ورلڈ بنک: جنوبی ایشیا میں ’بدترین معاشی بحران‘ کا خدشہ
عالمی بینک نے کورونا وائرسں کی وبا کے باعث انڈیا سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں پچھلے 40 سالوں کے بدترین معاشی بحران کی پیش گوئی کی ہے۔
اس خطے میں آٹھ ممالک شامل ہیں اور دنیا کی آبادی کا ایک چوتھائی حصہ موجود ہے۔ عالمی بنک کے مطابق اس سال خطے میں 1.8 سے 2.8 فیصد کے درمیان شرح نمو کا امکان ہے، جو چھ ماہ پہلے پیش کیے جانے والے 6.3 فیصد سے کم ہے۔
توقع ہے کہ اپریل میں شروع ہونے والے مالی سال میں انڈیا کی معیشت میں 1.5 فیصد سے 2.8 فیصد تک اضافہ ہوگا۔ عالمی بنک کی پیش گوئی کے مطابق انڈیا کے علاوہ سری لنکا، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی اقتصادی ترقی میں کمی نظر آئے گی۔
عالمی بنک کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور مالدیپ، ان تینوں ممالک میں معاشی بحران کا خدشہ ہے - اور بینک نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں غربت کے خاتمے کے لیے دہائیوں سے لیے جانے والے اقدامات، اب خطرے میں ہیں۔