بلوچستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 2017 ہو گئی ہے۔
اسی دورانیے میں مزید دو افراد اس وبا کے باعث ہلاک بھی ہوئے ہیں اور اب بلوچستان میں اموات کی مجموعی تعداد 26 ہو چکی ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 242 ہے۔
محکمہ صحت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق 10 مئی کو کورونا کے کُل 313 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 82 مثبت آئے ہیں۔
صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 14678 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مشتبہ مریضوں کی کل تعداد 17 ہزار سے زائد ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال
دوسری جانب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر ندیم کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر مریضوں میں سے مزید چار افراد صحت یاب ہو گئے ہیں اور اب اس خطے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 64 ہوگی ہے۔
ان کے مطابق اس خطے کے مختلف قرنطینہ مراکز میں 2900 کے قریب مشتبہ افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے 78 کے رزلٹ کا انتظار ہے۔
دریں اثنا کشمیر میں محکمہ داخلہ نے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں بازاروں میں آنے والے افراد اور تاجروں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کے بارے میں ایک مرتبہ پھر یاد دہاںی کروائی گی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق بازاروں میں آنے والے افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے اور ماسک کے بغیر کسی بھی فرد کی بازاروں میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