پیٹرولیم مصنوعات: عمران خان کی ملک گیر احتجاج کی کال، کراچی ضمنی انتخابات میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اتوار کی شام ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔ اُدھر صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے اختتام پر فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالات اب قابو میں ہیں اور گنتی کا عمل جاری ہے۔

لائیو کوریج

  1. ’چیف سیکرٹری اور آئی جی کو اسمبلی میں نہیں لائیں گے‘: سردار اویس لغاری

    Awais Leghari

    ،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan

    پنجاب کے وزیر سردار اویس لغاری کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کو اسمبلی میں نہیں لائیں گے۔

    لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہی اپنا غصہ آئی جی اور چیف سیکرٹری پر نکالنا چاہتے ہیں۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری کا بجٹ سے کیا تعلق ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی سے کام لینا ہے، ہم حکومت میں ہیں آئین اور قانون کے مطابق جو ہو گا وہی ہو گا۔ انھوں نے سپیکر اسمبلی پرویز الہی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ میرے ساتھ سوگ میں حصہ لو کہ میں وزیر اعلٰی کیوں نہیں بن سکا۔

  2. میڈیا کو کوریج سے روکنا خطرناک جرم ہے، پرویز الہی نے اسمبلی کو یرغمال بنا رکھا ہے، عطا اللہ تارڑ

    عطا اللہ تارڑ

    ،تصویر کا ذریعہFACEBOOK

    صوبائی وزیراور ترجمان پنجاب حکومت عطا اللہ تارڑ کا پنجاب اسمبلی پریس گیلری اور اسمبلی سیکریٹریٹ کو میڈیا کے لیے بند کرنے کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پارلیمانی کارروائی کی کوریج سے صحافیوں کو روکنا صحافتی آزادی پر خطرناک حملہ ہے۔

    عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے میڈیا کوکوریج سے روک کرآزادی اظہار رائے کو سلب کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔

    پارلیمانی کارروائی کی کوریجمیڈیا کا بنیادی حق ہے اور اس حق کو چھیننے کی کوشش خلاف قانون ہے۔

    ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس پر پابندی لگانا قابل افسوس ہے۔

    انھوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر چوہدری پرویز الہی اور سیکریٹری اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

  3. ’کابینہ ارکان نے تو بظاہر ای سی ایل کو ختم ہی کر دیا ہے‘: چیف جسٹس

    ٰچیف جسٹس

    ،تصویر کا ذریعہSUPREME COURT OF PAKISTAN

    پاکستان کی سپریم کورٹ میں تحقیقاتی اداروں میں حکومتی مداخلت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ کابینہ ارکان نے تو بظاہر ای سی ایل کو ختم ہی کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بااختیار افراد نے رولز میں ترمیم کر کے اس سے فائدہ اٹھایا۔

    انھوں نے کہا کہ کسی کو لگتا ہے کیس میں جان نہیں تو متعلقہ عدالت سے رجوع کرے۔

    جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ ای سی ایل کے حوالے سے کوئی قانونی وجہ ہے تو بیان کریں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے سوال کیا کہ ایسی کیا جلدی تھی کہ دو دن میں ای سی ایل سے نام نکالنے کی منظوری دی گئی؟

    ایڈشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل پر تھے اور ماضی میں بھی اسی انداز میں ای سی ایل سے نام نکالے جاتے رہے۔

    جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ کیا حکومت کا یہ جواب ہے کہ ماضی میں ہوتا رہا تو اب بھی ہو گا؟

    سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کی جانب سے وزیراعظم کی ضمانت حاصل کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اچھا لگا کہ وزیراعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب نے خود پیش ہو کر ضمانت کرائی تاہم اس کے ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضمانت کے حکم نامے کا بھی جائزہ لیں گے۔

  4. بریکنگ, ای سی ایل میں شامل افراد وزارت داخلہ کے حکم کے بغیر بیرون ملک نہیں جاسکیں گے: سپریم کورٹ, شہزاد ملک، نامہ نگار بی بی سی

    Supreme Court

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کی سپریم کورٹ نے تحقیقاتی اداروں میں حکومتی مداخلت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران حکم دیا ہے کہ جن افراد کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں وہ وزارت داخلہ کے حکم کے بغیر بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔

    چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد اٹارنی جنرل آفس میں تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ای سی ایل رولز سے متعلق کابینہ کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے تمام سوالات اور آبزرویشنز کو سامنے رکھا گیا۔

    بینچ میں موجود جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کابینہ کمیٹی کی میٹنگ کے منٹس کہاں ہیں؟

    جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی کا کل اجلاس ہوا منٹس ایک دو روز میں مل جائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا کہا ہے اور اٹارنی جنرل آفس نے ای سی ایل رولز میں ترمیم سے متعلق ایس او پیز بنا کر تمام اداروں کو بھجوا دی ہیں۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ای سی ایل سے نکالے گئے تمام ناموں کا الگ الگ کر کے دوبارہ سے جائزہ لیا جائے گا۔

    بینچ میں شامل جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ جو ترمیم ہو چکی ہے یا جو نام ای سی ایل سے نکل گئے ان کا کیا ہو گا؟

    جس پر ایڈشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ نیب اور ایف آئی اے سے مشاورت کے بعد رولز بنائے جائیں گے۔

    چیف جسٹس عمر عط بندیال نے ریمارکس دیے کہ جو لوگ خود بینیفشریز ہیں وہ رولز میں ترمیم کیسے کر سکتے ہیں؟

    پانچ رکنی لارجر بینچ نے ای سی ایل میں شامل افراد کو بیرون ملک سفر کے لیے وزارت داخلہ سے اجازت لینے کا حکم دے دیا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ بیرون ملک جانے سے پہلے متعلقہ شخص وزارت داخلہ سے اجازت لے گا۔

    اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت قانون سازی نہیں کر لیتی یہ عبوری طریقہ کار رائج رہے گا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم قانون کی حاکمیت چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سوال اہم ہے کہ مقتدر لوگوں نے ای سی ایل رولز میں ترمیم سے فائدہ اٹھایا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جن لوگوں کے مقدمات زیر التوا ہیں ان کے لیے مروجہ طریقہ کار پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات منفرد نوعیت کے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اکثریتی جماعت پارلیمنٹ سے باہر جاچکی ہے اور ملک اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو کو اپنے اختیارات آئین و قانون کی روشنی میں استعمال کرنا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی تحقیقاتی ادارے، ایجنسی کو اپنی حدود سے تجاوز نہیں کرنے دیں گے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نظر رکھیں گے کوئی ادارہ اپنی حد سے تجاوز نہ کرے، انہوں نے کہا کہ ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جس سے حکومت کو مشکلات ہوں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس نے سرکاری کام سے باہر جانا ہے اسے اجازت ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ سسٹم چلنے دینے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

    سپریم کورٹ نے کابینہ کمیٹی میٹنگ کے منٹس طلب کر لیے اور جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا ای سی ایل رولز کے حوالے سے کابینہ نے منظوری دی؟

    جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی میں معاملہ زیر غور ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ پارلیمان سے قانون سازی بھی قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ کسی کے لیے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ہے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ سمجھ نہیں آ رہی حکومت کرنا کیا چاہتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’لگتا ہے حکومت بہت کمزور وکٹ پر کھڑی ہے اور واضح بات کے بجائے ہمیشہ ادھر ادھر کی سنائی جاتی ہیں۔

  5. بریکنگ, ڈالر کی اونچی اڑان برقرار، 205 روپے کی حد عبور کر گیا

    ڈالر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ہونے والا اضافہ منگل کے روز بھی جاری ہے جب کاروبار کے آغاز کے پہلے ایک گھنٹے میں ایک ڈالر کی قیمت 205 روپے کی حد کو عبور کر گئی۔

    ایک ڈالر کی قیمت گزشتہ روز 203.86 روپے پر بند ہوئی تھی جو کاروبار کے آغاز کے پہلے ایک گھنٹے میں 205 روپے کی حد عبور کر کے اس وقت 205.17 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

    کرنسی ڈیلرز ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو پاکستان کی آئی ایم ایف ڈیل میں تاخیر کو قرار دیتے ہیں۔

    ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کے مطابق آئی ایم ایف سے ڈیل میں تاخیر ہو رہی ہے اور دوسری جانب ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے جو روپے کی قدر میں کمی لا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت ایک بے یقینی کی کیفیت طاری ہے جو ملکی کرنسی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے

