کورونا وائرس: ایران میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات، نو صوبے ریڈ زون قرار

دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 37 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مشروط اجازت دی ہے۔

لائیو کوریج

  1. مریضوں کے لواحقین کو ڈاکٹرز اور نرسز کے ساتھ کس طرح کا رویہ رکھنا چاہیے

    کورونا وائرس کی وجہ سے تقریبا تمام ہسپتالوں پر بہت زیادہ بوجھ بڑھا گیا ہے ایسے میں ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز اور نرسز کو مریضوں کا کس طرح خیال رکھنا چاہیے اور مریضوں کے لواحقین کو ڈاکٹرز اور نرسز کے ساتھ کس طرح کا رویہ رکھنا چاہیے۔۔ بتا رہی ہیں ڈاکٹر تمکنت منصور اپنے اس وی لاگ میں

  2. بریکنگ, وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا میں کورونا وائرس کی تشخیص

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق انھوں نے خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وہ اب قرنطینہ میں ہیں۔

    ان میں اس بیماری کی معمولی علامات ظاہر ہوئیں۔ جہاں انھوں نے سب سے دعاؤں کی درخواست کی ہے وہیں اپنے ٹویٹ میں انھوں نے اس وبا کے خلاف اپنے ساتھیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھیں ان پر فخر ہے۔

  3. انڈیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ

    انڈّیا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ کے بعد انڈیا میں کورونا وائرس متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد موجود ہے۔ اس وقت امریکہ میں تقریباً 29 ملین افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔

    برازیل میں یہ تعداد 16 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ روس میں 68 لاکھ افراد اس سے وائرس کا شکار بنے۔ ابھی تک انڈیا میں کورونا وائرس سے چھ لاکھ اور 73 ہزار 165 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    انڈیا

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    اتوار کو وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انڈیا میں ایک دن کے دوران 25 ہزار نئے متاثرین کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 613 بنتی ہے۔

    انڈیا میں جنوری سے لے کر اتوار تک کسی ایک دن میں یہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد بنتی ہے۔

    انڈیا کورونا وائرس متاثرین کے اعتبار سے روس سے بھی آگے نکل گیا ہے۔

    انڈیا کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق انڈیا میں اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دولاکھ اور 814 بنتی ہے۔ اس وائرس سے چار لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے 19،268 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  4. جرمنی: کورونا وائرس کے 219 نئے متاثرین کی تصدیق، مزید چار اموات

    فشف

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    پیر کے روز جرمنی میں روبرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ (آر کے آئی) کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ متاثرین کی تعداد میں مزید 219 مریضوں کا اضافہ ہوا۔

    نئے اعدادوشمار کے بعد جرمنی میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 196،554 ہوگئی ہے۔

    جرمنی میں مزید چار ہلاکتوں کی بھی اطلاع ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 9016 ہوگئی ہے۔

  5. کورونا وائرس کے دنوں میں ورچوئل شادی

    کورونا وائرس کے باعث شادی کی بڑی تقاریب اور اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس وجہ سے کئی جوڑوں کے شادی کرنے کے منصوبے اب ملتوی ہو گئے ہیں۔ لیکن حسان غزالی اور ان کی منگیتر لورنا رسل نے ایک منفرد انداز میں اپنی شادی کا اہتمام کیا۔

    انھوں نے اپنی شادی میں مہمانوں کو ورچوئل دعوت دی اور شادی کی پوری تقریب فیس بک پر نشر کی۔ ان کی کہانی مزید جانیے وقاص انور کی اس ویڈیو میں

  6. امریکی ٹیکنالوجی کمپنی فوجٹسو کا مستقل طور پر گھر سے کام کرنے کے پلان کا اعلان

    دشگد

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکی ٹیکنالوجی فرم فوجٹسو کا کہنا ہے کہ وہ جاپان میں اپنے آدھے دفاتر کم کر دے گی کیونکہ اس نے کورونا وائرس وبا کے دنوں میں ایک نئے معمول کو اختیار کر لیا ہے۔

    کمپنی کے مطابق ’ورک لائف شفٹ‘ پروگرام سے فرم کے 80،000 ملازمین کو غیر معمولی رعایت ملے گی۔

    کمپنی کے عملے کو مرضی کے وقت کام اور گھر یا جہاں سے ممکن ہو، کام کی اجازت دی جائے گی۔

  7. میکسیکو: ’ہمارے ملک کی اموات کا موازنہ یورپی ممالک سے نہیں کیا جا سکتا‘

    Corona

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    میکسکیو میں کورونا وائرس سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن میکسیکو کے صدر ایندرس مینوئیل لوپیکس ابراڈور نے اپنے ملک میں ہونے والی اموات کا یورپی ممالک کے ساتھ موازنہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    میکسیکو میں اس وائرس سے اب تک 30،639 اموات ہو چکی ہیں جو دنیا میں پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ اموات بنتی ہیں۔ اس وائرس سے اموات کے اعتبار سے میکسکیو یورپی ملک فرانس سے آگے نکل گیا ہے۔

