آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان کا عدلیہ سے رات گئے عدالتیں کھولنے کا شکوہ، امریکہ کی شہباز شریف کو مبارکباد

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عوامی جلسوں کے سلسلے کا آغاز کیا ہے اور گذشتہ رات پشاور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عدلیہ سے شکوہ کیا کہ ’میں نے کیا جرم کیا تھا کہ رات کے 12 بجے آپ نے عدالتیں لگائیں۔‘ ادھر امریکہ کی جانب سے شہباز شریف کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. حمزہ شہباز کی علیم خان سے تلخی کی تردید، علیم خان کا پرویز الہیٰ کو چیلنج

    پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے سینیئر سیاستدان علیم خان سے اختلافات کی خبروں کی تردید کی ہے۔

    ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ’میرے اور علیم خان صاحب کے حوالے سے جس جھوٹ کا پراپگینڈا کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد اور سراسر کسی کے تخیل کی پیداوار ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’علیم خان صاحب محترم بھائی اور سینیئر سیاستدان ہیں۔ پنجاب میں واضح شکست دیکھ کر ایسی بے پر کی اڑائی جا رہی ہیں۔‘

    علیم خان نے بھی حمزہ شہباز کے ٹویٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ صاحب کو اپنی ہار نظر آر ہی ہے۔ اُن کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست اُن کا مقدر بن چکی ہےتو وہ ایسی حرکتوں پر آگئے ہیں۔ حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے، وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔۔۔ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔

    ’پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں۔‘

  2. وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو باپ کے نئے پارلیمانی لیڈر مقرر, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    پاکستان کے صوبے بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل سب سے بڑی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے پارلیمانی رہنما کے عہدے سے میر ظہور بلیدی کو ہٹا کر وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کو پارٹی کا نیا پارلیمانی رہنما مقرر کیا گیا ہے۔

    نئے پارلیمانی رہنما کی تقرری کے لیے پارٹی کے 14 اراکین نے بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ میں ایک درخواست دی تھی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان اور وزیر برائے مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مجموعی 24 اراکین میں سے وزیراعلیٰ کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کے لیے 16 اراکین کی حمایت حاصل تھی۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق پارٹی میں اندرونی اختلافات کے باعث وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو اسمبلی کے اندر بھی پارٹی پر اپنی گرفت کو مظبوط کرنا چاہتے ہیں۔

    سنہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد پارٹی میں دوسری مرتبہ پارلیمانی رہنما کی تبدیلی بلوچستان کے سینیئر صحافی اورتجزیہ کار عبدالخالق رند کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں گروہ بندی ہے اور اس کے سارے ارکان ایک صفحے پر نہیں ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پہلے جام کمال وزیر اعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی رہنما بھی تھے لیکن اختلافات کے باعث جہاں انھیں وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا وہیں ان کی جگہ پر میر ظہور بلیدی کو پارٹی کا پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وزیر اعلیٰ میر قدوس بزنجو اور میر ظہور بلیدی میں اختلافات پیدا ہوگئے اس لیے ظہور بلیدی دوبارہ پارٹی میں جام کمال کیمپ میں گئے۔ انھوں نے بتایا ظہور بلیدی کی بغاوت کے باعث ان کو ہٹا کر قدوس بزنجو کو پارٹی کا پارلیمانی رہنما مقرر کیا گیا۔

    کیا وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو پارٹی پر گرفت مظبوط کرنا چاہتے ہیں؟

    تجزیہ کار عبدالخالق رند نے بتایا کہ قدوس بزنجو اسمبلی کے اندر اور باہر پارٹی پراپنی گرفت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اس لیے پارلیمانی رہنما کو تبدیل کیا گیا۔

    سینیئر صحافی اور تجزیہ کار رضاءالرحمان کا بھی ماننا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ پارٹی پر اپنی گرفت کو مظبوط کرنا چاہتے ہیں اور پارلیمانی لیڈر کی تبدیلی کے ذریعے یہ دکھایا گیا کہ پارٹی کے اندر بھی قدوس بزنجو کو اکثریت حاصل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی لیڈر کی تبدیلی کے لیے جو درخواست دائر کی گئی تھی اس پر 14 اراکین کے دستخط تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انھیں سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی حمایت بھی حاصل ہے۔

