آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

اب امریکی صدر ٹرمپ کا روزانہ کورونا ٹیسٹ ہوگا:وائٹ ہاؤس

دنیا میں کورونا وائرس سے 38 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر جبکہ دو لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ جرمنی کی ایک انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ 19 کے چین کی کسی لیبارٹری میں بنائے جانے کے الزامات مشکوک ہیں اور یہ امریکہ کی بیماری سے نمٹنے میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔

لائیو کوریج

  1. برطانیہ میں تازہ ترین صورتحال

    برطانیہ میں لاک ڈاؤن کے باوجود یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات جاری ہیں۔

    جمعہ کو ہونے والی اہم پیشرفت

    -کابینہ کے ارکان نے لوگوں سے کہا کہ وہ اتوار کو وزیر اعظم بورس جانسن کی تقریق میں زیادہ بڑی تبدیلیوں کی توقع نہ رکھیں۔

    دریں اثناء ویلز نے کہا ہے کہ گھر سے باہر ورزش کرنے پر پابندی پیر سے نرم کی جائے گی اور کچھ باغات اور لائبریریاں کھولی جائیں گی۔

    اس کے علاوہ مئی 18 سے برطانیہ میں ریل سروس میں اضافہ کیا جائے گا۔

    برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے وہی جذبہ چاہیے جو جنگ میں ضروری ہوتا ہے۔

    نیپال میں گرکھا نے ایک دور دراز علاقے میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے 100 سے زیادہ برطانوی شہریوں کو باہر نکالا ہے۔

  2. انڈونیشیا میں سفری پابندیوں پر وقت سے پہلے کچھ نرمی

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انڈونیشیا نے کورونا کی وبا کو روکنے کے لیے فضائی اور سمندری پر پابندی کے دو ہفتوں کے بعد یہ سہولیات کچھ شرطوں کے ساتھ پھر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ابتدائی طور پر 23 اپریل سے شروع ہونے والی پابندیاں مئی کے آخر تک قائم رہنی تھیں لیکن جمعہ کو وزارت مواصلات نے نیا اعلان کیا جس پر اسے سول سوسائٹی تنظیموں کی طرف سے تنقید کا بھی سامنا ہے۔

    رائٹرز کے مطابق سکیورٹی، ڈیفنس اور صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو کچھ شرائط کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ملے گی۔ رپورٹ کے مطابق کام کے لیے باہر سے آنے والے صحتمند افراد کو بھی ان کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے گھر واپس جانے کے لیے سفر کی اجازت دی جائے گی۔

  3. بریکنگ, امریکہ : بے روزگاری کی شرح 4.4 سے 14.7 فیصد تک بڑھ گئی

    امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے بے روزگاری کی شرح جو اپریل میں چار اعشاریہ چار فیصد تھی اب بڑھ کر 14 اعشاریہ سات فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ معیشت کی بدحالی کی وجہ سے ڈھائی کروڑ نوکریاں ختم ہو گئی ہیں۔

    نومبر 1982 کے بعد ملک میں بے روزگاری کی شرح میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت یہ شرح 10.8 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

    امریکہ میں کورونا کی وبا کے باعث کاروبار بند ہونے کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں نوکریاں ختم ہوئیں۔

    گذشتہ ہفتے بھی مزید 32 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دائر کی ہیں۔

    مارچ کے وسط سے اب تک بے روزگار افراد کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد تین کروڑ 33 لاکھ ہو چکی ہے جو کہ امریکہ کی کل افرادی قوت کا 20 فیصد ہے۔

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سنہ 1930 میں آنے والے معاشی بحران جسے گریٹ ڈپریشن کا نام دیا گیا تھا کہ بعد اب دنیا کی معیشت تیزی سے سست روی کی جانب جا رہی ہے۔

  4. چین نے وائرس سے متعلق اقوام متحدہ کے جائزے کی حمایت کر دی

    چین کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے بعد اقوام متحدہ کی سربراہی میں وبا کے بعد عالمی ردِعمل کا جائزہ لینے کے اقدام کی حمایت کرتا ہے۔

    اس سے قبل چین کی جانب سے وائرس کے بارے میں بین الاقوامی طور پر آزادانہ تحقیقات کے مطالبات مسترد کیے گئے تھے جس کے باعث چین کو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

    چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ چین عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اس سے تعاون کرے گا تاہم چین نےتحقیق کے مطالبات کو مسترد کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ جائزہ یہ خلاصہ بیان کرے کہ وبا کے خلاف عالمی ردعمل میں کیا کمی تھی، عالمی ادارہ صحت کے کام کو مضبوط کیا جائے، ملکوں میں پبلک ہیلتھ کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے اور یہ تجاویز دے کہ عالمی سطح پر بڑے وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاریوں میں کیسے بہتری لائی جا سکتی ہے۔