  6. بریکنگ, پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کا مخصوص نشتوں سے متعلق فیصلہ عدالت میں چیلنج, شہزاد ملک، نامہ نگار بی بی سی

    Asad Umer

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان تحریک انصاف نے پنچاب اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا دو جون کا فیصلہ اسلام ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر دی اس درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا دو جون کا فیصلہ خلاف قانون ہے، اور مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن جاری کرنا الیکشن کمیشن کی زمہ داری ہے۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، فیصلے کے مطابق مخصوص نشت پر منتخب ہونے والی عظمیٰ کاردار، ساجدہ یوسف اور عائشہ نواز بھی ڈی نوٹی فائی ہوئیں۔

    اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشت خالی ہونے پر پارٹی ترجیہاتی فہرست کے مطابق رکن منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے۔

    پی ٹی آئی کی فراہم کردہ ترجیحی فہرست کے تحت ہی عائشہ نواز، عظمی کاردار اور ساجدہ یوسف رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تین نشستیں خالی ہونے پر اب پی ٹی آئی کی فہرست میں بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم سر فہرست ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم کا نوٹیفیکیشن جاری کرنا الیکشن کمیشن کی زمہ داری ہے لیکن الیکشن کمیشن نے 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونے تک ان نشستوں پر نوٹیفیکیشن روک دیا تھا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے دو جون کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیا جائےاور الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

  7. سندھ کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا, تنویر ملک، صحافی

    بجٹ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبے سندھ کا مالی سال 23-2022 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جن کے پاس صوبے کی وزارت خزانہ کا قلمدان بھی ہے آج سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

    اگلے مالی سال کے لیے سندھ کے بجٹ کا حجم 1700 ارب روپےہونے کا امکان ہے۔

    صوبے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 332 ارب روپےمختص کیے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

    بجٹ میں کوئی اضافی ٹیکس نہ لگائے جانے کا امکان

  8. پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہ کیا جا سکا، اجلاس آج دوپہر تک ملتوی

    punjab assembly

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ گذشتہ روز ایوان میں پیش نہ کیا جا سکا۔ جس کے بعد بجٹ اجلاس کو آج دوپہر تک ملتوی کر دیا گیا۔

    گزشتہ روز چھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والا پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامہ آرائی کے باعث ایک گھنٹے التوا کے بعد دوبارہ شروع ہوا تھا۔

    اپوزیشن نے سپیکرپرویز الٰہی کی سربراہی میں پہلے پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان پر مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور پھر سپیکر نے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کو اسمبلی سے باہر جانے کا حکم سنایا۔

    عطا تارڑ باہر چلے گئے تو اپوزیشن نے آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کو اسمبلی گیلری میں بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

    بعد ازاں سپیکر پرویز الٰہی نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی میں بلانے کی رولنگ دی اور کہا کہ جب تک دونوں نہیں آئیں گے تو بجٹ پیش نہیں ہو گا جس کے بعد اجلاس آج دوپہر تک ملتوی کر دیا گیا۔

  9. وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    Cabinet Meeting

    ،تصویر کا ذریعہPMO Pakistan

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔

    وفاقی کابینہ کے آج کے اجلاس میں ملکی سیاسی معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

    جبکہ کابینہ اجلاس میں سابق پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ہونے والے ڈسکہ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پیشرفت پر انکوائری رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    اجلاس میں انڈر انوائسنگ امپورٹ اور اس کے سدباب پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں قانونی معاملات پر قائم کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق دی جائے گی۔

  10. پاکستان کو نئے بجٹ میں ’اضافی اقدامات‘ کی ضرورت ہو گی: آئی ایم ایف

    آئی ایم ایف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نئے بجٹ کو آئی ایم ایف پروگرام کے مقاصد سے ’ہم آہنگ‘ کرنے کے لیے ’اضافی اقدامات‘ کی ضرورت ہو گی۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی اسلام آباد میں نمائندہ ایستھر پیریز روئز نے کہا کہ یہ ’ہمارا ابتدائی تخمینہ‘ ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے روئٹرز سے گفتگو میں اعتراف کیا تھا کہ آئی ایم ایف کو نئے مجوزہ بجٹ پر تحفظات ہیں اور وہ مزید براہِ راست ٹیکسز کا خواہاں ہے، تاہم اُنھوں نے کہا تھا کہ اُن کی حکومت اس حوالے سے پراعتماد ہے کہ بجٹ میں مطلوبہ رد و بدل کر لیے جائیں گے۔

