پاکستان میں کوورنا کے متاثرین 9500 جبکہ ہلاکتیں 200 سے زیادہ

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9590 سے بڑھ گئی ہے جبکہ اس وبا میں 201 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرنے والے سماجی کارکن فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. ریلوے ملازمین کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ وزیرِ اعظم کے کورونا فنڈ میں عطیہ

    وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے جس میں انھوں نے ریلوے ملازمین کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ یعنی پانچ کروڑ ایک لاکھ 85 ہزار کا چیک وزیرِ اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لیے پیش کیا۔

    اس موقع پر وزیرِ ریلوے نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے چمن کے لیے 30 کوچز پر مبنی ایک ٹرین بھجوا دی گئی ہے جس میں 500 افراد کو تنہائی میں رکھنے کا انتظام ہے، اور اسی طرح پاکستان ریلوے تفتان کے لیے بھی 500 افراد کی گنجائش کی حامل ٹرین بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے میڈیکل کوچز کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  2. بریکنگ, بلوچستان میں مزید ایک شخص کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی

    بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی کُل تعداد چھ ہوگئی ہے۔

    ترجمان محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 465 ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 6391 ہے۔

    محکمے کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اب تک صوبے میں کورونا وائرس کے 5636 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 5171 منفی آئے ہیں۔

  3. بریکنگ, گلگت بلتستان: مزید 18 افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد کُل متاثرین 281, محمد زبیر خان، صحافی

    وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان رشید سلیمان کے مطابق 20 اپریل کو 18 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 281 ہوچکی ہے۔

    رشید سلیمان کے مطابق ایک مریض صحت مند بھی ہوا ہے جس کے بعد صحت مند مریضوں کی تعداد 195 ہوگئی ہے، جبکہ 83 مریض اس وقت زیرِ علاج ہیں۔

    رشید سلیمان کے مطابق 13 افراد کا تعلق گلگت سے ہے جن میں سے سات افراد سٹی گلگت ہسپتال کے عملے رکن ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ نگر میں ایک شخص جبکہ استور میں چار افراد متاثر ہوئے ہیں، مگر یہ چاروں استور یا گلگت بلتستان کے مقامی رہائشی نہیں ہیںڑ بلکہ یہ تبلیغی جماعت کے سلسلے میں استور میں مقیم تھے اور ان کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت سے ہے۔

  4. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے 33 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 465 ہوگئی

    بلوچستان میں مزید 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد 465 ہوگئی ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانے کے مطابق آج 286 نتائج موصول ہوئے ہیں جن میں سے 253 منفی اور 33 مثبت آئے ہیں۔

    ان کے مطابق تمام نئے متاثرین میں یہ مرض مقامی طور پر منتقل ہوا۔

  5. تھرپارکر پولیس کی جانب سے خصوصی کورونا سکواڈ کی تشکیل

    سندھ کے ضلع تھرپارکر کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ان کے محکمے نے کورونا ویلفیئر سکواڈ نامی ایک تشکیل دی ہے جو کورونا متاثرین کو بحفاظت ہسپتال منتقل کرنے کے لیے دستیاب ہوگی۔

    تھرپارکر پولیس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ فورس کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے بھی مستعد ہوگی۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہSindh Police

  6. کورونا وائرس کے دور میں لوگ رمضان کے لیے خریداری کیسے کر رہے ہیں؟

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں اگلے چند دنوں میں ماہِ رمضان کا آغاز ہوگا۔ روایتی طور پر ماہِ رمضان میں سحر و افطار کے وقت لوگوں کا ریستورانوں اور ہوٹلوں سمیت خوراک کی دکانوں پر رش نظر آتا ہے لیکن اس مرتبہ لاک ڈاؤن کے سبب یہ صورتحال غیر یقینی کیفیت کی شکار ہے۔

    اس کے باوجود جہاں جہاں ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے، وہاں لوگوں نے سحر و افطار کے لیے سامان کی خریداری شروع کر دی ہے۔

    اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے ماہِ رمضان میں مساجد میں آنے والے لوگوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے جو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، اس پر عملدرآمد کے لیے بھی مساجد میں تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