    اس لحاظ سے ان کو پارٹی کے 24 اراکین میں سے 16 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ وفاق میں تبدیلی کے بعد بلوچستان میں بھی تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں لیکن تاحال قدوس بزنجو کی پوزیشن مضبوط ہے کیونکہ ان کو اپنی پارٹی اور اتحادیوں کی حمایت کے علاوہ حزب اختلاف میں شامل جمیعت العلماءاسلام ف اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی بھی حمایت حاصل ہے۔

    رضاءالرحمان نے کہا کہ جب تک قدوس بزنجو کو حزب اختلاف میں جے یو آئی ف اور بی این پی کی حمایت حاصل رہے گی تو ان کی حکومت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ تاہم ان میں سے کسی جماعت کی حمایت ترک کرنے سے ان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

  3. زبردستی کسی سے استعفیٰ نہیں لیا جا سکتا: سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

    سابق سپیکر سردار ایاز صادق نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے عملے کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے عملے کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دباؤ میں آ کر کوئی ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس کے باعث پھر انھیں اعلیٰ عدلیہ کے سامنے پیش ہونا پڑے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی سے زبردستی استعفیٰ نہیں لیا جا سکتا ہے بغیر اس کی مرضی کے۔ ان کے مطابق ان کی چند تحریک انصاف کے ارکان سے بات ہوئی ہے اور انھوں نے بتایا ہے کہ ان سے زبردستی استعفے لیے جا رہے ہیں۔

    سردار ایاز صادق کے مطابق جس وقت کوئی رکن اسپیکر کو آ کر کسی سیکریٹری یا ڈپٹی سیکریٹری کی موجودگی میں گواہی نہ دے کہ اس نے اپنے مرضی سے استعفیٰ دیا ہے تو اس وقت ایسا استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اس وقت اپنے عہدے پر موجود ہیں انھیں تصدیق کا یہ عمل شروع کر دینا چائیے۔

    سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی ہے اب اس کا شیڈول جاری کیا جانا چائیے۔

  4. وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کب ہوگا؟ لاہور ہائی کورٹ آج شام پانچ بجے فیصلہ سنائے گی

    لاہور ہائی کورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے درخواستوں پر مختصر فیصلہ آج سنائے گی۔ عدالت کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی لیگی رہنما اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سمیت دیگر درخواستوں پر فیصلہ بدھ کی شام پانچ بجے سنائیں گے۔

    سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کیا تھا۔ اس وقت پرویز الہٰی خود بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار ہیں۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنے عہدے سے پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں۔ پنجاب اسبملی میں اس وقت حمزہ شہباز کو جہانگیر ترین اور علیم خان گروپس کی بھی حمایت حاصل ہے۔

  5. ابھی صرف وفاق میں استعفوں کی بات چل رہی ہے، پرویز الہی

    رہنما پاکستان مسلم لیگ ق اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الہی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفوں پر ابھی صرف وفاق میں بات چل رہی ہے اور صوبائی اسمبلی کے حوالے سے ایسی بات نہیں ہوئی۔

    مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب ایک صحافی نے پرویز الہی سے اس بارے میں سوال کیا ان کا کہنا تھا کہ ’پنجاب کی بات نہیں ہوئی، ابھی صرف وفاق کی بات ہوئی ہے اور اس پر بھی بات چیت چل رہی ہے۔‘

  6. سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈہ مہم کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی میں مزید گرفتاریاں

  7. شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام سٹاپ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں توسیع

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام سٹاپ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی ہے اور ایف آئی اے کو 18 اپریل تک پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ 8 اپریل کو انھیں لیٹر ملا، جس کی بنیاد پر سٹاپ لسٹ میں نام ڈالے گئے تاہم دو دن کا وقت دیا جائے تاکہ رپورٹ جمع کرا سکیں۔

    جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایف آئی اے اہلکار کو کہا کہ ’تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں کہ کب کیا ہوا اور کیسے ہوا؟

    ایف آئی اے اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کے خلاف اختیارات سے تجاوز کر کے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری ہے اور ادارے نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کے خلاف دو انکوائریز شروع کر رکھی ہیں۔