  5. کورونا وائرس کی ابتداء تک پہنچنے میں سال لگ سکتا ہے

    عالمی ادارئے صحت کے مطابق یہ معلوم کرنے میں ایک سال لگ سکتا ے کہ کورونا وائرس کی وبا کی ابتداء کیسے ہوئی۔

    جینیوا میں بات کرتے ہوئے ادارے میں جانوروں سے شروعات کرنے والے وائرس کے ایک ماہر نے کہا کہ شواہد اس کی شروعات کے لیے چمگادڑ کی طرف اشارہ کرتے ہیں جہاں سے کسی اور جانور کے ذریعے پھر یہ انسانوں تک پہنچا۔

    ادارے نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے ایسا کوئی بھی ثبوت نہیں دیکھا جیسا امریکی صدر ٹرمپ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ وائرس چین کی کسی لیب سے نکلا ہے۔

    جنیوا میں بی بی سی کی نامہ نگار اموجن گولکس کے مطابق سائنسدان یقین سے نھیں کہہ سکتے کہ وبا کہاں سے شروع ہوئی۔ شاہد ووہان کی ایک مارکیٹ کی طرف اشارہ کرتے ہیں لیکن شروع کے 41 کیسوں میں سے صرف 27 کا اس ماکریٹ سے براہ راست تعلق تھا۔

    وائرس انسانوں تک پہنچنے کے لیے یقیناً چمگادڑ سے کسی اور جانور میں منتقل ہوا ہو گا، لیکن یہ کون سا جانور تھا ابھی معلوم نھیں۔

    سن 2012 میں جب مرس(مڈل اِیسٹ ریسپائریٹری وائرس) سامننے آیا تو ایسک سال لگا تھا یہ معلوم کرنے میں کہ یہ اونٹوں سے انسانوں میں منتقل ہوا تھا۔

    عالمی ادارائے صحت کا کہنا ہے کہ مختلف سائنسدانوں سے ملنے والے شواہد پر غور کنے کے بعد انھیں یقین ہے کہ یہ وباء قدرتی طور پر پھیلی۔

  6. شدت پسند شام میں کورونا کی وبا کا فائدہ اٹھا رہے ہیں: اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں دولت اسلامیہ سمیت شدت پسند دھڑے کورونا وائرس کی وبا کا فائدہ اٹھا کر شہریوں پر حملوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

    ادارے میں انسانی حقوق کی کمشنر مشیل باشیلیٹ کا کہنا ہے کہ ہر روز اطلاعات مل رہی ہیں کہ لوگ بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے دوران شام کے مختلف علاقوں میں مارے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروہ وبا کافائدہ اٹھا رہے ہیں اور پھر سے گروپ بندی کر رہے ہیں۔

    عراق میں دولت اسلامیہ نے سکیورٹی فورسز اور حکومت کی حامی ملیشیا پر حملے کیے ہیں۔

  7. سعودی عرب میں مزید کیس، سماجی رابطوں پر سخت پابندیاں اور جرمانہ

    العریبیہ نیوز نیٹ ورک کے مطابق سعودی عرب میں وزارتِ داخلہ نے ملک میں کورونا وائرس کے نئے مصدقہ کیس سامنے آنے کے بعد عوامی اجتماعت کے بارے میں قوانین کو مزید سخت کر دیا ہے۔

    وزارت کی جانب سے گذشتہ روز جاری ہونے والے احکامات میں کہا گیا کہ ایک گھر کے مکینوں سے زیادہ کا اکھٹے ہونا یا ایک ہی گھر میں رہنے والے پانچ لوگوں سے زیادہ لوگوں کی موجودگی، سماجی تقریبات یا دکانوں پر زیادہ لوگوں کی موجودگی منع ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں پر عمل کروانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کو 26000 امریکی ڈالر سے زیادہ کا جرمانہ کیا جائے گا۔

    اس سے پہلے سعودی عرب نے ملک میں 1793 نئے کورونا کیسوں کی تصدیق کی تھی۔ حکام کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں اب تک 219 اموات ہو چکی ہیں اور کیسوں کی کل تعداد 33731 ہے۔

  8. بیلا روس میں صدارتی انتخاب نو اگست کو ہو گا

    بیلا روس نے جمعے کو اعلان کیا ہے ملک میں صدارتی انتخابات کا انعقاد اگست میں ہو گا۔

    جمعے کی صبح پارلیمنٹ کی جانب سے الیکشن کے لیے اگست کی نو تاریخ مقرر کی گئی۔

    بیلا روس میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 116 ہلاکتیں ہو چکی ہیں لیکن ملک کی صدر نے کورونا وائرس کی باوجود انتخابات میں تعطل کی حمایت نہیں کی تھی۔ وہاں فٹبال کے میچ سمیت عوامی تقریبات جاری ہیں۔

