پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع میرپور میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان, ایم اے جرال، صحافی
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ضلع کوٹلی کے بعد ضلع میرپور میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں مسلسل اضافے کے باعث 10 روز کے لیے سمارٹ لاک ڈاون لگا دیا ہے جس کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاون کے دوران ضلع میرپور کے داخلی و خارجی راستے آمدروفت کے لیے بند رہیں گے البتہ صرف اشیائے خوردنوش، ادویات کے لیے منگلا اود دھان گلی انٹری پوائنٹس سے آمدروفعت کی اجازت ہوگی۔
سمارٹ لاک ڈاون کے دروان تمام پبلک ٹرانسپورٹ و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انڈسٹری ایریا کے اندر کام کرنے والے جملہ ورکرز مروجہ SOP کے مطابق انڈسٹری کے اندر ہی اپنی رہائش و طعام کا انتظام کریں گے جبکہ میرپور شہر کے جن ورکرز کی رہائش انڈسٹری کے اندر نہ ہو وہ کام پر نہیں جا سکیں گے۔ ان ورکرز کو ان ایام کی تنخواہ انڈسٹری مالکان دینے کے پابند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مالیاتی ادارہ جات کے ملازمین جو بیرون شہر سے میرپور آتے جاتے ہیں وہ اپنی رہائش میرپور کے اندر رکھنے کے پابند ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران سبزی، فروٹ، گروسری، میڈیکل سٹورز، بیکری، دودھ دہی، گیس ڈسٹری بیوٹرز پہلے سے نوٹیفائیڈ اوقات کار کے مطابق کھلی رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹ، فاسٹ فوڈ کے کاروبار سے منسلک لوگوں کو صرف ہوم ڈلیوری کی حد تک اجازت ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کے اندر موجود دفاتر جو کہ ضروری سروس مہیا کرتے ہیں جن میں عدلیہ، محکمہ مال، پولیس، بلدیہ،محکمہ صحت، برقیات، پبلک ہیلتھ،، وکلا اور نامزد NGOs شامل ہیں ان کے ملازمین کو سمارٹ لاک ڈاؤن ایریا میں نقل وحمل کی اس شرط پراجازت ہو گی کہ ان کے پاس ان کے محکمہ جات کا سروس کارڈ لازمی ہو گا۔
اس کے علاوہ جملہ محکمہ جات کے ملازمین آن کال ہوں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر دو تھانہ جات کے رہائشی اشیائے ضروریہ کی خرید وفروخت اپنے اپنے تھانہ کی حدود میں موجود دکانوں سے کرنے کے پابند ہوں گے۔
تھانہ تھوتھال کے رہائشی تھانہ سٹی کی حدود میں بغیر کسی جواز کے داخل نہیں ہو سکیں گے اور اسی طرح تھانہ سٹی کے رہائشی تھانہ تھوتھال کی حدود میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
سب ڈویژن میرپور ڈڈیال کے رہائشیوں کو صرف میڈیکل گراؤنڈ پر چیک اپ کے لیے بیرون میرپور جانے کی اجازت ہو گی جس کا باقاعدہ اجازت نامہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ جاری کریں گے جبکہ بیرون ملک آنے جانے والے مسافروں کو SOP کے مطابق سفر کی اجازت ہو گی۔
.یاد رہے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دس اضلاع میں سے تین میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سمارٹ لاک ڈاون نافذ ہے۔