    صدر ایندرس مینوئیل نے یوٹیوب پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سپین اور فرانس کی آبادی میکسیکو کے مقابلے میں بہت کم بنتی ہے۔

    ان کے مطابق ہمارے ملک میں ہونے والی ایک ہلاکت کے مقابلے میں سپین میں ہلاکتوں کی یہ تعداد تین بنتی ہے۔ ہم سے اس کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

    میکسیکو کی کل آبادی 127 ملین ہے جبکہ فرانس کی آبادی 67 ملین اور سپین کی کل آبادی صرف 47 ملین تک بنتی ہے۔

    دنیا کے پانچ ممالک جہاں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہوئیں:

    1- امریکہ ۔۔ 129,946

    2- برازیل ۔۔ 64,867

    3- برطانیہ ۔۔ 44,305

    4- اٹلی ۔۔ 34,861

    5- میکسیکو ۔۔ 30,639

  8. ’کورونا وائرس فضا کے ذریعے پھیل سکتا ہے، عالمی ادارہ صحت سفارشات میں تبدیلی لائے‘

    گدگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    سنیچر کو نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سینکڑوں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ کورونا وائرس فضا کے ذریعے پھیل سکتا ہے اور ہوا میں کورونا وائرس کے باریک ذرات لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ان سائنسدانوں نے عالمی ادارہ صحت سے کہا ہے کہ وہ اپنی سفارشات میں تبدیلی لائے۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا بنیادی طور پر ایک فرد سے دوسرے فرد کو اس وقت منتقل ہوتی ہے جب اس وائرس سے متاثرہ شخص کے کھانسے، چھینکنے یا بولنے سے اس کے منہ یا ناک سے چھوٹے قطرے نکلتے ہیں۔

    نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 32 ممالک سے 239 سائنسدانوں نے ایسے ثبوت اکھٹے کیے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ہوا سے اس وبا کے چھوٹے ذرات لوگوں میں منتقل ہو کر انھیں متاثر کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کو لکھے گئے ایک کھلے خط کو یہ محققین اگلے ہفتے ایک سائنسی جریدے میں شائع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے جب عالمی ادارہ صحت سے اس پر مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا تو فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

  9. کورونا وائرس: انڈیا دنیا کا تیسرا متاثرہ ترین ملک، مصدقہ متاثرین کی تعداد روس سے بھی زیادہ

    گوشش

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اتوار کے روز انڈیا کی ریاستی حکومتوں نے تقریباً 25 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق کی، وبا شروع ہونے سے اب تک ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 697،887 ہوگئی ہے۔

    جس کا مطلب یہ ہے کہ انڈیا میں مصدقہ متاثرین کی تعداد روس سے بھی تجاوز کر گئی ہے اور اب انڈیا دنیا کا تیسرا متاثرہ ترین ملک ہے۔

    جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق:

    • امریکہ 2,888,885
    • برازیل 1,603,055
    • انڈیا 697,887
    • روس 680,203
    • پیرو 302,718
    • چلی 295,532
    • برطانیہ 286,931
    • میکسیکو 256,848
    • سپین 250,545
    • اٹلی 241,611
  10. ہمارے دماغ کورونا وائرس کی وبا سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟

    سماجی تنہائی، بیروزگاری، اور کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خوف وہ چند وجوہات ہیں جو عالمی وبا کے دنوں میں ہماری ذہنی صحت کو متاثر کر رہی ہیں۔

    مزید جانیے ہماری اس ویڈیو میں۔

  11. قازقستان: کورونا وائرس کے بڑھتے متاثرین کے باعث دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ

    vs

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    قازقستان نے ملک بھر میں کورونا کے متاثرین میں اضافے کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

    ملک بھر میں کھیلوں کی سہولیات، شاپنگ سنٹرز اور دیگر بہت سی کاروباری سرگرمیوں کو کم از کم دو ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل قازقستان نے مئی کے آخر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کرتےہوئے پابندیاں ختم کی تھیں جب ملک میں 9 ہزار سے کم متاثرین کی تصدیق کی گئی تھی۔

    تاہم پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد سے اب ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 47 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ 200 افراد وائرس سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

    حالیہ لاک ڈاؤن ملک میں لگائے گئے پہلے لاک ڈاؤن کی طرح زیادہ سخت نہیں ہے اور شہریوں کو اندرون و بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت ہے۔

    گذشتہ ہفتے قازقستان کے صدر نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا متاثرین کے پیش نظر ہسپتالوں میں 50 فیصد اضافی بستروں کا انتظام کرنے کا حکم دیا جبکہ المتی میں ایک سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  12. امریکہ: ٹیکساس کے ہسپتالوں میں بستروں کی کمی کا خدشہ

