجہ سے ہے۔
ماسکو میں ہائیر سکول اور اکنامکس کے سرگئے تیمونن کا کہنا ہے کہ ’اگر کوئی ہارٹ فیل سے مرتا ہے اور اسے کووڈ19 بھی ہے تو اسے ہارٹ فیل کی موت شمار کیا جاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’دوسرے لفظوں میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی تمام ہلاکتوں کو شمار نہیں کیا جا رہا۔ ‘
بدھ کو روس کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مصدقہ کیسز کے اعتباد سے دنیا میں چھٹے نمبر پر آ گیا تھا۔
روس میں اب تک کورونا کے باعث 1537 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جو کہ 0.9 فیصد بنتا ہے یہ باقی سر فہرست 10 ممالک سے بہت زیادہ کم ہے۔