آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بڑا اپ سیٹ: زمبابوے کی پاکستان کے خلاف ایک رن سے فتح

پرتھ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے 24ویں مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کو ایک رن سے ہرا دیا ہے۔ 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

لائیو کوریج

عمیر سلیمی

  1. پاکستان کی پلیئنگ الیون، محمد وسیم کی واپسی

  2. زمبابوے کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

    پاکستان نے آصف علی کی جگہ بولنگ آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

    ادھر زمبابوے نے آل راؤنڈر بریڈ ایونز کا انتخاب کیا ہے۔

  3. انڈیا نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ 56 رنز سے جیت لیا

    انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 180 رنز کا ہدف دیا مگر نیدرلینڈز 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 123 رنز جوڑ سکا۔

    انڈیا کی طرف سے روہت شرما، ورات کوہلی اور سوریا کمار یادیو نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور روی چندرن ایشون نے دو، دو وکٹیں سمیٹیں۔

    اس فتح سے گروپ ٹو میں انڈیا پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر آگیا ہے۔

  4. پرتھ میں گاؤں جیسا سکون اور شاہین آفریدی کے بولنگ ردھم کی واپسی

    پرتھ پہنچتے ہی جو چیز آپ کو اپنی طرف سب سے پہلے کھینچتی ہے وہ یہاں کی خوبصورتی ہے۔ پرتھ شہر کے بیچوں بیچ دریائے سوان اور کیننگ گزرتے ہیں، پرتھ کے ساحلوں کے بھی چرچے ہیں اور ایک ساحلی شہر ہونے کے باعث یہاں مسلسل ہوا چلتی رہتی ہے۔

    یہ آسٹریلیا کے ان شہروں میں سے ایک ہے جہاں موسم گرم رہتا ہے اور دن میں ایک طویل وقت کے لیے دھوپ نکلی رہتی ہے۔ پرتھ کی یہ خصوصیت بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔

    تاہم یہاں میلبرن یا سڈنی کے مقابلے میں آپ کو پاکستانی اور انڈین کمیونٹی قدرے کم دکھائی دے گی اور یہاں موجود دیسی ریستورانوں کا فقدان بھی اس بات کی گواہی دیتا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے پریکٹس سیشنز کے دوران بھی اسے دیکھنے والوں کی تعداد خاصی کم تھی۔

  5. پاکستانی مسٹر بین کے دورۂ زمبابوے کا ’دھوکہ‘: ’میں نقلی تھا لیکن پاکستان ٹیم اصلی ہے‘

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں آج ہونے والا میچ نہ صرف پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے بلکہ زمبابوے کے چند شائقین کے لیے یہ ایک چھ سال پرانے ’دھوکے‘ کا بدلہ چکانے کا موقع بھی ہو گا اور اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ اُن کی ٹیم آج یہ میچ ضرور جیتے۔

    اتنا ہی نہیں زمبابوے کے ایک کرکٹ مداح کی جانب سے کی جانے والی استہزائیہ ٹویٹ پر پاکستان کے شائقینِ کرکٹ نہ صرف کافی محظوظ ہوئے بلکہ کئی پاکستانی شائقین اس معاملے کو سنجیدہ سمجھ کر زمبابوے کے شائقین کو اصلی اور نقلی کا فرق سمجھاتے نظر آئے۔

    ہوا کچھ یوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی گئیں جس کے ساتھ کہا گیا کہ ’یہ اگلا چیلنج ہے۔‘

    اس ٹویٹ کے جواب میں زمبابوے کے ایک شہری نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم بطور زمبابوے کے شہری آپ کو معاف نہیں کریں گے۔۔۔ ایک بار آپ نے ہمیں مسٹر بین روون کی جگہ دھوکے باز مسٹر بین دیا تھا۔۔۔ ہم یہ معاملہ کل حل کریں گے۔ دعا کرو کے بارش آپ کو بچا لے۔‘

    کسی پاکستانی صارف نے پوچھا کہ بھائی مسئلہ ہے کیا؟ تو ان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا ’انھوں نے اصلی مسٹر بین کی جگہ ہماری ایک تقریب میں پاکستانی مسٹر بین کو بھجوا دیا تھا۔‘