    پاکستان، رمضان،

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنکراچی میں 20 اپریل کو لوگ ایک بازار سے ماہِ رمضان کے لیے کھجوریں خرید رہے ہیں
    کورونا، رمضان، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنراولپنڈی میں ایک دکاندار پھینیاں پیک کر رہا ہے جنھیں سحری کی وقت کی خصوصی سوغات کی حیثیت حاصل ہے
    کورونا، رمضان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنراولپنڈی کی ایک مسجد میں 20 اپریل کو کورونا وائرس سے حفاظت کے پیشِ نظر صفائی کی جا رہی ہے
  7. اداکارہ میرا: میں اپنے وطن آ کر مرنا چاہتی ہوں

    نیویارک کے ایک ہوٹل میں ’قید‘ اداکارہ میرا کی وزیراعظم عمران خان سے اپیل: ’میری وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ میں اپنے وطن آ کر مرنا چاہتی ہوں۔‘

  8. 'بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے پلیٹ فارم متعارف کروایا جائے گا'

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہPakistan Television

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت یارانِ وطن کے نام سے ایک خصوصی پلیٹ فارم لانچ کرنے کی کوشش میں ہے جس کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اگر پاکستان کے نظامِ صحت کی کسی بھی طرح معاونت کرنا چاہیں گے تو یہ ممکن ہو سکے گا۔

    انھوں نے کہا کہ کل اس کے حوالے سے ایک خصوصی پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں عوام کے سامنے اس منصوبے کی تفصیلات رکھی جائیں گی۔

  9. ڈاکٹر ظفر مرزا: 'علما نے ذمہ داری لی ہے کہ وہ ضوابط پر عمل کروائیں گے'

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آج وزیرِ اعظم اور علما کے درمیان ملاقات ہوئی ہے اور اس میں جو پہلے صدر کے ساتھ 20 نکاتی اصول طے پائے تھے، آج کی ملاقات میں انھی طریقہ کار پر دوبارہ اتفاق کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ علما نے ذمہ داری لی ہے کہ آنے والے دنوں میں، رمضان کے دوران اور اس کے بعد وہ ان ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے افہام و تفہیم موجود ہے کہ اگر مساجد میں ان اقدامات کے باوجود بیماری پھیلتی ہے تو اس کے بعد علما کو اعتماد میں لیتے ہوئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

  10. ڈاکٹر ظفر مرزا: کورونا سے حاصل شدہ سبق مستقبل کے نظامِ صحت میں نظر آنا چاہیے

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ کورونا وائرس تو جلد یا بدیر ختم ہو جائے گا لیکن اس سے جو سبق حاصل ہوں گے، ان کا مستقبل میں ملک کی نظامِ صحت کی تشکیل میں عکس نظر آنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت جو توجہ صحت اور عوامی صحت کے نظام پر ہے، اسے ضائع نہیں جانا چاہیے، بلکہ اس کی بنیاد پر ہم نے آگے نظامِ صحت تشکیل دینا ہے۔

  11. بریکنگ, ڈاکٹر ظفر مرزا: '65 فیصد متاثرین میں مرض مقامی طور پر منتقل ہوا'

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہPakistan Television

    وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی مقامی منتقلی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    اسلام آباد میں یومیہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ملک میں 65 فیصد مریضوں میں یہ مرض مقامی طور پر منتقل ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان میں آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں انھیں حکومت کے کورونا سے نمٹنے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

  12. خیبر پختونخوا: پی ڈی ایم اے کی جانب سے دار الامان کے لیے اشیائے خورد و نوش فراہم

    خیبر پختونخوا کی ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ سوشل ویلفیئر خیبرپختونخوا کے زیرانتظام دارالامان کے لیے اشیائے خورد و نوش فراہم کی گئی ہیں۔

    محکمے کے اعلامیے کے مطابق سامان میں تین ہزار کلوگرام کھجور، پانچ ہزارگرام لکٹوگرو دودھ، دس ہزارخشک دودھ ڈبے شامل۔

    اس کے علاوہ 15 ہزار سیریلک کے پیکٹ اور چھ ہزاربچوں کے لیے چھوٹے ڈبے خشک دودھ ڈائریکٹوریٹ سوشل ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے سپرد کیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ سامان دارالامان میں موجود، نادار و یتیم بچوں، اور بیواؤں میں تقسیم کیا جائے گا۔

