آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

وزیرِ داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر ’ذاتی وجوہات کی بنا پر‘ مستعفی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیرِ داخلہ ہاشم ڈوگر مستعفی ہو گئے ہیں۔ انھوں نے اپنا استعفیٰ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پہ اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے۔ انشاللہ آگے بھی پی ٹی آی کے ادنی کارکن کے طور پہ کام کرتا رہوں گا۔‘

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی طور غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: جنرل قمر باجوہ

    پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔

    ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے آرمی چیف کا کہنا تھا کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، ہمیشہ الرٹ رہیں اور ملک کےخلاف سازشوں کو شکست اور جواب دینے کے لیے تیار رہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ شعلوں کو اپنے خطے سے دور رکھیں، ہمیں طریقہ کار بنا کر باہمی معاملات کو پرُامن طور پر حل کرنے کے لیے امن کو موقع دینا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے مل کر بھوک ،غربت ،جہالت سے مقابلہ کرنا چاہیے۔ ہمیں مل کر تیزی سے بڑھتی آبادی، ماحولیاتی تبدیلی اور بیماریوں کا مقابلہ کرناچاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا بدل گئی ہے ہمیں بھی تبدیل ہو جانا چاہیے، ورنہ ’اسٹیٹس کو‘ کی قیمت ہم سب کواداکرنی پڑے گی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانےکے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، عوام کی مکمل حمایت اور اعتماد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں اور یہ یقینی بنایا ہے کہ پاکستان سے منظم دہشتگردی فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ دی جائے، یہ کامیابی بے شک ایسی ہے جسے کئی ممالک یا افواج دعوی نہیں کر سکتیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش میں پاکستان نے نیک نیتی سے پڑوسیوں اور علاقائی ملکوں سے اچھے تعلقات کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، جنوبی ایشیا کے لوگوں کو بھی خوشحالی اور بہتر معیار زندگی کا حق حاصل ہے، جنوبی ایشیا میں خوشحالی تسلسل سے معاشی ترقی اور دیرپا امن سے ہی ممکن ہے۔

  2. کیا مبینہ آڈیو لیکس عمران خان کی مقبولیت پر اثر انداز ہوں گی؟

  3. شہباز شریف: علیمہ خان، عمران خان کو نیب سے ’این آر او‘ تو ہم نے نہیں دلوایا

    وزیرِ اعظم شہباز شیف نے کہا ہے کہ سنہ 2017 میں جب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف کو 100 دن تک روزانہ طلب کیا تو وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ ہر روز پیش ہوتے تھے مگر اُنھوں نے کوئی این آر او نہیں مانگا۔

    اُنھوں نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے خود سپریم کورٹ کو لکھا کہ پانامہ کی تحقیقات کریں۔ ’ہم سب نیب کے عقوبت خانوں میں رہے، ظلم برداشت کیا، یہ کہنا کہ مریم نواز کو بقول عمران خان این آر او ملا ہے، اس سے زیادہ قابلِ مذمت بات ہو نہیں سکتی۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ علیمہ خان اور عمران خان کو مختلف مقدمات میں نیب سے ریلیف ملا، وہ این آر او ہم نے تو نہیں دلوایا۔

    سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ 56 کمپنیوں کے کیس میں اُنھیں بدنام کیا گیا مگر چار برس گزر گئے اور اس کیس کا کچھ نہیں ہوا۔

    ’56 کمپنیوں کے بارے میں کہا گیا کہ اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ ان میں کئی کمپنیاں پچھلی حکومتوں نے بھی بنائی تھیں، ہم نے تو ان سے کام لیا، میٹرو، اورنج لائن اور سیف سٹی، لینڈ ریفارمز کمپنیاں بنائیں۔‘

    اُنھوں نے کہا کہ کسانوں کو آدھے گھنٹے میں ٹائٹل ڈیڈ مل جاتا تھا مگر مگر اب وہ نظام دوبارہ پٹواریوں کے پاس چلا گیا ہے۔‘

  4. پاکستان میں امریکی سفیر کے کشمیر کے دورے پر اعتراضات سے امریکہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے: انڈیا

    انڈیا کے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جمعہ کے روز اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ’امریکی سفیر کے پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے دورے اور ملاقاتوں پر ہمارے اعتراضات سے امریکہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے‘۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونالڈ بلوم نے حال ہی میں 'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کیا اور اس دوران انھوں نے کئی بار خطے کو ’آزاد جموں و کشمیر‘ کہہ کر پکارا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ انڈیا نے امریکہ سے ڈونلڈ بلوم کے دورے کے دوران پاکستانی مقبوضہ کشمیر کو متنازع طور پر آزاد جموں و کشمیر کہہ کر پکارن پر اعتراض کیا۔

