زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹیکسلا میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ میں پوری تیاری کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان (حکومت) کی پلاننگ کے حساب سے تیاری کر رہا ہوں اور پھر ایک دم کال دوں گا۔ زیادہ دیر نہیں ہے اس لیے سب میری کال کا انتظار کریں۔ ‘

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, اسحاق ڈار وطن واپس پہنچ گئے

    سابق وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    وہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ واپس آئے ہیں۔ پاکستان پہنچنے کے بعد اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر و وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے اُنھیں وزیرِ خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے کہا ہے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اُن کی کوشش ہو گی کہ وہ ملک کو معاشی گرداب سے نکالیں جیسے کہ اُن کے مطابق اُنھوں نے 99-98 میں اور 2014-2013 میں کیا تھا۔

  2. میونسپل ٹیکس تنازعے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ دینے کا فیصلہ

    مرتضیٰ وہاب

    ،تصویر کا ذریعہTwitter/Murtaza Wahab

    ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ قانون میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس اختیار ہے کہ وہ ٹیکس وصولی کے لیے کسی اور کمپنی کو مقرر کرے۔

    اُنھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو یہ ٹیکس وصول کرنے کا اختیار اس لیے دیا گیا تھا کیونکہ یہ پبلک لسٹڈ کمپنی ہے اور اس کا آڈٹ ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کے الیکٹرک کو کراچی کے شہریوں سے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔

    پیر کو سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک کو مذکورہ ٹیکس کی وصولی سے روک دیا ہے۔ اس ٹیکس کے خلاف عدالتِ عالیہ سندھ میں درخواست جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے دائر کی تھی۔

    اُنھوں نے کہا کہ وہ پرانا نظام بھی چلتا رہنے دے سکتے تھے جس میں ان کے مطابق خردبرد ہوسکتی تھی۔ کسی کا نام لیے بغیر اُنھوں نے کہا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ کراچی میں پائیدار ترقی ہو۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ اس بات سے متفق ہیں کہ یہ ٹیکس کراچی اور اس کے عوام کی بہتری کے لیے تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر کی جانب سے یہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گذشتہ میئرز کے دور میں صرف 16 کروڑ روپے تک اکٹھے ہو رہے تھے مگر کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی سے سوا تین ارب روپے تک وصول کیے جا سکتے تھے۔

    اُنھوں نے کہا کہ جب ٹیکس ایک پرائیوٹ کمپنی کی بیلنس شیٹ میں نظر آئے گا کہ اس نے میئر کو سوا تین ارب روپے دیے ہیں، تو عوام میئر سے سوال کرنے کے قابل ہوں گے۔

    اُنھوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ان کے لیے کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا اور وہ پریس کانفرنس کے بعد اپنا استعفیٰ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش کر دیں گے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  3. وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    PM

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں حساس اداروں کے نمائندہ بھی شامل ہوں گے۔

    وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک نمائندہ شامل ہو گا۔ یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اس بات کی تحقیق کرے گی کہ یہ کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا یا کسی نے چوری کر کے فروخت کیا۔

    اہلکار کے مطابق اس جے آئی ٹیم کو اختیار ہو گا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو شامل تفتیش کرے۔ وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل سے ریکارڈنگ کی گئی اس پر بھی تحقیقات ہوں گی۔

    اہلکار کے مطابق تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقع کے وقت کون کون افسر وزیر اعظم ہاٰؤس میں موجود تھا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کی ہر طرح کی سکیورٹی سول حساس ادارے کے پاس ہے۔

    اہلکار کے مطابق یہ تحقیقاتی ٹیم وزیر اعظم ہاؤس پر مامور سول حساس ادارے کے ڈائریکٹوریٹ کو بھی شامل تفتیش لا سکے گی۔ اہلکار ہے مطابق وزیر اعظم ہاؤس اور سیکریٹریٹ میں مامور گذشتہ چھ ماہ سے اسپیشل برانچ کے اہکاروں سے بھی تحقیقات ہوں گی دوسری جانب وزیر اعظم ہاؤس اور پی ایم آفس پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے اور وزیر اعظم ہاؤس میں موبائل لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

