الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو کہوٹہ کا دورہ اور وہاں ڈیم کا افتتاح کرنے سے روک دیا
شیڈیول کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے انھیں وہاں جانے سے روک دیا ہے۔ یہ علاقہ پنجاب کے صوبائی حلقہ سات میں واقع ہے جہاں پر اگلے ماہ کی بیس تاریخ کو یہاں ضمنی انتخاب ہونا ہے۔
لائیو کوریج
ڈالر 212 روپے کی حد کو چھو گیا, تنویر ملک، صحافی
،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان میں منگل کے روز بھی مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ رُک نہ سکا جب ایک ڈالر کی قیمت 212 روپے کی بلند ترین سطح تک چلی گئی۔
گذشتہ روز ایک ڈالر کی قیمت 210 روپے کے لگ بھگ بند ہوئی تھی جس میں منگل کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ایک ڈالر کی قیمت اس وقت 212 روپے کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے آئی ایم ایف سے ایک، دو دن میں ڈیل کا بھی ڈالرکی قیمت پر کوئی اثر دکھائی نہیں دیا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق وزیر خزانہ کا ابھی تک یہی بیان سامنے آیا ہے جبکہ ابھی تک آئی ایم ایف کی جانب سے کوئی پیشرفت ہوتی نظر نہیں آئی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق درآمدات کا دباؤ تو ڈالر پر ہے تاہم اس کے ساتھ لگتا ہے کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ کسی انڈرسٹینڈنگ کے تحت روپے کی قدر کو گرایا جا رہا ہے۔‘
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری
،تصویر کا ذریعہPTV
ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
،تصویر کا ذریعہGoP
،تصویر کا کیپشنوفاقی کابینہ کا ایجنڈا
بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لیے فوج سے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لیے فوج سے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
ان اطلاعات کے تحت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں، کراچی این اے 245 اور سوات پی کے 7 میں ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
شیڈول کے تحت سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 جون سے شروع ہوگا۔ سوات پی کے 7 میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور کراچی این اے 245 میں 27 جولائی کو ضمنی انتخاب متوقع ہے۔
کووڈ: کراچی اور حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے بڑھ گئی
،تصویر کا ذریعہEPA
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 80 روز میں پہلی بار ملک میں کووڈ 19 کے متاثرین بڑھے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کووڈ کے 113 نئے متاثرین اور ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
این سی او سی کے اہلکار ڈاکٹر شہزاد علی خان نے اخبار ڈان کو بتایا ہے کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وقت کے ساتھ ویکسین کا اثر کم ہو رہا ہے اور لوگوں کو بوسٹر خوراک لگوانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرس اپنی شکل تبدیل کر رہا ہے جس سے ویکسین اس کے خلاف اتنی مؤثر نہیں رہی۔
انھوں نے کہا ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور اسلام آباد جیسے شہروں میں زندگی معمول پر آچکی ہے اور بیرون ملک سے بھی لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر شہزاد نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
ملک کے بعض علاقوں میں آج موسلادھار بارش، ژالہ باری متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی منگل کے روز خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ اس دوران کہیں کہیں پر شدید موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
مونس الہیٰ کے خلاف کیس بڑا واضح ہے: وزیرداخلہ رانا ثنااللہ
،تصویر کا ذریعہAFP
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ کے خلاف کیس بڑا واضح ہے وہ اب اپنی بے گناہی ثابت کریں۔
جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مونس الہیٰ نے کم آمدنی والے ملازمین سے کے گٹھ جوڑ سے ایک 72 کروڑ کی انھوں نے رحیم یار خان میں شوگر مل خریدی ہے۔ ان کے مطابق یہ ثابت کر دیں کہ یہ 72 کروڑ ان کا نہیں تھا یا پھر منی ٹریل دیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مونس الہیٰ نے یہ کہا تھا کہ شوگر مل کے سلسلے میں ان کے خلاف انکوائری سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں ایف آئی اے نے کی تھی تاہم اس حوالے سے مقدمہ موجودہ وزیرداخلہ رانا ثناللہ نے درج کرایا ہے۔ اس وقت ایف آئی اے مونس الہیٰ نے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کر رہی ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی: وزیراعظم شہباز شریف
