صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 404 نئے مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دورانیے میں مزید آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے صوبے میں کورونا وائرس کے تازہ ترین صورتحال کی بابت آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ اب صوبے میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 5659 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 100 تک پہنچ چکی ہے۔
مریضوں کی تعداد میں اس اضافے کے بعد اب ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 15253 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی اموات 335 ہیں۔
سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3729 ٹیسٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اب تک 1161 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جو کہ کُل تعداد کا 20.5 فیصد ہے۔
وزیر اعلی سندھ کے مطابق ہر سو افراد کے ٹیسٹ میں 11 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ 4426 زیر علاج مریضوں میں سے 477 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 36 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 3187 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں، 762 سرکاری قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔
صوبے میں 18 مریض وینٹیلیٹرز پر موجود ہیں۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 332 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ضلع جنوبی کراچی میں 113، ضلع شرقی میں 100، ضلع وسطی میں 39، کورنگی میں 37، ضلع غربی میں 26 اور ملیر میں 17 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ سندھ کے دیگر شہروں میں نئے کیسز کی تعداد 72 ہے جن میں سکھر میں 14، لاڑکانہ اور خیرپور میں 13، 13 جبکہ شہید بینظیر آباد اور شکارپور میں سات، سات نئے مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔
بیرونِ ممالک سے آنے والے پاکستانی
وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ بیرون ممالک سے دو پروازیں 505 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی ہیں۔
ان مسافروں میں سے 69 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ 39 مسافروں کے ٹیسٹس کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ کراچی واپس پہنچنے والے افراد میں سے 21 فیصد کا تعلق صوبہ سندھ جبکہ 70 فیصد کا دیگر صوبوں سے ہے۔