  4. اسحاق ڈار ڈیل کے تحت پاکستان واپس آ رہے ہیں: عمران خان کا گورنمنٹ کالج لاہور کے طلبا سے خطاب

    IK

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار ایک ڈیل کے تحت ملک واپس آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار ن لیگ کے دور میں وزیراعظم کے طیارے میں بیٹھ کر اس وقت ملک سے باہر چلے گئے جب نیب نے ان سے اثاثوں سے متعلق سوال پوچھا۔

    عمران خان نے کہا کہ یہ یہاں چوروں سے ڈیل ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا اور منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مجھے کوئی ایک ایسا ملک دنیا میں بتا دیں جہاں کا تین بار کا وزیراعظم ملک سے باہر بیٹھا ہو۔

    عمران خان نے آڈیو لیکس کے ذریعے سامنے آنے والے مبینہ اعترافات پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز پرتنقید کی۔

  5. اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں سات روپے کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں سوموار کے روز ملکی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں اب تک ڈالر کی قیمت میں سات روپے کی کمی واقع ہو چکی ہے اور اس وقت ایک امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے جو جمعہ کے روز 245 پر بند ہوئی تھی۔

    انٹر بنک میں ایک ڈالر کی قیمت جو کاروبار کے آغاز پر 3.75 روپے تک گر گئی تھی اس میں تھوڑا سا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس میں اس وقت 3.05 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انٹر بنک میں ایک ڈالر کی قیمت اس وقت 236.71 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

  6. عمران خان نااہلی کیس: یہ کیس الیکشن کمیشن کو کیوں نہ بھجوایا جائے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    IK

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق وزیر اعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیوں نہ اس کیس کو الیکشن کمیشن بھجوا دیا جائے۔

    خیال رہے کہ یہ درخواست ایک شہری محمد ساجد کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں کاغذات نامزدگی میں مبینہ طور پر غلط بیانی کی بنیاد پر چیئرمین تحریک انصاف کو نا اہل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی جس میں وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس کیس میں وفاق کو فریق بنانا چاہتے ہیں۔

    جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ انھوں نے ریمارکس دیے کہ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنا ہو گا۔

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عمران خان اب پبلک آفس ہولڈر نہیں ہیں، اس نکتے کو بھی دیکھ لیں۔ اس پر وکیل درخواست گزار بیرسٹر عثمان نے کہا کہ عمران خان کا ابھی استعفیٰ منظور نہیں ہوا۔

    جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ یہ بتائیں کہ اس کیس کو الیکشن کمیشن کیوں نہ بھیجیں کیونکہ عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔

    فیصل واوڈا کیس بھی اسی نوعیت کا تھا تو اسے الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔

    عدالت نے کہا کہ ان تمام نکات پر عدالت کو مطمئن کریں، ایک تاریخ رکھ لیتے ہیں جس کے بعد عمران خان نااہلی کیس پر سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی گئی۔

  7. ڈالر کی قیمت میں 3.75 روپے کمی، سٹاک مارکیٹ میں 400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ہفتے کے پہلے روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی دیکھی جا رہی ہے اور کاروبار کے پہلے ڈیڑھ گھنٹے میں ڈالر کی قیمت میں 3.76 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس وقت انٹر بنک میں ایک ڈالر کی قیمت 235.99 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

    ڈالر کی قیمت جمعے کے دن کاروبار کے اختتام پر 239.65 پر بند ہوئی تھی ۔

    پیر کے روز سٹاک مارکیٹ میں بھی کاروبار میں تیزی کا رجحان جاری ہے اور انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ابھی تک دیکھا جا رہا ہے۔