    ان کی اس ٹویٹ پر ایک صارف دنویر نے لکھا ’پاکستانی آپ کو مسٹر بین کیسے دے سکتے ہیں؟ کیا اصلی مسٹر بین پاکستانی ہے؟ قصور ایونٹ آرگنائزر کا ہے جو اصلی مسٹر بین کی میزبانی نہیں کر سکتا تھا اس لیے اس نے اپنے پیسے بچانے کے لیے اس نقلی مسٹر بین کا بندوبست کیا۔‘

  6. افتخار احمد: کپتان اور مینجمنٹ نے ایک کام دیا ہے کہ وکٹ پر آخر تک رکنا ہے

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد کے ساتھ عجیب صورتحال ہے۔ پرفارمنس نہ کرنے پر تو تنقید سمجھ میں آتی ہے لیکن پرفارمنس کرنے کے باوجود ناقدین ان پر تنقید کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے

    اس تنقید کا سب سے تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں طنزیہ جملے پڑھنے کو عام ملتے ہیں۔

    افتخار احمد بھی شاید اس صورتحال کے عادی ہو چکے ہیں اور جب پرتھ میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے بعد گفتگو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر آپ کا کیا ردعمل ہوتا ہے تو افتخار احمد نے پرسکون انداز میں کہا ʹمجھے بتائیے کہ آپ کے خیال میں کیا جواب دوں، میرے پاس تو کوئی بھی جواب نہیں ہے۔ میں ہمیشہ تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں ʹ۔

    یاد رہے کہ افتخار احمد نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف پہلے میچ 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ جمعرات کو زمبابوے کے خلاف پرتھ میں کھیلنے والی ہے۔

  7. ’صرف آٹھ ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے‘

    پرتھ سٹیڈیم میں تقریباً ساٹھ ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن پاکستان اور زمبابوے کے میچ کے بارے میں یہ بتایا گیا ہے کہ صرف آٹھ ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔

    البتہ اتوار کے روز انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ کے بارے میں سولڈ آؤٹ کی صدا گونج رہی ہے۔

  8. پرتھ میں پاکستان بمقابلہ زمبابوے!, نامہ نگار عبدالرشید شکور

    عام خیال یہی تھا کہ ویسٹ انڈیز اور نمیبیا کی ٹیمیں گروپ ٹو میں جگہ بنائیں گی لیکن یہ دونوں ٹیمیں عالمی ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

    زمبابوے اور ہالینڈ نے گروپ 2 میں کوالیفائی کیا ہے۔ زمبابوے نے اپنے ابتدائی گروپ میچوں میں آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے کی ٹیم کا ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے۔ پچھلے پانچ ایونٹس میں وہ کبھی بھی پہلے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 16 پاکستان نے جیتے ہیں۔

    زمبابوے کی واحد کامیابی اپریل 2021 میں ہرارے میں تھی جب اس نے پاکستان کو صرف 99 رنز پر آؤٹ کر کے 19 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    پرتھ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ہیں جو اب تک پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کرچکا ہے۔

    پاکستان نے اس گراؤنڈ میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نومبر 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا ہے جس میں اسے دس وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ پرتھ سٹیڈیم میں دو ٹیسٹ اور دو ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی کھیلے جاچکے ہیں۔

    پرتھ میں اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ مشہور واکا گراؤنڈ پر کھیلی جاتی رہی تھی۔

    واکا گراؤنڈ کو آسٹریلیا میں کھیلے گئے اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ میچ دسمبر 2007 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

  9. ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید

    • آج پرتھ کے میدان میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے 24ویں مقابلے میں پاکستان کا سامنا زمبابوے سے ہو رہا ہے۔
    • انڈیا کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کو یہ امید ہے کہ اس میچ کے ذریعے ٹورنامنٹ میں واپسی ہوسکے گی۔
    • زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا
    • گروپ ٹو میں اب تک کی کارکردگی کے مطابق زمبابوے کا ایک پوائنٹ ہے جبکہ پاکستان کے پوائنٹس صفر ہیں
    • سڈنی میں جاری انڈیا بمقابلہ نیدرلینڈز کے نتائج سے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال بدل سکتی ہے۔ جیت کی صورت میں انڈیا ٹوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست آجائے گا۔