پیر کو پاکستان میں ایک مرتبہ بھر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور ملک کے تمام صوبوں اور پاکستان کے زیرِ انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر 155 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اس اضافے کے بعد ملک میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 1744 تک پہنچ گئی ہے۔ پیر کو ملک میں مزید ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کے بعد اس وبا میں مرنے والوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
پیر کو پنجاب میں سب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی کل تعداد 638 ہو گئی ہے جبکہ اب تک صوبے میں نو افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں جن میں سے تین ہلاکتیں پیر کو ہوئیں۔
پنجاب کے متاثرین میں 291 ایران سے آنے والے زائرین ہیں جن میں سے 207 ڈیرہ غازی خان، 80 ملتان اور چار فیصل آباد قرنطینہ میں ہیں۔ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے شرکا میں سے بھی 27 کو وہاں بنائے گئے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی متاثرین کی تعداد 126 ہو گئی ہے۔ بقیہ متاثرین میں سے 62 کا تعلق کا گجرات، 28 کا جہلم، 40 کا راولپنڈی، 13 کا ننکانہ صاحب اور 11 کا گوجرانوالہ سے ہے۔
اس کے علاوہ فیصل آباد میں نو، ڈیرہ غازی خان اور حافظ آباد میں پانچ، پانچ، منڈی بہاؤالدین میں چار، میانوالی میں تین، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی اور سرگودھا میں دو، دو جبکہ نارووال، خوشاب، قصور، اٹک، بہاولنگر اور بہاولپور میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔
سندھ میں محکمۂ صحت کی جانب سے پیر کی شب جاری کیے جانے والے سرکاری اعداد و شمار کے لیے مطابق صوبے میں 27 نئے مریض سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 535 ہو گئی ہے جبکہ ان میں سے 41 علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کراچی میں متاثرین کی کل تعداد 249 تک پہنچ گئی ہے جن میں پیر کو سامنے آنے والی 21 نئے مریض بھی شامل ہیں جن میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں 12 اور جیکب آباد اور دادو میں ایک ایک مریض موجود ہے۔
ان کے علاوہ 272 متاثرین کو سکھر اور لاڑکانہ کے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جن میں سے 23 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بھی ہیر کو مزید 29 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں کل تعداد 221 ہو گئی ہے۔
نئے مریضوں میں سے 16 کا تعلق پشاور، تین کا لوئر دیر سے ہے جبکہ باجوڑ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مانسہرہ اور مردان میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔
اس کے علاوہ پانچ نئے مریض ان زائرین میں سے ہیں جو ایران سے واپس آئے ہیں۔
بلوچستان کے محکمۂ صحت کے ترجمان کے مطابق صوبے میں پیر کو مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 152 تک پہنچ گئی ہے۔
بلوچستان میں پیر کو دو افراد اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر
شمالی علاقے گلگت بلتستان میں بھی حکام نے مزید 13 افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیرِ اطلاعات شمش میر کے مطابق اس اضافے سے متاثرین کی کل تعداد 141 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دو افراد اب تک ہلاک ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی متاثرین کی کل تعداد 51 ہو چکی ہے جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں چھ مریض موجود ہیں۔