  8. مفتاح اسماعیل مستعفی، وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نامزد کر دیا

    ishaq dar

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نئے وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

    حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔

    تحریری بیان کے مطابق ` قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لیے نامزد کر دیا۔‘

    پارٹی اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمدخان اور احد چیمہ بھی شریک ہوئے۔

    اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ `وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔‘

    خیال رہے کہ دو روز قبل اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممکنہ طور پر وہ اگلے ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں ہوں گے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ وہ وطن واپسی پر سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے اور اسلام آباد میں ایک مقامی عدالت کے سامنے اپنے خلاف قائم مقدمے میں پیش بھی ہوں گے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ عدالت نے ہماری درخواست منظور کی اور وارنٹ معطل کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر تک واپسی کرلیں۔

    اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور وطن واپسی پر ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جو بھی ڈیوٹی لگائیں گے ماضی کی طرح نبھاؤں گا۔

  9. اقتدار میں ذات کو فائدہ پہنچانے کو کرپشن کہتے ہیں: عمران خان کی مریم نواز سے متعلق مبینہ لیک آڈیو پر تبصرہ

    کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ مریم نواز سے سچ نہیں بولا جاتا ہے۔ ان کے مطابق جو معلوم ہوا وہ یہ ہے کہ آدھی مشینری آ چکی ہے۔

    عمران خان کے مطابق مریم نواز ناجائز کام کر رہی ہیں، آتے ساتھ ہی ذات کو فائدہ کرانا اس کو کرپشن کہتے ہیں۔ نوجوانوں جب بھی کوئی بھی اپنی ذات کو فائدہ کراتا ہے۔ عوام کو فائدہ کراتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ’ہم نے ہندوستان سے تجارت بند کیوں کی تھی کیونکہ انڈیا نے بین الاقوامی قانون توڑا اور پانچ اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی‘۔

    انھوں نے کہا کہ ابھی جو ٹیپ لیک ہو گئی ہے اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ ابھی داماد صاحب نے بھی پیسے بنانے ہیں اور مریم کہتی ہیں کہ باقی چھوڑو، میرے داماد کو بھی پیسے بنانے دو۔

  10. تیسری وکٹ کی طرف بڑے غور سے دیکھ رہا ہوں، بیچ والی وکٹ بھی ان سونگ سے جائے گی

    کرک میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ تیسری وکٹ کی طرف بڑے غور سے دیکھ رہا ہوں، بیچ والی وکٹ بھی ان سونگ سے جائے گی۔

    اس کے بعد انھوں نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربرہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی۔

  11. مریم کے داماد کے لیے انڈیا کے لیے غیرقانونی طور پر مشینری منگوائی جا رہی ہے: عمران خان

    IK

    ،تصویر کا ذریعہlMRAN KHAN

    کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مبینہ آڈیو لیک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم کے داماد کے لیے انڈیا کے لیے غیرقانونی طور پر مشینری منگوائی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گرڈ سٹیشن سرکاری طور پر بنوانے کی بات ہو رہی ہے، جو 70 سے 80 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ان شریف اور زرداری خاندان کو میرٹ کا کیا پتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر میرٹ دیکھنا ہے تو دس سال پاکستان کا کپتان رہا ہوں، وہاں دیکھ لو، شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کو دیکھ لو۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے جا رہے ہیں، الیکشن میں ان دونوں کو شکست دیں گے۔

  12. میں اب پوری تیاری کر رہا ہوں: عمران خان کا کرک میں جلسے سے خطاب

    پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے شہر کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اب پوری تیاری کر رہا ہوں۔ انھوں نے وزیرداخلہ اور وزیراعظم کا نام لے کر کہا کہ وہ ان کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی تحریک میں پورے پاکستان جا رہا ہوں۔

