پنجاب کی سپیکرشپ کا ہمارا کوئی مطالبہ نہیں، حمزہ شہباز کو مبارکباد دینے آئے تھے: یوسف رضا گیلانی
وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ وفد میں شامل تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف انتخابی اصلاحات سمیت کسی معاملے پر بات نہیں کرتی تھی، کوشش کریں گے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو آن بورڈ لیں۔
انھوں نے کہا کہ ’بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ میں یقین دہانی کروائی تھی کہ انتخابی اصلاحات کے فوراً بعد الیکشن کرائیں گے۔
ان کا پاور شیئرنگ سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ ’پنجاب کی سپیکرشپ کا ہمارا کوئی مطالبہ نہیں ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مبارکباد دینے آئے تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام تر معاملات بلاول بھٹو اور نواز شریف کی لندن ملاقات میں طے پا چکے ہیں۔‘