آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: پاکستان میں 2426 متاثرین، سندھ میں پابندیاں مزید سخت

پاکستان میں جمعرات کو 100 سے زیادہ نئے مریض سامنے آنے بعد ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2426 ہوگئی ہے جبکہ 35 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس شرح سے کورونا پھیل رہا ہے اس سے نمٹنے کے وسائل موجود ہیں۔

لائیو کوریج

  1. سپریم کورٹ کا سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کی جیلوں میں قرنطینہ سینٹر بنانے کا حکم, قیدیوں کو جیل بھیجنے سے قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا لازمی

    اسلام آباد میں سپریم کورٹ نے سندھ اوربلوچستان کے علاوہ گلگت بلتستان میں واقع جیلوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کا حکم دینے کے علاوہ کہا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ کسی بھی ملزم کو جیل بھجوانے سے پہلے اس کا کورو نا ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جائے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کسی بھی ملزم کو جیل بھیجنے سے پہلے اس کی مکمل سکریننگ کی جائے اور کسی بھی ملزم میں کورونا کی علامت ظاہر ہونے کی صورت میں اسے جیل نہ بھجوا جائے۔ عدالت نے حکومت سے ملک کی مختلف جیلوں میں قید 60 سال سے زیادہ عمر کے قیدیوں اور خواتین قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختون خوا کے محکمہ جیل کے حکام کے مطابق ان کے صوبوں کی جیلوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ عدالت نے حکومت سے ملک بھر کی جیلوں میں قید سزا یافتہ اور انڈر ٹرائیل قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

  2. ڈاکٹر پر ملازمہ کو قتل کر کے کورونا وائرس کا شکار قرار دینے کا الزام

  3. پنجاب میں 32 نئے مریض، ملک میں کل تعداد 2077 ہو گئی

    پنجاب میں بدھ کو کورونا کے 32 نئے مریضوں کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 740 تک پہنچ گئی ہے اور وہ بدستور ملک میں سب سے متاثرہ صوبہ ہے۔

    اس اضافے کے بعد پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 2077 ہو گئی ہے۔ اب تک ملک میں 26 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 80 سے زیادہ صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق ڈی جی خان میں207 زائرین، ملتان میں 91 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 41 اور فیصل آباد قرنطینہ مرکز میں موجود 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور میں 159، گجرات میں 86، راولپنڈی میں 46، جہلم میں 28، ننکانہ صاحب میں 13، گوجرانوالہ میں 12، فیصل آباد میں نو، حافظ آباد اور ڈی جی خان میں پانچ، پانچ، منڈی بہاؤالدین میں چار، میانوالی، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں تین،تین متاثرین ہیں جبکہ سرگودھا، ملتان، ناروال، لودھراں اور وہاڑی میں دو دو اور قصور، اٹک، خوشاب ، بہاولپور اور لیہ میں ایک ایک مریض ہیں۔

    پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد نو ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو کر ہسپتال سے فارغ ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق پنجاب میں آج صبح تک 16061 مشتبہ افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  4. خیبر پختونخوا: چارے اور دانے کی فروخت، ہوم ڈیلیوری کی مشروط اجازت, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور

    خیبر پختونخوا حکومت نے جانوروں اور پرندوں کی خوراک فروخت کرنے اور ہوم ڈیلیوری کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

    وزیرِ صحت خیبر پختونخوا اجمل وزیر کے مطابق جانوروں کا چارہ گھر لانے سے پہلے صحیح طریقے سے دھونا، اور اس کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کرنا لازمی ہوگا۔

    اس کے علاوہ چارے اور ادویات کی پیکنگ کو سینیٹائز کرنا اور دھونا بھی لازمی ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ اس عمل میں شریک تمام افراد کے لیے ہر گھنٹے میں ایک بار 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونا لازمی ہوگا، جبکہ تمام افراد سماجی دوری کا خاص خیال رکھنے سمیت دستانوں، ماسک اور کورونا سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر یقینی بنائیں گے۔

  5. گھر بیٹھے فٹ کیسے رہیں، جانیے پاکستانی بیڈمنٹن چیمپیئن سے

  6. بلوچستان: کورونا وائرس کے مریضوں کی دیگر اضلاع منتقلی کی تردید

    بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ سے کورنا وائرس سےمتاثرہ افراد کی دیگر اضلاع منتقلی کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔

    نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ بعض عناصر کوئٹہ سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تربت، قلات، چمن، نصیر آباد اور دیگر اضلاع میں منتقلی کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، چنانچہ عوام ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت مختلف اضلاع میں قرنطینہ اور آئیسولیشن کی سہولیات انہی اضلاع کے عوام کے لیے تیار کررہی ہے۔

