انڈیا پاکستان میچ پر کروڑوں کا سٹہ
اتوار کو جب پاکستان اور انڈیا میدان میں اتریں گے تو دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب افراد اس میچ کو ٹی وی پر دیکھیں گے جب کہ دنیا میں کسی بھی کھیل کو دیکھنے والی سب سے بڑی تعداد ہو گی۔ یہی نہیں کئی اندازوں کے مطابق اس میچ پر بڑے پیمانے پر سٹے بازی بھی کی جائے گی۔
برطانیہ میں سپورٹس گیمبلنگ کی ویب سائٹ لیڈبروکس کے اندازوں کے مطابق اس میچ پر تقریباً 250 ملین پاؤنڈ کا سٹہ کھیلا جائے گا۔ لیڈبروکس کے پی آر ایگزیکٹو ایلکس اپاٹی نے بی بی سی کے عبدالوہاب رفیق سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں ایک بڑی رقم میچ کے نتیجے پر لگائی گئی ہے اور اگر میچ کانٹے دار ہوا اور پورے 100 اوورز کھیلے گئے تو اس کل رقم میں اضافہ ہوگا۔
بُکیز کا فیورٹ کون؟
بُکیز کی فیورٹ ٹیم انڈیا ہے یعنی اگر آپ انڈیا پر 100 پاؤنڈ لگائیں تو آپ کو انڈیا کے جیتنے پر 140 پاؤنڈ ملیں گے جبکہ پاکستان پر 100 پاؤنڈ لگائیں تو جیتنے پر آپ کو 300 پاؤنڈ ملیں گے۔ الیکس اپاٹی کے مطابق 2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھی انڈیا فیورٹ تھا لیکن جب پاکستان کی فتح ہوئی تو یہ بُکیز کے لیے 'ایک اچھا دن ثابت ہوا تھا'۔
فیورٹ بلے باز؟
انڈین ٹیم کے بلے بازوں میں وراٹ کوہلی فیورٹ ہیں اور ان کے بعد روہت شرما کا نمبر آتا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں بُکیز کے فیورٹ بابر اعظم اور امام الحق ہیں۔
فیورٹ بولر کون؟ پاکستان کی ٹیم میں فیورٹ محمد عامر جبکہ دوسرے نمبر پر وہاب ریاض ہیں۔ انڈیا کی ٹیم میں فیورٹ جسپریت بمرا اور دوسرے نمبر پر چہل ہیں۔ بولنگ میں بُکیز کا کوئی زیادہ فیورٹ نہیں ہے اور محمد عامر اور بمرا پر ایک جیسا ریٹ ہی ہے۔
انڈیا اور پاکستان میں سٹے بازی کی قانونی حیثیت
انڈیا اور پاکستان میں سپورٹس گیمبلنگ یا سٹے بازی غیر قانونی ہے۔ بعض انڈین اخباروں میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر انڈیا میں مبینہ طور پر کروڑوں کا سٹہ لگا لیکن کیوں کہ کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے تو اس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی اور یہ محض اندازے ہیں۔