  13. 'سندھ میں ٹیسٹنگ کٹس کی قلت نہیں، تمام ضلعوں میں علاقوں کی تشخیص کے بعد ٹیسٹ کیے جائیں'

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں علاقوں کی تشخیص کرکے ٹیسٹنگ شروع کروائیں کیونکہ صوبے میں ٹیسٹنگ کٹس کی کوئی قلت نہیں۔

    آج مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کراچی میں ایک اجلاس ہوا جس میں تمام کشمنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ دیگر ڈویژنز کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہر ڈی سی سے ان کے ضلعے میں کورونا مریضوں کی تعداد، مریضوں کے لیے موجود سہولیات اور ٹیسٹنگ کی سہولیات سمیت دیگر امور پر معلومات لیں۔

    اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے علاقے لیاری میں متعدد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور کراچی کے ضلع وسطی میں متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

    مراد علی شاہ نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو زیادہ متاثرین والے علاقوں میں مرض کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ لوگوں کو ماسک پہنانے کی ہدایات کریں۔

  14. قندھار سے پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں کی واپسی شروع, محمد کاظم، کوئٹہ

    کورونا، بلوچستان، افغانستان، پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہNoor Zaman Achakzai

    افغانستان کے صوبہ قندھار کے علاقے سپن بولدک میں پھنسے ہوئے پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں اور ان کے معاونین کی واپسی پیر کے روز سے شروع ہوگئی ہے۔

    پاکستان میں پہلے روز داخل ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر چمن میں قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ قلعہ عبداللہ کے محمکہ صحت کے ایک سینیئر اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ پہلے روز 31 پاکستانی ڈرائیور اور ان کے معاونین پاکستان میں داخل ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرنطینہ مرکز منتقل کرنے کے بعد تمام افراد سے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹ کے لیے کوئٹہ بھیجوا دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ جس کسی کا نتیجہ مثبت آیا، انھیں آئیسولیشن سینٹر منتقل کیا جائے گا تاہم جن کا نتیجہ منفی آئے گا، انھیں بھی ایک ہفتے کے لیے قرنطینہ مرکز میں رکھا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے بعد ان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور نتیجہ دوبارہ منفی آنے پر انھیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

    بعض اطلاعات کے مطابق سرحدوں کی بندش کے بعد افغانستان کے علاقے سپن بولدک میں 400 سے زائد پاکستانی ڈرائیور اور ان کے معاونین پھنس گئے تھے۔ یہ افراد کئی روز سے واپسی کی اپیل کر رہے تھے۔

    محکمہ صحت کے اہلکار نے بتایا کہ انھیں یہ معلوم نہیں کہ کل کتنے لوگوں کو وہاں سے چھوڑا جائے گا تاہم انھوں نے چمن میں قرنطینہ کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ چمن میں 900 سے زائد افراد کے لیے قرنطینہ کے انتظامات ہیں۔

  15. 'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لاک ڈاؤن 24 اپریل تک، ٹائیگر فورس کی ضرورت نہیں', ایم اے جرال، صحافی

    کورونا، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر

    ،تصویر کا ذریعہM. A Jarral

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت کے کورونا کے حوالے سے ترجمان ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے بتایا ہے کہ اس خطے میں لاک ڈاؤن کو 21 اپریل کے بجائے 24 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے اور حکومت لا ک ڈاؤن سے متعلق آئندہ لائحہ عمل 23 اپریل کو طے کرے گی۔

    وہ آج سہ پہر کو مرکزی ایوان صحافت میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے۔

    ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے ٹائیگر فورس کے قیام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ٹائیگر فورس کی خدمات لینے سے معذرت کرتے کہا کہ ان کے حکومتی ادارے مستحکم ہیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے وہ درست سمت میں کام کر رہے ہیں، اس لیے اس خطے میں انھیں ایسی کسی فورس کی ضرورت نہیں۔

    ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کہا کہ اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی مزید یک خاتون سمیت مزید سات مریض صحتیاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

    ان کے مطابق ان مریضوں میں چھ کا تعلق میرپور سے، جبکہ ایک شخص کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    حکام کے مطابق اس خطے میں اب تک 1200 سے زائد مشتبہ افراد کو قرنطینہ مرکز میں لایا گیا جن میں سے 49 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