،تصویر کا ذریعہPM Office
وزیراعظم شہباز شریف سے آج سعودی عرب سے تعلق رکھنے والےکاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں سعودی عرب کی کاروباری برادری، تاجران اور صنعت کاروں کے لیے پاکستان میں موجود سرمایاکاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت تیز کریںگے اور اس سلسلے میں پاکستان -سعودی عرب جائنٹ ورکنگ گروپ کو بھی فعال کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی مفید رہا جس کے دوران سعودی لیڈرشپ نے اس عزم کو دہرایا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ ہمیں مختلف امور پر گفتگو کا بھرپور موقع ملا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران ہمیں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کا موقع ملا اور سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس اعتماد پرہم سعودی لیڈرشپ کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ میپ بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 75 برسوں میں مثالی رہے ہیں اور سعودی عرب نے سیاسی، سفارتی اور معاشی محازوں پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
میرے خلاف وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کا مقدمہ درج ہوا: مونس الہیٰ
پاکستان مسلم ق کے رہنما رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ان کے خلاف ایف آئی اے کا مقدمہ وزیرداخلہ رانا ثناللہ نے درج کرایا ہے۔
ان کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کے خلاف شوگر کمیشن کے تناظر میں ایف آئی اے نے انکوائری کی تھی جبکہ ابھی کا مقدمہ رانا ثنااللہ نے کرایا ہے۔
مونس الہیٰ نے کہا کہ دوران تفتیش ایف آئی اے کے حکام بار بار ایک ہی طرح کے سوال پوچھ رہے تھے۔ ان کے مطابق بالآخر میں نے تنگ آ کر کہا کہ مجھے لکھ کر سوالنامہ دے دیں تو میں جواب دے دوں گا۔
ان کے مطابق اب انھوں نے 23 جون کو ایف آئی کو جواب دینا ہے۔
بریکنگ, آئی ایم ایف کا پروگرام ایک آدھ دن میں بحال ہو جائے گا: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل, اعظم خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام انشاللہ ایک آدھ دن میں بحال ہو جائے گا۔
ان کے مطابق انھوں نے اس حوالے سے پارلیمنٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھی بریفنگ بھی دی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ غریب طبقے کو ریلیف دیا جائے گا، آئی ایم ایف کا تنخواہ بڑھانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سالانہ 12 لاکھ روپے آمدن والوں تک ٹیکس استثنیٰ برقرار رہے گا۔
مفتاح اسماعیل کے مطابق ابھی مزید اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں گے جن کی تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان نے آئی ایم ایف قرضہ پروگرام کی بحالی کے لیے امریکا سے مدد طلب کی ہے کیونکہ حکومت کی طرف سے اب تک کیے گئے بہت سخت اقدامات کے باوجود عالمی مالیاتی ادارہ ابھی تک سٹاف لیول معاہدے پر راضی نہیں ہورہا تھا۔
گذشتہ جمعرات کو حکومت کی اقتصادی ٹیم نے پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی اور اس ضمن میں ان سے مدد کی درخواست کی۔
مقامی میڈیا پر شائع ہونے والی ان خبروں پر پاکستان کی حکومت نے یا وزارت خزانہ نے سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سفیر سے ملنے والی پاکستانی ٹیم میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا شامل تھیں۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ امریکا آئی ایم ایف میں سب سے بڑا شراکت دارملک ہے اور وہ ماضی میں بھی پاکستان کو جاری ہونے والے فنڈزپروگراموں میں اس کی مدد کرتا رہا ہے۔ وزیرخزانہ کی اسلام آباد میں امریکی سفیر سے ہونے والی ملاقات پر سابق وزیراعظم عمران خان نے تنقید بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرضہ پروگرام کی بحالی کے لیے اب تک تین دور ہوچکے ہیں۔ ان ادوار میں سے میں سے دو ادوار موجودہ حکومت کے ساتھ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے کئی آن لائن رابطے بھی ہوتے رہے ہیں۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کے وفد کے دیگر حکام کی دوحہ میں آئی ایم ایف سے ہونے والی ملاقاتوں کو میڈیا میں خوب پذیرائی ملی۔
پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ چھ بلین ڈالر کا معاہدہ سنہ 2019 میں کیا تھا۔ تاہم آئی ایم ایف نے تین بلین ڈالر کی قسط مارچ میں اس وقت روک دی جب گزشتہ حکومت نے عالمی ادارے کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد روک دیا تھا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے خطابات میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایم ان سے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافےکا مطالبہ کر رہا تھا جبکہ انھوں نے اس کے برعکس تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔
موجودہ حکومت نے تین بار تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جسے آئی ایم ایف کو اس کے پاکستان سے کیے گئے پروگرام کی بحالی پر منانے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط تسلیم کر لیں ہیں اور جلد آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہوجائے گا۔
’آج پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، مافیا نے نیب قانون میں ترمیم کر کے این آر او ٹو حاصل کر لیا‘, عمران خان
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں این آر او حاصل کرنے کے لیے ایک امریکی سازش کے ذریعے حکومت میں آئیں اور اس سے معاشی و سیاسی نظام پٹری سے اتارا گیا۔
ٹوئٹر پر پیغام میں وہ کہتے ہیں کہ ’آج پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جب بدمعاشوں کی امپورٹڈ حکومت نے نیب قانون میں ترمیم کر کے احتساب کا خاتمہ کیا۔ امریکی حمایت یافتہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے ذریعے پاکستان کے معاشی و سیاسی نظام کو پٹڑی سے اُتارا گیا تاکہ بدمعاشوں کو ایک مزید این آر او دیا جا سکے۔ پی ایم ایل این (مسلم لیگ ن) کے دستگیر نے اس کی تصدیق کی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم سے اب وائٹ کالر مجرموں کا احتساب نہیں ہوسکے گا۔ ’نیب کے زیرِ تفتیش 1200 ارب روپے میں سے 1100 ارب روپے اب نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے جس سے اس جرائم پیشہ مافیا کو اپنا این آر او ٹو دیا جائے گا۔
’تاریخ ان تمام لوگوں کو نہ بھولے گی اور نہ ہی معاف کرے گی جو پاکستان کے خلاف اس سازش کا حصہ تھے۔‘
عمران خان کا اشارہ اس قومی مفاہمتی آرڈیننس یا این آر او کی طرف تھا جسے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007 میں جاری کیا تھا۔ اس صدارتی آرڈیننس کے ذریعے صدر مملکت نے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ان تمام مقدمات کو ختم کرنے کا اعلان کیا جو یکم جنوری 1986 سے لے کر 12 اکتوبر 1999 کے درمیان ’سیاسی بنیادوں‘ پر درج کیے گئے تھے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی کی جانب سے آئندہ مالی سال میں ’زو پشاور‘ بس سروس کے کرایوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ زو بائسیکل شیرینگ سسٹم کے کرایوں میں پچاس فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بینکوں کے پاس ڈالروں کی کمی، ڈالر 210 روپے کی حد سے تجاوز کر گیا, تنویر ملک، صحافی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک ڈالر کی قیمت 210 روپے کی حد سے تجاوز کر گئی ہے۔
انٹر بنک میں کاروبار کے آغاز پر پاکستانی روپیہ فروخت کے دباؤ کا شکار نظر آیا اور اس کی قدر میں مسلسل کمی کو رجحان دیکھا جارہا ہے۔
جمعے کے روز کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 208.75 پر بند ہوئی تھی جس میں پیر کے روز ابھی تک 1.50 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس وقت ایک ڈالر کی قیمت 210.25 کی بلند ترین سطح پر موجود ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ڈالر کی کمی ہے کیونکہ انٹر بنک میں ڈالر کی سپلائی اتنی زیادہ نہیں ہے جتنی اس کی ڈیمانڈ ہے۔
فاریکس ٹریڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ اب فارن بنکوں کی جانب سے درآمد کے لیے ڈالر کیش مارجن بڑھا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈالر زیادہ چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ایک بنک کے پاس ڈالر ختم ہوتے ہیں اور وہ دوسرے بینک سے خریدتا ہے تو یہ زیادہ ریٹ پر دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ڈالر کے ریٹ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا مقدمہ خارج کر دیا
،تصویر کا ذریعہtwitter
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ان کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا ہے۔
