مانچسٹر میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان عالمی کپ کے میچ کے لیے آئے سینکڑوں انڈین شائقین کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انھیں اپنے وزیراعظم نریندر مودی کے فیس کٹ آؤٹ میدان کے اندر لے جانے سے روک دیا گیا۔
اولڈ ٹریفرڈ میں جس تعداد میں انڈین پوری دنیا سے میچ دیکھنے آئے ہیں ان میں پاکستانی شائقین کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ دنیا بھر سے مانچسٹر آنے والے انڈین شائقین کی ایک بڑی تعداد نے نریندر مودی کے چہرے کے ماسک بھی اٹھا رکھے تھے۔
تاہم گراونڈ کے باہر موجود آئی سی سی کے ایک اہلکار، جس کے ہاتھوں میں درجنوں ایسے ماسک تھے، نے بی بی سی کے فراز ہاشمی کو بتایا کہ کسی قسم کے سیاسی نشانات یا پوسٹر اور دیگر اشیا میدان میں لے جانا منع ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو بھی آئی سی سی نے بھارتی فوج کی ایک یونٹ کے نشان والے دستانے پہننے سے روک دیا تھا۔