آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان: پہلی بار ایک دن میں 1300 سے زیادہ نئے مریض، کُل اموات 486

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 1300 سے زیادہ کورونا متاثرین ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا

    بی بی سی اردو کی کورونا وائرس کے حوالے سے کوریج جاری ہے۔ پاکستان بھر سے تازہ ترین معلومات کے لیے کلک کیجیے

  2. بہترین لاک ڈاؤن کو وفاقی حکومت نے سبوتاژ کردیا: بلاول

  3. اسلام آباد میں شٹر بند، خریداری جاری, محمد الیاس خان، بی بی سی نیوز اسلام آباد

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے تجارتی مراکز لاک ڈاؤن کے باعث 43ویں روز بھی بند پڑے ہیں جو کہ رمضان کے دنوں میں ایک انہونی بات ہے کیونکہ عام طور پر اس مہینے میں خریداروں کا سب سے زیادہ رش دیکھنے میں آتا ہے۔

    تاہم اگر آپ غور کریں تو ان دکانوں کے باہر پارکنگ میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آئیں گی۔ اس کی کیا وجہ ہے؟

    ذرا قریب سے دیکھیں تو دکانوں کے شٹرز معمولی سے کھلے نظر آئیں گے جہاں سے کچھ لوگ دکانوں میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

    جیسے ہی پولیس کی گاڑی گشت پر دوکان کے پاس آتی ہے تو دکان میں ہونے والی آمدورفت بھی ختم ہو جاتی ہے۔

    اسلام آباد میں مرکزی مارکیٹ کے ایک پرچون کی دکان کے دوکاندار نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسی آنکھ مچولی انھیں پسند نہیں ہے لیکن ان کے گھر کا چولہا بھی نہیں جل پاتا۔

    اپنے گھر میں اکلوتے کمانے والے شخص کی حیثیت سے انھوں نے یہ دکان پانچ برس قبل ماہانہ 30 ہزار روپے کے عوض کرایے پر لی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ انھوں نے مشروبات کی بوتلوں کی ایک بڑی تعداد رمضان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دو ماہ پہلے ہی خرید لی تھی۔

    اب لاک ڈاؤن کے باعث انھوں نے اپنی دکان کے باہر ایک شیٹ ٹانگ رکھی ہے تاکہ کھلے ہوئے شٹر چھپا سکیں اور وہ خود دوکان کے باہر کھڑے ہو کر گاہکوں کو خریداری کی دعوت دیتے ہیں۔

    ان کے دو ماہ قبل خریدے گئے زیادہ تر مشروبات ایکسپائر ہونے کے قریب ہیں یعنی اس کے بعد وہ پینے کے قابل نہیں رہیں گے اور انھیں ڈر ہے کہ اگر ان کا مال فروخت نہ ہوا تو انھیں شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن جاری رہا، تو ان کے کاروبار کو مزید نقصان پہنچے گا۔

  4. عثمان بزدار کا لاک ڈاؤن سے متاثرہ فنکاروں کی مالی معاونت کا اعلان

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکیج تیار کر لیا ہے اور تین ہزار مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک کی مالی امداد دی جائے گی-

  5. بریکنگ, پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 9857 کورونا وائرس ٹیسٹ ہوئے

    پاکستان میں گذشتہ روز ایک دن میں 9857 کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے جو اب تک ایک دن میں ملک میں کیے جانے والے ٹیسٹس کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    گذشتہ روز صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 5043 ٹیسٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 101897 ہو گئی ہے۔

    اب تک پاکستان میں کل 222404 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں فی دس لاکھ آبادی میں ایک ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  6. قومی اسمبلی کا ورچوئل اجلاس کیسے کروایا جائے؟ جائزہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

    قومی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس کے بارے میں کمیٹی کا تیسرا اجلاس قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر سید فخر امام کی صدارت میں آج اسلام آباد میں ہو گا۔

    کمیٹی کورونا وائرس کی وبا کے دوران قومی اسمبلی کا اجلاس عملی طور پر بلانے اور اجلاس کے دورانیے کے بارے میں طریقہ کار وضع کرے گی۔

    کمیٹی اجلاس کے دوران قانون سازی کے امور وقفہ سوالات توجہ دلائو نوٹسز التواء اور استحقاق کی تحر یکوں پر بحث کا طریق کار تعین کرنے پر بھی غور کرے گی۔

    کمیٹی قومی اسمبلی کے اراکین اور عملے کی اجلاس میں شرکت کے لیے قواعد و ضوابط صحت کے حفاظتی اقدامات اور خصوصی لاسٹک انتظامات کا بھی جائزہ لے گی۔

