نوجوان افغان فٹ بالر امریکی فوجی طیارے سے گر کر ہلاک ہو گئے

،تصویر کا ذریعہAfghan Sports Society
افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ٹیک آف کرتے ہوئے ایک امریکی فوجی طیارے سے گر کر ایک نوجوان فٹ بالر ہلاک ہو گئے ہیں۔
اُنیس سالہ ذکی انوری افغانستان کی جونیئر قومی ٹیم کے لیے کھیلتے تھے۔ اُن کی ہلاکت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
فیس بک پر افغانستان کے محکمہ برائے کھیل و جسمانی تعلیم نے ذکی انوری کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُن کے لیے دعا کی اپیل کی۔
طالبان کی جانب سے افغانستان پر قبضے کے بعد سے ہزاروں لوگ کابل ایئرپورٹ پر جمع ہو رہے ہیں تاکہ ملک سے باہر جا سکیں۔
مغربی ممالک اپنے شہریوں اور اُن کے افغان ساتھیوں کو نکال رہے ہیں۔ پیر کو تصاویر سامنے آئی تھیں جس میں سینکڑوں لوگ امریکی فضائیہ کے طیارے کے ساتھ بھاگ رہے تھے جبکہ کچھ لوگ اس کی ایک جانب بیٹھے ہوئے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق طیارے کے ٹیک آف کرنے کے بعد دو لوگ اس سے گر کر ہلاک ہو گئے جبکہ امریکی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک جہاز کے قطر پہنچنے کے بعد اس کے پہیوں سے انسانی باقیات بھی ملی ہیں۔