ایمان مزاری پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کی بیٹی ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ پولیس کو کچھ بیان دے رہے تھے مگر وہ کچھ اور ہی لکھ رہے تھے جس کے بعد ہم نے پولیس کو کہا ہم خود تحریری بیان جمع کرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی ہدایت پر ہم تحفظات کے باوجود تفتیش کا حصہ بنے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تو پہلے دن کہہ دیا تھا جولفظ بولا گیا اس کا کوئی جواز نہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایمان مزاری آفیسر آف کورٹ ہیں، ان کو ایسے الفاظ نہیں بولنے چاہییں اور ایمان مزاری معذرت کر چکیں اب مزید کیا چاہتے ہیں؟
جس پر وزارتِ دفاع کے وکیل نے دلائل دیے کہ ایمان مزاری باقاعدہ پریس میں اپنے بیان پر معافی مانگیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وہ اس عدالت کے سامنے اپنے بیان پر معذرت کا اظہار کر چکیں اور اس بیان کا وقت بھی دیکھیں ان کی والدہ کے ساتھ اس وقت کیا ہوا تھا۔
وزارتِ دفاع کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایمان مزاری ہماری بچی کی طرح ہیں لیکن ان کا پرانا کنڈکٹ بھی دیکھا جائے۔
بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج بھی منعقد نہ ہو سکا
بلوچستان اسمبلی کا آج ہونے والا بجٹ اجلاس ری شیڈول کر دیا گیا ہے اور اب یہ اجلاس کل 21 جون کو منعقد ہو گا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بجٹ اجلاس وزیر اعلیٰ کی بی اے پی کونسل سیشن میں مصروفیات کے باعث ایک دن کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس نئے شیڈول کے مطابق 17 جون کی بجائے 20 جون کو طلب کیا تھا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ’تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
وزارتِ اعلیٰ کے بعد عبدالقدوس بزنجو بلوچستان عوامی پارٹی نئے صدر بھی منتخب ہو گئے
،تصویر کا ذریعہtwitter
گذشتہ سال وزرات اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے بعد وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے اب جام کمال خان کو بلوچستان میں حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی صدارت کے عہدے سے بھی ہٹا کر خود پارٹی کے مرکزی صدر بن گئے۔
بلوچستان عوامی پارٹی سنہ 2018 میں معرض وجود میں آئی اور اس میں شامل ہونے والی شخصیات کی اکثریت کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان پارٹی کے پہلے مرکزی صدر جبکہ سینیٹر منظور خان کاکڑ اس کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوگئے۔
سنہ 2018 میں عام انتخابات کے بعد پارٹی کی قیادت میں بلوچستان میں مخلوط حکومت بنی اور جام کمال ہی پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ بنے۔
حکومت بننے کے بعد سے ہی پارٹی اختلافات کا شکار رہی اور اس کے نتیجے میں گذشتہ سال اکتوبر میں پہلے جام کمال کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹنا پڑا تاہم وہ پارٹی کے مرکزی صدر ہونے کے دعویدار رہے۔
تاہم وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کا گروپ ان کو پارٹی کا صدر تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہا اور پارٹی کے مرکزی اور صوبائی دو بڑے عہدوں کے انتخاب کے لیے جنرل کونسل کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کیا۔
19 جون کو ہونے والے اس اجلاس میں کونسل کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں پارٹی کی مرکزی صدارت کے لیے وزیراعلیٰ قدوس بزنجو جبکہ سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے سینیٹر منظور کاکڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
اسی طرح پارٹی کی بلوچستان کی صدارت کے لیے وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی اور جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نورمحمد دومڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
چونکہ ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا جس کے باعث چاروں رہنما بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے اس انتخاب کے لیے طلب کیے جانے والے جنرل کونسل کے اجلاس کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
انھوں نے پارٹی کے نئے عہدیداروں کے انتخاب کے لیے جنرل کونسل کا اجلااس نو اگست کو طلب کیا ہے۔
عمران خان کا جلد احتجاج کی کال دینے کا اعلان، صاف شفاف انتخاب کے اعلان تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ رہنما خرم دستگیر کی بات سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا مقصد صرف ان آر او لینا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ نیب ترامیم کا نیا قانون منظور ہونے کے بعد بارہ سو ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے خوف ہے کہ پاکستان کو سری لنکا کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ ہمارے پاس ڈالر نہیں ہوں گے، جیسے سری لنکا تیل نہیں خرید سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اب امریکہ سے مدد مانگ رہی ہے لیکن امریکہ کچھ بھی مفت نہیں دیتا اور حکومت اب امریکہ کی شرائط مانے گی۔ ان کے مطابق وزیرخزانہ امریکہ کے پاس جا کر بیٹھ گئے ہیں اور وزیرخارجہ نے انڈیا سے تعلقات کی بات کی ہے۔ ان کے مطابق اب اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔
آپ سب نے تیاری کرنی ہے، میں کال دوں گا، ہم پر امن احتجاج کریں گے اور اس وقت تک کریں گے جب تک صاف شفاف الیکشن نہیں مل جاتے۔
شوکت ترین کو نیوٹرلز کے پاس بھیجا تھا کہ سازش کامیاب ہوئی تو ملک میں معاشی تباہی آئے گی: عمران خان
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک کی معیشت خطرے میں ہے۔
ویڈیو لنک سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ جب ملک ترقی کر رہا تھا تو پھر کیا ہوا؟
امریکہ سے سازش ہوئی اور حکومت گرانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے نیوٹرلز کو سمجھایا کہ اگر حکومت کو سازش کے تحت گرا دیا گیا تو ان سے سنبھالا نہیں جائے گا۔ میں نے اپنے وزیرخزانہ شوکت ترین کو نیوٹرلز کے پاس بھیجا کے جا کر سمجھائیں ان کو۔ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ وقت تھا سازش کو ناکام کرنے کا۔ موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا ان کا مقصد مہنگائی کم کرنا نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میں خرم دستگیر کا شکر گزار ہوں جس نے ٹی وی پر کہہ دیا کہ اگر عمران خان رہ گیا تو ہمارے رہنماوں، بشمول شہباز شریف، نے جیلوں میں چلے جانا تھا۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں عدالتیں آزاد نہیں ہیں؟
جب سے عدم اعتماد کامیاب ہوئی ملک میں مہنگائی کا طوفان آ گیا: عمران خان
،تصویر کا ذریعہge
سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب سے عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی ملک میں مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے۔
تحریک انصاف چیئرمین ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے ملک کے مختلف شہروں میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے خوف ہے جو قیمتیں بڑھی ہیں یہ یہاں رکنے والی نہیں ہیں۔ اس سے نچلا طبقہ، تنخواہ دار، کسان متاثر ہو گا خاص طور پر ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں جو بڑھی ہیں۔
کیا ہوا کہ جب سے عدم اعتماد ہوئی ملک میں کیا طوفان ہے؟
انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان نے بارودی سرنگیں چھوڑ دی ہیں کہ ان کا کوئی آئی ایم ایف سے معاہدہ تھا جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھانی پڑیں۔
ان کے مطابق ہماری دفعہ بارہ روپے پٹرول بڑھا تو انھوں نے مہنگائی مارچ شروع کر دیا۔
انھوں نے چوراسی روپے قیمت بڑھائی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ڈھائی سال سے آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے، کیا ہم پر دباو نہیں تھا قیمتیں بڑھانے کا، کیا ہم نے لوگوں کے مفاد کا خیال نہیں رکھا، یہ کیوں نہیں کر سکتے؟
ہم نے دس روپے کم ایسے کیے کہ ادھر ادھر سے پیسے نکالے۔ ہم نے دو سو ارب روپے کی سبسڈی دی۔
عمران خان کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی تو گذشتہ گرمیوں سے ہے۔ موجودہ اتحادیوں کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہمیں بری حالت میں معیشت ملی۔ عمران خان کے مطابق بُرا پاکستان تو ہمیں ملا تھا، اصل بارودی سرنگ تو ہمیں ملی تھی جو 20 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔
ان کے مطابق ہم نے یہ خسارہ بھی ختم کر دیا تھا اور پانچ اعشاریہ چھ فیصد سے ہماری معیشیت بڑھ رہی تھی۔
پرویز مشرف کا علاج فی الحال پاکستان میں دستیاب نہیں، سابق صدر کے خاندان کا بیان
سابق صدر پرویز مشرف کے خاندان نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان واپسی اور اس میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری ذرائع کی طرف سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے اکاوئنٹ پر جاری بیان میں ان کے خاندان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ ان رابطوں پر ’تہہ دل سے مشکور ہیں کیوں کہ پاکستان ان کا گھر ہے۔‘
تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’پرویز مشرف کے اہلخانہ کو اہم طبی، قانونی اور حفاظتی چیلنجز پر غور کرنا ہو گا۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’سابق صدر کی متعلقہ دوا کی بلا تعطل فراہمی اور علاج سے متعلق انتظامات کی بھی ضرورت ہے جو فی الحال پاکستان میں دستیاب نہیں۔‘