  7. سندھ میں مزید تین مریض صحت یاب

    سندھ کے وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں میں سے مزید تین صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد سندھ میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔

    پاکستان میں اب تک 80 سے زیادہ افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ سندھ میں ہیں

  8. بلوچستان میں 116 مریض موجود

    ‎بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 116 مریض اور چار مشتبہ افراد باقی ہیں۔

    ایک ٹویٹ میں وزیراعلی نے کہا کہ 14 روزہ قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے والوں کے ٹیسٹ جاری ہیں ۔ ‎ان کا کہنا ہے کہ قرنطینہ مکمل کرنے والے 29 افراد کے ٹیسٹ بدھ کو اور 31 افراد کے ٹیسٹ جمعرات کو کیۓ جائیں گے ۔

  9. ایران سے زائرین کی واپسی کے حوالے سے درخواست مسترد, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے پاکستانی زائرین کو واپس لانے سے متعلق درخواست مسترد کر دی ہے اور درخواست گزار سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں حکومت پر اعتماد کریں کیونکہ پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بدھ کو درخواست کی سماعت کی اور درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہزاروں زائرین اب بھی ایران میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ویزے کی معیاد بھی ختم ہو چکی ہے۔

    عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا اُنھوں نے نے اس ضمن میں حکومت سے رابطہ کیا ہے جس کا درخواست گزار نے نفی میں جواب دیا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور حکومت موجود ہیں لہذا وہ متعلقہ فورم پر رجوع کریں۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ میڈیا میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک میں کورونا زائرین کی وجہ سے آیا ہے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت اس ضمن میں کسی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتی۔

  10. گوادر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 30 ماہی گیر گرفتار

    کورونا وائرس کی وجہ سے عائد دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں 30 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    گوادر ماہی گیر اتحاد کے سربراہ خدائیداد بلوچ نے فون پر نامہ نگار محمد کاظم کو بتایا کہ ماہی گیروں کی گرفتاری کے خلاف گوادر ماہی گیر اتحاد کے عہدیدار گوادر شہر کے تھانے کے باہر جمع ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ماہی گیر غریب لوگ ہیں، ان کے پاس ماہی گیری کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس آمدن کا کوئی ذریعہ نہیں۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ اگر انتظامیہ ان کو ماہی گیری کے لیے نہیں چھوڑتی تو ان کو گھروں پر ریلیف فراہم کرے ورنہ وہ اپنے بچوں کو بھوکا نہیں چھوڑ سکتے۔

  11. عمران خان: ہمیں 15 جنوری سے اندازہ تھا کہ کورونا وائرس پاکستان پہنچے گا

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انھیں 15 جنوری سے اندازہ تھا کہ چین میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ یقیناً پاکستان میں آئے گی تو ہم نے اس کے لیے تیاری شروع کر دی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اندازہ تھا کہ اس جہاد سے لڑنے کے لیے سب سے آگے ہمارے ہیلتھ ورکرز ہیں اور ہم نے اسی لیے تیاری شروع کر دی۔

  12. گجرات: چھ ماہ کی بچی میں کورونا وائرس کی تصدیق

    صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں چھ ماہ کی بچی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہےجن کے والد میں ایک ہفتہ قبل اس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    فی الوقت شیرخوار بچی کو گھر پر رکھا جا رہا ہے جبکہ ان کی والدہ کی بھی کورونا وائرس کے لیے سکریننگ کی جا رہی ہے۔

    وبا کے اوائل کے کچھ عرصے میں عمر رسیدہ افراد کے زیادہ متاثر اور ہلاک ہونے کا رجحان دیکھا گیا تھا تاہم اب کم سے کم عمر کے افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوتی جا رہی ہے۔

    یاد رہے کہ گجرات میں ایک ڈاکٹر جوڑے سمیت چار ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مؤخر الذکر دو ڈاکٹروں کا تعلق عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال سے ہے۔

    اسی ہسپتال کے ایک سینیئر ڈاکٹر میں چند دن قبل وائرس پایا گیا تھا۔

    مقامی انتظامیہ نے ان ڈاکٹروں کے نجی کلینک سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنھیں تنہائی میں بھیجا گیا ہے۔

  13. عمران خان: ہم نے 70 سال میں صحت پر توجہ نہیں دی

    وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں صحت کے نظام پر گذشتہ 70 سال میں توجہ ہی نہیں دی گئی۔

    راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 1960 کی دہائی تک صحت کا نظام ٹھیک تھا اور وہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سب سرکاری ہسپتالوں میں ہی پیدا ہوئے تھے۔