    مجموعی طور پر 16 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 33 افراد ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

  16. خیبر پختونخوا: شمالی وزیرستان میں دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے رقم جاری

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق وہ اس علاقے میں دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں میں ماہانہ راشن کے علاوہ 12 ہزار روپے کی مالی امداد بھی فراہم کر رہے ہیں۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے شمالی وزیرستان ضلعے کے درج شدہ خاندانوں میں امدادی رقوم کی تقسیم کے لیے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔

    صوبائی ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق یہ رقم ان خاندانوں میں سم کارڈز کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔

  17. بریکنگ, سندھ میں مقیم گلگت بلتستان کے طلبہ اپنے علاقوں کو لوٹ سکیں گے

    سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے جو طلبا سندھ میں مقیم ہیں، انھیں کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کی شرط پر اپنے علاقوں کو واپس جانے کے لیے عدم اعتراض کی سند دے دی جائے گی۔

    سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیرِ قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں ایسے طلبا کی تعداد 2570 ہے اور ان کے واپسی سے قبل مفت میں کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ طلبہ کے ٹیسٹ انھی اداروں میں ہوں گے جہاں وہ زیرِ تعلیم ہیں، اور ان کے ٹیسٹ کے لیے محکمہ صحت کی ٹیم خود ان کے پاس جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ کورونا کے ٹیسٹ منفی آنے پر انھیں اپنے علاقے واپس جانے کی اجازت دے دی جائے گی جبکہ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان کی حکومت کو مطلع کر دیا ہے۔

  18. وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا چشتیاں کا دورہ، مستحق خواتین سے گفتگو اور سکول میں شجرکاری

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج چشتیاں میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کی تقسیم کے ایک مرکز کا دورہ کیا جہاں انھوں نے مستحق خواتین سے گفتگو کی۔

    علاوہ ازیں انھوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے کورونا کے مریضوں کے لیے قائم وارڈ کا معائنہ کیا۔

    بعد ازاں انھوں نے چشتیاں کے دانش سکول میں پودا بھی لگایا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  19. پاکستان میں اب تک کی تازہ ترین صورتحال, کُل متاثرین 8648، ہلاکتیں 182، صحتیاب 1980

    کورونا وائرس، پاکستان،

    پاکستان میں گذشتہ روز سے اب تک 23 مزید افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کُل تعداد 182 تک پہنچ چکی ہے۔

    پاکستان میں اب تک 8648 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    مصدقہ مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے صوبہ پنجاب زیادہ متاثر صوبہ ہے جہاں اب تک 3721 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس کے بعد سندھ ہے جہاں 2767، خیبر پختونخوا میں 1235، بلوچستان میں 432، گلگت بلتستان میں 263، اسلام آباد میں 181، اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 49 افراد متاثر ہیں۔

    صوبہ خیبر پختونخوا میں اموات کی شرح تمام انتظامی یونٹس میں سب سے زیادہ ہے، اور یہاں اب تک 67 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ہلاکتوں کے اعتبار سے صوبہ سندھ دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں اب تک 61 افراد کورونا کے باعث اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

    بالترتیب پنجاب میں 42، بلوچستان میں پانچ، گلگت بلتستان میں تین، اور اسلام آباد میں چار ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

    پاکستان میں اب تک اس مرض سے 1980 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور ان کی سب سے بڑی تعداد پنجاب میں یعنی 702 ہے۔

    صوبہ سندھ میں 635، خیبر پختونخوا میں 267، گلگت بلتستان میں 193، بلوچستان میں 154، اسلام آباد میں 20 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں نو افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  20. کوئٹہ میں ماسک پہننے کے حکم نامے پر عمل درآمد محدود

    کوئٹہ

    کوئٹہ سے ہمارے ساتھی خیر محمد کے مطابق بلوچستان حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لیئے ماسک پہننے یا منھ اور ناک کو کسی اور کپڑے سے ڈھانپنے کو لازمی قرار دینے کا جو حکم نامہ جاری کیا تھا اس کے نفاذ کے دوسرے روز بھی اس کے اثرات زیادہ دکھائی نہیں دیے۔

    جو لوگ شہر میں سڑکوں پر تھے ان میں سے زیادہ تر ماسک کے بغیر تھے۔

    کوئٹہ
    کوئٹہ