    آئی ایم ایف کی نمائندہ نے کہا کہ ’حکام کے ساتھ کچھ محصولات اور اخراجات پر مزید وضاحت کے لیے بات چیت جاری ہے۔‘

    اُنھوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف حکام کو پالیسیوں کے نفاذ میں مدد دینے کے لیے تیار ہے تاکہ اقتصادی استحکام لایا جا سکے۔

    پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ چھ ارب ڈالر کے پروگرام میں موجود ہے مگر 90 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط آئی ایم ایف کو لاحق تحفظات کی وجہ سے جاری نہیں کی گئی ہے۔

    پڑھیے کہ کیا آئی ایم ایف شرائط پوری نہ کرنے کی وجہ سے پاکستانی معیشت اس نہج کو پہنچی؟

  11. عمران خان ایک اور سوشل میڈیا سیشن کرنے کے لیے تیار

    پاکستان تحریکِ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان 15 جون کو سوشل میڈیا پر ایک اور لائیو سیشن کریں گے۔

    اس سے قبل عمران خان اپنی حکومت کے خاتمے کے کچھ عرصے بعد 20 اپریل کو بھی ایک سوشل میڈیا سیشن کر چکے ہیں۔

    اس موقع پر اُنھوں نے جس ٹوئٹر سپیس میں عوام سے بات کی اسے ٹوئٹر کی تاریخ کے سب سے بڑے سپیسز میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔

    عمران خان کی پاکستان تحریکِ انصاف سوشل میڈیا کی دوڑ میں دوسری جماعتوں سے اتنی آگے کیسے ہے، اس پر ہماری خصوصی رپورٹ یہاں پڑھیے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  12. انڈیا روس سے تیل اور ہتھیار لے رہا ہے مگر غلام حکومت کو یہ کرنے کی اجازت نہیں: عمران خان

    Imran Khan

    ،تصویر کا ذریعہTwitter/PTI

    سابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کو اسلام آباد میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا امریکا کا اتحادی ہونے کے باوجود روس سے تیل خرید رہا ہے، ہماری حکومت نے روس سے تیل خریدنے کی بات کی تھی لیکن اس وقت ہمارے ملک پر مسلط امریکی غلاموں کی جرات نہیں کہ روس سے تیل خریدیں۔

    پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کردی گئی ہے جس کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، امپورٹڈ حکومت ملکی بہتری یا عوام کی خدمت کیلیے نہیں لائی گئی بلکہ ملک میں امریکا کے غلاموں کی حکومت ہے اور جو حکم واشنگٹن سے آئے گا وہ انہوں نے ماننا ہے امریکا نے اپنی پالیسیاں چلانے کیلیے امپورٹڈ حکومت کو ہم پر مسلط کیا ہے۔

  13. پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحریری معاہدے تک تاخیر کا شکار, ترہب اصغر، بی بی سی اردو، لاہور

    پنجاب اسمبلی

    پاکستان کے صوبے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحریری معاہدے تک تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے معاہدے کے ڈرافٹ کی تیاری جاری ہے۔

    اپوزیشن نے اپنے مطالبات پر مبنی ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے کہا ہے کہ تحریری معاہدے کے بعد ہی اسمبلی اجلاس کی کارروائی آگے بڑھ سکتی ہے۔

    سپیکر پرویز الہی اور اپوزیشن لیڈر سبطین خان کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس حکومت کو اپنے مطالبات سے آگاہ کر دیا ہے۔

    سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا ہے، جس پر آئی جی پولیس کو معافی مانگنا ہوگی۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ آئی جی اور چیف سیکریٹری سپیشل کمیٹی کے سامنے پیش ہوں۔

  14. عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔

    عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز کو خارج کیا تھا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز خارج ہوئے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کیلئے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔

    درخواست میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن اور راجہ ریاض کو فریق بنایا ہے۔

  15. سٹاک مارکیٹ میں 1000 پوائنٹس سے زائد کی کمی، ڈالر 204 روپے کی حد عبور کر گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان غالب رہا جس کے باعث سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 1000 سے زائد کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

    سٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی فروخت کا دباؤ نظر آیا جس کی وجہ سے انڈیکس میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ وفاقی بجٹ میں ہونے والے کچھ اقدامات ہیں جس پر سٹاک مارکیٹ نے منفی رد عمل دیا ہے۔

    ان کے مطابق بجٹ میں بینک کاری شعبے پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا اور اس شعبے کو سٹاک مارکیٹ میں ہیوی ویٹ شعبہ سمجھا جاتا ہے لہذا اس پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافے نے سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان پیدا کیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان روپے کے مقابلے میں ڈالر 204 روپے کی سطح کو عبور کر گیا ہے جو گذشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 202.65 پر بند ہوا تھا۔

  16. پشاور: صوبائی کابینہ نے مالی سال 2022‪-‬23 کے لیے ایک ہزار 332 ارب روپے بجٹ کی منظوری دے دی

    خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ نے مالی سال 2022‪-‬23 کے لیے ایک ہزار 332 ارب بجٹ کی منظوری دی ہے۔

    کابینہ نے جنگلات میں لگی آگ بُجھانے میں ہلاک ہونے والے ریسکیو اہلکار کے لیے شہدا پیکج کا اعلان کیا ہے۔

    جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے دوران ہلاک ہونے والے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے لیے بھی دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد کے اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کے لیے ڈی آر اے کے علاوہ ہے۔

    اس اضافے میں پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    کابینہ نے گریڈ چھ سے سولہ تک کے پولیس شہدا پیکج کو بڑھانے کی بھی منظوری دی ہے۔

    اس کے علاوہ کابینہ نے 63000 ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دی ہے۔

    صوبے کے دس لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے رعایتی نرخوں پر راشن مہیا کرنے کے لیے انصاف فوڈ کارڈ کے تحت 26 ارب روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    جنوری 2022 سے جگر کی پیوندکاری سمیت مزید پانچ بیماریوں کا علاج صحت کارڈ پلس میں شامل کیا جائے گا۔ کابینہ نے صوبے کے لیے 418 ارب روپے پر محیط ترقیاتی بجٹ کی بھی منظوری دی ہے۔

  17. پنجاب: صوبائی کابینہ نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دے دی

    @Official.Hamza.Shahbaz

    ،تصویر کا ذریعہ@Official.Hamza.Shahbaz

    وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    کابینہ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال 2021۔22کی بھی منظوری دی گئی۔

    اس اجلاس میں نئے مالی سال کے مالیاتی بل اور مالی سال2021۔22 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافے کی منظوری دی ہے اور 15 فیصد سپیشل الاونس کی ادائیگی منظور کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے ایم او یو کی منظوری بھی دی ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے مشاورت پر یقین رکھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ سیاسی و انتظامی ٹیم کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں پنجاب کابینہ کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

  18. امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 203 روپے کو عبور کر گئی, تنویر ملک، صحافی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 203 روپے کو عبور کر گئی ہے۔

    پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار نظر آیا اور ایک ڈالر کی قیمت میں 65 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    گذشتہ جمعے کو ایک ڈالر کی قیمت 202.35 روپے پر بند ہوئی تھی۔

    کرنسی ڈیلرز کے مطابق آئی ایم ایف سے ڈیل پر ابھی تک بے یقینی اور قیاس آرائیوں کے باعث ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  19. دمشق میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے پی آئی اے کا طیارہ آج روانہ ہو گا

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    دمشق ائیرپورٹ پر اسرائیلی بمباری کے بعد شام میں پاکستان کے سفیر کی درخواست پر پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات کر لیے ہیں۔

    شام میں پاکستان کے سفیر نے سی ای او پی آئی اے اور حکومت پاکستان کو خط لکھا جس میں شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے شام کے شہر حلب پروازیں بھیجنے کا کہا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ جمعے کو اسرائیلی حملے میں دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد سے اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    وزیر ہوابازی کی ہدایات پر پی آئی اے نے 13 جون کو پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے ہیں اور پہلے مرحلے میں دمشق سے بذریعہ بس پاکستانیوں کو حلب منتقل کیا جائے گا جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ انھیں وطن واپس لائے گا۔

    وزرات ہوابازی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے تمام زائرین کو 24 گھنٹوں کے اندر وطن پہنچانا شروع کر دے گا۔