    یہ کمیٹی قومی اسمبلی کے سپیکر نے تشکیل دی ہے تاکہ کورونا وائرس کے دوران قومی اسمبلی کا ورچوئل اجلاس طلب کرنے کے لیے سفارشات مرتب کی جا سکیں۔

  7. کورونا ریلیف ٹائیگر فورس احساس ویب پورٹل پر رجسٹر کرانے میں مدد دے گی: وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کورونا وائرس کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو خصوصی ڈیجیٹل ڈیسکوں کے ذریعے احساس ویب پورٹل پر رجسٹر کرانے میں مدد دے گی۔ یہ ڈیسک یونین کونسل کی سطح پر قائم کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے یہ بات اسلام آباد میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس ہر شعبہ زندگی میں قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے میں بھی مدد دے گی۔ انھوں نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے کہا کہ وہ ذخیرہ اندوزوں پر گہری نظر رکھیں اور اگر ایسی کوئی سرگرمی دیکھیں توکاروائی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو معلومات فراہم کریں۔

    انھوں نے ٹائیگر فورس رضا کاروں سے یہ بھی کہا کہ وہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کے دورے کریں اور سماجی فاصلہ یقینی بنائیں اور اس کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور سٹورز کی کارکردگی پر بھی نظر رکھیں۔

    نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ رضا کاروں پر مشتمل کرونا ریلیف ٹائیگر فورس وزیراعظم کے دفتر کی بر اہ راست نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے اپنی خدمات انجام دے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں میں ذمہ داریوں کے تعین کیلئے ڈیجیٹل کوڈز اور خصوصی موبائل ایپلیکیشنز فراہم کی جائیں گی۔ صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں 17 ہزار افراد کا تعلق براہ راست یا بالواسطہ طور پر صحت کے شعبے سے ہے جن میں 18 سو ڈاکٹرز نرسیں اور دوسرا طبی عملہ بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں شامل طبی ماہرین مریضوں کا پتا چلانے اور انھیں قرنطینہ میں رکھنے کی پالیسی پر عمل درآمد میں حکومت کی مدد کریں گے۔

  8. ڈاکٹر ظفر مرزا کی ڈاکٹروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی

    وزیرِ اغظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ انھوں نے حکومت کے یارانِ وطن پورٹل کے ذریعے چار ہزار سے زائد ڈاکٹروں سے بات کی اور انھیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

  9. حزب اختلاف کی جماعتیں کورونا وائرس پر سیاست کر رہی ہیں: شبلی فراز

    اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کوروناوائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    انھوں نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث شرح اموات کافی کم ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی رہنما وفاقی حکومت کے سمارٹ لاک ڈائون کے آپشن کی اہمیت کا اعتراف کر رہے ہیں تاہم حزب اختلاف کی جماعتیں کورونا وائرس اور حکومت کی امدادی سرگرمیوں پر سیاست کر رہی ہیں۔

  10. بریکنگ, پاکستان میں ایک دن میں پہلی مرتبہ 1300 سے زائد نئے مریض، کل 486 ہلاکتیں

    پاکستان میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں متاثرین کی تعداد ایک دن میں 1300 سے تجاوز کی ہو۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز ملک میں 1315 نئے متاثرین سامنے آئے جبکہ بی بی سی کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد 1318 رہی۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات کی تعداد 24 رہی جس کے بعد ملک میں اب تک کل 486 ہلاکتیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

    اب تک ملک میں 5782 افراد اس مرض سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  11. بریکنگ, پاکستان میں گذشتہ سات دنوں میں تقریباً سات ہزار نئے کووڈ 19 کے متاثرین

    حکومتی اعداد و شمار کی روشنی میں نظر آتا ہے کہ 27 اپریل سے لے کر تین مئی تک سات دنوں میں پاکستان میں کووڈ 19 کے کل 6858 نئے متاثرین کی شناخت ہوئی ہے، جو کہ یومیہ 980 متاثرین بنتی ہے۔

    26 فروری کو پہلے مریض کی تشخیص کے بعد سے پاکستان میں سب سے زیادہ نئے متاثرین کی شناخت پہلی مئی کو ہوئی جس دن تقریباً 1300 نئے مریض سامنے آئے۔

    بلکہ اگر29 اپریل سے دیکھا جائے تو ہر دن نو سو سے زیادہ متاثرین کی شناخت ہو رہی ہے جو کہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ملک میں ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  12. پاکستان میں اب تک فی دس لاکھ آبادی کتنے ٹیسٹس ہو رہے ہیں؟