    رواں برس کے آغاز میں امریکی رکن کانگریس الہان ​​عمر نے ’پاکستان کے زیر انتظام کشمیر‘ کا دورہ کیا تھا۔

    الہان ​​عمر کے دورے کے بعد کسی سینیئر امریکی اہلکار کا کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ انڈیا نے اس وقت بھی الہان ​​عمر کے دورے پر اعتراض اٹھایا تھا۔

  5. آڈیو لیکس: عمران خان کی مقبولیت پر کیا اثر پڑا؟

  6. بریکنگ, سائبر سکیورٹی سے متعلق اختیاراتی کمیٹی کا پہلا اجلاس

    وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ سائبرسکیورٹی اورسرکاری دفاتر کی الیکٹرانک سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا پہلااجلاس منعقد ہوا۔ اطلاعات کے مطابق کمیٹی اپنی سفارشات دو ہفتوں میں مکمل کرے گی جسے وزیراعظم کو پیش کردیا جائے گا۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق وزارت داخلہ میں منعقد ہونے والے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے شرکت کی۔

    سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری نیشنل ٹیلی کام اورسیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی سائبرسکیورٹی برانچ کی تحقیقات کا جائزہ لے گی۔

    یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کمیٹی وزیراعظم کے دفتر اور ہاؤس کے لیے موجودہ سائبر سکیورٹی پرٹوکول کا جائزہ لے گی۔

    کمیٹی سائبر سکیورٹی پروٹوکول فُول پروف بنانے کے حوالے سے ایکشن پلان مرتب کرے گی۔

    کمیٹی تمام سرکاری دفاتر کی الیکٹرانک سکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ کمیٹی اپنی سفارشات دو ہفتوں میں مکمل کریگی جسے وزیراعظم پاکستان کو پیش کردیا جائے گا۔

  7. عمران خان پر سیاسی نہیں قانون کے مطابق مقدمات بنائیں گے: مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پر سیاسی مقدمات نہیں قانون کے مطابق مقدمات بنائیں گے۔

    انھوں نے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان کے دعوؤں کو مسترد کیا اور کہا کہ عمران خان اپنی مشہوری کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ جو لوگ ان کی بات سنتے ہیں وہ سب بے وقوف ہیں۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے جمعے کو ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے مبینہ طور پر جاری عمران خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پہلے بھی کہتے تھے کہ ان تمام چیزوں کا ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہے، عمران خان نے بند کمرے میں کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، کمرے سے باہر کہا کہ بیرونی سازش ہو گئی ہے، بند کمرے میں کہا کہ پانچ ایم این اے خرید لیے ہیں اور باہر کہتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ شرک ہے، یہ ان لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو عمران خان کی بات سنتے ہیں۔‘

  8. بریکنگ, یہ آڈیوز فیک ہیں: آڈیو لیکس پرعمران خان کا ردعمل

    میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ انتخابات ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی آڈیو سارے ملک کے لیے لمحہ فکر ہےکہ وزیراعظم کے ٹیلی فون لیک ہوئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں انٹیلیجنس ایجنسیوں سے پوچھتا ہوں کہ آپ کا کام ہے اس کو سکیور کرنا، آپ کو سمجھنا چاہیے کہ اپ بجائے لوگوں کو نامعلوم نمبروں سے ڈرائیں اور دھمکیاں سوشل میڈیا سے لوگوں کو اٹھائیں۔‘

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے فیک آڈیوز بنائی ہوئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیپ فیک ویڈیو بنانا مشکل کام نہیں ہے۔

  9. مجھ پر توہین مذہب کا الزام لگا اس کے پیچھے چار لوگ ہیں جن کے نام ٹیپ میں ہیں: عمران خان میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب:

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ جیلوں میں جانے کو تیار ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ان پر توہین مدہب کا الزام لگایا گیا۔

    `بند کمروں میں موجود چار لوگ اس کے پیچھے ہیں، اگر مجھے کسی نے قتل کیا تو کہیں گے کسی مذہبی جنونی نے کر دیا کیونکہ اس نے توہین مذہب کی ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہے اور اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ ریلیز ہو گی اور اس میں ان چار لوگوں کے نام ہیں۔

    عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کے نام پیغام میں کہا کہ ہماری تیاری اور منصوبہ بندی زیاد ہے۔