  13. کال تب دوں گا جب میری ایک گیند سے تینوں کی وکٹ گر جائے گی: عمران خان

    IK

    ،تصویر کا ذریعہscreenshot

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت تک وہ 51 جلسے کر بیٹھے ہیں، سارا پاکستان پھر لیا ہے، یہ شعور کبھی نہیں دیکھا، جو آج میری قوم میں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حصول کی خاطر میری قوم تیار ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جو جدھر ہے اور میری تقریر سن رہے ہیں، آپ سب نے تیار ہونا ہے۔

    ’کال تب دوں گا جب میرے مخالف سمجھیں گے کہ عمران خان پیچھے ہٹ گیا ہے‘

    عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو کال دوں گا، زیادہ نوٹس نہیں دوں گا، کال تب دوں گا جب میرے مخالف سمجھیں گے کہ عمران خان پیچھے ہٹ گیا ہے، اور کال تب دوں گا جب میری ایک گیند سے تینوں کی وکٹ گر جائے گی۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنی تنطیم کی تیاری کرائی ہے، میں ہر روز اپنی ٹیم کی تیاری چیک کرتا ہوں، جس دن میں نے سمجھا کہ ہم تیار ہیں تو انشااللہ میں آپ کو کال دوں گا، وہ آخری کال ہو گی، اس کے بعد کوئی مارچ اور دھرنا نہیں ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ کال ہو گی پاکستان کو بچانے کے لیے، صاف اور شفاف الیکشن کے لیے، سوائے صاف اور شفاف الیکشن کے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ جب الیکشن نہیں ہوتے، سیاسی استحکام نہیں آتا۔ اس سے معاشی استحکام آئے گا۔ الیکشن اس لیے چاہتے ہیں کہ یہ عوام کا معاشی قتل کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب تک صاف اور شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی، یہ اب تحریک رکے گی نہیں۔

  14. ’پرامن احتجاج میرا جمہوری حق ہے، رانا ثنااللہ سن لو اس بار کپتان تیاری کے ساتھ آئے گا‘

    ik

    ،تصویر کا ذریعہSCREENSHOT

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’پرامن احتجاج میرا جمہوری حق ہے‘۔ انھوں نے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ پر کڑی تنقید اور کہا کہ وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کا مارچ آئے گا تو بیلٹ گن تیار ہے۔

    انھوں نے کہا رانا ثنااللہ ہمیں ڈرا رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اس حکومت میں آپ کو کوئی بڑا عہدہ نہیں مل سکتا جب تک آپ نے کوئی بڑا جرم نہ کیا ہوا۔

    اس لحاظ سے انھوں نے رانا ثنااللہ کو وزیرداخلہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس شخص کو جیل میں ہونا چاہیے وہ ہمیں بتا رہا ہے کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا رانا ثنااللہ سن لو اس بار کپتان تیاری کے ساتھ آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ کپتان ہر وقت یہ دیکھ رہا ہوتا ہے کہ اس کا مخالف کیا کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں تو پتا ہے کہ رانا ثنااللہ کیا کرے گا، مگر رانا ثنااللہ کو یہ نہیں پتا کہ میں کیا کرنے جا رہا ہوں۔

  15. اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں کہ کیا کرپشن کے خلاف لڑنا صرف اکیلا میرا کام ہے: عمران خان

    JALSA

    ،تصویر کا ذریعہSCREENSHOT

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں کہ یہ جو چور اپنے چوری کے کیسز ختم کر رہے ہیں کیا یہ صرف عمران خان کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ سب روکیں یا آپ کی بھی ذمہ داری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کیا میں اکیلا ہوں، کیا میں نے ٹھیکہ لیا ہوا ہے کہ کرپشن کے خلاف لڑوں گا۔ کسی اور کی ذمہ داری نہیں ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ طاقت ان کے پاس ہے اور پھر کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں، ہم تو کسی طرف نہیں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ڈیل اور این آر او کے تحت کیسز ختم کرا رہے ہیں۔ پوری قوم اٹھ کھڑی ہو۔

  16. آپ میری کال کی تیاری کریں، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں نے کسی صورت ان چوروں کو قبول نہیں کرنا