    بیلا روس میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 20168 ہے۔

    ملک کے صدر الیکزینڈر لوکاشنکو کی عمر 65 برس ہے اور روس اور یورپی یونین کے درمیان موجود اس ملک پر 1994 سے حکومت کر رہے ہیں۔ انھوں نے پانچ مرتبہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ وہ اس بار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

  9. ایران: گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1550 سے زائد نئے مریضوں کی تصدیق

    ایران نے جمعہ کو ملک میں کورونا کے 1556 نئے مریضوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 104691 ہوگئی ہے۔

    ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 55 اموات ہوئی ہیں اور ایران میں اب تک وبا کے باعث 6541 اموات ہو چکی ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ 2711 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 83837 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  10. سپین: ایک دن میں 229 ہلاکتیں

    سپین میں جمعرات کو کورونا وائرس کے نتیجے میں 229 اموات ہوئیں جو کہ بدھ کو ہونے والی 213 سے زیادہ ہیں۔

    اس طرح ملک میں کورونا کی وجہ سے کُل اموات کی تعداد 26299 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 222857 ہے۔

  11. کورونا وائرس اور سماجی دوری: دو میٹر فاصلے کا مطلب کیا ہے؟

    تین آسٹریلوی کوالا ہوں یا ایک مائیکل جورڈن یا پھر نصف واکس ویگن بیٹل، یہ وہ فاصلہ ہے جتنا آپ کو کسی بھی فرد سے کورونا کی وبا کے دوران سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے رکھنا چاہیے اور اگر بات سمجھ نہیں آئی تو یہ ویڈیو دیکھ کر سمجھ لیں۔

  12. انڈین بحریہ کا مالدیپ میں پھنسے سینکڑوں شہریوں کے لیے ریسکیو مشن

    انڈین بحریہ نے مالدین میں پھنسے 700 شہریوں کی واپسی کا مشن شروع کر دیا ہے۔

    یہ مشن اس منصوبے کا حصہ ہے جس میں کورونا وائرس کے سبب بیرون ملک پھنس جانے والے انڈیا کے ہزاروں باشندوں کو واپس ملک لایا جائے گا۔

    اس سے پہلے جمعرات کی رات بیرون ملک پھنسے 300 سے زائد انڈین شہری دبئی سے آنے والی پرواز کے ذریعے ملک واپس پہنچے۔ جنوبی ریاست کیرالہ آنے والی دو پروازوں کے مسافروں کو قرنطینہ بھجوا دیا گیا ہے۔

    ایئر انڈیا کی خصوصی 64 پروازوں کے ذریعے 15000 انڈینز اگلے ایک ہفتے کے دوران 12 مخلتف ممالک سے واپس آئیں گے۔

    ان پروازوں سے آنے والے مسافر اپنے کرائے کی رقم ادا کریں گے اور ان کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

    برطانیہ اور امریکہ کے لیے پروازیں عملے کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس بر وقت نہ آنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

  13. وائرس لیبارٹری میں بنائے جانے کے الزامات مشکوک ہیں:جرمن انٹیلیجنس

    جرمنی کی ایک انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ19 کے چین کی کسی لیبارٹری میں بنائے جانے کے الزامات مشکوک ہیں اور یہ امریکہ کی بیماری سے نمٹنے میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔

    اتوار کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ ان کے پاس اچھی خاصی تعداد میں شواہد موجود ہیں کہ ’کورونا وائرس چین کی لیبارٹری میں وجود میں آیا تاہم انھوں نے انٹیلیجنس رپورٹ سے اختلاف نہیں کیا کہ یہ انسان کا بنایا ہوا نہیں ہے۔

    جرمنی کے انٹیلیجنس اداروں نے امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے اتحاد سے کہا کہ وہ ان الزامات کے ثبوت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اتحاد میں شامل امریکہ، برطانیہ، کینیڈا ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سے کسی نے بھی مائیک پومپیو کے دعوے کی تائید نہیں کی۔

    جرمنی کے وزیر دفاع کے لیے تیار جکی گئی انٹیلیجنس رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی الزامات جان بوجھ کر عائد کیے گئے تاکہ لوگوں کی توجہ صدر ٹرمپ کی اپنی ناکامیوں سے ہٹائی جاسکے۔

    اس خبر پر جرمنی کی حکومت کے ترجمان کا ردعمل فوری طورپر نہیں مل سکا۔

  14. کورونا وائرس: بخار، کھانسی اور سانس میں دشواری، اس بیماری کی علامات کیا ہیں؟

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور اب تک مصدقہ متاثرین کی تعداد 39 لاکھ کے قریب ہے اور ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہے۔ پاکستان پر نظر ڈالیں تو وہاں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 24 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ سینکڑوں افراد اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

    محققین کے مطابق دنیا میں کورونا سے متاثر ہونے والے 80 فیصد افراد میں اس کی معمولی علامات ہی دکھائی دی ہیں اور ایسے لوگ جن میں یہ علامات شدت سے پائی گئیں اقلیت میں ہیں۔

    کورونا وائرس: بخار، کھانسی اور سانس میں دشواری، اس بیماری کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟ مزید جاننے کے لیے کلک کریں

  15. ملائیشیا میں 68 نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    ملائیشیا میں صحت کے حکام نے جمعے کو کورونا وائرس کے 68 نئے مریضوں کی تصدیق کی جس کے ساتھ ملک میں کُل متاثرین کی تعداد 6535 ہوگئی ہے۔

    وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کوئی نئی ہلاکت نہیں ہوئی اور اموات کی کُل تعداد 107 ہی ہے۔

  16. کیا ایران کی ماہان ایئر مشرق وسطیٰ میں کووِڈ 19 کے پھیلاؤ کا سبب بنی؟

    بی بی سی نے ایک تحقیق کی ہے کہ کس طرح ایک ایرانی ایئر لائن ماہان ایئر نے مشرق وسطیٰ میں کووڈ 19 پھیلانے میں کیا کردار ادا کیا اور متعدد ممالک کی جانب سے ایران کے ساتھ پروازوں پر پابندی کے باوجود انھیں کیسے جاری رکھا گیا۔

    بی بی سی نیوز عربی نے فلائٹ ٹریکنگ کی معلومات کا جائزہ لیا اور ماہان ایئر کے اندر لوگوں سے بات کی تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ ایئرلائن نے کس طرح جنوری کے آخر سے لے کر مارچ کے آخر تک ایران، عراق، متحدہ عرب امارات اور شام کے درمیان حکام کی جانب سے پابندیوں کے باوجود کئی سو بار پروازیں اڑائیں۔

    ان سب ممالک نے اپنی جانب سے پابندیوں کے باوجود ماہان ایئر کے طیاروں کو اُترنے کی اجازت دی۔

    مزید جاننے کے لیے دیکھیے یہ ویڈیو۔۔۔

  17. بریکنگ, روس میں چھٹے روز بھی دس ہزار سے زیادہ نئے مریض

    روس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 10699 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 98 نئی ہلاکتیں ہوئیں۔

    یہ مسلسل چھٹا دن ہے کہ ملک میں ایک دن میں 10 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    روس میں کورونا وائرس کے اب 187859 مصدقہ مریض ہیں اور اب تک 1723 اموات ہو چکی ہیں۔

  18. ہانگ کانگ میں بھی پابندیوں میں نرمی

    ہانگ کانگ میں دو ہفتے سے زائد عرصے میں وائرس کی مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہ آنے کے بعد وہاں بارز، جمز، سینیما، بیوٹی سیلون اور عوامی مقامات دوبارہ کھل گئے ہیں۔

    تاہم ان تمام مقامات پر کچھ مخصوص شرائط لاگو ہوں گی۔ مثال کے طور پر ناخنوں کے سیلونز کو اپنے تمام آلات کو جراثیم سے پاک کرنا ہوگا عملے اور گاہکوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے۔

    ریستورانوں اور عوامی مقامات پر اکھٹے بیٹنے والے لوگوں کی تعداد بھی آٹھ کر دی گئی ہے۔

    ہانگ کانگ میں رواں ہفتے کے آغاز میں سرکاری ملازمین کو کام پر لوٹنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

  19. بریکنگ, وائرس کی وجہ سے اٹھنے والی ’نفرت کی سونامی‘ کو ختم کریں

    اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے پھیلنے والے نسل پرستانہ رویوں کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

    جمعے کو گتریس کا کہنا تھا کہ ’وبا کے باعث نفرت اور غیر ملکیوں سی بیزاری کی سونامی امڈ آیا ہے اور لوگ دوسروں کو قصور سمجھ رہے ہیں اور خوفزدہ کررہے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا ’غیرملکیوں کے مخالف عناصر آن لائن اور سڑکوں پر سامنے آ رہے ہیں۔ نسل مخالف مفروضے پھیل رہے ہیں اور کووڈ 19 سے جڑے مسلم مخالف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا ’اس کے ساتھ ساتھ صحافی، خبردار کرنے والے، طبی اہلکار، امدادی کارکن اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی ان کے فرائض ادا کرنے پر بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ میڈیا خصوصاً سوشل میڈیا پر اس حوالے سے آگہی پھیلائی جائے۔ نسل پرستوں کو نقصان دہ مواد کو ہٹایا جائے۔

  20. امریکہ: نیو جرسی میں رہنے والی پاکستانی خاتون کا ولاگ