    ’اسلام آباد پر مارچ تو اس کا ایک حصہ ہے باقی بھی ایسی پلاننگ کر رہے ہیں جو پہلے کبھی کسی نے نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میانوالی تیاری کر لو، ’حقیقی آزادی مارچ‘ میں شمولیت کے لیے عمران خان کی آبائی حلقے کی عثام کو دعوت دی۔

  10. سیف اللہ نیازی حفاظتی حراست میں ہیں: وفاقی حکومت

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی سے منسلک سینیٹر سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بتایا ہے کہ سیف اللہ نیازی کو فارن فنڈنگ کیس میں پیش نہ ہونے پر حفاظتی حراست میں لیا گیا ہے۔

    تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو ضابطے کی کارروائی پوری کر کے انھیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ایف آئی اے نے پریس ریلیز میں بتایا کہ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی سینٹ کے احاطے سے ایف آئی اے کی طرف سے گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    بتایا گیا کہ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کو اب تک ایف آئی کے کسی بھی ونگ نے گرفتار نہیں کیا ہے۔

  11. بریکنگ, عمران خان کے لانگ مارچ کے حربے کو ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے: رانا ثنا اللہ

    وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حربے کو ہر قیمت پر ناکام بنائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دھرنے کا اعلان کرنے کے بعد فکر ہو گی کہ اعلان کیسے واپس لوں اور جاؤں تو کیسے جاؤں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دو سیاسی نوعیت کے فیصلے کیے ہیں جن کے بارے میں عمران خان کی جانب سے دھرنے کا اعلان کرنے کے بعد بتایا جائے گا۔

  12. مذاق صرف پشتونوں کے بارے میں ہی کیوں؟ پی ٹی آئی سینٹرز کا واک آؤٹ، معافی کا مطالبہ

  13. بریکنگ, عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک پر وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر عمران خان کی مبینہ آڈیو لیکس پر کہا آڈیو سے عمران خان ایکسپوز ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم کو رہنمائی اور روشنی ملی ہے اور اسے بار بار سنیے۔

    سائفر کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا اب کوئی سفیر پاکستان سے اعتماد میں بات کر سکے گا یا سائفر بھجوائے گا۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کو تباہ کیا۔

  14. پاکستانی تاریخ کی ’تاریک ترین‘ رات جب ’ملک بچانے‘ کے لیے پہلی بار مارشل لا نافذ کیا گیا

  15. چیئرمین سینیٹ سیف اللہ نیازی کے ’اغوا‘ کا نوٹس لیں: فواد چوہدری

    ایف آئی اے کی جانب سے سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی خبروں کی تردید سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ سینیٹر نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اغوا کیا گیا ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’چیئرمین سینیٹ کا اس عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔‘

  16. ’خریدے ہوئے بندے کدھر گئے‘: عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک پر اسد عمر کا سوال

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے عمران خان کی مبینہ طور پر ہارس ٹریڈنگ سے متعلق آڈیو لیک کے بارے میں بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ آڈیوز کے ٹکڑے جوڑ کر یہ آڈیو لیک بنائی گئی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ دیکھنا پڑے گا اور جس کے پاس ریکارڈنگ ہے اس سے پتہ کرنا پڑے گا کہ اصل بات کیا ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر فرض کر لیا جائے کہ ریکارڈنگ درست تھی تو بتائیے کہ خریدے ہوئے بندے کدھر گئے۔

    ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو گفتگو آپ کو سنائی گئی وہ گفتگو نہیں ہوئی۔

    اسد عمر نے سائفر سے متعلق گفتگو میں کہا کہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں ایف آئی اے کی تحقییقات کو شفاف نہیں مانا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واضح مداخلت ہوئی اس پر تو سب کا اتفاق ہے۔

    انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک جوڈیشل کمیشن بنائیں اور اس کے ذریعے تحقیقات کریں، حقیقت قوم کے سامنے آ جائے گی۔

  17. فارن فنڈنگ کیس میں انصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی حامد زمان گرفتار، ایف آئی اے کی سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی تردید

    وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں انصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی حامد زمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    لاہور سے نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق حامد زمان کو لاہور میں ان کے دفتر سے جمعے کو گرفتار کیا گیا۔

    حامد زمان کے علاوہ اس مقدمے میں تحریکِ انصاف کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں تاہم ایف آئی اے کی جانب سے جمعے کی دوپہر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی سینٹ کے احاطے سےایف آئی اے کی طرف سے گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کو اب تک ایف آئی اے کے کسی بھی ونگ نے گرفتار نہیں کیا ہے۔

  18. آڈیو لیکس: ’کلپ میں آوازیں جوڑی گئی ہیں، جانتے ہیں آڈیوز کیسے بن رہی ہیں‘، فواد چوہدری