    IK

    ،تصویر کا ذریعہscreenshot

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ساری قوم کو کہتا ہوں کہ خوف کے بت کو توڑ دو، خوف کی زنجیریں توڑ دو۔ آپ تیاری کریں۔

    انھوں نے کہا کہ آپ میری کال کی تیاری کریں، کیونکہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں نے کسی صورت ان چوروں کو قبول نہیں کرنا۔

  17. امریکی اداکارہ بھی پاکستان آئی ہوئی ہیں، وزیراعظم اور وزیرخارجہ باہر چلے گئے: عمران خان کا جلسے سے خطاب جاری

    Imran Khan

    ،تصویر کا ذریعہscreenshot

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں افسوس ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے وزیرخارجہ کے ساتھ باہر چلے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک امریکی اداکارہ بھی پاکستان آئی ہوئی ہیں تو ایسے میں یہ ان حالات میں باہر چلے گئے۔

    عمران خان نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ 12 برس سے اردو بولنا سیکھ رہے ہیں جبکہ دو سال میں انگریز اردو سیکھ جاتے ہیں۔

  18. امریکہ سے پرجوش تعلقات کے خواہاں ہیں، گذشتہ حکومت کے اقدامات ملکی مفادات کے لیے نقصان دہ تھے: شہباز شریف

    Shahbaz Sharif

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اچھے اور پرجوش تعلقات کا خواہاں ہے، گذشتہ حکومت نے اس سلسلے میں جو کچھ کیا وہ سب غیرضروری تھا اور یہ پاکستان کے خودمختار مفادات کے لیے نقصان دہ تھا، یہ سب کچھ پاکستان کے عوام کی توقعات کے مطابق نہیں تھا۔

    افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ طالبان کے پاس دوحہ معاہدے کی پاسداری کرکے لوگوں کے لیے امن اورترقی کو یقینی بنانے کا ایک سنہری موقع ہے، افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا کو سمجھنا چاہیے کہ جب تک کشمیر کا سلگتا ہوا تنازع پرامن مذاکرات کے ذریعے حل نہیں کیا جاتا ہم امن سے نہیں رہ سکتے۔

  19. فوج کو یہ بتانے کے لیے تیار ہوں کہ ٹینک اور آرٹلری مشینری کیسے چلاتے ہیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا جواب

    SC

    ،تصویر کا ذریعہSUPREME COURT OF PAKISTAN

    بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے جب ایک سوال پوچھا گیا کہ جی ایچ کیو میں آئینی اور بین الاقوامی معاملات پر ریسرچ اور لیگل ایڈوائس کے لیے لا ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے تو ہم ان سے کوارڈینیشن کیوں نہیں کر سکتے؟

    اس سوال کے جواب میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ انھیں یہ تو معلوم نہیں ہے کہ فوج کو یہ ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ اگر وہ ایسا چاہتے ہیں تو پھر میں فوج کو یہ بتانے کے لیے تیار ہوں کہ ٹینک اور آرٹلری مشینری کیسے چلاتے ہیں۔

    اور اگر وہ چاہتے ہیں کہ آئین اور بین الاقوامی قوانین کے بارے میں کچھ جاننا چاہتے ہیں تو پھر وہ ہم میں سے کسی کو بھی مدعو کر سکتے ہیں۔

  20. وزیر اعلیٰ سے مشاورت کے بعد بلوچستان پولیس اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کریں گے: میر ضیا اللہ لانگو

    بلوچستان کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی جانب سے تاحال پولیس کی نفری اسلام آباد نہیں بھیجی گی ہے۔

    فون پر انھوں نے اس حوالے سے ایک سوال پر بی بی سی کو بتایا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں سے پولیس کی نفری مانگی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ضروری کام سے کراچی جارہے ہیں انھوں نے بتایا کہ واپسی پر وزیر اعلیٰ سے مشاورت کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ کیا جائے گا۔