قبائلی گرینڈ جرگے کا باجوڑ واقعے پر آل پارٹیز بلانے کا مطالبہ: ’ہم ایک جنگ میں ہیں اور یہ چلتی رہے گی‘, محمد بلال، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

،تصویر کا ذریعہJUIF
جے یو آئی ف کے زیر اہتمام گرینڈ قبائلی جرگہ کے اعلامیہ میں شرکا نے مطالبہ کیا ہے کہ کئی سالوں سے آپریشنز کے نتائج سے عوام مطمین نہیں، قیام امن کے لیےآل پارٹی کانفرنس طلب کی جائے اور ریاست ایسے فسادات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
پشاور میں ہونے والے گرینڈ قبائلی جرگے میں پشتون بیلٹ کے سیاسی اور قبائلی عمائدین شریک ہوئے جس میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
جرگے کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جمیعت العما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی گرینڈ جرگہ باجوڑ واقع پر غم و رنج کا اظہار کرتا ہے اور پولیس لائن باڑہ اور مختلف کاروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مختلف کئی سالوں سے آپریشنز کے نتائج سے عوام مطمئن نہیں۔ قبائلی عوام کی سہولیات مہیا کی جائیں اور قبائلی عوام کی احساس محرومی کو ختم کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے جرگے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’ہمیں اس بات کا اعتراف کرنا ہوگا کہ ہماری قربانیاں اور جدوجہد اور خون سے ہمارا ماضی لکھا گیا۔ ہمارے کے خلاف سازشیں باہر کے لوگوں نے بھی اور ہمارے لوگ بھی شامل ہوئے۔ ہم ایک جنگ میں ہیں اور یہ چلتی رہے گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’باجوڑ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کے بعد ان کے حوصلوں پر فخر ہوا۔ کرم ضلع میں فرقہ ورانہ فسادات بھڑکائے گئے۔ ریاست ایسے فسادات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔‘






