آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ مثبت
پنجاب اور بلوچستان میں کورونا وائرس کے 447 نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ مثبت۔
لائیو کوریج
کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچیں؟
اس صفحے کو مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں بی بی سی اردو کی لائیو کوریج مسلسل جاری ہے۔ تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
کورونا: امریکی سیاستدان ’اپنی ناکامی چھپانے کے لیے‘ چین پر الزامات لگا رہے ہیں
اکھاڑے ویران، ٹریننگ متاثر، کھلاڑی مایوس
گزشتہ برس دسمبر میں نیپال میں ہونے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں چمکتے طلائی تمغوں کے ساتھ پاکستانی کھلاڑی جب وطن واپس لوٹے تھے تو انھوں نے اولمپکس میں شرکت کے خواب سجا رکھے تھے۔
اس وقت کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ وہ اولمپیکس کے لیے کھلی فضا میں ٹریننگ کے بجائے بند کمروں میں قید ہو کر رہ جائیں گے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے منسوخ یا ملتوی کیے جا چکے ہیں اور کسی بھی دوسرے ملک کی طرح پاکستانی کھلاڑی بھی حالات کے معمول پر آنے کے منتظر ہیں لیکن فی الوقت ان کی ٹریننگ ضرور متاثر ہو رہی ہے۔
دیکھیے آج کا سیربین
بی بی سی اردو کا پروگرام سیربین پیر سے جمعہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر لائیو دیکھا جا سکتا ہے۔
جمعرات کو نشر ہونے والے سیربین میں مختلف اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی، آپ بھی دیکھیے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو نو مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے باعث قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو نو مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل تمام دفاتر کو 30 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب اس میں نو مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن کا اجرا بھی کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سیکریٹریٹ میں قائم شعبہ انتظامیہ، قائمہ کمیٹیاں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، قانون سازی اور بین اقوامی تعلقات کے شعبہ جات میں محدود پیمانے پر کام جاری رکھا جائے گا۔
ترجمان سیکریٹریٹ کے مطابق یہ فیصلے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے کیے گئے ہیں۔
بریکنگ, سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا کا شکار
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے آپ کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے قوم سے دعاؤں کی درخواست کے ساتھ ساتھ احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ 24 اپریل کو اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔
پاکستان: سب سے زیادہ یومیہ ٹیسٹ 29 اپریل کو ہوئے ہیں
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ ٹیسٹ 29 اپریل کو ہوئے ہیں جن کی مجموعی تعداد 8249 تھی۔
حکومتی دعووں کے برعکس پاکستان اب تک 24 گھنٹوں کے دوران دس ہزار ٹیسٹ کرنے کے سنگ میل کو عبور نہیں کر سکا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران سب سے کم یومیہ ٹیسٹ دو اپریل کو ہوئے تھے جن کی مجموعی تعداد صرف 2450 تھی۔
رواں ماہ کے دوران صرف 14 دنوں میں یومیہ ٹیسٹ کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ تھی۔
گھر بیٹھے دلچسپ سائنسی تجربات مفت سیکھیے
کورونا وائرس کے باعث پاکستان بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں جس کی وجہ سے طلبا گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔
کراچی میں قائم ’پاکستان سائنس کلب‘ نے گھر بیٹھے بچوں کے لیے دلچسپ سائنسی تجربات مفت آن لائن سکھانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
مزید جانیے کریم الاسلام کی ڈیجیٹل ویڈیو میں۔
پی آئی اے کو پہلی بار امریکہ تک براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت
پی آئی اے کو تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے امریکہ تک براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت آنے والے کچھ دنوں میں پی آئی اے کی 12 فلائٹس براہ راست امریکی ریاست نیویارک جائیں گی۔
ان پروازوں کے ذریعے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں اور وہاں وفات پا جانے والے افراد کی متیوں کو واپس لایا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث وہاں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے امریکہ سے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت مانگی تھی۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اس بارے میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو خط بھی لکھا تھا۔
بلوچستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 1049 ہو گئی
صوبہ بلوچستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ متاثرین کی تعداد 1049 ہو گئی ہے۔
بلوچستان میں نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد اب پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 16347 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 361 ہے۔ ملک بھر میں اب تک 4184 افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے بھر میں 26 ہزار سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 9435 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اس وقت صوبے میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہے۔
بریکنگ, پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے تک کمی کا اعلان
حکومت پاکستان نے پٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے تک کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت 15 روپے کمی کے بعد 81.58 روپے ہو گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 30 روپے کمی کے بعد 47.44 روپے ہو گی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27.15 روپے کمی کے بعد 80.10 روپے ہو گی جبکہ لائٹ سپیڈ ڈیزل 15 روپے کمی کے بعد 47.51 روپے ہو گا۔
قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس وقت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں کوشاں ہے۔ اس نوٹیفیکیشن میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سمیت حکومت کی جانب سے دیے گئے مختلف امدادی پروگرامز کا ذکر ہے۔
بریکنگ, لاک ڈاؤن ماہ رمضان کے اختتام تک نافذ العمل رہے گا: ترجمان وزیر اعلی سندھ
وزیر اعلی سندھ کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کا نفاذ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گا۔
انھوں نے کہا اس حوالے سے 23 اپریل کو جاری کیے گئے احکامات کا اطلاق رمضان کے پورے مہینے پر ہو گا۔
پاکستان: نجی ٹی وی چینل کے 12 ملازمین کورونا سے متاثر
پاکستان میں نجی ٹیلیویژن چینل اے آر وائی کے بانی سلمان اقبال نے کہا ہے کہ ان کے ادارے سے وابستہ عملے کے 119 اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے 12 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ 52 افراد کے ٹیسٹ کے ابھی نتائج آنا باقی ہیں جبکہ 55 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں۔
یاد رہے کہ اے آر وائی سے وابستہ ملازمین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسلام آباد آفس کو بند کر دیا گیا تھا۔
سلمان اقبال کے مطابق آفس کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد اسے کل سے دوبارہ کھول دیا جائے گا تاہم عملے کی تعداد کم سے کم رکھی جائے گی۔
خیبرپختونخوا: گذشتہ دس روز میں ٹیسٹنگ کی شرح دگنی ہو چکی ہے
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا ہے کہ گذشتہ دس روز کے دوران صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی شرح دگنی ہو چکی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 18500 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ روز 1052 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ 45 دنوں میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت صفر سے 1500 تک پہنچ چکی ہے۔
سندھ کے ہر اقدام کی وفاق کی جانب سے مخالفت افسوسناک ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے سندھ حکومت کے ہر اقدام کی وفاقی حکومت کی جانب سے مخالفت افسوسناک ہے۔
یہ بات انھوں نے کراچی میں اپنی زیر صدارت کورونا مشاورتی اجلاس میں کہی جس کا انعقاد ویڈیو لنک کے ذریعے کیا گیا تھا۔ پی پی پی میڈیا ونگ کے مطابق اعلی سطحی مشاورتی اجلاس میں صوبائی وزیر اعلی اور وزیر صحت سمیت سینیئر اراکین نے شرکت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت غریب عوام کا ساتھ دینے کے بجائے ہمارے فلاحی کاموں کو سبو تاژ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صوبوں کی خودمختاری وفاقی حکومت سے برداشت نہیں ہو رہی اور اب اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے 18ویں ترمیم کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور جی 20 ممالک سے کورونا کے سلسلے میں ملنا والا ریلیف صوبوں کو بھی منتقل کیا جائے۔
’میتوں کے ہمراہ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے لواحقین کو قرنطینہ میں وقت گزارنا ہو گا‘
پاکستان میں شعبہ ہوا بازی کے نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک سے میتوں کے ہمراہ پاکستان آنے والے لواحقین کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا جبکہ ان کا کورونا ٹیسٹ بھی ہو گا۔
یاد رہے کہ ایک درجن سے زائد پاکستانیوں کی میتیں دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہیں اور ان کے لواحقین ان میتوں کو پاکستان لا کر ان کی تدفین کرنا چاہتے ہیں۔ ان میتوں کو پاکستان لانے کی اجازت دی جا چکی ہے تاہم اس حوالے سے حکومت نے قواعد و ضوابط کا اعلان بھی کیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے میتوں کے ہمراہ پاکستان آنے والوں پر یہ ٹیسٹ کروانے اور مقررہ ایام قرنطینہ میں گزارنے ضروری ہوں گے تاکہ پاکستان کی آبادی کو کورونا کے خطرات سے بچایا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قواعد بہت واضح اور کسی شک و شبہ سے بالاتر ہیں جن کا اطلاق کسی تفریق کے بغیر ہو گا۔
حفاظتی سامان کے نامناسب استعمال کی شکایات موصول ہوئی ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان کی دستیابی کا مسئلہ ختم ہو چکا ہے مگر اب مسئلہ یہ ہے کہ اس حفاظتی لباس کو مختلف ہسپتالوں میں استعمال کیسے کیا جا رہا ہے۔
’ہمارے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے ایسے سامان کا ’نامعقول‘ انداز میں استعمال بھی ہو رہا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ہسپتالوں میں موجود طبی عملہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر کورونا کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن ورکرز میں کورونا سے متاثر ہونے کی شرح 11 فیصد سے زائد ہے مگر پاکستان میں یہ شرح بہت کم ہے۔
انھوں نے کہا کہ طبی عملے کے لیے قومی سطح کا ایک پروگرام تشکیل دیا ہے جس کا اعلان آئندہ ہفتے میں کر دیا جائے گا اور اس کے تحت ذہنی و جسمانی صحت کے علاوہ عملے کو حفاظتی سامان کے استعمال کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں شامل 17 ہزار رضاکار ایسے ہیں جن کا طب کے شعبے میں کچھ نہ کچھ تجربہ ہے اور ایسے افراد کو حکومتی پراگرامز میں ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
محصولات 35 فیصد کم، ملک میں اموات میں اضافہ ہو گا: اسد عمر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ یورپ اور امریکہ کے برعکس پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ مختلف ہے اور چونکہ پاکستان کے پاس اس حوالے سے زمینی حقائق اور تجربے کی کمی تھی اسی لیے ملک میں ہونے والے فیصلے دنیا کے دیگر ممالک میں لیے گئے فیصلوں کی روشنی میں کیے جا رہے تھے۔
’گذشتہ دو ماہ کے دوران سامنے آنے والی صورتحال کے نتیجے میں اب پاکستان کے پاس فیصلے کرنے کے لیے اپنے زمینی حقائق موجود ہیں۔ ہماری اپنی ٹیمیں اب اندازے لگا رہی ہیں کہ ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئندہ دنوں میں کیا کچھ ہو سکتا ہے۔‘
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وبا کے ابتدائی ایام میں لگائے گئے اندازوں سے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسا کہ اپریل کے اختتام تک پاکستان میں صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گئی اور چند اندازے ایسے تھے جن میں لاکھوں اموات کی بات کی گئی تھی۔
’پاکستان میں اگر کورونا سے ہونے والی اموات کا پیٹرن دیکھا جائے تو یومیہ اموات کا سلسلہ چھ سے سات روز تک لگ بھگ ایک جیسا رہتا ہے اور اس کے بعد اس پیٹرن میں تبدیلی آتی ہے۔ گذشتہ تین دنوں میں یومیہ اموات کی شرح 21 سے 22 اموات فی یوم تھی۔ مگر صورتحال اب بھی قابو میں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ اب تک سامنے آنے والے اندازوں اور تجزیوں کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ دنوں میں اموات میں مزید اضافہ ہو گا مگر اچھی خبر یہ ہے ویسی صورتحال نہیں ہو گی جیسا ہم نے دیگر ممالک میں دیکھی۔
اسد عمر نے بتایا کہ کورونا کے باعث پاکستان کی مجموعی محصولات میں 30 سے 35 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نومئی کے بعد ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