    پاکستان یں تین مئی تک مجموعی طور پر کُل 212000 سے زیادہ ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں لیکن اگر ان ٹیسٹس کو مجموعی طور پر اور تمام صوبوں اور علاقوں کی فی دس لاکھ آبادی کے تناسب سے پرکھا جائے تو تصویر کچھ یوں سامنے آتی ہے۔

    • پاکستان - 1018
    • اسلام آباد - 6331
    • بلوچستان - 836
    • خیبر پختون خوا - 718
    • گلگت بلتستان - 2312
    • پنجاب - 880
    • سندھ - 1338
    • پاکستان کے زیر انتظام کشمیر - 551
  13. پاکستان میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 509 افراد کورونا وائرس سے متاثر: ڈبلیو ایچ او

    عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس پر پاکستان کی روزنامہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کُل 509 افراد کووڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں جن کی ترتیب مندرجہ ذیل ہے۔

    • ڈاکٹرز - 263
    • نرسز - 75
    • دیگر طبی عملہ - 171
  14. ’دائیں بازو کے انتہا پسند فیس بک پر ’انفوڈیمک‘ پھیلا رہے ہیں‘

  15. ڈاکٹر فرقان کی ہلاکت کی انکوائری تین رکنی کمیٹی کرے گی

    حکومت سندھ نے ڈاکٹر فرقان کی کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکت کی انکوائری کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

    تین رکنی کمیٹی کی سربراہی صوبائی وزارتِ صحت کے سیکریٹری فیاض احمد عباسی کریں گے جبکہ اس کے ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج اور ڈاکٹر سکندر میمن شامل ہیں۔

    کمیٹی اگلے 24 گھنٹے میں اپنی انکوائری رپورٹ صوبائی حکومت کو جمع کروائے گی۔

  16. بریکنگ, پاکستان میں مصدقہ متاثرین ساڑھے 21 ہزار سے تجاوز کر گئے، مجموعی اموات 486

    صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 8103 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 136 ہو گئی ہے۔

    اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 464 ہو گئی ہے۔

    صوبہ پنجاب اور اسلام آباد میں نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے تجاوز کر کے 21504 تک پہنچ گئی ہے۔

    اس وقت ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 486 ہے۔

    پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 2858 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 64 ہے۔

  17. کورونا کا خوف: پالتو جانور گھروں سے بیدخل

    مشرقِ وسطیٰ میں چند پالتو جانوروں کے مالکان نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر پالتو جانوروں کو اپنے پاس رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔ اگرچہ ابھی تک ثابت نہیں ہو سکا کہ وائرس کے پھیلاؤ میں جانوروں کا کوئی قابلِ ذکر کردار ہے یا نہیں۔

    دیکھیے یہ ڈیجیٹل ویڈیو۔

  18. بریکنگ, بلوچستان: لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کر دی گئی

    بلوچستان کی حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 15 روز کی توسیع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے تحت پہلے سے عائد کردہ پابندیاں اب 19 مئی تک جاری رہیں گی۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں کورونا کے پھیلاؤ اور کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جو کہ عوامی صحت کے لیے ایک شدید خطرہ ہے اور اسی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

  19. پاکستان میں شرح اموات 2.3 فیصد، صحت یابی کا تناسب 26.9 فیصد

    پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 20998 ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 476 ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں شرح اموات 2.3 فیصد جبکہ صحت یابی کا تناسب 26.9 فیصد ہے۔

    7882 مصدقہ متاثرین کی ساتھ سندھ سرِفہرست ہے جبکہ پنجاب میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 7646، خیبرپختونخوا میں 3228، بلوچستان میں 1321، گلگت بلتستان میں 372، اسلام آباد میں 415 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مریضوں کی تعداد 74 ہے۔

    سب سے زیادہ 185 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 126، سندھ میں 137، بلوچستان میں 21، گلگت بلتستان میں تین جبکہ اسلام آباد میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک میں مجموعی طور پر اب تک 5745 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  20. نادرا دفاتر ہفتے کے روز بھی کھلے رہیں گے: ترجمان

    نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کی سہولت کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے دفاتر ہفتے کے دن بھی کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان نادرا کے مطابق ہفتہ کو نادرا دفاتر کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے اور اب ہفتے کے روز معمول کے مطابق مقررہ اوقات پر دفاتر کھلے رہیں گے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سوموار کو اسلام آباد میں واقع نادرا میگا سینٹر کا دورہ کیا۔

    معاون خصوصی نےاحساس پروگرام میں درپیش انگوٹھوں کی شناخت جیسے مسائل کا فوری حل کرنے پر چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیا۔