    جمعے کو پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق گفتگو شامل ہے۔

    عمران خان کی جانب سے تاحال اس آڈیو کی تصدیق یا تردید تو نہیں کی گئی تاہم تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اس نئی آڈیو لیک پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ ایسی آڈیو کہاں اور کیسے بن رہی ہیں اور یہ کہ مذکورہ کلپ بھی آوازیں جوڑ کر بنایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’کیا اس طرح آوازیں جوڑ کر آپ #NRO22 کو جائز ثابت کر لیں گے؟ یہ نہیں ہونا، یہ آڈیوز جہاں بن رہی ہیں ان کا بھی لوگوں کو پتہ ہے اور کیسے بن رہی ہیں ان کا بھی۔ اب فیصلہ حقیقی آزادی مارچ کرے گا۔‘

    جمعے کے دن جاری ہونے والی آڈیو لیک میں مبینہ طور پر عمران خان کی آواز سنی جا سکتی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اس آڈیو کو کہاں، کیسے اور کس وقت ریکارڈ کیا گیا۔

    آڈیو لیک میں یہ الفاظ سنے جا سکتے ہیں؛ ’آپ کو بڑی غلط فہمی ہو گئی ہے کہ جناب نمبر گیم پوری ہو گئی ہے۔ ایسا ہے نہیں۔ یہ نہ سوچیں کہ سب ختم ہو گیا ہے کیونکہ اب سے 48 گھنٹے بہت طویل وقت ہے۔ اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں۔ میں اپنی طرف سے بہت سی چالیں چل رہا ہوں جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔‘

    ’پانچ تو میں خرید رہا ہوں ناں۔۔۔ میرے پاس ہیں پانچ۔۔۔ وہ جو پانچ ہیں ناں وہ پانچ بڑے اہم ہیں۔ اور اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں پانچ سکیور کر دے ناں وہ والے اور اگر دس ہو جائیں تو گیم ہمارے ہاتھوں میں ہے۔‘

    ’اس وقت قوم الارم ہوئی ہوئی ہے۔ ہر قیمت پر لوگ چاہ رہے ہیں کہ کسی طرح ہم جیت جائیں۔ تو اس لیے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے۔ کوئی بھی حربہ ہو، ایک ایک بھی ہمیں کوئی توڑ دیتا ہے ناں تو اس سے بڑا فرق پڑتا ہے۔‘

    واضح رہے کہ پاکستان میں اہم سیاسی شخصیات کی آڈیوز سامنے آنے کا سلسلہ چند ہفتے سے جاری ہے اور اس دوران عمران خان کے علاوہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا کی گفتگو بھی سامنے آئی ہے جس کے بعد حکومت نے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  19. پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، پولیس کی تربیتی مشقیں اور شہر میں کنٹینرز کی آمد ورفت, شہزاد ملک، نامہ نگار بی بی سی

    اسلا آباد پولیس نے پیشہ وارانہ طریقے سے قیام امن عامہ کے لیے تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا ہے۔

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس ایف سی اور رینجرز کی مشترکہ مشقیں ڈی چوک میں جاری ہیں۔ اینٹی رائٹ یعنی انسداد ہنگامہ آرائی کی تربیت کا مقصد کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے پیشہ وارانہ طریقے سے نمٹنا ہے۔

    تربیتی مشقوں میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی 260 خواتین بھی حصہ لے رہی ہے۔

    خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے جلسوں اور دھرنوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس وقت بھی سابق وزیراعظم عمران خان اپنی جماعت پی ٹی آئی کے کارکنان کو ایک لانگ مارچ کی دعوت دے رہے ہیں جس کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔

    اسلام آباد کے ریڈ زون کی جانب جانے والے راستے پر کنٹینرز کی بڑی تعداد پہلے سے ہی موجود ہے تاہم شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کنٹینرز کی آمدو رفت دکھائی دے رہی ہے۔

  20. بریکنگ, ڈالر کی قیمت میں 1.94 روپے کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں ملکی کرنسی کی قدر میں اضافے کا رجحان تسلسل سے جاری ہے اور جمعے کے کاروباری روز ڈالر کی قیمت میں 1.94 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    انٹر بینک میں ایک ڈالر کی قیمت اس وقت 220 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

    پاکستان میں 22 ستمبر کو ڈالر کی قیمت 239.71 تک جانے کے بعد اس میں کمی کا آغاز ہوا اور ڈالر کی قیمت میں اب تک 19.50 روپے کم ہو چکی ہے۔