    فشف

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسی شرح سے کورونا کے متاثرین میں اضافہ ہوتا رہا تو اگلے دو ہفتوں میں ہسپتالوں میں بستر کم پڑ سکتے ہیں۔

    امریکی ٹی وی چینل سی این این کے سٹیٹ آف یونین کے سٹیو آیڈلر سے بات کرتے ہوئے انھوں نے خبردار کیا کہ اگلے دس روز کے دوران ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز مریضوں سے بھر سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کو کم نہ کیا تو اگلے دو ہفتوں کے دوران ہسپتالوں میں بستر کم پڑ جائیں گے۔‘

    ٹیکساس میں اس وقت 7890 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ دو ہفتے قبل یہ تعداد 3247 تھی۔

    جولائی کے پہلے چار روز میں امریکہ کی 15 ریاستوں میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اس وقت ملک میں تقریباً 30 لاکھ افراد وائرس سے متاثرہ ہیں جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔

  13. پاکستان: 24 گھنٹوں میں 3344 نئے متاثرین کی تشخیص، مزید 50 اموات

    شفش

    پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پانچ جولائی کو پاکستان میں مزید 50 افراد کی ہلاکت ہو گئی جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 سے اموات کی کُل تعداد 4762 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ روز کے مقابلے میں ٹیسٹس کی تعداد میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی اور 22,271 ٹیسٹس کیے گئے جن کے نتیجے میں 3344 نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1819 رہی جس کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر 131649 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  14. نئے حج اقدامات کا اعلان: نماز و طواف کے دوران کعبہ کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی

    دفگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    سعودی عرب نے اس سال کے حج کے لیے صحت کے نئے پروٹوکول کا اعلان کیا ہے، جس میں محدود تعداد میں صرف مملکت میں مقیم افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔

    نئے اقدامات کے تحت نماز اور کعبے کے گرد طواف کے دوران کعبہ کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی اور ڈیڑھ میٹر کی سماجی دوری کا قانون نافذ ہو گا۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج مقامات تک رسائی 19 جولائی سے 2 اگست تک ہو گی اور اس دوران صرف اور صرف حج کے اجازت نامے رکھنے والے افراد ہی وہاں جا سکیں گے۔

  15. آسٹریلیا: 100 سال میں پہلی مرتبہ ریاستی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ

    رع

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    آسٹریلیا نے میلبورن میں کورونا کے بڑھتے متاثرین کے باعث اپنی دو سب سے زیادہ آبادی والی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا کے درمیان سرحد کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آسٹریلوی ریاست وکٹوریا کے دارالحکومت میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران سینکڑوں متاثرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اب تک ان دونوں آسٹریلوی ریاستوں کے درمیان سرحد کھلی تھی جبکہ دیگر ریاستوں نے سرحد بندی کر رکھی ہے۔

    وکٹوریا کے لیڈر ڈنیئل اینڈریو کا کہنا تھا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان سرحد بندی کا آغاز بدھ سے ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا اس سلسلے میں ان کی وزیر اعظم سکاٹ مورسن اور نیو ساؤتھ ویلز کے رہنما گلائڈز سے بات ہوئی ہے۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے کہا تھا کہ سرحد بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    ڈینیئل اینڈریو نے پیر کو رپورٹرز کو بتایا کہ ’ہم سب اس پر رضامند ہیں کہ سب سے بہتر حل سرحد بند کرنا ہی ہے۔‘

  16. ڈیکسا میتھازون اور پلازمہ کا استعمال کب کرنا چاہیے؟

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے علاج کے بارے میں جاننے کی تگ و دو جاری ہے۔

    جہاں ایک طرف ڈیکسامیتھازون دوا کو علاج کے لیے ایک اہم پیشرفت کا خطاب ملنے کے بعد وہ اب مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے وہیں دوسری جانب پلازمہ ڈونیٹ کرنے کے بارے میں جیسے ہی اطلاع عام ہوئی تو لوگوں نے ایک لاکھ کی رقم کے عوض اپنے پلازمہ لوگوں میں بانٹے۔

    لیکن ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ تمام طریقہ اور ادویات اس وقت انڈر ٹرائل ہیں۔ اور ان کو کورونا وائرس کا مکمل علاج سمجھنا غلط ہے۔ اس بارے میں بی بی سی نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے شعبہ وبائی امراض کے سیکشن ہیڈ ڈاکٹر فیصل سے بات کی، انھوں نے اس تمام تر صورتحال کے بارے میں کہا دیکھیے اس ویڈیو میں

  17. کورونا وائرس: بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے!

    کورونا وائرس سے متعلق بی بی سی اردو کے خصوصی لائیو پیج میں ایک بار پھر خوش آمدید۔

    یہاں آپ اس عالمی وبا سے متعلق پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والی تمام خبریں اور تجزیے پڑھ سکتے ہیں۔