اسلام آباد، بلوچستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کووڈ-19 کے 19 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2291 تک پہنچ گئی ہے۔
جمعرات کی صبح جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں آٹھ، بلوچستان میں پانچ جبکہ کشمیر میں تین نئے مریضوں کی شناخت ہوئی ہے۔
اس اضافے کے بعد اسلام آباد میں اب 62، بلوچستان میں 169 جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں نو متاثرین موجود ہیں۔
اس سے قبل سندھ میں بھی جمعرات کو 34 نئے مریض سامنے آئے تھے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 743 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں کراچی سب سے متاثرہ شہر ہے جہاں تین سو سے زیادہ متاثرین موجود ہیں۔
پنجاب 845 مریضوں کے ساتھ اب بھی ملک کا سب سے متاثرہ صوبہ ہے اور ان میں سے 178 مریض دارالحکومت لاہور میں ہیں۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 276، گلگت بلتستان میں اب تک 184افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ہلاکتوں کی بات کی جائے تو ملک میں اب تک اس وائرس سے 31 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ پنجاب میں اب تک 11 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں نو، خیبر پختونخوا میں آٹھ، گلگت بلتستان میں دو جبکہ بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
پاکستان میں جیسے جیسے نئے مریض سامنے آ رہے ہیں وہیں اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور جمعرات کی صبح تک 107 مریض صحت یاب ہو چکے تھے۔
صحت یاب ہونے والوں میں سب سے بڑی تعداد سندھ سے ہے جہاں 58 افراد اب تک شفایاب ہوئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 19، بلوچستان میں 17، پنجاب میں چھ، گلگت بلتستان میں چار جبکہ اسلام آباد میں تین مریضوں میں اب یہ بیماری موجود نہیں۔