  14. ای او بی آئی: ماہانہ رقم 6500 سے بڑھا کر 8500 کر دی گئی

    پاکستان کے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی)نے اعلان کیا ہے کہ یکم اپریل (آج) سے پینشنرز اب ہر ماہ 6500 روپے کے بجائے 8500 ہزار روپے حاصل کر سکیں گے۔

    ادارے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ پینشن حاصل کرنے والوں کے اکاؤنٹس میں 4000 روپے کے بقایا جات سمیت 12 ہزار 500 روپے منتقل کیے جائیں گے کیونکہ حکومت نے رواں سال یکم جنوری سے پینشن میں اضافے کی منظوری دی ہے۔

  15. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید تین مریض، کل تعداد نو ہو گئی, پاکستان میں کل متاثرین 2045، 26 ہلاکتیں، 82 صحت یاب

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق بھمبر اور سدھنوتی میں تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس میں ایک بچی بھی شامل ہے، جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔

    صحافی ایم اے جرال کے مطابق میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان نے بتایا ہے کہ بھمبر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص اور ایک 12 سالہ بچی کا کورونا وائرس کا نتیجہ مثبت آیا ہے، جبکہ ضلع سدھنوتی کے ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے بتایا کہ وہاں کے ایک رہائشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے.

    ضلع بھمبر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے جبکہ میرپور ڈویژن میں متاثرین کی کُل تعداد سات ہے۔

    یاد رہے کہ ضلع سدھنوتی میں کورونا وائرس کا یہ دوسرا مریض ہے۔ اس سے قبل ایران سے واپس آنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جو اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا مریض تھا۔

    محکمہ صحت کے حکام کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ابھی تک 239 افراد کو قرنطینہ لایا گیا ہے ان کے ٹیسٹ بھیج دیے گئے ہیں، جن میں سے 156 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آئے ہیں۔

    ان میں سے 147 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی جبکہ نو کے مثبت آئے ہیں۔

  16. پنجاب لاک ڈاؤن: 'دودھ کی دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رکھنے دی جائیں'

    صوبہ پنجاب کے دودھ فروشوں اور باڑہ مالکان کی انجمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے دودھ کی دکانوں کے جو اوقات متعین کیے ہیں، اس سے ان کا دودھ ضائع ہو رہا ہے۔

    ملک سیلرز اینڈ ملک سپلائر ایسوسی ایشن پنجاب نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دودھ کی دکانوں کے اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک متعین کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ شام 5 بجے دوہا جانے والا دودھ فروخت نہیں کر پا رہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس سے ڈیری انڈسٹری کو نقصان کا سامنا ہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کی طرح پنجاب میں بھی دودھ کی دکانوں کے اوقات صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کیے جائیں۔

  17. بریکنگ, پاکستان میں کورونا کے 2042 متاثرین، پنجاب میں تعداد 700 سے زیادہ, 26 ہلاکتیں، 82 افراد صحت یاب

    پاکستان میں بدھ کی صبح جاری کردہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کووڈ-19 کے متاثرین کی تعداد 2042 تک پہنچ گئی ہے۔

    پاکستان میں اب تک 26 افراد اس وبا میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 82 ہے۔

    پنجاب

    پنجاب ایک مرتبہ پھر سب سے متاثرہ صوبہ بن گیا ہے جہاں 708 متاثرین موجود ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق ڈی جی خان میں207 زائرین، ملتان میں 91 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 34 اور فیصل آباد قرنطینہ مرکز میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور میں 154، گجرات میں 72، راولپنڈی میں 45، جہلم میں 28، ننکانہ صاحب میں 13، گوجرانوالہ میں 12، فیصل آباد میں نو، حافظ آباد اور ڈی جی خان میں پانچ، پانچ، منڈی بہاؤالدین میں چار، میانوالی، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں تین،تین متاثرین ہیں جبکہ سرگودھا، ملتان، ناروال، لودھراں اور وہاڑی میں دو دو اورہ قصور ، اٹک، خوشاب ، بہاولپور اور لیہ میں ایک ایک مریض ہیں۔

    پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد نو ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو کر ہسپتال سے فارغ ہوئے ہیں۔

    سندھ

    سندھ میں متاثرین کی تعداد 679 ہے اور حکام کے مطابق اس وقت صوبے میں 620 افراد زیرِ علاج ہیں، 08 ہلاک جبکہ 51 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    منگل کو مریضوں میں سب سے بڑا اضافہ حیدرآباد میں دیکھنے میں آیا جہاں تبلیغی جماعت کے 94 ارکان سمیت 132 افراد میں اس وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    کراچی میں متاثرین کی تعداد 274 ہے جن میں سے بڑی تعداد مقامی طور پر متاثر ہونے والے افراد کی ہے۔