    ایف آئی اے اہلکار نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد زون کی سفارش پر شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ’ایف آئی اے کب سے اتنی آزاد ہو گئی کہ رات کو انکوائری شروع کر دی، حکومت کو ظاہر کرنا ہو گا کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ ادارے عوام کی خدمت کے لیے ہیں، حکومتوں کی خدمت کے لیے نہیں۔ دو سے تین سال میں ایف آئی اے کا کردار انتہائی مایوس کن رہا ہے۔‘

  8. وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا دورہ کریں گے

    شہباز شریف وزیراعظم بننے کے بعد پہلا دورہ آج کراچی کا کریں گے۔

    پاکستان پیپلر پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی ائیر پورٹ پر شہباز شریف کا استقبال کریں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف اپنے ایک روزہ دورہ کراچی کے دوران مزار قائد پر حاضری بھی دیں گے۔

  9. نوے دن میں انتخابات کروانے کا الیکشن کمیشن کے پاس کیا راستہ ہو سکتا ہے؟

  10. عمران خان اور نواز شریف: دونوں کی وہ مماثلت جو مٹ نہیں سکتی!

  11. پی ایم آفس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ شریف انتظامیہ کو منتقل کیوں نہیں ہوا؟

  12. شریف خاندان کی نریندر مودی سے ’بہتر کیمسٹری‘ انڈیا پاکستان تعلقات بحال کر سکتی ہے؟

  13. یورپی یونین کا شہباز شریف کے ساتھ مل کر سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر کام کرنے کا اعادہ

    یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلا المسرالی نے ایک پریس کانفرنس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات کی ہے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’گذشتہ کئی روز سے پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کا بغور جائزہ لے رہا ہے، جس میں شہباز شریف کا انتخاب بھی شامل ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یورپی یونین پاکستان کے ساتھ ایک مستحکم اور قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر روابط قائم رکھے گا اور نئے وزیرِاعظم کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر متفقہ سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر کام کریں گے۔‘

    خیال رہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سنہ 2019 میں سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط کیے گئے تھے۔

  14. صدر پوتن کی شہباز شریف کو وزیرِ اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد

    روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے نومنتخب وزیرِاعظم شہباز شریف کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

    روس کے پاکستان میں سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’پوتن نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہباز شریف کے اقدامات روس اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے اور افغانستان کی صورتحال کے حل اور بین الاقوامی دہشتگردی کے خلاف حکمتِ عملی بنانے شراکت دار بنیں گے۔‘

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور کی خیرسگالی ملاقات ہوئی تھی جس میں انھوں نے چین کی حکومت اور قیادت کی طرف سے مبارک کا پیغام پہنچایا تھا۔

  15. میریٹ ہوٹل میں بعض سیاستدانوں اور ایک شخص کے درمیان لڑائی کی ویڈیو وائرل

  16. میں نے اپنے احکامات پر عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے گذشتہ روز اپنے خطاب میں قومی اسمبلی کے فلور پر کیے گئے اعلانات پر عملدرآمد کے احکامات دے دیے ہیں۔ ان کے مطابق ہماری حکومت عوام کی بھلائی کے لیے دن رات محنت کرے گی۔

  17. عمران خان کے حامی ماضی میں فوج سے خوش لیکن اب ناراض

  18. شہباز شریف کو انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری ملی: نواز شریف

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’متحدہ اپوزیشن کی کاوشوں سے پاکستان میں آئینی تبدیلی کے ذریعے شہباز شریف کو انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری ملی ہے۔ انھیں اور قوم کو بہت دعائیں۔

  19. شہباز شریف کا ایک چھٹی کا اعلان: ’جس نے پانچ دن کوئی کام نہیں کرنا وہ چھٹے دن کون سے پہاڑ توڑے گا‘

  20. وزیراعظم شہباز شریف کا ہنگامی بنیادوں پر معاشی ماہرین سے سفارشات کی تیاری کا حکم

    وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی سیکریٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز، بجٹ خساروں، داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال سمیت مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

    شہبازشریف نے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایات جاری کر دیں۔

    یہ تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آرا کی روشنی میں مرتب کی جائیں گی، جس کے حصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جوغیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں۔