    اس کے علاوہ دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک مریض ہے۔

    سکھر اور لاڑکانہ کے قرنطینہ میں لائے گئے متاثرہ زائرین کی تعداد 272 ہے جن میں سے 23 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    خیبر پختونخوا

    صوبائی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں متاثرین کے کل تعداد 253 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 65 زائرین جبکہ 188 عام شہری ہیں۔

    دیگر صوبہ جات اور علاقے

    بلوچستان میں حکام کے مطابق بدھ کی صبح تک 158 متاثرین تھے جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد 184 تک پہنچ چکی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد54 ہو چکی ہے جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں چھ مریض موجود ہیں۔

  18. لاہور ایکسپو سینٹر میں 1000 بستروں پر مشتمل خصوصی ہسپتال کا قیام

    لاہور کے ایکسپو سینٹر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے 1000 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب حکومت کے ایک اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج اس ہسپتال کا دورہ کریں گے جہاں وہ علاج کی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق اس ہسپتال میں مشتبہ مریضوں کی ابتدائی تشخیص کی بھی سہولت ہوگی تاک کورونا وائرس کی علامات کے حامل افراد کو عام ہسپتالوں میں نہ جانا پڑے۔

  19. بینک قرضوں کی اصل رقم کی واپسی میں ایک سال تک کی تاخیر کی اجازت, تنویر ملک، صحافی، کراچی

    کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے باعث بیشتر کاروباری افراد کے ذرائع آمدن بند ہوچکے ہیں۔

    ان بدترین معاشی حالات کے اثرات سے بینک صارفین، خصوصاً کریڈٹ کارڈز استعمال کرنے والوں کے لیے سٹیٹ بینک نے بعض اہم رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسریلیف کا فائدہ صنعتی، تجارتی، کارپوریٹ اور زرعی شعبوں کے ساتھ ساتھ ایک عام صارف کو بھی ہوگا جو بینک سے گھر، گاڑی، ذاتی قرض اور کریڈٹ کارڈ کے لیے رقم ادھار لیتا ہے۔

    سٹیٹ بینک کے مطابق گاڑی، گھر، کنزیومر لون اور کریڈٹ کارڈ پر قرض لینے والے وہ صارفین جو 31 دسمبر 2019 تک بغیر تاخیر کے قرض کی ادائیگی کر رہے تھے وہ ایک سال تک قرض کی اصل رقم کی ادائیگی نہ کرنے کے اہل ہوں گے، یعنی ایسے صارفین پرprincipal amount یعنی قرض کی اصل رقم کی ادائیگی ایک سال کے لیے موخر کر دی گئی ہے۔

    تاہم یہ واضح رہے کہ صارفین کو قرض پر سود کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

    اس مؤخر ادائیگی پر صارفین کو کوئی اضافی سود یا فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ اگر صارف اصل اور سود دونوں کی ادائیگی ایک سال کے لیے مؤخر کروانا چاہتا ہے تو اس سلسلے میں اسے متعلقہ بینک میں درخواست دینی ہوگی۔ متعلقہ بینک اس سلسلے میں فیصلہ کرنے کا خود مجاز ہو گا کہ کسی صارف کے قرض کی سود سمیت ادائیگی کو ری سٹرکچر کیا جائے یا نہیں۔

    سٹیٹ بینک کے مطابق اصل رقم کی ادائیگی کا التوا قرض لینے والے افراد کی کریڈٹ ہسٹری پر اثر انداز نہیں ہو گا اور یہ سہولت کریڈٹ بیورو کے ڈیٹا میں قرض کیری سٹرکچرنگ یا ری شیڈولنگ کے طور پر درج نہیں کی جائے گی۔

    صارفین کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے 30 جون 2020 سے پہلے متعلقہ بینک میں اصل رقم کی موخر ادائیگی کے لیے درخواست جمع کرانا ہوگی کہ وہ شرائط کے مطابق سود کی ادائیگی کرتے رہے ہیں گے۔

  20. پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 73 نئے متاثرین

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کووِڈ-19 کے 73 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس سے ایک دن قبل نئے متاثرین کی تعداد 240 تھی جو کہ پاکستان میں ایک دن میں متاثرین کی تعداد میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ تھا۔ اس کے مقابلے میں نئے متاثرین کی تعداد میں کمی ہونا خوش آئند اشارہ ہے۔

    پاکستان میں اب تک کووِڈ سے 26 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 68 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک 708 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